Tag: امارات ایئرلائن

  • امارات ایئر لائن: 120 شہروں کے مسافر بڑی سہولت حاصل کریں گے

    امارات ایئر لائن: 120 شہروں کے مسافر بڑی سہولت حاصل کریں گے

    دبئی: امارات 6 براعظموں میں ایاٹا (IATA) ٹریول پاس نافذ کرنے والی پہلی ایئر لائن بن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امارات چھ براعظموں میں انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) ٹریول پاس لاگو کرنے والی پہلی ایئر لائن بن گئی ہے۔

    اپریل میں اپنے دبئی مرکز سے منتخب راستوں پر کامیاب ٹرائلز کے بعد امارات ایئر لائن نے آہستہ آہستہ ایاٹا ٹریول پاس ایپ کو جون میں 12 روٹس پر صارفین تک بڑھایا، اور ایئر لائن نے اب ایاٹا کے ساتھ اپنے عالمی نیٹ ورک پر اس ڈیجیٹل ٹریول پاس کو نافذ کرنے کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔

    یہ ڈیجیٹل ٹریول پاس فی الحال 50 شہروں سے سفر کرنے والے امارات کے صارفین کے لیے دستیاب ہے، توقع ہے کہ تمام 120 سے زائد مقامات پر اس کا افتتاح اکتوبر تک مکمل ہو جائے گا۔

    امارات ایئر لائن کے چیف آپریٹنگ آفیسر عادل الریدھا نے کہا کہ ایاٹا ٹریول پاس امارات ایئرلائن کی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی تازہ ترین مثال ہے، ہم اپنے صارفین کے لیے آرام دہ سفر فراہم کرتے ہیں

    ایاٹا کے سینئر نائب صدر آپریشنز نک کیرین نے کہا کہ امارات ایئر لائن کی جانب سے ٹریول پاس کے نفاذ سے سفر کے لیے درکار صحت کے بے تحاشا پیچیدہ اسناد کا مسئلہ حل ہو جائے گا، مسافروں کو ایک محفوظ خودکار عمل کے ذریعے دستاویزات کی جانچ کے لیے قطاروں میں کھڑے ہونے اور بھیڑ سے نجات ملے گی۔

    ایاٹا ڈیجیٹل ٹریول پاس کے ذریعے اب مسافر اپنے سفر سے متعلق، ویکسین لگوانے یا ٹیسٹ کرنے کے سلسلے میں بالکل درست معلومات حاصل کر سکیں گے۔

    اس کے ذریعے مسافر اپنے ڈیپارچر لوکیشنز پر کرونا وائرس ٹیسٹ کرنے والے مستند مراکز تک رسائی کر سکیں گے، اور مسافروں کو اپنے تمام سفری دستاویزات کو ڈیجیٹل طور پر سنبھالنے کی سہولت دستیاب ہوگی، جن میں منظورہ شدہ لیبارٹریز سے ٹیسٹ نتائج اور سرٹیفکیٹس براہ راست وصول کرنا شامل ہیں۔

    نیز، مسافر ایاٹا ٹریول پاس ایپ کے ذریعے 1500 سے زیادہ کووِڈ نائنٹین ٹیسٹ لیبز تک رسائی حاصل کر سکیں گے، اور یہ تعداد مزید بڑھائی جا رہی ہے۔

  • امارات ایئر لائن کی شان دار کارکردگی، برطانوی ادارے کی جانب سے گولڈ میڈلز

    امارات ایئر لائن کی شان دار کارکردگی، برطانوی ادارے کی جانب سے گولڈ میڈلز

    دبئی: امارات ایئر لائن نے محفوظ ٹرانسپورٹ کی خدمات پر سونے کے تین تمغے جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق امارات ایئر لائن کی شان دار کارکردگی پر برطانوی ادارے کی جانب سے گولڈ میڈلز دیے گئے ہیں، جو کہ دنیا کی صف اوّل کی فضائی نقل و حمل کی خدمات فراہم کرنے والی ایئر لائن کی شان دار زمینی نقل و حمل کی خدمات کا اعتراف ہے۔

    محفوظ ترین زمینی نقل و حمل کے اعتراف میں یہ میڈلز برطانوی ادارے آر او ایس پی اے (RoSPA) ہیلتھ اینڈ سیفٹی ایوارڈز کی جانب سے دیے گئے ہیں۔

