Tag: امارات

  • کرونا ویکسین یا ہر ہفتے 150 درہم

    کرونا ویکسین یا ہر ہفتے 150 درہم

    ابوظبی: دنیا بھر میں کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے کرونا ویکسی نیشن جاری ہے، ایسے میں متحدہ عرب امارات میں ایک اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔

    امارات کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس نے اپنے عملے سے کہا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں کرونا ویکسین لگوا لیں یا ہر ہفتے ڈیڑھ سو درہم ادا کریں۔

    فضائی کمپنی ایمریٹس کا کہنا ہے کہ یہ پابندی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے مؤثر اور محفوظ ترین وسیلے ویکسین کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے لگائی گئی ہے۔

    امارات ایئر نے بیان میں کہا کہ جن کارکنان نے اب تک کرونا ویکسین نہیں لی ہے انھیں یکم اپریل 2021 سے اپنے خرچ پر ہر ہفتے پی سی آر کرانا ہوگا۔

    بیان کے مطابق امارات ایئر کے 5 ہزار کارکنان اب تک کرونا ویکسین لے چکے ہیں، جن میں پائلٹس، ایئر ہوسٹس اور دیگر فضائی عملہ شامل ہے، جب کہ الامارات گروپ کے کارکنان بھی ہزاروں کی تعداد میں ویکسین لگوا چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ دبئی میں کرونا ٹیسٹ کی فیس 150 درہم کے لگ بھگ ہے، اس فیس میں لیبارٹری ٹیسٹ، رزلٹ رپورٹ سمیت تمام اخراجات شامل ہیں۔

    الامارات گروپ نے ویکسین کی سہولت کلینکس میں مہیا کر رکھی ہے جب کہ ویکسین سینٹرز میں بھی یہ سہولت دستیاب ہے۔

  • یو اے ای؛ اونچی آواز میں میوزک بجانے والوں کی شامت آگئی

    یو اے ای؛ اونچی آواز میں میوزک بجانے والوں کی شامت آگئی

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں گاڑی میں اونچی آواز سے میوزک بجانے پر 400 درہم جرمانے کے ساتھ ساتھ 4 بلیک پوائنٹس بطور سزا دیے جائیں گے۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق ایسے ڈرائیور جو گاڑیوں میں اونچی آواز میں موسیقی سنتے ہیں اور اس گرجنے والی آواز سے اردگرد کے افراد کو پریشان کرتے ہیں انہیں اب بخشا نہیں جائے گا۔

    خصوصاً ڈرائیونگ کرتے ہوئے یا پھر رہائشی علاقوں میں میوزک کی گونج سے آنے والی شکایت پر فوری ایکشن لیا جائے گا، ڈرائیور کو 400 درہم جرمانہ کیا جائے گا اور ساتھ ہی 4 بلیک پوانٹس دیے جائیں گے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ رہائشیوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ گاڑیوں میں گونجے والی میوزک کی اونچی آواز سے ان کے معمولات زندگی میں خلل پڑتا ہے اور انہیں پریشانیوں کا سامنا رہتا ہے ، ان شکایات کی روشنی میں جرمانے تجویز کیے گئے ہیں۔

    وفاقی ٹریفک قوانین کی دفعہ 20 کے تحت ڈرائیونگ کے دوران اونچی آواز سے میوزک بجانے والے پر 2 ہزار درہم اور 12 بلیک پوائنٹس کا جرمانہ عائد ہوتا ہے کیونکہ قانون کی اس خلاف ورزی سے سڑک پر چلنے والی دیگر گاڑیوں اور رہائشی علاقوں کے قریب سے گزرنے سے پریشان کن صورتحال پیدا ہوتی ہے۔

  • امارات نے یمنی حکومت کی طرف سے عسکری مداخلت کے الزام مسترد کردیا

    امارات نے یمنی حکومت کی طرف سے عسکری مداخلت کے الزام مسترد کردیا

    ابوظبی : اماراتی حکام نے یمنی حکومت کے الزامات بے بنیادہیں،عرب اتحاد کو درپیش خطرات کے تدارک کا حق حاصل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے یمینی حکومت کی جانب سے عسکری مداخلت کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں عرب اتحاد کو درپیش خطرات کے خلاف لڑنے اور اس کے دفاع کے لیے ہراقدام کا حق حاصل ہے۔

