Tag: امتحانات

  • کراچی میں تیز بارش کی پیشگوئی، انٹر بورڈ کے پرچے ملتوی

    کراچی میں تیز بارش کی پیشگوئی، انٹر بورڈ کے پرچے ملتوی

    کراچی: شہر قائد میں تیز بارش کی پیشگوئی پر انٹر بورڈ نے آج کے پرچے ملتوی کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث آرٹس ریگولر، پرائیوٹ اور خصوصی امیدواروں کے پرچے اور عملی امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

    ترجمان انٹر بورڈ کے مطابق ملتوی شدہ پرچے 23 اگست 2022 کو انھی مراکز میں لیے جائیں گے، جب کہ عملی امتحانات ری شیڈیول کرنے کے لیے کالجز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ 24 گھنٹے برقرار رہے گا، بحیرہ عرب اور مشرقی راجستھان میں ہوا کا شدید کم دباؤ موجود ہے۔

    موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

  • اسکالر شپس امتحانات کے نتائج کا اعلان

    اسکالر شپس امتحانات کے نتائج کا اعلان

    اسلام آباد: اسکالر شپس امتحانات کے نتائج کا اعلان ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی نظامت تعلیمات نے پانچویں اور آٹھویں کے اسکالر شپ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

    وفاقی نظامت تعلیمات کے مطابق پانچویں کا مجموعی نتیجہ 89.27 فی صد رہا، پانچویں میں 578 نمبر لے کر پہلی پوزیشن اسلام آباد ماڈل کالج ایف سکس ٹو کے ابریش فرقان نے حاصل کر لی۔

    574 نمبر لے کر دوسری پوزیشن علیشہ کامران اور کرن شہزادی نے حاصل کی، جب کہ 573 نمبر لے کر تیسری پوزیشن زرلش ایمان اور مناہل تبسیم نے حاصل کی۔

    آٹھویں کے اسکالر شپ امتحانات کے نتائج کی شرح 86.85 فی صد رہی، ماڈل کالج ایف ایٹ ون کی زارا ذوالفقار نے 681 نمبر لے کر آٹھویں میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

    دوسری اور تیسری پوزیشن کے لیے علی ٹرسٹ کے محمد انیس نے 681 نمبر، اجمل خان نے 675 نمبر، اور محمد صالح نے 674 نمبر حاصل کر لیے۔

    آٹھویں کے اسکالر شپ امتحانات میں سب سے زیادہ 53 اسکالر شپس علی ٹرسٹ نے حاصل کر لیں۔

    اسلام آباد کالج فار گرلز ایف سکس ٹو نے 11 اسکالر شپس، جب کہ ماڈل کالج فار بوائز جی نائن فور نے 10 اسکالر شپس حاصل کیں۔

  • نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان ہو گیا

    نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان ہو گیا

    کراچی: جماعت نہم (سائنس گروپ) کے سالانہ امتحانات برائے سال 2021 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے (SSC-Part I) جماعت نہم سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات برائے سال 2021 کے نتائج کا اعلان کر دیا

    اس موقع پر ناظم امتحانات ظہیرالدین بھٹو اور رزلٹ کمیٹی کے ممبران بھی موجود تھے۔

    چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ طلبہ و طالبات یہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر اور ایس ایم ایس سروس bsek لکھ کر اسپیس دیں اور اپنا رول نمبر لکھ کر 8583 پر بھیج کر نتائج دیکھ سکتے ہیں۔

    رواں برس سائنس گروپ میں 157255 طلبہ و طالبات رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے 153417 طلبہ و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے، امتحانات میں شامل ہونے والوں میں 82143 طلبہ اور 71274 طالبات شامل تھیں، جب کہ غیر حاضر طلبہ و طالبات کی تعداد 3838 رہی۔

    تمام پرچوں میں کامیاب طلبہ و طالبات کی تعداد 145949 رہی اور کامیابی کا تناسب 95.13 فی صد رہا۔

    اسی طرح ایک پرچے میں 917، دو پرچوں میں 86، تین پرچوں میں 347 طلبہ و طالبات ناکام ہوئے، جب کہ تمام پرچوں میں 6118 طلبہ و طالبات فیل قرار پائے۔

