Tag: امارات

  • امارات میں سال 2025 کا استقبال، برج خلیفہ پر لیزر شو ہوگا

    امارات میں سال 2025 کا استقبال، برج خلیفہ پر لیزر شو ہوگا

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں نئے سال 2025 کی تقریبات اور آتش بازی کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں، دبئی میں دنیا کی سب بلند عمارت برج خلیفہ پر فائر ورکس اور لیزر شو کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نئے سال 2025 کے استقبال کی تیاریاں ابوظبی اور راس الخیمہ میں بھی جاری ہیں۔ دبئی میں عوام کو ٹریفک سے بچنے کیلیے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    دبئی میں حکام کی جانب سے شہریوں سے تعاون اور حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق دبئی میں فیسٹول سٹی، جمیرا، پام جمیرا اور اٹلانٹس پر آتش بازی ہوگی۔ اس کے علاوہ ابوظبی میں جاری شیخ زاید فیسٹیول میں 53 منٹ کی شاندار آتش بازی کی جائے گی، آتشبازی کے ساتھ 3 گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیے جائیں گے۔

    راس الخیمہ میں خصوصی ٹرانسپورٹ انتظامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں نئے سال کی تقریبات کیلیے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، راس الخیمہ میں آتشبازی اور لیزر شو کے ذریعے عالمی ریکارڈ بنانے کی تیاری جاری ہیں۔

    دوسری جانب دبئی میں نئے سال کی آمد کی خوشی میں محنت کشوں کے لئے بڑے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دبئی کے حکام کا کہنا ہے کہ ہمارا ملک جفاکش محنت کشوں نے تعمیر کیا ہے۔ محنت کش ہمارے پارٹنرز ہیں، مل کر نئے سال کی خوشیاں منائیں گے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ نئے سال پر سونے کے زیورات محنت کشوں کے خاندانوں کیلئے بطور تحفہ دیئے جائیں گے، جبکہ دو دن محنت کشوں کیلئے ہائی اسپیڈ فری انٹرنیٹ دستیاب ہوگا۔

    حکام نے اعلان کیا کہ محنت کشوں کو 30 فری ٹکٹس بھی دیئے جائیں گے اس کے علاوہ محنت کشوں کو 2 نئی گاڑیاں بھی بطور تحفہ دی جائیں گی۔

    عمرہ زائرین کی تعداد میں بڑا اضافہ

    حکام کا کہنا ہے کہ پانچ لاکھ درہم کے مختلف پرائز بھی محنت کشوں میں تقسیم کئے جائیں گے، اس کے علاوہ محنت کشوں کیلئے القوز، محسنہ، جبل عل میں نیو ایئر کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔ محنت کش ان تقریبات میں شریک ہوں اور انعامات جیتیں۔

  • امارات کا غزہ کے لیے راہداری کھولنے کا مطالبہ

    امارات کا غزہ کے لیے راہداری کھولنے کا مطالبہ

    غزہ میں اسرائیل فوج کی بربریت کے باعث شہادتوں کی تعداد 4300 سے تجاوز کرگئی ہے، ایسے میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی جانب سے امدادی سامان غزہ پہنچانے کے لیے انسانی بنیادوں پر راہداری کھولنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کا کہنا تھا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے خطرات اور سنگین اثرات دن بدن بڑھ رہے ہیں، جبکہ انسانی مصائب میں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔

    ریاض سربراہ کانفرنس سے خطاب میں اماراتی صدر کا کہنا تھا کہ تمام شہریوں کی سلامتی، ان کا تحفظ اور کسی رکاوٹ کے بغیر غزہ میں امدادی و طبی سامان کی ترسیل کے لیے راہداریوں کا کھولنا اولین ترجیح ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’خطے میں جامع امن کی راہیں تلاش کرنے کے لیے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی، انہوں نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا تاکہ کشیدگی کا دائرہ نہ پھیلے اور علاقائی امن و سلامتی خطرے میں نہ پڑ جائے۔