    امارات واحد ایئر لائن ہے جس نے مسلسل 2 سال ایوارڈ حاصل کیا، امارات کی ٹیم نے تین کیٹیگریز فلیٹ سیفٹی، ہیلتھ اینڈ سیفٹی، اور لیژر سیفٹی میں گولڈ ایوارڈز حاصل کیے ہیں، جو آپریشنل سیفٹی کارکردگی، صحت اور تحفظ کے گورننس سسٹم، اور اپنے لوگوں اور صارفین کی حفاظت کے لیے کووِڈ 19 کی وسیع پیمانے پر حفاظتی تدابیر پر دیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں، امارات ایئر لائن اپنے عملے اور دیگر ملازمین کو کام کی جگہوں پر لانے اور واپس چھوڑنے کے لیے ایک ہزار سے زائد گاڑیاں استعمال کر رہی ہے، معمول کے مطابق روڈ پر سالانہ وزٹس کی تعداد اوسطاً 25 لاکھ بنتی ہے۔

    ایئر لائن نے امارات شوفر ڈرائیو سروس معاہدے کے تحت اپنے پریمیم صارفین کو آرام دہ طریقے سے ایئر پورٹ تک لانے اور واپس لے جانے کے لیے خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے لیے ایک معیار اور پروٹوکول مقرر کر رکھا ہے۔

    خیال رہے کہ آر او ایس پی اے (حادثات کی روک تھام کے لیے رائل سوسائٹی) ایک برطانوی تنظیم ہے، جو دنیا بھر میں پیشہ ورانہ صحت و تحفظ، اور سڑک، گھر، تفریح ​​اور تعلیم کو فروغ دینے اور سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ 2021 میں، ان ایوارڈز کے لیے دنیا بھر سے کمپنیوں کی جانب سے 2 ہزار سے زائد اندراجات موصول ہوئے تھے۔

  • عرب امارات: مسافروں کے لیے بڑی خوش خبری

    عرب امارات: مسافروں کے لیے بڑی خوش خبری

    دبئی: متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں کو خوش خبری دی ہے کہ اب وہ امارات ایئر لائن کے ذریعے 19 ممالک کی قرنطینہ فری سیر کر سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے باشندے امارات ایئر لائن کے نیٹ ورک کے ذریعے 19 ممالک کے 30 سے ​​زائد ایسے شہروں کے لیے موسم گرما کی تعطیلات کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں، جو سیاحت اور کاروبار کے لیے اپنے دروازے کھول چکے ہیں۔

    جولائی سے امارات ایئر لائن دبئی سے یورپ، امریکا، مشرق وسطیٰ، افریقا اور دیگر مشہور جزیروں کو جانے والے مسافروں کے لیے ہفتہ وار 280 سے زیادہ پروازیں چلائے گی، حال ہی میں اسپین کی جانب سے بھی ویکسین لگوانے والے بین الاقوامی سیاحوں کو آنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    ہسپانوی حکام کا کہنا ہے کہ 7 جون سے وہ سیاح اسپین میں داخل ہو سکتے ہیں جو 14 دن پہلے ویکسینیشن پوری کرا چکے ہوں، اور ویکسین یورپی میڈیسن ایجنسی (EMA) کی منظور کردہ ہو، ان میں فائزر بائیو این ٹیک، سائنوفارم اور آکسفورڈ/ آسٹر زینیکا شامل ہیں۔

    امارات ایئر لائن اس وقت میڈرڈ کے لیے 5 ہفتہ وار پروازیں اور بارسلونا کے لیے ہفتے میں 4 پروازیں چلا رہی ہے، یورپ میں امارات کے مسافر قبرص، یونان، اٹلی، روس، ترکی، اسپین اور فرانس کے لیے (9 جون سے) قرنطینہ فری سفر سے لطف اندوز ہو سکیں گے، جب کہ مشرق وسطیٰ میں اردن، لبنان، بحرین اور مصر ایسے سفر کے لیے کھلے ہیں، دیگر علاقوں میں مالدیپ، سیچلز، فوکٹ، کینیا، تنزانیہ، مراکش شامل ہیں۔

    امارات 21 جولائی کو میامی کو اپنے 12 ویں گیٹ وے کے طور پر شامل کرے گی، 2 جولائی کو میکسیکو سٹی کے لیے دوبارہ اپنی خدمات کا آغاز کرے گی۔