Tag: امام الحق

  • امام الحق ’رپورٹر‘ بن گئے، ویڈیو سامنے آگئی

    امام الحق ’رپورٹر‘ بن گئے، ویڈیو سامنے آگئی

    آکلینڈ: قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کا 18 گھنٹے طویل سفر طے کیا اس دوران کھلاڑیوں نے خود کو مصروف رکھنے کے لیے مختلف سرگرمیاں کیں جس کی ویڈیو پی سی بی نے جاری کردی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کھلاڑیوں کی نیوزی لینڈ کے طویل سفر کی ویڈیو جاری کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امام الحق ’رپورٹر‘ کی طرح ساتھی کھلاڑیوں سے مختلف سوالات کررہے ہیں۔

    امام الحق نے بتایا کہ قومی ٹیم کھلاڑیوں نے کوئی فلم نہیں چھوڑی، سب ہی 8 یا اس زائد گھنٹے سو بھی چکے ہیں، میں خود بھی طویل پرواز کے باعث بہت تھک چکا ہوں۔

    اس کے بعد وہ کیمرا مین کے ساتھ سب سے پہلے عابد علی کی سیٹ پر جاتے ہیں، ان سے پوچھتے ہیں اس پرواز میں وہ کیا کرتے رہے ہیں؟

    عابد علی نے امام الحق کو بتایا کہ میں نے کئی فلمیں دیکھیں، سو بھی چکا ہوں، آپ سے، عماد وسیم، حارث سہیل اور کپتان بابراعظم سے باتیں کرکے وقت گزارنے کی کوشش کی ہے۔

    امام الحق نے اس کے بعد ان کے برابر والی سیٹ پر براجمان عماد وسیم کی طرف مائیک کیا اور انہیں پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے فائنل میں کامیابی پر مبارک باد دی اور ان سے وقت گزاری کے حوالے سے استفسار کیا۔

    عماد وسیم نے انہیں بتایا کہ میں نے فلمیں نہیں دیکھیں ہاں سیزن دیکھے ہیں۔

    اس کے بعد قومی کرکٹر مائیک حارث سہیل کی طرف موڑ دیا اور دوران سفر ان کی مصروفیت سے متعلق پوچھا اُس کے بعد انہوں نے خود ہی بتایا کہ دبئی کے بعد میں نے ایک فلم دیکھی ہے اور سوتا رہا ہوں۔

    اس کے بعد امام الحق نے بتایا کہ ابتدائی لائن کے بعد اب ہم آخری لائن کی طرف آگئے ہیں، تھوڑی دیر میں ہماری فلائٹ لینڈ کرنے والی ہے۔

  • ہم دوسرے ٹیسٹ میں بھرپور کم بیک کریں گے: امام الحق

    ہم دوسرے ٹیسٹ میں بھرپور کم بیک کریں گے: امام الحق

    ایڈلیڈ: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز امام الحق کا کہنا ہے کہ ڈے نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے اچھا ہے، میچ میں سوفیصد کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈلیڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ ہم دوسرے ٹیسٹ میں بھرپور کم بیک کریں گے، چانس ملا تو سو فیصد کارکردگی دکھاؤں گا۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عباس اچھے بولر ہیں، پنک بال کے ساتھ ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔

    اسی طرح قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے بھی دوسرا ٹیسٹ میچ کم بیک کے لیے اہم قرار دیا ہے، ان کا گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی کھلاڑی کی صلاحیت پر شک نہیں ہے، دوسرے میچ میں خامیوں پر قابو پائیں گے۔

    اظہر علی نے بابر اعظم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ بابر ہر فارمیٹ میں اچھا کھیل رہے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں اب ان سے اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کرانا چاہتے ہیں، بابر کا بیٹنگ آرڈر میں نمبر اس وقت تبدیل کیا گیا جب وہ پرفارم نہیں کررہے تھے۔

    کسی کھلاڑی کی صلاحیت پر شک نہیں، خامیوں پر قابو پائیں گے، اظہر علی

    خیال رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم دوسرے میچ میں کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے، ڈے نائٹ ٹیسٹ کے لیے پریکٹس کا آغاز آج سے ہوگا۔

    دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم گزشتہ روز برسبین سے ایڈلیڈ پہنچی، دوسرا ٹیسٹ 29 نومبر سے کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

  • ورلڈ کپ میں کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں: امام الحق، بابر اعظم

    ورلڈ کپ میں کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں: امام الحق، بابر اعظم

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں بابر اعظم اور امام الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں، بدقسمتی سے سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں بابر اعظم اور امام الحق نے پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میرا پہلا ورلڈ کپ تھا پہلے ہاف میں 2 میچ ہارے، سب نے اچھا پرفارم کیا۔ کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں۔