    یمنی حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان کے رد عمل میں ابو ظبی نے واضح کیا کہ یمنی حکومت کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

    یمن میں دہشت گرد گروپوں کی طرف سے یمن میں امن کے قیام کے لیے کام کرنے والے عرب اتحاد اور سولین پرحملوں میں اضافہ کردیا ہے جس کے بعد امارات نے محدود پیمانے پر دہشت گردوں کے مراکز پر بمباری کی ہے، یہ بمباری انسانی حقوق کے اصولوں کے مطابق اور جنیوا معاہدوں کی روشنی میں کی گئی ہے۔

    امارات وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عدن میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی محاذ جنگ سے ملنے والی ٹھوس اور مصدقہ معلومات کی روشنی میں کی گئی ہے۔

    امارات نے یمن کی اس ملیشیا کے خلاف کارروائی کی ہے جو عرب اتحاد اور یمنی عوام کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امارات نے عدن ہوائی اڈے پرحملہ کرنے والےایک دہشت گرد گروپ کے خلاف کارروائی کی ہے جس نے ہوائی اڈے پرحملہ کرکے عرب اتحادی فوج کے متعدد اہلکار زخمی کردیئےتھے، اس لیے ہمیں عرب اتحاد کو خطرے میں ڈالنے میں ملوث ہرگروپ اور شخص کے خلاف کارروائی کا حق حاصل ہے۔

    امارات کا کہنا تھا کہ انٹیلی جس اداروں نے عدن میں دہشت گرد گروپوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھی ہوئی تھی، یہ کارروائی گذشتہ کئی ہفتوں سے جاری ریکی کے بعد کی گئی جس میں صرف دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عدن میں انتشار اور افراتفری سے صرف ایرانی حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں کوفائدہ پہنچ سکتا ہے۔

  • امارات کا دہشت گردی سے متاثرہ مصری اسپتال کیلئے لاکھوں‌ ڈالر امداد کا اعلان

    امارات کا دہشت گردی سے متاثرہ مصری اسپتال کیلئے لاکھوں‌ ڈالر امداد کا اعلان

    ابوظبی : اماراتی حکومت نے دہشت گردانہ حملے میں متاثر ہونے والے مصر کے کینسر اسپتال کی دوبارہ تعمیر کےلیے لاکھوں ڈالر امدادکا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فوج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے رواں ماہ دھماکے کے باعث متاثر ہونے والے مصر ی دارالحکومت قاہرہ کے کینسر اسپتال کی ایک مرتبہ پھر تعمیر کےلیے 1 کروڑ 19 لاکھ درہم کی امداد دےکرانسانیت کی مثال قائم کردی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ابوظبی کے ولی عہد کی جانب سے دیا جانے والا چندہ اماراتی اورمصری عوام کے برادرانہ تعلقات میں اضافے کےلیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔

    مصر میں تعینات اماراتی سفیر جمہ مبارک الجونیبی کا کہنا ہے کہ شیخ محمد مصر کی ترقی، سیکیورٹی اور استحکام کی حمایت کرتے ہیں، متحدہ عرب امارات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصر کے ساتھ ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل مصری دارالحکومت قاہرہ کے کینسر اسپتال کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 30 شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری دارالحکومت قاہرہ کے کینسر اسپتال کے باہر غلط سمت سے آنے والی ایک کار تین گاڑیوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دھماکا ہوا اور 19 افراد زندگی بازی کی ہار گئےتھے۔

  • امریکا کی بحرین اور امارات کو چھ ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری

    امریکا کی بحرین اور امارات کو چھ ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری

    واشنگٹن : امریکی وزیر دفاع نے کانگریس کو رپورٹ پیش کی ہے جس امید ظاہر کی گئی ہے کہ امارات امریکا سے پیٹریاٹ میزائل سسٹم کے دو ارب کے اضافی آلات بھی خرید کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا میں اسلحے کی سب سے زیادہ تجارت کرنے ملک امریکا نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کو چھ ارب ڈالر کے اسلحہ کی فروخت کی منظوری دے دی۔

