Tag: امتحانات

  • فنکاروں کا امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ

    فنکاروں کا امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ

    کراچی: پاکستانی فنکاروں نے حکومت پاکستان سے طلبا کے امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا، اداکاروں نے اپیل کی ہے کہ کووڈ 19 کی خطرناک صورتحال میں طلبا کی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ مہوش حیات نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اداکارہ نے وزیر تعلیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات کے لیے طلبہ کے ساتھ زبردستی کرنا غلط ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا نہ صرف کرونا کی تیسری لہر میں خطرناک ثابت ہوگا بلکہ یہ ناانصافی بھی ہوگی کیونکہ تعلیم کی صورتحال درہم برہم ہے۔

    مہوش حیات نے وفاقی وزیر تعلیم سے اپیل کی کہ باقی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اس سال امتحانات منسوخ کیے جائیں۔

    دوسری جانب گلوکار عاصم اظہر نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حکومت نہ صرف امتحانات منسوخ کرے بلکہ ملک بھر میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کرے، ایسا نہیں صرف امتحانات منسوخ ہوجائیں اور پورا ملک کھلا ہو۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر میں تیزی جاری ہے اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک بھر میں سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔

  • نویں سے 12 ویں تک کلاسز کی تدریس اور امتحانات کے حوالے سے فیصلہ ہو گیا

    نویں سے 12 ویں تک کلاسز کی تدریس اور امتحانات کے حوالے سے فیصلہ ہو گیا

    اسلام آباد: وزارت تعلیم نے نویں سے 12 ویں جماعت کے بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے تدریسی عمل شروع کرنے اور امتحانات کے حوالے سے فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم شفقت محمود نے تمام صوبوں کے صحت اور تعلیم کے وزرا کے خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نویں سے 12 ویں جماعت تک متاثر اضلاع میں تدریس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    شفقت محمود نے بتایا کہ اجلاس میں نویں سے بارہویں جماعت تک بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے تدریسی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے، نویں سے 12 ویں جماعت کے امتحانات بورڈ کی نئی تاریخوں کے مطابق ہوں گے، اور امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے شروع نہیں ہوں گے۔

    انھوں نے کہا جامعات میں داخلے امتحانات کے نئے شیڈول کو مد نظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے، اے، اے ایس اور او لیول اور آئی جی سی ایس ای امتحانات اعلان کردہ تاریخوں کے تحت ہوں گے، اور ان امتحانات میں تاخیر یا منسوخی نہیں ہوگی۔

    شفقت محمود نے بتایا کہ اکتوبر میں امتحانات دینے کے خواہش مند طلبہ اسی فیس میں امتحانات دے سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں جامعات آن لائن تدریس ہی جاری رکھیں گی، کیسز کی شرح 8 فی صد سے کم ہونے پر جامعات حسب معمول تدریس جاری رکھیں گی۔

    وزیر تعلیم کا کہنا تھا کیمبرج نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایس او پیز کی سختی سے پابندی کی جائے گی، کیمبرج کے مطابق امتحان نہ دینے والے آئندہ اکتوبر نومبر سائیکل میں ہی امتحان دے سکیں گے۔

  • کویت: امتحانات کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت: امتحانات کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں اگلے ایک ماہ تک ہونے والے تمام امتحانات آن لائن منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کویت میں ایک ماہ کے لیے جزوی کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق تعلیمی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر حماد المعطر نے اعلان کیا ہے کہ وزارت اعلیٰ تعلیم کے طے کردہ فیصلے کے مطابق کویت کی تمام جامعات میں امتحانات آن لائن منعقد ہوں گے۔

    یہ ہدایت 7 مارچ سے اگلے ایک ماہ تک ہونے والے امتحانات کے لیے جاری کی گئی ہے۔

    کویت میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے اگلے ایک ماہ تک 12 گھنٹے کا جزوی کرفیو نافذ کیا گیا ہے اور اسی کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے لیے یہ نئی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    گو کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کویت میں گزشتہ پورا سال تعلیم آن لائن ہوئی ہے تاہم کچھ کالجز میں پروفیسر طلبا کو بلوا کر امتحانات بھی لے رہے تھے۔

