Tag: امتحانات

  • کراچی: 3 لاکھ 67 ہزار 606 طلبہ کل سائنس اور جنرل گروپ کے امتحانات دیں گے

    کراچی: 3 لاکھ 67 ہزار 606 طلبہ کل سائنس اور جنرل گروپ کے امتحانات دیں گے

    کراچی: کل میٹرک بورڈ کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں، 3 لاکھ 67 ہزار 606 طلبہ و طالبات کل سائنس اور جنرل گروپ کے امتحانات میں حصہ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق میٹرک بورڈ نے چند دن قبل امتحانی شیڈول کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے پرچے کل یکم اپریل سے شروع ہو رہے ہیں۔

    [bs-quote quote=”محکمہ داخلہ سندھ نے امتحانی مراکز کے ارد گرد دفعہ 144 نافذ کر دی۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    چیئرمین میٹرک بورڈ ڈاکٹر سعید الدین کا کہنا ہے کہ اس سال 365 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں، جس میں 202 نجی اسکول اور 163 سرکاری اسکول شامل ہیں۔

    نویں کلاس سائنس گروپ کے امتحانات میں ایک لاکھ 58 ہزار680 طلبہ، جب کہ دسویں کلاس میں ایک لاکھ 63 ہزار 371 امیدوار شرکت کریں گے۔

    جنرل گروپ کے امتحان میں 45 ہزار 555 امیدوار شریک ہوں گے، امتحانات میں لڑکیوں کے لیے 167 اور لڑکوں کے لیے 198 امتحانی مراکز شامل ہیں۔

    امتحانی شیڈول کے لیے یہ پڑھیں: میٹرک بورڈ کراچی کے تحت امتحانات کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا

    محکمہ داخلہ سندھ نے امتحانی مراکز کے ارد گرد دفعہ 144 نافذ کر دی، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، امتحانی مراکز کے اطراف فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحانات بند رہیں گی۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق امتحانات میں کسی بھی نقل کی شکایت پر مقامی تھانہ کارروائی کر سکتا ہے، امتحانات کے ضابطہ اخلاق اور قواعد پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ کل نویں جماعت بائیولوجی تھیوری کے پرچے سے امتحانات کا آغاز ہوگا، جب کہ جنرل سائنس کے امتحانات کا آغاز بھی کل سے ہو رہا ہے۔ میٹرک بورڈ کے مطابق تمام پرچے صبح ساڑھے نو بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک ہوں گے۔

  • میٹرک کے سالانہ امتحانات کا نیا شیڈول جاری ہوگیا

    میٹرک کے سالانہ امتحانات کا نیا شیڈول جاری ہوگیا

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے ملتوی کیے گئے امتحانات کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، نویں سائنس بیالوجی کا پرچہ یکم اپریل کو ہوگا۔

    ناظم امتحانات ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کا کہنا ہے کہ یکم اپریل کو نویں سائنس بیالوجی تھیوری اور جنرل سائنس کے پرچوں سے امتحانات کا آغاز ہوگا۔

    پرچے صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوں گے اور ساڑھے بارہ بجے تک جاری رہیں گے، میٹرک سالانہ امتحانات کا اختتام 16 اپریل کو ہوگا۔

    نویں اور دسویں جماعت جنرل سائنس گروپ کے امتحانات کا وقت دوپہر ڈھائی بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک ہوگا۔

    واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے میٹرک کے امتحانات کے شیڈول کے آغاز کا اعلان 25 مارچ سے کیا گیا تھا، محکمہ تعلیم کے ملازمین کے ہڑتال کے باعث امتحانات ملتوی کر دیے گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوبائی وزیرتعلیم کا کراچی کے اسکول کالجز پراچانک چھاپہ

    دریں اثنا، گزشتہ روز صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں بتایا گیا کہ ایجوکیشن بورڈز کے ملازمین گزشتہ 15 روز سے ہڑتال پر ہیں، جس کی وجہ سے 25 مارچ کو شروع ہونے والے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے لیے تیاری مکمل نہیں۔

    اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات جو کہ 25 مارچ کو ہونے تھے وہ یکم اپریل سے ہوں گے۔

    وزیر تعلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ امتحانات میں کسی بھی قسم کی نقل، چیٹنگ ہوئی اور کوئی بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہوگی۔

  • کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ، انٹرامتحانات کے اوقات تبدیل

    کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ، انٹرامتحانات کے اوقات تبدیل

    کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ  نے آئندہ ہفتے سے شہر قائد میں ہونے والے ممکنہ ہیٹ ویو کےخدشات کے  پیش نظر انٹر امتحانات کے اوقات میں تبدیلی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی تھی کہ پیر سے شہر قائد ایک بار پھر گرمی کی شدید لپیٹ میں ہوگا اور سمندری ہوائیں نہ چلنے کے باعث شہر کا درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچے گا۔

    محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر شدید گرمی کے باعث ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا جس کے تحت سندھ اور شہری حکومت نے الرٹ جاری کرتے ہوئے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ مختلف شاہراؤں پر ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے کیمپ بھی قائم کردیے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پیر سے پھر شدید گرمی کا امکان

    اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے گزشتہ دنوں پڑھنے والی شدید گرمی کے پیش نظر فرسٹ اور سیکنڈ ایئرکے امتحانات ملتوی کردیے تھے تاہم اب انٹر بورڈ نے امتحانات کے اوقات میں تبدیلی کا اعلان کردیا۔

    انٹر بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 29 مئی سے 13 جون تک ہونے والے آرٹس ریگولر اور پرائیوٹ کے امتحانات اب صبح ساڑھے 8 بجے سے ہوں گے جبکہ 28 مئی کا پرچہ پرانے مقررہ وقت یعنی دوپہر 2 بجے سے ہوگا۔

    مزید پڑھیں: ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر

    ڈاکٹر سیمی جمالی نے مشورہ دیا ہے کہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہنے کے لیے افطار کے بعد اور سحری میں پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں تاہم اگر باحالتِ مجبوری دھوپ میں نکلنا پڑے تو چھتری کا استعمال ضرور کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی میں میٹرک امتحانات کےدوسرےمرحلے کا آغاز

    کراچی میں میٹرک امتحانات کےدوسرےمرحلے کا آغاز

    کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کےتحت میٹرک امتحانات کےدوسرےمرحلے کا آج سے آغازہوگیا۔

    تفصیلات کےمطابق کراچی میں ثانوی تعلیمی بورڈ کےتحت میٹرک کے دوسرے مرحلے کے امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔ مردم شماری کےباعث دوسرےمرحلے میں میٹرک سائنس کے امتحانات لیے جارہے ہیں۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ کےمطابق امتحانات میں 3 لاکھ پانچ ہزار 482امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ کےمطابق مجموعی طورپر390امتحانی مراکزقائم کئےگئےہیں جن میں طلباکےلیے210اور طالبات کےلیے180امتحانی مراکزشامل ہیں۔

    کراچی میں امتحانی مراکز کےاطراف دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے


    سندھ کے مختلف شہروں میں نویں اور دسویں جماعت کے پرچے آؤٹ


    یاد رہےکہ گزشتہ دنوں سندھ کے مختلف شہروں میں نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے آغاز سے قبل ہی پرچے آؤٹ ہوگئےتھے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے
    نوٹس لیتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیاتھا۔


    سندھ میں واٹس ایپ پر نویں دسویں کے پرچے آؤٹ


    وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کاکہناتھاکہ جس نے بھی پرچہ آؤٹ کیا وہ گھر جائے گا، اب معافی کی گنجائش نہیں۔

    واضح رہے رواں برس حکومت سندھ نے مردم شماری کے باعث میٹرک کے امتحانات دومرحلوں میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • سندھ میں واٹس ایپ پر نویں دسویں کے پرچے آؤٹ

    سندھ میں واٹس ایپ پر نویں دسویں کے پرچے آؤٹ

    سندھ بھر میں نویں و دسویں جماعت کے امتحانات میں نقل اور بوٹی مافیا کا راج جاری ہے۔ مختلف شہروں میں امتحان سے قبل ہی پرچے آؤٹ ہوگئے۔ طلبا نے نقل کے لیے واٹس ایپ کا بھی استعمال کیا۔

    سندھ کے طالب علموں نے نقل کی راہ پر ساری عقل لگا دی۔ امتحان شروع ہونے سے قبل امتحانی پرچے آؤٹ ہوگئے۔ طلبا کا مستقبل بگاڑنے کے لیے بوٹی مافیا بھی سرگرم ہوگئی۔

    شکار پور میں نقل کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہونے لگا۔ اسلامیات کا پرچہ آؤٹ ہوکر واٹس ایپ پر شیئر ہونے لگا۔ واٹس ایپ گروپ کا ایڈمن پچاس روپے کے موبائل بیلنس پر پرچے بانٹنے کے مکروہ کام میں مصروف ہے۔

    لاڑکانہ میں بھی طالب علموں نے واٹس ایپ کا خوب استعمال کیا۔ طلبا کھلے عام کتابوں سے بھی نقل کرتے رہے۔

    مزید پڑھیں: سندھ میں نویں دسویں کے پرچے آؤٹ، وزیر اعلیٰ سخت برہم

    سکھر میں بھی بوٹی مافیا کی بدولت میٹرک کا فزکس کا پرچہ آؤٹ ہو کر فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں تک جا پہنچا۔ شاہ کوٹ میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں۔ یہاں بھی کھلے عام نقل جاری رہی۔

    یاد رہے کہ نویں اور دسویں کے امتحانات شروع ہونے کے بعد پیپر آؤٹ ہونے کی خبروں پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔

    انہوں نے پرچہ آؤٹ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ جس نے بھی پرچہ آؤٹ کیا وہ گھر جائے گا، اب معافی کی گنجائش نہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے اے آر وائی نیوز کی خبر کا بھی نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری یونیورسٹی اور میٹرک بورڈ کو فوری رپورٹ دینے کی ہدایات کی تھی۔