    امریکی وزارت دفاع کے زیرانتظام سیکیورٹی تعاون ایجنسی کی طرف سے کانگریس کو بتایا گیا کہ وزارت خارجہ نے خلیجی ریاستوں متحدہ عرب امارات اور بحرین کو چھ ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔

    کانگریس کو بتایا گیا کہ دونوں خلیجی ملکوں کو مجموعی طور پر 5 ارب 90 کروڑ 58 لاکھ ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری دی گئی ۔امریکا کی طرف سے خلیجی ملکوں کو دو ارب 47 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے پیٹریاٹ میزائل اور 70 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے ایف 16 جنگی طیارے اور دیگر اسلحہ فروخت کیا جائے گا۔

    توقع ہے کی متحدہ عرب امارات امریکا سے پیٹریاٹ میزائل سسٹم کے دوارب 70 کروڑ 30 لاکھ کے اضافی آلات بھی خرید کرے گا۔گذشتہ ماہ امریکا نے سعودی عرب کو دو ارب 40 کروڑ ڈالر مالیت کے تھاڈ میزائل فروخت کرنے کی منظوری دی تھی۔

  • سعودی عرب اورامارات رمضان میں 200 ملین یمنینوں کو امداد فراہم کریں گے

    سعودی عرب اورامارات رمضان میں 200 ملین یمنینوں کو امداد فراہم کریں گے

    ریاض : سعودی عرب اور یواے ای  رمضان المبارک میں دوسوملین یمنینوں کو امداد فراہم کریں گے، دونوں ملکوں کا بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے ساتھ رابطہ کر کے اس امداد کی تقسیم کو یقینی بنانے کا عمل شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی حکومتوں نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ صیام کے لیے جنگ زدہ ملک یمن کو دو سو ملین امریکی ڈالر کی خصوصی امداد فراہم کی جائے گی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کا کہنا ہے خلیجی ریاست یو اے ای کے وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم بنت ابراہیم الہاشمی نے بتایاکہ یہ امداد رمضان کے مہینے ہی میں تقسیم کی جائے گی، دونوں ملکوں نے بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے ساتھ رابطہ کر کے اس امداد کی تقسیم کو یقینی بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ 140ملین ڈالر   کی رقم مجموعی امدادی کے لئے مختص کی جائے گی اور  یہ امداد حوثی ملیشیا اور منصور ہادی کے کنٹرول والے علاقوں میں یکساں طور پر تقسیم کی جائے گی،  امداد پارٹنر امدادی اداروں بشمول اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : یو اے ای اور سعودی عرب کا یمن کے لیے 500 ملین ڈالر امداد کا اعلان

    ریم بنت ابراہیم الہاشمی نے کہا کہ امداد ان لوگوں کو ملنی چاہیئے جن کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے،  ہمیں حوثیوں کے زیرکنٹرول علاقوں تک رسائی نہیں ہے اس لئے ہمیں بین الاقوامی اور اقوام متحدہ کے اداروں کی مدد لینی پڑ رہی ہے۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا یہ رقم ان بچوں، حاملہ اور نرسنگ خواتین پر بھی خرچ کی جائے گی جو غذائی قلت کا شکار ہیں،  آج یمن میں تقریبا 2.1 ملین بچے ایسے ہیں جو شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے یمن کو درپیش بحران سے نکالنے کے لیے ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے قحط اور افلاس کے شکار عوام کے لیے 500 ملین ڈالر کی اضافی امداد فراہم کی تھی۔

  • امارات، قطر اور عمان نے پیٹرول کے نرخوں میں اضافہ کردیا

    امارات، قطر اور عمان نے پیٹرول کے نرخوں میں اضافہ کردیا

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات ، قطر اور سلطنت عمان نے تیل کے نرخوں میں اضافہ کردیا جبکہ سعودی عرب، بحرین اور کویت نے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پیٹرول کے نرخوں میں فی لیٹر 19 فلس کا اضافہ ہوگا، اعلی درجے کے پیٹرول کی قیمت مارچ کے دوران 2.04 درہم تھی اپریل میں اس کی قیمت 2.23 درہم کردی گئی۔

