Tag: امان اللہ

  • لیجنڈ کامیڈین امان اللہ کی نماز جنازہ، ویڈیو بنانے پر اداکار واسع چوہدری برہم

    لیجنڈ کامیڈین امان اللہ کی نماز جنازہ، ویڈیو بنانے پر اداکار واسع چوہدری برہم

    لاہور: معروف کامیڈین امان اللہ کی آخری رسومات کے موقع پر معروف اداکار واسع چوہدری لوگوں کو اسمارٹ فون سے میت کی تصاویر بناتے دیکھ کر پریشان ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف کامیڈین امان اللہ، جو گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے، کے جنازے پر فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کئی افراد نے شرکت کی۔

    معروف اداکار واسع چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا کہ امان اللہ صاحب کے جنازے میں، میں یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ لوگ میت کی ویڈیوز بنانے میں مصروف تھے، بجائے اس کے کہ وہ میت کے ایصال ثواب کے لیے کچھ پڑھتے۔

    واسع چوہدری نے مزید لکھا کہ بھاڑ میں جائیں یہ موبائل فونز!

    معروف کامیڈین امان اللہ گزشتہ روز 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، وہ طویل عرصے سے گردوں اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ 15 روز سے اسپتال میں داخل تھے۔

    مرحوم مزاحیہ اداکار امان اللہ نے اسٹیج ڈراموں کے علاوہ ٹی وی ڈراموں، فلموں اور نیوز چینلز پر چلنے والے مزاحیہ پروگرامز میں شاندار کارکردگی کا لوہا منوایا۔ وہ دوران علالت بھی پھلجھڑیاں چھوڑ کر اپنی شگفتہ مزاجی کا ثبوت دیتے رہے۔

    امان اللہ کے انتقال پر وزیر اعظم عمران خان اور دیگر سیاسی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔

    ان کے انتقال پر نہ صرف پاکستانی فنکاروں نے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا بلکہ بھارتی کامیڈین کپل شرما نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

  • ٹینس فیڈریشن کی جانب سے تربیتی کیمپ کا اعلان

    ٹینس فیڈریشن کی جانب سے تربیتی کیمپ کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کی جانب سے جونیئر کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے 3 کیٹگریز میں تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ باصلاحیت افراد کو آگے لایا جاسکے۔

    پی ٹی ایف کے نئے سیکریٹری ثنا اللہ امان نے جمعرات کو سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہمارے پاس کافی باصلاحیت نوجوان موجود ہیں، ہمیں کیا درکار ہے؟ اس کے لیے ہم نوجوانوں کو مواقع فراہم کریں گے۔

    انہوں نے آگاہ کیا کہ تربیتی کیمپ کو عمر کے تناسب سے 3 مختلف کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، کیمپ میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں قومی ٹیم کے لیے شارٹ لسٹ کیا جائےگا۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ تربیتی کی وجہ سے کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے میں مدد ملے گی ساتھ ہی ملک میں ٹینس کا کھیل بھی فروغ پائے گا۔

    ستمبر میں منعقد ہونے والے ڈیوس کپ میں پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان میچ سے متعلق انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان فتح یاب ہوگا اور کہا کہ تھائی لینڈ کے خلاف اعصام الحق، عقیل اور دیگر باصلاحیت کھلاڑیوں کو میدان میں لے جائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹینس کے عالمی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے لیے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے بات کریں گے۔