Tag: امتحانات کا آغاز

  • آج سے امتحانات کا آغاز، وزیر تعلیم کی کیمبرج سے اپیل

    آج سے امتحانات کا آغاز، وزیر تعلیم کی کیمبرج سے اپیل

    لاہور: لاہور میں برٹش کونسل کے تحت او لیول امتحانات کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، ایچی سن کالج سینئر اسکول میں امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں برٹش کونسل کے تحت او لیول آفٹر نون امتحانات کا آغاز دن 2 بجے ہوگا، امتحانات کے دوران کرونا ایس او پیز کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔

    امتحانی کمرے میں داخلے کے لیے طلبہ پر فیس ماسک کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے، انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مرکز میں ہینڈ سینیٹائزر فراہم کیے گئے ہیں، امتحانی کمرہ جات میں داخلے سے قبل طلبہ کے درجہ حرارت کی جانچ بھی کی گئی۔

    دوسری طرف وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کیمبرج سے متعلق ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انھوں نے کیمبرج سے کہا کہ غیر معمولی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے باقی پیپرز لیے جانے سے متعلق 13 ماہ کی شرط پر نظر ثانی کی جائے۔

    انھوں نے کہا کیمبرج غیر معمولی صورت حال کو مد نظر رکھے، اور باقی پیپرز سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کرے، میں پُر امید ہوں کہ جلد مثبت فیصلہ آئے گا۔

    شفقت محمود نے آج سےشروع امتحانات میں شریک طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انھوں نے کہا یہ سخت وقت ہے اور مشکل فیصلے کیے گئے ہیں جو کہ طلبہ کے بہترین مفاد میں ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا برٹش کونسل ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے لیے پُر عزم ہے، ہم ایس او پیز پر عمل درآمد کی کڑی نگرانی کریں گے۔

    شفقت محمود نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ کچھ لوگ سستی شہرت کے لیے امتحانی مراکز کی جعلی تصاویر پھیلا رہے ہیں، اس سے ان کا مقصد ناکام ہو چکا ہے، جعلی تصاویر پھیلانے والے طلبہ کو آگے بڑھتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

  • وفاق المدرس کے تحت ملک بھر میں امتحانات کا آغاز

    وفاق المدرس کے تحت ملک بھر میں امتحانات کا آغاز

    کراچی : وفاق المدرس کے تحت ملک بھر میں امتحانات کاآغاز ہو گیا، سالانہ امتحان میں4لاکھ 20ہزار سے زائد طلبہ وطالبات حصہ لے رہے ہیں، امتحانات کیلئے ایس او پیز بھی جاری کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاق المدرس کے تحت ملک بھر میں امتحانات کاآغاز ہو گیا، صوبہ سندھ میں مجموعی طور پر امتحانی مراکز کی تعداد دو سو اٹھائیس ہے جبکہ88 سینٹر طلبہ کے لئے اور 140 طالبات کے لئے تشکیل دیئے گئے ہیں۔

    ملک بھر میں سینٹرز کی تعداد 2ہزار100 ہے اور سالانہ امتحان 1441ھ میں شریک طلبہ وطالبات کی مجموعی تعداد 4لاکھ 20ہزار سے زائد ہیں جبکہ کراچی کے چھ اضلاع میں طلبہ کے امتحانی مراکز کی تعداد چونسٹھ جبکہ طالبات کے چوراسی ہیں۔

    ترجمان وفاق المدارس طلحہ رحمانی کے مطابق وفاق المدارس نے آج سے شروع ہونے والے امتحانات کیلئے ایس او پیز جاری کردی ہے، جس کے مطابق امتحانات کھلی جگہوں اور مساجد میں لئے جائیں گے، مساجد کے ہال اور صحن امتحانی سینٹرز کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔

    جاری ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ ہر طالبعلم 6فٹ کے سماجی فاصلے پر بیٹھے گا، تمام امیدوار اپنے کاغذات، قلم ، پینسل کو اپنے استعمال تک محدود رکھے۔

    ترجمان وفاق المدارس کا کہنا ہے کہ کمرہ امتحان میں آنے سے قبل ہاتھوں کو صابن سے اچھی طرح سے دھوکر آئیں جبکہ امتحانی مراکز سے باہر بھی صابن اور سینیٹائزر کا انتظام کیا جائے اور ہاتھ ملانے سے گریز کیا جائے۔

    ایس او پیز کے مطابق ہر امتحان سے قبل کمرہ امتحان کو کلورین سے اچھی طرح صاف کیا جائے امتحانی ہال میں دریا اور قالین نہ بچھائے جائیں اور ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق کراچی سمیت سندھ ، پنجاب، کے پی کے ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بھی ایس او پی کے تحت کے وفاق المدرس کے تحت امتحانات جاری ہے ، امتحانات مرحلہ سولہ جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔

    دوسری جانب جید علمائے کرام نے جامعہ بنوریہ ساییٹ ، جامع مسجد بنوری ٹاون، دارالعلوم کورنگی ، جامعہ اسلامیہ پیپلز چورنگی سمیت مختلف امتحانی کا دورہ کیا۔