    بابر اعظم نے کہا کہ ہم اپنا 100 فیصد دے رہے تھے، انگلینڈ کے ساتھ سیریز اچھی رہی تھی۔ وکٹ دیکھ کر پلان کرنا ہوتا ہے۔ کوچ کا فیصلہ ہوتا ہے کس کو کھلانا ہے کس کو نہیں۔ ’میرے خیال سے ورلڈ کپ انگلینڈ کو جیتنا چاہیئے، ہمیں نہیں پتہ بھارت جان کر ہارا ہے یا واقعی شکست ہوئی‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے سینئرز نے کبھی شو نہیں کروایا کہ وہ سینئر ہیں، ہمیں کبھی سوچنے بھی نہیں دیا کسی نے کہ وہ سینئرز ہیں۔ 15 کھلاڑیوں میں سے کوئی ریلو کٹا نہیں تھا۔

    امام الحق کا کہنا تھا کہ تجربہ اچھا تھا، بدقسمتی سے سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکے۔ انسان کافی غلطیوں سے سیکھتا ہے میں بھی سیکھوں گا۔ ٹیم میں رکھنا ہے یا نہیں یہ کام پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم جس طرح کھیلنے گئے تھے باقی ٹیمیں بھی کھیلنے آئی تھیں، ہمارے بلے بازوں نے اچھی پرفارمنس کی کوشش کی۔ 9 میں سے 5 میچ جیتے، اپنی کارکردگی مزید بہتر کروں گا۔ سب کا احترام ہے کوشش کرتا ہوں فینز خوش رہیں۔

    امام الحق کا کہنا تھا کہ کوشش ہوتی ہے دورے پر سوشل میڈیا استعمال نہ کروں، ہماری بھی فیملی اور ذاتی زندگی ہے، تنقید کی ایک حد ہوتی ہے۔ ہر شخص پر نظر رکھیں گے تو پرفارم کرنا مشکل ہوتا ہے، تمام کھلاڑی محنت کرتے ہیں ہار کسی کو اچھی نہیں لگتی۔ ’پرفارمنس پر تنقید کریں مگر کسی کی ذاتیات میں نہ جائیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان کی ٹیم میں ورلڈ کلاس اسپنرز تھے، افغانستان نے میچ میں بھارت کو بھی ٹف ٹائم دیا۔ جس طرح عماد وسیم نے میچ جتوایا اس پر توجہ دینی چاہیئے، آسٹریلیا کے خلاف میچ میں میری وجہ سے شروع میں ناکامی ہوئی۔ بھارت سے ہار جائیں تو ہر چیز پر تنقید ہوتی ہے، ایسا کبھی نہیں ہو سکتا تنقید نہ ہو۔

  • ورلڈ کپ میں جو امید لے کر آیا تھا وہ کارکردگی نہیں دکھاسکا، امام الحق کا اعتراف

    ورلڈ کپ میں جو امید لے کر آیا تھا وہ کارکردگی نہیں دکھاسکا، امام الحق کا اعتراف

    لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز امام الحق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں جو امید لے کر آیا تھا وہ کارکردگی نہیں دکھا سکا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ بھرپور پریکٹس کی، ٹریننگ سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ فارم میں ہوں مگر بڑی اننگز نہیں کھیل پارہا ہوں، 40 رنز کے قریب پہنچ کر غلطیاں کیں اس پر قابو پاؤں گا۔

    امام الحق نے کہا کہ کوچز اور کپتان بھی کہتے رہے ہیں کہ بہتر آغاز کو بڑے اسکور میں بدلنا چاہئے تھا لیکن افسوس ہے کہ میں ایسا نہیں کرپایا۔

    انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں بڑی اننگز کھیلنے کی کوشش کروں گا، غلطیوں سے سبق سیکھنے والا ہی اچھا پلیئر بنتا ہے۔

    مزید پڑھیں: دوسروں کے میچز پرفوکس نہیں، توجہ اپنے میچ پر مرکوز ہے: سرفراز احمد

    امام الحق نے کہا کہ عوام کے منفی رویوں سے تکلیف ضرور ہوتی ہے، ہمارا اچھا برا سب کھیل ملک اور قوم کے لیے ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے کسی کو صفائی دینے کی ضرورت نہیں ہے، میرٹ پر ٹیم میں آیا ہوں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس اب بھی سیمی فائنل میں جانے کا چانس ہے، لڑکے بہترین فارم میں ہیں اور ٹیم اچھے ردھم میں ہے۔

    یاد رہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا آخری گروپ میچ 5 جولائی بروز جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی، بنگلہ دیش میگا ایونٹ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے جبکہ قومی ٹیم کے 8 میچ میں 9 پوائنٹس ہیں۔

  • امام الحق کی انجری کے بعد گراؤنڈ میں‌ دوبارہ واپسی

    امام الحق کی انجری کے بعد گراؤنڈ میں‌ دوبارہ واپسی

    ٹرینٹ برج: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق بیٹنگ کے دوران گیند لگنے سے زخمی ہوئے البتہ رپوٹس کلیئر ہونے کے بعد وہ ایک بار پھر میدان میں بیٹنگ کے لیے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے مابین چوتھا ون ڈے میچ ٹرینٹ برج کے اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، بائیں ہاتھ سے بلے بازے کرنے والے اوپنر نے 13 گیندوں کا سامنا کیا اور 3 رنز بنائے تھے کہ اسی دوران وہ گیند لگنے سے زخمی ہوئے تھے۔