    متحدہ عرب امارات میں پیٹرول کے نرخ مسلسل دوسرے ماہ بڑھائے گئے، قطر نے مارچ کے مقابلے میں اپریل کے دوران اعلی اور عام پیٹرول نیز ڈیزل کے نرخوں میں 11 فیصد سے زیادہ کا اضافہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ قطر میں اعلی درجے کا ایک لیٹر پیٹرول مارچ کے مقابلے میں 15.6 فیصد مہنگا ہوگا، ایک لیٹر 1.85 قطری ریال میں فروخت ہوگا جبکہ مار چ میں اسکی قیمت 1.60ریال تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق قطر میں ایک لیٹر عام پیٹرول کی قیمت 16.1 فیصد بڑھا دی گئی، مارچ میں ایک لیٹر عام پیٹرول 1.55ریال تھی اب یہ 1.80ریال کردی گئی۔

    سلطنت عمان میں اعلی درجے کے ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت ماہ اپریل کے دوران 214 پیسہ کردی گئی، مارچ میں 209 پیسہ میں ایک لیٹر عمدہ پیٹرول فروخت کیا جارہا تھا، سلطنت عمان میں مارچ کے دوران ایک لیٹر ڈیزل 238 پیسہ میں فروخت ہورہا تھا، اب اسکی قیمت 245پیسہ ہوگئی۔

    دوسری جانب عرب لیگ کے اہم رکن ممالک اور دنیا کا سب سے بڑا تیل کا کنواں رکھنے ملک سعودی عرب، بحرین اور کویت نے تاحال پیٹرولیم مصنوعات میں کسی قسم کے اضافے کا کوئی اعلان نہیں کیا۔

  • ابوظبی: خاتون کو شوہر کو سرپرائز دینا مہنگا پڑ گیا

    ابوظبی: خاتون کو شوہر کو سرپرائز دینا مہنگا پڑ گیا

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست العین میں خاتون کو پلاسٹک سرجری کروا کر شوہر کو سرپرائز دینا اہلیہ کو مہنگا پڑ گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق اماراتی ریاست العین میں خاتون نے شوہر کو سرپرائز دینے کے لیے چہرے کی پلاسٹک سرجری کروائی تاکہ وہ اور جاذب النظر دکھائی دے تاہم شوہر کو بیوی کی یہ تبدیلی پسند نہیں آئی اور اس نے خاتون کو طلاق دے دی۔

    رپورٹ کے مطابق خاتون کا شوہر دو ماہ کی ٹرپ پر کسی دوسرے ملک میں موجود تھا خاتون نے واپسی پر اسے سرپرائز دینے کے لیے العین کے اسپتال سے سرجری کرائی اور چہرے سے رنکلز کا خاتمہ کیا۔

    عدالت میں شوہر نے موقف اختیار کیا کہ مجھے ’نیچرل بیوٹی‘ پسند ہے اور پلاسٹک سرجری کرانے والی خاتون سے سخت نفرت ہے۔

    یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ پلاسٹک سرجری کروانے کے بعد خاتون کے چہرے پر کیا اثرات نمودار ہوئے تھے۔

     مزید پڑھیں: دبئی: موبائل میں بیلنس لوڈ نہ کروانے پر بیوی نے طلاق مانگ لی

    خاتون کا کہنا تھا کہ مجھے ڈاکٹرز نے پلاسٹک سرجری کروانے کا کہا تھا اگر انہیں یہ عمل پسند نہیں ہے تو میں ان سے معافی مانگتی ہوں لیکن خاتون شوہر کو قائل کرنے میں ناکام رہیں۔

    خاتون کے شوہر نے طلاق کے لیے العین کی فیملی کورٹ میں درخواست دائر کی، فریقین کے درمیان صلح کی ہر ممکن کوشش کی گئی جس میں ناکامی کے بعد خاتون کو طلاق دے دی گئی۔

    واضح رہے کہ معمولی باتوں پر عرب امارات میں طلاق کوئی نئی بات نہیں ہے چند ماہ سے امارات میں طلاق اور خلع کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں اماراتی خاتون نے شوہر کی جانب سے موبائل میں 50 درہم کا بیلنس لوڈ نہ کروانے پر خلع مانگ لی تھی۔