Tag: امارت اسلامیہ افغانستان

  • مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر امارت اسلامیہ افغانستان نے تعزیتی پیغام جاری کر دیا

    مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر امارت اسلامیہ افغانستان نے تعزیتی پیغام جاری کر دیا

    کابل: مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر امارت اسلامیہ افغانستان نے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے جید عالم دین مفتی محمد رفیع عثمانی کی وفات پر امارت اسلامیہ افغانستان نے تعزیتی پیغام میں نہایت دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    پیغام میں کہا گیا کہ نہایت دکھ اور پریشانی کے ساتھ یہ خبر ملی کہ پاکستان کے جید عالم دین اور جامعہ دار العلوم کراچی کے مہتمم مفتی محمد رفیع عثمانی انتقال کر گئے۔

    مرحوم نے تمام عمر علم دین کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی اور نہایت احسن طریقے سے اپنی ذمہ داری سر انجام دی، انھوں نے علم دین کی بہترین خدمت کی، اور پس ماندگان میں ہزاروں شاگرد سوگوار چھوڑ گئے۔

    مفتی رفیع عثمانی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

    پیغام میں کہا گیا ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان مرحوم کی وفات پاکستان سمیت تمام امت مسلمہ کے لیے ناقابل تلافی نقصان سمجھتی ہے۔

    پیغام میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے اور اعلیٰ علیین میں مقام عطا فرمائے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس غیر معمولی مصیبت میں خاندان، متعلقین اور شاگردوں سمیت تمام علمی دنیا کو صبر جمیل اور اجر عظیم نصیب فرمائے۔

  • سیاسی، عسکری، اقتصادی افغانستان انگڑائی لے کر بیدار ہو رہا ہے

    سیاسی، عسکری، اقتصادی افغانستان انگڑائی لے کر بیدار ہو رہا ہے

    کابل: افغان وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ سیاسی اور عسکری شعبوں کے علاوہ اقتصادی حوالے سے بھی امارت اسلامیہ نے خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

    ایک بیان میں افغان وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان نے سخت حالات میں محدود وسائل میں بھی بہتر کارکردگی دکھا کر ترقی کا سفر جاری رکھا۔

    انھوں نے امارت اسلامیہ کی حالیہ چند نمایاں کامیابیاں گنواتے ہوئے کہا کہ قطر میں امارت اسلامیہ کی وزرات خارجہ، وزارت دفاع اور انٹیلی جنس اداروں کے اعلیٰ حکام پر مشتمل اعلی سطحی وفد نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کا عمل دوبارہ بحال کرنے کے سلسلے میں بڑی کامیابی حاصل کی۔

    امریکا کے ساتھ، مذاکرات کے واضح ایجنڈے سمیت سیکیورٹی مسائل سے لے کر اقتصادیات، سفارتی خدمات، انسانی امداد، اور سیاسی تعلقات کو معمول پر لانے کے طریقوں پر مفید بات چیت ہوئی۔

    انھوں نے کہا افغانستان کے لیے امریکا کے ناظم الامور کرن ڈگر کا واضح الفاظ میں یہ کہنا کہ امریکا آئندہ کسی صورت افغانستان میں عسکری مقاصد کے لیے واپسی کا ارادہ نہیں رکھتا، ایک اور نمایاں سفارتی کامیابی ہے۔

    افغانستان میں عسکریت پسندی کے حوالے سے بھی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے، امارت اسلامیہ نے پوری کوشش کر کے ملک میں امن و امان کی صورت حال قائم کی ہے اور ایک بہتر نظام حکومت پیش کیا ہے، جس کی وجہ سے مخالف شخصیات بھی یہ سمجھنے لگی ہیں کہ امارت اسلامیہ کے خلاف اب مسلح جدوجہد نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتی، اس سلسلے میں اعتراف پر مبنی عطا محمد نور کا حالیہ بیان ایک مثال ہے۔

    روس کے ساتھ خوراک اور ایندھن کے معاہدوں پر دستخط اور پڑوسیوں کے ساتھ تجارت اور درآمدات و برآمدات کو بہتر بنانے کے اقدامات سے ایک نئے اقتصادی افغانستان کی تشکیل ہو رہی ہے، افغانستان کی منڈیوں پر ان اقدامات کا براہ راست اثر پڑا ہے اور قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

    افغان وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ پوری کوشش کی گئی کہ افغان کرنسی کی قدر نہ گرے، بلکہ ماضی کی بہ نسبت اس کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔

    ان اقدامات کے علاوہ تباہ شدہ شہروں کی تعمیر نو کی سرگرمیاں بھی بڑھ گئی ہیں، پھلوں اور دیگر فصلوں کی مارکیٹ پہلے سے زیادہ بہتر ہوئی ہے، جس کے لیے پڑوسیوں کے ساتھ راستے کھلے رکھے گئے، تاکہ معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں۔