    دوسری جانب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریز کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگی صورت حال میں کمی لانے کی اہمیت پر زور دیا۔

    رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریز سے کہنا تھا کہ ضروری ہے فلسطینیوں کے لئے ان کے جائز حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

    سعودی ولی عہد نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے حالات پیدا کرنے پر زور دیا اور کہا ضروری ہے فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق دیے جائیں، انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام کوششیں کی جانی چاہئیں۔

  • جیل میں سرف سے بال دھونے اور ٹوائلٹ کے پانی سے کافی بنا کر پینی پڑی، بھارتی اداکارہ

    جیل میں سرف سے بال دھونے اور ٹوائلٹ کے پانی سے کافی بنا کر پینی پڑی، بھارتی اداکارہ

    منشیات کیس میں گرفتار بھارتی اداکارہ کریسن پریرا نے اماراتی جیل سے رہائی کے بعد جیل کی آپ بیتی سنادی۔

     فلم سڑک ٹو کی اداکارہ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر شارجہ میں ایئرپورٹ حکام نے ان کے پاس موجود ایک ایوارڈ میں سے منشیات برآمد ہونے پر حراست میں لیا تھا۔

    حراست میں لینے کے بعد انہیں شارجہ جیل منتقل کیا گیا، تاہم گزشتہ روز  انہیں رہائی ملی، لیکن ضمانت پر رہائی ملتے ہی اپنے جرم سے توجہ ہٹانے کےلیے وہ جیل میں مبینہ عدم سہولیات کا الزام لگانے لگیں۔

    فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کیسن پریرا کے بھائی کیوِن پریرا نے ایک پیغام میں اداکارہ کے ہاتھ سے لکھا نوٹ شیئر کیا، جس میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں منشیات اسمگلنگ کے گھناؤنے کھیل میں استعمال کیا گیا۔

     اداکارہ کا کہنا تھا کہ جیل میں انہیں ڈیٹرجنٹ سے اپنے بال دھونے پڑے، جبکہ یہ بھی کہا کہ انہوں نے ٹوائلیٹ کے استعمال کےلیے ملنے والے پانی سے چائے بنانا پڑتی تھی۔

    یاد رہے کہ مہیش بھٹ کی ہدایتکاری میں بننے والی بالی وڈ فلم سڑک ٹو میں اداکاری کرنے والی کرسنن پریرا کو شارجہ ائیر پورٹ پر ایک یادگاری شے سے منشیات برآمد ہونے پر روکا گیا تھا جو ان کے مطابق انہیں یو اے ای میں کسی کو دینے کا کہا گیا تھا۔

  • رمضان المبارک: امارات میں سینکڑوں قیدیوں کے لیے خوشخبری

    رمضان المبارک: امارات میں سینکڑوں قیدیوں کے لیے خوشخبری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے آغاز سے قبل 1 ہزار سے زائد قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے رمضان کی آمد پر 1 ہزار 25 قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کیا ہے۔

    اماراتی صدر نے رہائی کا حکم رواداری اور عفو درگزر کی قدروں کے فروغ، جیل خانوں اوراصلاح خانوں میں قید و بند کی زندگی گزارنے والوں کو اپنے اندر بہتر تبدیلی لانے کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی خاطر کیا ہے۔

    امارات کی ریاست الفجیرہ کے حاکم شیخ حمد بن محمد الشرقی نے 151 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔

  • امارات میں سونے کے نرخ گر گئے

    امارات میں سونے کے نرخ گر گئے

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں سونے کے نرخ کم ہو گئے، ویلنٹائن ڈے کی آمد پر زیورات کی طلب بھی بڑھ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں سونے کے نرخوں میں کمی اور ویلنٹائن ڈے کی آمد پر سونے کے زیورات کی طلب بڑھ گئی ہے، گولڈ مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کا سلسلہ ایک ہفتے قبل شروع ہوا تھا۔

