Tag: امارات ایئر لائن

  • بھرتیاں: ایمریٹس ایئرلائن کی جانب سے بڑا اعلان

    بھرتیاں: ایمریٹس ایئرلائن کی جانب سے بڑا اعلان

    دبئی: کرونا وبا کے وسیع منفی اثرات کے بعد امارات ایئر لائن بھی پوری طاقت سے اڑان کے لیے تیار ہو گئی ہے، کمپنی میں 3000 فضائی عملے کی بھرتی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی امارات ایئر لائن نے کووِڈ 19 کی وبا کی وجہ سے فضائی عملے اور پائلٹس کو نوکری سے فارغ کرنے کے بعد ایک بار پھر دنیا بھر سے تین ہزار فضائی عملے کی بھرتی کا عمل شروع کیا ہے۔

    ایمریٹس کی جانب سے سرکاری ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی بڑی تعداد میں بھرتیاں کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، اور ان میں دبئی مرکز کے لیے 500 معاون عملہ بھی ہوگا، جو کہ آپریشنز کی بحالی میں مدد دے گا۔

    فضائی کمپنی نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ تمام بھرتیاں 6 ماہ کے اندر مکمل کر لی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی کمپنیوں میں فضائی کمپنیاں خاص طور پر شامل ہیں، جنھیں دنیا بھر میں عملے کو نوکری سے برخاست کرنے کے علاوہ حکومت سے مالی مدد بھی حاصل کرنا پڑی۔

    جون 2020 میں امارات ایئرلائن نے ہزاروں نوکریاں ختم کرتے ہوئے بقیہ ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔

    دوسری طرف امارات ایئر لائن نے امید ظاہر کی ہے کہ دبئی میں ہونے والی ایکسپو 2020 کے موقع پر متحدہ یو اے ای میں لوگوں کی آمد و رفت بڑھنے کے ساتھ کمپنی کے مسافروں میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔

  • اماراتی فضائی سروس مکمل بحالی سے متعلق اہم اعلان

    اماراتی فضائی سروس مکمل بحالی سے متعلق اہم اعلان

    دبئی: ایمریٹس ایئرلائن کے صدر ٹم کلارک نے کہا ہے کہ فضائی کمپنی کے آپریشنز 2022 تک مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عرب نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایمریٹس ایئر لائن کے صدر کا کہنا تھا کہ کرونا وبا کی وجہ سے متاثرہ فضائی سروس بحال ہوتی جا رہی ہے، مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، کمپنی کے آپریشنز اگلے سال موسم گرما تک مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔

    ٹم کلارک نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وبا ختم ہوتے ہی فضائی سفر کے طلب کا سونامی آئے گا، لوگ ہر طرح کے مقصد کا سفر کرنے نکلیں گے، کیوں کہ یہ گزشتہ 15 سے 16 ماہ سے نکلنا چاہتے ہیں اور نہیں نکل سکے، اس لیے 2022 تک ایمریٹس سمیت دیگر ایئرلائنز کے آپریشنز مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔

    فضائی کمپنی کے صدر کے مطابق وبا کی وجہ سے گزشتہ سال ایئرلائن کو 5.5 ارب ڈالر کا خسارہ ہوا، انھوں نے دبئی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا دبئی عالمی مرکز کے طور پر دوبارہ ابھرے گا، اور مضبوط ہوگا۔

    یو اے ای کرونا ویکسینیشن میں سب سے آگے نکل گیا

    انھوں نے کہا جب کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث مشکلات بڑھ رہی تھیں اور وائرس کی نئے اقسام سامنے آ رہی تھیں، دبئی نے معیشت اور فضائی سروس کی سرگرمیاں شروع کر کے ایک درست قدم اٹھایا۔

    ٹم کلارک کا کہنا تھا کہ انھوں نے برطانیہ کی حکومت کے سامنے اپنی رائے رکھی ہے کہ متحدہ عرب امارات کو ریڈ لسٹ میں رکھنے کی کوئی وجہ نہیں، خاص طور پر جب ملک مسائل سے نمٹنے کے لیے پیش پیش ہے۔

  • دبئی جانے والے میاں بیوی سے بھاری تعداد میں غیر ملکی کرنسی برآمد

    دبئی جانے والے میاں بیوی سے بھاری تعداد میں غیر ملکی کرنسی برآمد

    کراچی : اے ایس ایف نے دبئی جانیوالے میاں بیوی سے ایک کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی، ایک اور مسافر سے دو کلو آئس ہیروئن برآمد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز پریوینٹو کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ ڈیپاچر لاؤنج پر تعینات ائیر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے دوران چیکنگ غیر ملکی کرنسی لے جانے والے ضعیف العمر میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔

    امارات ایئر لائن کی پرواز ای کے 605سے دبئی جانے والے مسافر حاجی ستار اور اس کی بیوی سلمیٰ کے قبضے سے تین لاکھ ستاون ہزار درھم اور 70ہزار سعودی ریال برآمد ہوئی تھی، ملزمان کا مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کر کے ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق برآمد شدہ غیر ملکی کرنسی کی پاکستانی مالیت ایک کروڑ بیس لاکھ ۔(1,2000000) روپے سے زائد ہے،  ملزمان حاجی ستار اور اس کی اہلیہ سلمیٰ نے برآمد شدہ کرنسی کو ٹفن کیریئر اور کپڑوں میں چھپایا ہوا تھا۔


    مزید پڑھیں: اے ایس ایف عملےنے مسافر کے پاؤنڈز اور لیپ ٹاپ لوٹا دیئے


     علاوہ ازیں اے ایس ایف نے ایک اور کارروائی میں بحرین جانے والے مسافر کے قبضے سے دو کلو آئس ہیروئن برآمد کرلی، ملزم عمران کا تعلق سرگودھا سے ہے، ملزم کو مزید تفتیش کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