  • امتحان میں 1100 میں سے 1100 نمبر متنازع بن گئے، مردان بورڈ کی طالبہ قندیل کا انٹرویو

    امتحان میں 1100 میں سے 1100 نمبر متنازع بن گئے، مردان بورڈ کی طالبہ قندیل کا انٹرویو

    خیبر پختون خوا میں‌ حالیہ بورڈ نتائج متنازع بن گئے ہیں، جہاں ایک طالبہ نے امتحان میں 1100 میں سے 1100 نمبر لے لیے، اور اسی طرح دیگر طلبہ نے بھی ہائی فائی مارکس حاصل کیے ہیں۔

    وزیر تعلیم کے پی شہرام ترکئی نے کہا ہے طالبہ کے 1100 نمبر کا سن کر انھیں تعجب ہوا، پیپرز کی چیکنگ درست طور سے ہوئی ہے یا نہیں، یہ جاننے کے لیے پیپرز دوبارہ چیک کیے جائیں گے، محکمہ تعلیم کے پی کا کہنا ہے کہ 8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں‌ دسویں کے امتحان میں 1100 نمبر لینے والی مردان بورڈ کی طالبہ قندیل سہیل نے خصوصی گفتگو کی، قندیل سہیل احمد کا تعلق نوشہرہ سے ہے اور وہ میٹرک سائنس کی طالبہ ہے۔

    ان سے جب پوچھا گیا کہ آپ کا اپنا اندازہ کتنا تھا کہ کتنے نمبر لے لیں گی؟ تو انھوں نے جواب دیا کہ مجھے خود پر یقین تھا کہ میرے نمبر زیادہ آئیں گے، لیکن پورے نمبر آئیں‌ گے، تو یہ اللہ کی مجھ پر مہربانی ہے۔

    ریاضی یا اکاؤنٹنگ کے علاوہ جو دیگر مضامین ہوتے ہیں جیسا کہ اردو، اسلامیات، بائیولوجی وغیرہ، ان میں پورے نمبر کبھی نہیں ملتے، کہیں نہ کہیں‌ کچھ نمبر ضرور کٹتے ہیں، ایسے میں قندیل نے پورے کے پورے نمبر لے لیے، کیسے؟ کیا انھیں خود بھی اس پر حیرت ہے؟

    Image

    قندیل کہتی ہیں کہ ان کے پیپرز صرف سائنس سبجیکٹس کے تھے، میتھ، بائیولوجی، کیمسٹری، اور فزکس، ان مضامین میں‌ نمبر آنا ایک نارمل بات ہے، کرونا وبا کی وجہ سے اب کی بار مارکس دگنے کیے گئے تھے، اور ہمیں‌ گریس مارکس بھی دیے گئے، جس سے پانچ فی صد نمبر بڑھے۔ واضح رہے کہ قندیل سمیت طلبہ نے کرونا وبا کی وجہ سے نویں جماعت کے امتحانات بھی نہیں دیے تھے، اور جن پرچوں کا امتحان نہیں لیا گیا، ان کے نمبر بھی دیے گئے ہیں۔

    اس معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے، اس کے سلسلے قندیل نے کہا کہ انھیں نہیں لگتا کہ ان کے نمبر کم ہو جائیں گے، ہاں یہ ہو سکتا ہے کہ جن طلبہ کو لگتا ہے کہ انھیں کم نمبر ملے ہیں تو ممکن ہے وہ بڑھ جائیں۔

    ماہر تعلیم اور اردو یونیورسٹی کے پروفیسر عرفان عزیز نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ سو میں سے گیارہ سو نمبر لے لینا ایک مذاق ہے، کرونا وبا کے دوران پوری دنیا میں تعلیم کے ساتھ جو ہوا، بالخصوص اس ملک میں جو ہوا وہ ایک بڑا بحران ہے، ابھی انھوں نے کمیٹی بنائی ہے، اور اس بچی کے نمبر کم کیے جائیں گے تو یہ ایک سیٹ بیک ہوگا۔