    دو ہفتوں کے دوران ایک گرام سونے کی قیمت میں 9 درہم کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، نرخوں میں کمی اور 14 فروری کو ویلنٹائن ڈے کی آمد پر سونے کے زیورات کی طلب میں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

    الامارات الیوم کے مطابق 24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 225.75 درہم ہو گئی ہے، ایک گرام میں پونے تین درہم کی کمی ہوئی ہے، جب کہ 22 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت ڈھائی درہم کم ہو کر 209 درہم ہو گئی ہے۔

    21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت ڈھائی درہم کم ہو کر 202.25 درہم ہو گئی، اور 18 قیراط ایک گرام کی قیمت میں سوا دو درہم کی کمی ہوئی ہے، اب اس کی قیمت 173.25 درہم ہے۔

  • اقامہ کے اجرا اور تجدید کی فیس میں 100 درہم اضافہ

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں اقامہ کے اجرا اور تجدید کی فیس میں 100 درہم اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں اقامے کے اجرا اور تجدید کی فیس میں سو درہم کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    ڈیلرز اینڈ پرنٹنگ دفاتر کا کہنا ہے کہ 2 سالہ اقامے کے اجرا یا تجدید پر سو درہم اضافے کے بعد اب 386 درہم فیس وصول کی جائے گی۔

    الامارات الیوم کے مطابق فیس میں اضافے کی اطلاع امارات میں قومی شناخت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سیکیورٹی اتھارٹی نے اپنی اسمارٹ ایپ پر جاری بیان میں دی ہے۔

  • امارات میں ورکرز لانے کی نئی شرائط کیا ہیں؟

    امارات میں ورکرز لانے کی نئی شرائط کیا ہیں؟

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے نئے لیبر قانون میں آجر اور اجیروں کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت افرادی قوت کی جانب سے نئے لیبر قانون پر عمل درآمد کا آغاز جمعرات 15 دسمبر سے ہو گیا ہے۔

    نئے قانون میں یہ پابندی لگائی گئی ہے کہ کسی بھی ملک سے ورکر لاتے وقت اسے بتانا ہوگا کہ اس سے کیا کام لیا جائے گا اور اسے کتنا محنتانہ دیا جائے گا۔

    الامارات الیوم کے مطابق نئے وفاقی قانون (9) 2022 میں آجروں پر متعدد پابندیاں لگائی گئی ہیں، آجر اور اجیروں کے حقوق و فرائض مقرر کیے گئے ہیں، نئے قانون کے مطابق معاون سروس ورکرز سے عارضی کام وزارت افرادی قوت سے پرمٹ حاصل کیے بغیر نہیں لیا جا سکتا، ان کی درآمد کے لیے بھی وزارت سے اجازت حاصل کرنا ہوگی۔

    18 برس سے کم عمر کے ورکرز بلانے یا ان سے کام لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    نئے قانون میں آجر کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ اگر ریکروٹنگ ایجنسی نے معاون ورکر شرائط کے مطابق نہیں بلائے تو ایسی صورت میں وہ ایسے ورکرز کو ڈیوٹی دینے سے انکار کر دیں۔

    یہ بھی دیکھا جائے گا کہ آیا وہ ورکر جسمانی و ذہنی و پیشہ ورانہ لحاظ سے فٹ ہے بھی یا نہیں۔

  • امارات میں کرونا کے نئے کیسز میں نمایاں کمی آ گئی

    امارات میں کرونا کے نئے کیسز میں نمایاں کمی آ گئی

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں کرونا کیسز میں نمایاں کمی آگئی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امارات میں صرف 104 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق امارات میں کرونا کے نئے کیسز میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، جمعہ 15 اکتوبر کو پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران کرونا کے مزید ایک سو چار مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ امارات میں کرونا وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 7 لاکھ 38 ہزار 372 ہوگئی ہے۔

    وزارت صحت کے مطابق ملک میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران جدید تشخیصی آلات کی مدد سے کرونا کے مزید 3 لاکھ 34 ہزار 150 ٹیسٹ کیے گئے۔