    اب کمیٹی کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی پروفیسر اس ہدایت کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ کویت کے علاوہ دیگر گلف ممالک میں اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے کھل چکے ہیں تاہم کویت نے ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

  • سندھ میں میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    سندھ میں میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں یکم فروری سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا گیا جبکہ نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخ بھی طے کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں یکم فروری سے تمام اسکول ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات یکم جولائی سے ہوں گے جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 28 جولائی سے ہوں گے۔

    امتحانات کے دوران کرونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے گا، ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ سے مدد طلب کی جاسکتی ہے۔ تمام امتحانی بورڈز 90 دن میں نتائج دینے کے پابند ہوں گے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں برس گرمیوں کی چھٹیاں صرف ایک ماہ کے لیے جولائی میں ہوں گی۔

    اجلاس میں وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ گزشتہ تعلیمی سال کے لیے سلیبس کو 40 فیصد کم کیا تھا، اسکول پھر بند ہوگئے 60 فیصد نصاب مکمل کروانا بھی مشکل ہوگیا۔

    وزیر تعلیم نے کہا کہ یکم سے 15 جولائی تک ہونے والے نویں دسویں کے امتحانات کے نتائج 15 ستمبر کو جاری کر دیے جائیں گے جبکہ 28 جولائی سے شروع ہونے والے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان 15 اکتوبر کو کر دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پریکٹیکل جون میں اسکول اور کالجز میں ہوں گے، سندھ میں نیا تعلیمی سال 2 اگست سے شروع ہوگا، کمیٹی نے پرچے کا دورانیہ 3 گھنٹے سے کم کر کے 2 گھنٹے کا کرنے کی تجویز منظور کرلی ہے، پرچے کا معروضی حصہ 40 فیصد سے بڑھا کر 60 فیصد کردیا گیا، مختصر سوالات کا حصہ 40 سے کم کر کے 20 فیصد اور تفصیلی سوالات کا حصہ بھی 40 سے کم کر کے 20 فیصد کر دیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 15 اکتوبر سے پہلے کوئی یونیورسٹی اور میڈیکل کالج داخلے شروع نہیں کرے گا، رواں سال کسی بھی بچے کو بلا امتحان پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔ جن کالجز میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے ہیں انہیں کچھ عرصے کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے یکم فروری سے پرائمری اسکول اور یونیورسٹیز کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

    وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے تعلیمی سیشن 21-2020 کا کیلنڈر بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق نیا تعلیمی سال 2 اگست سے شروع ہوگا جبکہ موسم گرما کی چھٹیاں کم کر کے ایک ماہ کی کر دی گئی ہیں۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق موسم گرما کی چھٹیاں 2 سے 31 جولائی 2021 تک ہوں گی جبکہ پانچویں اور آٹھویں کے مرکزی امتحانات 18 سے 31 مئی تک اور پہلی سے چوتھی، چھٹی اور ساتویں کے امتحانات یکم سے 15 جون تک ہوں گے۔

  • انٹرمیڈیٹ سائنس اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے امتحانات کے نتائج کا اعلان

    انٹرمیڈیٹ سائنس اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے امتحانات کے نتائج کا اعلان

    کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2020 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان ہو گیا، پری میڈیکل گروپ کے امتحانات میں 25321 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے 25297 امیدوار کامیاب قرار پائے جب کہ کام یابی کا تناسب 99.91 فی صد رہا۔

    میڈیکل ٹیکنالوجی کے امتحانات میں صرف ایک امیدوار رجسٹرڈ ہوا جس نے سی گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔

    چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر انعام احمد نے بتایا کہ کو وِڈ 19 کی وجہ سے امسال امتحانات منعقد نہیں ہوئے بلکہ طلبہ کو پروموٹ کرنے کی حکومتی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے تمام طلبہ کو گیارہویں جماعت کے حاصل کردہ نمبروں کے مطابق بارہویں جماعت کے پرچوں میں نمبرز دیے گئے، بارہویں جماعت کے پرچوں میں 3 فی صد اضافی نمبرز دیے گئے۔

    ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2020 کے امتحانات میں 1631 امیدواروں نے اے ون گریڈ جب کہ 3534 نے اے گریڈ حاصل کیا۔