    انھوں نے کہا ہمارے ہاں نمبرنگ کی فلاسفی بہت برے طریقے سے کی جا رہی ہے، دنیا بھر میں جو ماڈل امتحانات ہیں ان میں مارکس فلاسفی نہیں ہوتی بلکہ گریڈ ہوتے ہیں یا گریڈ پوائنٹس کا شمار ہوتا ہے۔

    عرفان عزیز نے انکشاف کیا کہ ان بچوں کے لیے ایوارڈ تقریب بھی ترتیب دی گئی تھی، جس میں انھیں انعامات دیے جانے تھے، اس کا مطلب ہے کہ کہیں پر بھی کوالٹی چیک نہیں ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ایجوکیشن میں یہ کہا جاتا ہے کہ اگر کسی طریقہ امتحان میں مستقل طور پر طلبہ 90 فی صد سے زیادہ نمبر لے رہے ہیں تو وہاں ای ویلیو ایشن طریقہ کار کو چیک کرنے کی ضرورت ہے، اس کا مطلب ہوتا ہے کہ طریقہ امتحان میں کوئی خامی موجود ہے، یا کوئی اور مسئلہ ہے۔

  • 7 سال کے بچوں کے تحریری امتحان سے متعلق چین کا بڑا قدم

    7 سال کے بچوں کے تحریری امتحان سے متعلق چین کا بڑا قدم

    بیجنگ: چین میں 7 سال کے بچوں کے تحریری امتحان پر پابندی عائد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چین میں تعلیمی شعبے میں جاری اصلاحات کے تحت 6 سے 7 سال کے طالب علموں کے تحریری امتحان لینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    چینی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ 6 سے 7 سال کے طالب علموں کے تحریری امتحان پر پابندی کا مقصد انھیں بے جا دباؤ سے آزاد کرنا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ متواتر امتحانات طلبہ پر بہت زیادہ بوجھ، اور بڑے امتحانی دباؤ کا سبب بنتے ہیں۔

    چینی وزارت تعلیم کے مطابق جونیئر ہائی اسکول میں مڈٹرم، موک امتحانات کی اجازت ہوگی، جب کہ لازمی تعلیم کے دیگر سالوں میں امتحان صرف ایک ٹرم تک محدود ہوگا۔

    یاد رہے کہ جولائی میں چین میں تمام نجی ٹیوٹرنگ فرمز کو نان پرافٹ ہونے کا حکم دیا گیا تھا، جب کہ بیجنگ میں گزشتہ ہفتے اعلیٰ صلاحیتوں کے اساتذہ کے ایک ہی جگہ ارتکاز کو روکنے کے لیے اسکول اساتذہ کو ہر 6 سال میں روٹیٹ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

    دوسری جانب چین میں رواں سال کے آغاز میں پہلی اور دوسری جماعت کے تحریری ہوم ورک اور جونیئر ہائی اسکول کے طلبہ کو ڈیڑھ گھنٹے سے زائد کا ہوم ورک دیے جانے پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔

  • انٹر کے کرونا متاثرہ امیدواروں کا امتحان، اے آر وائی نیوز کی خبر پر اہم قدم

    انٹر کے کرونا متاثرہ امیدواروں کا امتحان، اے آر وائی نیوز کی خبر پر اہم قدم

    کراچی: کرونا وائرس سے متاثرہ انٹر کے طلبہ سے آج بورڈ آفس کے امتحانی مرکز میں امتحان لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی خبر پر امتحانی بورڈ نے قدم اٹھاتے ہوئے کووِڈ متاثرہ امیدوارں سے آج بورڈ آفس کے امتحانی مرکز میں امتحان لیا گیا۔

    امتحان کے دوران ایس او پیز کے تحت امیدواروں کا خاص خیال رکھا گیا، انٹر بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین نے امتحانی مرکز کا معائنہ بھی کیا۔

    انٹر کے سالانہ امتحانات کے آغاز پر پہلے مرحلے میں کووِڈ مثبت کیس والے امیدوار امتحانات میں شر کت نہیں کر سکے تھے، جس کے بعد انٹر بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے جولائی میں اے آر وائی کے سوال پر دوسرے مرحلے میں امتحانات میں شرکت کی اجازت کووِڈ نیگیٹو سرٹیفکیٹ سے مشروط کی تھی۔