    وبا سے متاثرہ مریضوں میں سے مزید 179 مکمل صحت یاب ہوگئے ہیں، صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 7 لاکھ 31 ہزار 984 ہوگئی۔

    وزارت صحت کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران زیر علاج مریضوں میں سے مزید ایک مریض چل بسا، جس سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار 118 ہوگئی ہے۔

    وزارت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے کی پابندی جاری رکھنے کی پھر ہدایت کی ہے۔

    امارات میں پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کرونا ویکسین کی مزید 31 ہزار 708 ڈوز دی گئی ہیں، جب کہ اب تک مجموعی طور پر ویکسین کی 2 کروڑ 6 لاکھ 45 ہزار 11 ڈوز دی جاچکی ہیں۔

  • امارات ایئر لائن کا سعودی عرب اور سینٹ پیٹرز برگ کے لیے دوبارہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان

    امارات ایئر لائن کا سعودی عرب اور سینٹ پیٹرز برگ کے لیے دوبارہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان

    ابو ظہبی: امارات ایئر لائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ 11 ستمبر سے سعودی عرب اور 8 اکتوبر 2021 سے روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ کے لیے دوبارہ اپنی سروسز شروع کرے گی۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق امارات ایئر لائن ہفتے سے سعودی عرب کے لیے 24 ہفتہ وار پروازیں شروع کرے گی جن میں دارالحکومت ریاض، جدہ اور دمام کے لیے روزانہ پروازیں جبکہ مدینہ کی تین ہفتہ وار پروازیں شامل ہیں۔

    ریاض کے لیے پروازیں 16 ستمبر سے دوگنی ہوجائیں گی جبکہ ستمبر کے آخر تک دوسرے گیٹ ویز پر تعداد بڑھانے کے منصوبے بھی جاری ہیں۔

    8 اکتوبر سے دبئی اور روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ کے درمیان پروازیں ہفتے میں 4 بار چلیں گی، ایئر لائن 21 اکتوبر سے روزانہ کی پروازوں میں اپنی سروسز بڑھا دے گی۔

    تمام پروازیں بوئنگ 777 پر 3 کلاس ترتیب میں چلیں گی، امارات کی پرواز ای کے 173 اور 174 پیر، بدھ اور جمعہ کو چلے گی جبکہ ای کے 175 اور 176 منگل، جمعرات، ہفتے اور اتوار کو آپریٹ ہوں گی۔

  • امارات: گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑنے پر کتنا جرمانہ ہوگا؟

    امارات: گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑنے پر کتنا جرمانہ ہوگا؟

    امارات: ابوظبی ٹریفک پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے پر 500 درہم جرمانہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی میں اب گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑنے پر پانچ سو درہم جرمانہ کیا جائے گا، ٹریفک پولیس نے تنبیہ کی ہے کہ معمولی نوعیت کے کام کے لیے بھی گاڑی اسٹارٹ حال میں نہ چھوڑیں۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق قانون کی شق نمبر 70 کے تحت گاڑی کو پارک کرنے کے بعد اسے اسٹارٹ حالت میں چھوڑنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

    ابوظبی ٹریفک پولیس نے اس سلسلے میں گاڑی مالکان کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ معمولی نوعیت کا کام کیوں نہ ہو، جاتے وقت گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں نہ چھوڑا جائے۔

    واضح رہے کہ بعض لوگ دکان سے کچھ خریدنے یا اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کے لیے جاتے ہیں تو گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں چھوڑ دیتے ہیں، جس سے گاڑی چوری کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

    ٹریفک پولیس نے ڈرائیورز کو قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی پارک کرنے کے بعد اسے اسٹارٹ حالت میں نہ چھوڑیں، بالخصوص جب گاڑی میں چھوٹے بچے تنہا بیٹھے ہوں۔

    خیال رہے کہ گاڑی کو غیر مناسب مقام پر پارک کرنا بھی قانون شکنی ہوتی ہے، جس پر چالان کیا جاتا ہے۔