    4309 میدواروں نے بی گریڈ، 4165 امیدواروں نے سی گریڈ، 7624 امیدواروں نے ڈی گریڈ، 3965 امیدواروں نے ای گریڈ حاصل کیا جب کہ 69 امیدوار صرف پاس قرار پائے۔

    یاد رہے کہ اس سال پروموشن پالیسی کے مطابق طلبہ کو پوزیشنز نہیں دی گئی ہیں، نتائج کے اعلان کے فوری بعد ہی بورڈ کی ویب سائٹ پر یہ نتائج اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔ امیدوار اپنے مجموعی نمبرز اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جا سکتا ہے۔

  • وفاق المدارس کے تحت ملک میں امتحانات کا آغاز کب ہوگا؟

    وفاق المدارس کے تحت ملک میں امتحانات کا آغاز کب ہوگا؟

    کراچی: وفاق المدارس کے تحت ملک میں امتحانات کا آغاز 11جولائی سے ہوگا، امتحانات میں 27لاکھ طلبہ اور طالبات حصہ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں امتحانات کا آغاز 11جولائی سے ہوگا، سندھ میں مجموعی طور پر امتحانی مراکز کی تعداد 228ہے۔

    وفاق المدارس کے مطابق 88سینٹر طلبہ کے لیے اور 144طالبات کے لیے مخصوص ہیں، امتحانات میں 27لاکھ طلبہ اور طالبات حصہ لیں گے، ملک بھر میں امتحانی مراکز کی تعداد2100ہے۔

    وفاقی وزیر تعلیم نے ملک میں تعلیمی ادارے کھولنے کی تاریخ کا اعلان کردیا

    دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 15ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کردی اور کہا صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے۔

    وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 15ستمبر سے پہلے مزید مشاورت کریں گے، صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے، تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے ایس او پیز تیار کی جائیں گی، ایس او پیز سے متعلق مختلف تجاویز آرہی ہیں، معاملے پر غور کررہے ہیں۔

  • یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز  کے طلبا کے لیے بڑی خبر

    یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز  کے طلبا کے لیے بڑی خبر

    لاہور: پنجاب حکومت نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو امتحانات کرانے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے بی ڈی ایس، بی ایس سی نرسنگ کے فائنل ایئر سپلیمنٹری امتحانات کی اجازت دے دی،بی ایس سی  فزیوتھراپی،الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے فائنل ایئر سپلیمنٹری امتحانات بھی ہوں گے۔

    پنجاب حکومت نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کوامتحانات کرانے کی اجازت دی ہے۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ امتحانات کرونا ایس او پیز کے تحت کرائے جائیں گے۔

    کرونا وبا کے باعث پنجاب حکومت نےگزشتہ ہفتے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام ہونے والے ایم بی بی ایس کے ضمنی امتحانات کو منسوخ کر دیا تھا تاہم ضمنی امتحانات نہ ہونے کی صورت میں ایم بی بی ایس فائنل ایئر کے سینکڑوں طلبا کا ایک سال ضائع ہونے سے بچانے کے لیے اب حکومت نے ضمنی امتحانات کی اجازت دے دی ہے۔

    یاد رہے کہ سیکریٹری اسپیلائزڈ ہیلتھ نبیل اعوان کا کہنا تھا کابینہ کمیٹی برائے کرونا کی جانب سے ایم بی بی ایس فائنل پروفیشنل کے ضمنی امتحانات کی اجازت مل گئی تھی تاہم یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سمیت دیگر تعلیمی ادارے کو حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔

  • سندھ میں امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام نہ ہونے پر عدالت سخت برہم

    سندھ میں امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام نہ ہونے پر عدالت سخت برہم

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے صوبے میں امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم حاصل کرنا سندھ کے عوام کا بھی حق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے صوبے میں نقل کی روک تھام نہ ہونے کے معاملے پر متعلقہ حکام کو طلب کرلیا۔ عدالت نے امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے میکنزم بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں تعلیمی بورڈ کی تجاویز کو مدنظر رکھ کر میکنزم بنائیں۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ غیر تربیت یافتہ عملے کو امتحانی مراکز میں تعینات نہ کیا جائے۔ ہائیکورٹ نے چیئرمین تعلیمی بورڈز، چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ، ایم ڈی سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور سیکریٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