    ایسے امیدواروں کے لیے آج انٹر بورڈ آفس میں ایس او پیز کے تحت سینٹر بنایا گیا تھا، جہاں ان سے انٹر کا امتحان لیا گیا۔

  • کراچی: انٹر میڈیٹ کے امتحانات 26 جولائی سے شروع ہوں گے

    کراچی: انٹر میڈیٹ کے امتحانات 26 جولائی سے شروع ہوں گے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات 26 جولائی سے شروع ہوں گے جس میں 1 لاکھ سے زائد طلبا شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کا کہنا ہے کہ 26 جولائی سے انٹر میڈیٹ کے امتحانات کا آغاز ہوگا۔

    ڈاکٹر سعید الدین کے مطابق 1 لاکھ 12 ہزار 6 سو طلبا امتحان میں شریک ہوں گے جن کے لیے 210 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، 66 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

    صبح کی شفٹ میں سائنس جبکہ شام میں آرٹس اینڈ کامرس گروپ کا امتحان لیا جائے گا، سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات
    ہوں گے جس میں تقریباً 55 ہزار 443 طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔

    کامرس ریگولر، کامرس پرائیوٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیوٹ، خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے 57 ہزار 157 امیدوار شرکت کریں گے۔

    114 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 96 امتحانی مراکز شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔

    انٹر بورڈ کے مطابق سالانہ امتحانات برائے 2021 میں پرچے 50 فیصد ایم سی کیوز، 30 فیصد مختصر سوالات کے جوابات اور 20 فیصد تفصیلی سوالات کے جوابات پر مشتمل ہوں گے۔

  • نویں، دسویں جماعت کے پریکٹیکل امتحانات

    نویں، دسویں جماعت کے پریکٹیکل امتحانات

    کرا چی: نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا اختتام ہو گیا، اب دوسرے مرحلے پر سالانہ پریکٹیکل امتحانات کی تیاری کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا ہے کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات ہفتے کے روز پُر امن ماحول میں ختم ہو گئے، کوڈیفیکشن کا کام فوری شروع کر دیا گیا ہے، بروقت نتائج کا اجرا یقینی بنایا جائے گا۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ نے کہا اب دوسرا مرحلہ سالانہ پریکٹیکل امتحانات کا ہے، جو 27 جولائی سے شروع ہوں گے، انھوں نے کہا کہ بورڈ سے الحاق تمام شدہ اسکول دیے گئے شیڈول کے اختتام سے پہلے ہی عملی امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔

    یہ بات چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے ہفتے کے روز اپنے دفتر میں بلائی گئی ایک میٹنگ کے دوران کہی، انھوں نے امتحانات کے پُر امن انعقاد پر ناظم امتحانات سید محمد علی شائق، بورڈ کے ویجیلنس افسران، بورڈ کے عملے، میڈیا، اساتذہ، سینٹر سپرنٹنڈنٹس، والدین اور طلبہ کی جانب سے تعاون پر سب کو خراج تحسین پیش کیا۔

    انھوں نے کہا کہ فوری طور پر کوڈیفیکشن کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مرکزی سینٹرز پر طلبہ کی کاپیوں کی جانچ شروع کر دی جائے گی، تاکہ حکومت سندھ کی جانب سے دی گئی مقررہ تاریخ سے پہلے امتحانی نتائج کا اجرا یقینی بنایا جا سکے۔

    لاہور میں چھینے گئے حل شدہ امتحانی پرچوں کو آگ لگانے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    اس موقع پر بورڈ کے افسران کے ساتھ امتحانات کے پورے دورانیے کا جائزہ لیتے ہوئے، کچھ سینٹرز پر پہلا پرچہ دیر سے پہنچنے کی شکایت پر اُن افسران کے خلاف فوری کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔

    چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ اس سال بھی امتحانات کے دوران کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کسی بھی قسم کی سہولت فراہم نہیں کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ 443 امتحانی مراکز پر جہاں سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں اس کی رپورٹ بنا کر جلد ہی دی جائے، تاکہ ان سینٹرز کو بلیک لسٹ کیا جائے، جب کہ شفاف انداز میں چلنے والے مراکز کو بورڈ کی جانب سے ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ نقل کے رجحان کو ختم کرنے کے لیے اس سال بھی ہماری یہی کوشش تھی کہ نقل مافیا کو امتحانی مراکز سے دور رکھا جائے، امتحانات کے دوران بورڈ میں رپورٹ کیے گئے کیسز میں اصل امیدواروں کی جگہ امتحان دینے والے 2 افراد جب کہ نقل کرتے ہوئے تقریباً 47 امیدواروں کو پکڑ کر سزا دینے والی کمیٹی کے سپرد کیا گیا ہے۔

  • انجنیئرنگ کے طلبہ کے امتحان سے متعلق بڑا فیصلہ

    انجنیئرنگ کے طلبہ کے امتحان سے متعلق بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: وزرات تعلیم نے پاکستان کے تمام طلبہ کو ای کیٹ یا انجنیئرنگ کا امتحان دینے کی اجازت کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت انجنیئرنگ یونیورسٹیز میں داخلوں پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان انجنیئرنگ کونسل (پی ای سی)، انجنیئرنگ یونیورسٹیز کے وی سیز، اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے عہدے دار شریک ہوئے۔

    مشاورتی اجلاس میں کو وِڈ 19 کی وجہ سے تعلیمی سال اور امتحانات مؤخر ہونے کے سبب انجنیئرنگ یونیورسٹیز میں بروقت داخلے کو یقینی بنانے اور طلبہ کے سال کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے مختلف آپشنز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    انجینئرنگ کونسل اور ایچ ای سی کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ ہوا کہ تمام طلبہ جن کا انٹرمیڈیٹ کا امتحان ہو چکا ہوگا یا ابھی ہونا ہوگا، سب کو ای کیٹ امتحان / انجنیئرنگ کے امتحان میں بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔

    کیمبرج کے A2 کے طلبہ کو بھی ای کیٹ اور انجنیئرنگ کے داخلہ امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت ہوگی، اور یونیورسٹیز ان کو پروویژنل ایڈمیشن دیں گی، جو کہ ان کے فائنل امتحان سے مشروط ہوگا، جن کا نتیجہ جنوری میں متوقع ہے۔

    وزارت تعلیم کے مطابق طالب علم کو انجنیئرنگ امتحان میں بیٹھنے سے روکا نہیں جائے گا، اجلاس میں شفقت محمود نے کہا طلبہ اور تعلیمی اداروں کے لیے رواں سال غیر معمولی نوعیت کا سال ہے، اس لیے ہمیں غیر معمولی فیصلے لینے پڑے ہیں۔

  • امتحانات اور تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں سے متعلق اہم  فیصلہ آج متوقع

    امتحانات اور تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں سے متعلق اہم فیصلہ آج متوقع

    اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائےتعلیم کانفرنس آج ہوگی ، جس میں امتحانات اور تعلیمی اداروں میں موسم گرماکی چھٹیوں سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش اورامتحانات کے معاملے پر بین الصوبائی وزرائےتعلیم کانفرنس آج ہوگی ، وفاقی وزیرتعلیم شفقت محموداجلاس کی صدارت کریں گے، کانفرنس میں چاروں صوبوں،گلگت،آزادکشمیرکےوزرائےتعلیم شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں اساتذہ اوراسٹاف کی ویکسی نیشن کےمعاملےپرگفتگو ہوگی، امتحانات سے متعلق حتمی فیصلہ متوقع ہے اور تعلیمی اداروں میں موسم گرماکی چھٹیوں کافیصلہ بھی ہوگا۔

    یاد رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک کے شدید متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے نہ کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کورونا کےکم متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے 24 مئی سے کھلیں گے۔

    مراسلے میں کہا گیا تھا کہ کورونا سے زیارہ متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے 6 جون تک بند رہیں گے،7 جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے جائزہ اجلاس 3 جون کو ہو گا۔