Tag: امام بارگاہ

  • انچولی واقعے کی فوٹیج سامنے آ گئی، حملہ آور نے حیدر کا تعاقب کر کے گولیاں ماریں

    انچولی واقعے کی فوٹیج سامنے آ گئی، حملہ آور نے حیدر کا تعاقب کر کے گولیاں ماریں

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سمن آباد کی حدود انچولی بلاک 20 میں نامعلوم حملہ آور نے فائرنگ کر کے میر حیدر نامی شخص کو شدید زخمی کر دیا ہے، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    ترجمان سینٹرل پولیس کے مطابق آج پیر کو انچولی میں حیدر نامی شہری اپنے گھر واپس آ رہا تھا، کہ دروازے ہی پر پیچھے سے آنے والے ایک شخص نے اچانک فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حیدر کو 4 گولیاں ماری گئیں، سمن آباد پولیس موقع پر موجود ہے، اور ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق بھی جائے وقوعہ پر پہنچے، انھوں نے بتایا کہ کرائم سین یونٹ نے تمام شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق میر حیدر کو ان کے گھر کے باہر فائرنگ کر کے زخمی کیا گیا، میر حیدر اپنے گھر میں داخل ہو رہے تھے کہ حملہ آور آیا اور فائرنگ کر کے فرار ہو گیا، اس واقعے میں 30 بور کی پستول استعمال کی گئی ہے۔

    فائرنگ سے شدید زخمی شہری امیر حیدر

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور شہری حیدر کا تعاقب کرتا ہوا اکیلا پیچھے تک آیا، حیدر کو اپنے گھر کی جانب آتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم اچانک سے پیچھے آیا اور گھر میں داخل ہوتے ہوئے حیدر پر فائرنگ کر دی، سی سی ٹی وی کے مطابق ملزم نے 2 سیکنڈ میں فائرنگ کی اور فرار ہو گیا۔

    ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق

    فائرنگ کا یہ واقعہ امام بارگاہ علی اصغر کے قریب پیش آیا ہے، پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واردات میں 2 موٹر سائیکل سوار ملوث ہیں، فوٹیج میں بھی کچھ ہی فاصلے پر ایک دوسری مشکوک موٹر سائیکل کو آہستہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • 65 افراد کے قاتل امام بارگاہ حملے کے ملزمان کو 4 سال بعد عمر قید کی سزا

    65 افراد کے قاتل امام بارگاہ حملے کے ملزمان کو 4 سال بعد عمر قید کی سزا

    سکھر: انسداد دہشت گردی عدالت نے شکارپور امام بارگاہ پر حملے میں ملوث 2 ملزمان کوعمرقید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے شکارپور امام بارگاہ پر حملے میں ملوث 2 ملزمان کوعمرقید کی سزا سنا دی۔ خلیل بروہی اور غلام رسول بروہی پر حملے کی سہولت کاری کا مقدمہ درج تھا۔ مقدمے میں نامزد محمد الدین بروہی کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کردیا گیا۔

    دونوں ملزمان پہلے سے ابراہیم جتوئی خودکش حملہ کیس میں 14 سال کے لیے قید ہیں۔ ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

    شکار پور: امام بارگاہ میں دھماکہ،بچوں سمیت 65 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ جنوری 2015 میں صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور کی امام بارگاہ میں دھماکے سے 65 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ یہ دھماکہ جمعے کو شکارپور کے علاقے لکھی در کی امام بارگاہ مولا علی میں ہوا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت شہر کے مرکزی علاقے میں واقع امام بارگاہ اور مسجد کی دو منزلہ عمارت میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور نماز جمعہ کا خطبہ جاری تھا۔

    اس سے قبل جنوری 2013 میں ہی شکارپور شہر سے 10 کلومیٹر دور واقع درگاہ غازی شاہ میں بم دھماکے میں گدی نشین سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

  • کراچی: ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کو سپرد خاک کردیا گیا

    کراچی: ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کو سپرد خاک کردیا گیا

    کراچی: گزشتہ روز قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما علی رضا عابدی کو سپرد خاک کردیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں اور عام افراد نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کی نماز جنازہ امام بارگاہ یثرب میں ادا کی گئی۔ علی رضا عابدی کی نماز جنازہ علامہ حسن ظفر نقوی نے پڑھائی۔

    نماز جنازہ میں فاروق ستار سمیت ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں، مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی کے وفد بھی نماز جنازہ میں شریک تھے۔

    نماز جنازہ کے بعد علی رضا عابدی کا جسد خاکی ڈیفنس فیز 4 کے قبرستان لے جایا گیا جہاں ان کی تدفین کردی گئی۔

    خیال رہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی گزشتہ روز ڈیفنس میں واقع اپنے گھر کے باہر قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔

    قاتل موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے علی رضا کے گھر کے باہر انہیں نشانہ بنایا اور تیزی سے فرار ہوگئے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق علی رضا عابدی کو 4 گولیاں لگیں، 2 گولیاں سینے، ایک کندھے اور ایک گردن پر لگی، گولیاں انتہائی قریب سے ماری گئیں تھی۔

    واقعے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکیورٹی اداروں کو قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

  • اسلام آباد، جدید ہتھیاروں سے فائرنگ، ایک نمازی جاں بحق اور 4 زخمی

    اسلام آباد، جدید ہتھیاروں سے فائرنگ، ایک نمازی جاں بحق اور 4 زخمی

    اسلام آباد : دارالخلافہ کے علاقے آئی-8 میں واقع امام بارگاہ باب العلم کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ملزمان فرار ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق جدید ہتھیاروں سے لیس گھات لگائے ملزمان نے نماز کی ادائیگی کے بعد امام بارگاہ سے باہر آنے والے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک نمازی موقع پر جاں بحق جب کہ چار افراد زخمی ہو گئے.

    ریسکیو ادارے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کردیا جب کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ جاں بحق شخص کی میت کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا.

    پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت حبدار حسین کے نام سے ہوئی ہے جو کہ سرکاری ادارے میں ملازم تھا جب کہ تاحال زخمیوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے اور حملہ آوروں کا پیچھا کیا جا رہا ہے جنہیں جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا.

  • حیدر آباد: رینجرز کی بروقت کارروائی، خودکش بمبار ہلاک

    حیدر آباد: رینجرز کی بروقت کارروائی، خودکش بمبار ہلاک

    حیدرآباد: حیدر آباد بڑی تباہی سے بچ گیا۔ لطیف آباد امام بارگاہ میں گھسنے کی کوشش کرنے والا خودکش بمبار مارا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے خودکش جیکٹ ناکارہ بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حیدرآباد کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ لطیف آباد میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز کی بروقت کارروائی میں خودکش بمبار مارا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار نے امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ نماز جمعہ کے دوران خودکش بمبار نے رینجرز کی موبائل پر دستی بم سے حملہ بھی کیا۔

    ہلاک بمبار سے خود کش جیکٹ، اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد ہوا۔

    ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد کا ایک اور ساتھی تھا جو فرار ہونے میں کامیاب رہا تاہم اس کی تلاش جاری ہے۔

  • شکارپور،خودکش بمبارکا پیچھا کرکے گولی ماری،کانسٹبل نذر

    شکارپور،خودکش بمبارکا پیچھا کرکے گولی ماری،کانسٹبل نذر

    شکار پور: شکار پورمیں عید کے اجتماع کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام بنانے والے بہادر پولیس کانسٹیبل نذر محمد نے کہا ہے کہ حملہ آور کو دیکھ کر للکارا اور پیچھا کر کے گولی ماری۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے بہادر پولیس کانسٹبل نذر محمد نے کہا کہ ہم ڈیوٹی پر موجود تھے کہ شہریوں نے شور مچا دیا کہ بم والا آرہا ہے جس پر میں اس کا پیچھے کرتے ہوئے گولی ماردی،کانسٹبل نذرمحمد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    کانسٹبل نذر محمد کا کہنا تھا کہ میں نے حملہ آور کو دور سے ہی دیکھ لیا تھا اس وقت عید گاہ میں چار سے پانچ ہزارافراد موجود تھے اور بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ تھا اس لیے میں نے دوسرے پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر حملہ آور کو پکڑنا چاہا تو اس نے دوڑ لگا دی جس پر میں نے اس کو گولی ماردی جس سے وہ گر پڑا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    نذر کا مزید کہنا تھا جب کہ دوسرے حملہ آور کو پیچھے ہی پکڑلیا اس کی جیکٹ دیکھی گئی تواس میں بم فٹ تھا جس پر بم ڈسپوزیل سکواڈ نے اس کو ناکارہ بنایا تا ہم پہلے خودکش بمبار کے دھماکے سے میری آنکھ، بازو، پیٹ اور ٹانگ پر زخم آئے ہیں۔

    واضح رہے کہ عید کے روز دو دہشتگردوں نے شکار پور میں امام بارگاہ کے قریب عید گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی جس کو نذر محمدنے اپنے ساتھیوں سمیت ناکام بنا دیا تھا۔

  • بولان: بھاگ میں امام بارگاہ کے قریب دھماکا، 10 افراد جاں بحق

    بولان: بھاگ میں امام بارگاہ کے قریب دھماکا، 10 افراد جاں بحق

    جھل مگسی: بلوچستان کی تحصیل بھاگ میں چھل گری کے امام بارگاہ میں خود کش دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 10 افراد شہید اور 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔

     وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کے مطابق دھماکے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق دھماکا امام بارگاہ کے دروازے کےقریب ہوا پر ہوا جہاں کچھ دیر بعد مجلس منعقد ہونا تھی، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی علاقے میں طلب کرلیا گیا ہے۔ پ

    ولیس نے دھماکا خودکش حملہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تحقیقات کے بعد ہی دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جاسکے گا۔

  • اسلام آباد: امام بارگاہ قصر سکینہ میں دھماکہ 2جاں بحق، 8زخمی

    اسلام آباد: امام بارگاہ قصر سکینہ میں دھماکہ 2جاں بحق، 8زخمی

    اسلام آباد: شکریال روڈ پر واقع امام بارگاہ  امام بارگاہ قصر سکینہ میں دھماکہ اور فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جان بحق جبکہ 8 زخمی  ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام ااباد کے شکریال روڈ پر واقع امام بارگاہ امام بارگاہ قصر سکینہ میں دھماکے کے بعد فائرنگ کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئی گئی ہیں۔

    ایدھی زرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں،  جبکہ زخمیوں کو اسلام آباد کے پمز اسپتال میں منتقل کیا جارہا ہے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق امام بارگاہ میں دھماکے کے بعد علاقے کی بجی بند ہوگئی ہے جس ریسکیو ٹیموں کا کام کر نے مشکلات کا سامنا ہے، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے قریبی عمارتوں کےشیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی تعداد 6 سے زائد ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ دہشتگرد قریبی  علاقے میں چھپ گئے ہیں ،جن کی گرفتاریوں کے لئے پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    ترجمان پمز اسپتال کے مطابق جاں بحق ہونے والے دو افراد کی شناخت غلام حسین اور عبدالشکور کے نام سے ہوئی جبکہ دیگر زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک ہے جن میں ایم الطاف حسین، سید سخاوت اور ساجد علی شاہ شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق حملہ آور کی امام بارگاہ پر تعینات سیکیورٹی گارڈ سے مزاحمت بھی ہوئی جس کے بعد حملہ آور نے گارڈ کو گولی مار کے اندر گھسا تھا۔

    واقعے کے بعد فوج ،رینجرز اور پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ،جاں بحق ہونے والوں میں اے آروائی نیوز کے کیمرہ مین خرم شہزاد قریشی کےو الدغلام حسین قریشی بھی شامل ہیں لاشوں اورزخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    عینی شاہد کے مطابق دھماکہ نماز مغرب کے دوران ہوا، شکریال روڈ پر واقع امام بارگاہ میں فائرنگ  کے بعد  دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق امام بارگاہ کے گارڈ نے جان کی قربانی دے کر مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کو بچا لیا اور خودکش حملہ آور ٹارگٹ تک پہنچنے میں ناکام رہا۔

     خودکش حملہ آور نے امام بارگاہ میں گھسنے کی کوشش کی تاہم وہاں موجود گارڈ نے جان پر کھیلتے ہوئے حملہ آور کو گیٹ پر ہی روک لیا جس پر خودکش حملہ آور نے وہیں خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں2 افراد شہید ہوئے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ امام بارگاہ میں مغرب کی نماز ادا کی جا رہی تھی اور اگر خودکش حملہ آور اندر گھسنے میں کامیاب ہو جاتا تو شہادتوں کی تعداد کئی گنا زیادہ ہو سکتی تھی۔

  • راولپنڈی دھماکہ پر الطاف حسین کی شدید الفاظ میں مزمت

    راولپنڈی دھماکہ پر الطاف حسین کی شدید الفاظ میں مزمت

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے راولپنڈی کے علاقے چٹیاں ہٹیاں میں واقع امام بارگاہ میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں متعددافراد کے شہید وزخمی ہونے پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ محفل میلادالنبی کے دوران امام بارگاہ میں بم دھماکہ کرنے والے خوارج ہیں جو مذہب کا نام لیکر قتل وغارتگری کرکے اللہ تعالیٰ اور نبی کریم کی تعلیمات کی صریحاً نفی کررہے ہیں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ مذہبی انتہاء پسند دہشت گرد عناصر بم دھماکے اور قتل وغارتگری کرکے شمالی وزیرستان سمیت ملک بھر میں انتہاء پسند دہشت گردوں کے خلاف مسلح افواج کے جاری آپریشن کو ناکام بنانے کی سازش کررہے ہیں لہٰذا وقت کا تقاضہ ہے کہ ایسے سفاک عناصر اور انکی سازشوں کو سختی سے کچل دیا جائے ۔

    الطاف حسین نے وزیراعظم میاں نوازشریف اوروفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان سے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی میں واقع امام بارگاہ میں بم دھماکے کا فوری نوٹس لیا جائے اور بم دھماکے میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کو گرفتارکرکے قرارواقعی سزا دی جائے۔