    عدالت نے متعلقہ اداروں اور فریقین سے 11 دسمبر تک رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

    سندھ ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ سنہ 2020 کے سالانہ امتحانات نئی پالیسی کے تحت کروائے جائیں، جبکہ وفاقی ایجوکیشن پالیسی 2006 کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی بنانے کا بھی حکم دیا۔ کمیٹی میں تعلیمی بورڈز کے سربراہ، یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز اور دیگر کو شامل کرنے کا حکم دیا گیا۔

    کمیٹی کی تشکیل پر چیف سیکریٹری سندھ سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی گئی۔

    جسٹس صلاح الدین پنہور کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت اچھی تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اعلیٰ تعلیم کے بغیر زندگی بسر کرنا مشکل ہوچکا ہے۔ معیاری تعلیم حاصل کرنا سندھ کے عوام کا بھی حق ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا سکھر میں میٹرک کے امتحانات میں نقل کا نوٹس

    وزیراعلیٰ سندھ کا سکھر میں میٹرک کے امتحانات میں نقل کا نوٹس

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے سکھر میں میٹرک کے امتحانات میں طلبا کی جانب سے نقل کرنے کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تعلیمی بورڈ کے کنٹرولرامتحانات کو معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے وزیراعلی سندھ کی ہدایات پر سکھر ریجن میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور دیکھا کہ چند مراکز میں میٹرک کے امتحانات کے دوران طلبا کھلم کھلا نقل کرنے میں ملوث پائے گئے۔

    صوبائی وزیر تعلیم نے وزیراعلی سندھ کو رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ چند امتحانی مراکز میں نہ صرف یہ کہ نقل ہورہی تھی بلکہ مصدقہ رپورٹس ہیں کہ سکھر تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے سوالیہ پیپر بھی امتحانات شروع ہونے سے قبل آﺅٹ ہوئے ہیں۔

    وزیراعلی سندھ نے صوبائی وزیر تعلیم کی رپورٹ پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سکھر کے کنٹرولر امتحانات عبدالسمیع سومرو کو معطل کردیا اور کنٹرولر امتحانات سکھر کا چارج ڈپٹی کنٹرولر آف امتحانات کو دے دیا اور اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    مراد علی شاہ نے تمام تعلیمی بورڈز کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے امتحانی نظام کو مستحکم بنائیں نہیں تو تعلیمی بورڈ ز کے متعلقہ افسران کے خلاف بھی اسی طرح کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوچکا، امتحانات کے پہلے روز ہی بوٹی مافیا نے اپنا کام دکھاتے ہوئے گھوٹکی، سکھر اور بدین میں پرچے شروع ہونے سے قبل واٹس ایپ پرشیئر کردیے۔

  • کراچی سمیت سندھ بھرمیں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز

    کراچی سمیت سندھ بھرمیں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز

    کراچی : شہر قائد سمیت سندھ بھر میں میٹرک بورڈ کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات آج سے شروع ہوگئے۔

    نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کے تحت فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں بند رہیں گی۔

    کراچی میں تین لاکھ 67 ہزار 606 طلبہ وطالبات سائنس اور جنرل گروپ کے امتحانات دیں گے۔ شہر قائد میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے لیے 365 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں جن میں 202 پرائیوٹ اسکول اور 163 سرکاری اسکول شامل ہیں۔

    شہرقائد میں طالبات کے لیے 167 اور لڑکوں کے لیے 198 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹی فکیشن کے مطابق امتحانات میں کسی بھی نقل کی شکایت پر مقامی تھانہ کارروائی کرسکتا ہے، امتحانات کے ضابطہ اخلاق اور قواعد پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ نویں کلاس سائنس گروپ کے امتحانات میں ایک لاکھ 58 ہزار 680 طلبہ وطالبات جبکہ دسویں کلاس میں ایک لاکھ 63 ہزار 371 امیدوار شرکت کریں گے جبکہ جنرل گروپ کے امتحان میں 45 ہزار 555 امیدوار شریک ہوں گے۔