    اننگز کے 48ویں اوور میں جب حسن علی آؤٹ ہوئے تو امام الحق ایک بار پھر بلا تھام کر کریز پر آگئے اور انہوں نے دوبارہ بیٹنگ کا آغاز کیا، اسٹیڈیم میں بیٹھے تماشائیوں نے اُن کی واپسی پر شاندار استقبال بھی کیا۔

    میچ کے چوتھا اوور مارک ووڈ کرارہے تھے کہ اسی دوران امام الحق کی کہنی پر گیند لگی جس کے باعث وہ زخمی ہوئے اور انہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا تھاکہ امام الحق کو اسپتال منتقل کردیا گیا اور اُن کے ایکسرے کے بعد ہی زخم کی نوعیت کا علم ہوگا۔

    پی سی بی حکام کے مطابق امام الحق کے ایکسرے کی رپورٹ آگئی جس کے مطابق اُن کی گیند لگنے سے محفوظ رہی البتہ اُن کے بائیں ہاتھ میں سوجن ہے۔

    امام الحق کے مداحوں نے اُن کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے بلے باز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

  • شائقین کا ردعمل: امام الحق واٹسن سے معافی مانگنے پر مجبور

    شائقین کا ردعمل: امام الحق واٹسن سے معافی مانگنے پر مجبور

    لاہور: پی ایس ایل سیزن فور کے فائنل میں جنم لینے والے تنازع پر  شدید عوامی ردعمل نے امام الحق کو معذرت کرنے پر مجبور کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق شین واٹسن سے تلخ کلامی پرامام الحق نے ٹویٹر پر معافی مانگ لی، امام الحق نےٹویٹ کیا کہ وقتی اشتعال میں بدمزگی ہوگئی تھی.

    انھوں نے مزید لکھا کہ میرا واٹسن سے رویہ نامناسب تھا، جس کی میں معافی چاہتا ہوں.

    یاد رہے کہ شین واٹسن کے رن آؤٹ ہونے کے بعد دونوں کھلاڑیوں میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا،  جس کے بعد پاکستانی کھلاڑی نے  واٹسن کو اشارے سےفیلڈ سے باہر جانے کو کہا.

     اسٹڈیم میں شائقین کی جانب سے امام الحق کے اس رویے پر شدید ردعمل آیا،  سوشل میڈیا پر بھی ان پر کڑی تنقید کی گئی اور معافی مانگنے کا تقاضا کیا گیا.

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل فتح پاکستانی عوام اورخاص کربلوچستان کے نام ہے‘ سرفراز احمد

    عوامی ردعمل کے بعد امام نے معذرت کر لی، انھوں نے کہا کہ جو ہوا، بڑے میچ کا جوش تھا،  فائنل اچھا ہوا، ٹائٹل جیتنے پرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور شین واٹسن کو مبارک باد دیتا ہوں.

    یاد رہے کہ شین واٹسن نے جیت کے بعد کہا تھا کہ تھا پی ایس ایل میں بہترین پانچ ہفتے گزرے،، کراچی میں بہت مزہ آیا۔ واٹسن ہی مین آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا.

  • پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں نمبرون ٹیم ہے، ہم ضرورجیتیں گے‘ امام الحق

    پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں نمبرون ٹیم ہے، ہم ضرورجیتیں گے‘ امام الحق

    لاہور: نوجوان بلے باز امام الحق کا کہنا ہے کہ کپتان تبدیل نہیں ہوا صرف سرفرازاحمد پر4 میچوں کی پابندی لگی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی امام الحق نے کہا کہ اپنے کھیل پربھرپور توجہ دے رہا ہوں، شارٹ بال کھیلنے مشکل نہیں ہے۔

    نوجوان بلے باز نے کہا کہ دبئی میں زیادہ میچ کھیلتے ہیں، دوسرے ممالک کی وکٹیں مختلف ہوتی ہیں۔

    امام الحق نے کہا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں نمبرون ٹیم ہے، ہم ضرور جیتیں گے، لڑکے اچھا پرفارم کررہے ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے کہا کہ ورلڈکپ سے پہلے بھی سیریزکھیلنی ہیں، یہ ورلڈکپ کی تیاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپتان تبدیل نہیں ہوا صرف سرفرازاحمد پر4 میچوں کی پابندی لگی ہے۔

    پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان اور جنوبی افریقہ آج آمنے سامنے ہوں گے

    واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹوئنٹی میچز پرمشتمل سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا۔

    پاکستانی ٹیم مسلسل 11 ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناقابل شکست رہی ہے، شاہینوں نے جنوبی افریقہ کو سات سال پہلے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہرایا تھا۔