Tag: امتحانی فیس

  • اسکول کلرک طلباء کی امتحانی فیس کے لاکھوں روپے جوئے میں ہار گیا

    اسکول کلرک طلباء کی امتحانی فیس کے لاکھوں روپے جوئے میں ہار گیا

    ژوب : سرکاری اسکول کا کلرک طلباء کی جانب سے جمع کرائی گئی امتحانی فیس کے 25 لاکھ روپے آن لائن جوئے میں ہار گیا۔

    اے آر وائی نیوز ژوب کے نمائندے رفیق مندوخیل کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے شہر ژوب کے سرکاری اسکول کے کلرک نے طلبہ کی امتحانی فیس کے پچیس لاکھ روپے جوئے میں اڑا دیے۔

    اسکول پرنسپل کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے 878 طلبہ کی فیسوں کی مجموعی رقم 25 لاکھ روپے کلرک کے پاس تھے، جو اس نے اکاؤنٹ میں جمع کرانے تھے،جب اس سے رقم کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے بتایا کہ وہ یہ پیسے جوئے میں ہار گیا ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول کے کلرک شہزاد جمال کو گرفتار کرلیا ہے۔

    بلوچستان بورڈ میں فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ تیس اکتوبر ہے اور بروقت فیس جمع نہ ہونے پر طلبہ کے امتحانات متاثر ہونےکا خدشہ ہے، پولیس نے گورنمنٹ ماڈل ہائرسیکنڈری اسکول کے کلرک شہزاد جمال کو گرفتار کرلیا۔

  • امتحانی فیس : نویں اوردسویں جماعت کے طلباء کیلئے اہم خبر آگئی

    امتحانی فیس : نویں اوردسویں جماعت کے طلباء کیلئے اہم خبر آگئی

    کراچی : اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ نجی اسکولز نے امتحانی فیس 4 ہزار تک بڑھا دی اور غریب طلبا سے زائد فیس طلب کر کے انہیں پریشان کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نویں اوردسویں جماعت کی امتحانی فیس ڈھائی ہزار کرنے پر اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ نجی اسکولز نے امتحانی فیس 4 ہزار تک بڑھا دی، مفت تعلیم دینے کے دعوے کرنے والے طلبا کو لوٹ رہے ہیں۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ بورڈز کو پیسے ادا نہیں کیے جاتے ہیں، سندھ حکومت نے بورڈز کے پیسے برسیوں پر لگا دیے، غریب طلبا سے زائد فیس طلب کر کے انہیں پریشان کیا جارہا ہے اور وزیر موصوف امتحانی فیسز میں بھی کک بیکس لےرہے ہیں۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کا شعبہ مکمل تباہ ہوچکا ہے، پی پی نہیں چاہتی کسی غریب کا بچہ پڑھ لکھ کر ان سےحق مانگے، اسکول اوطاقوں اور بھینسوں کے باڑوں میں تبدیل کرکے بند کردیے گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں نوجوان نسل کے خلاف جیالا گردی شروع کردی گئی ہے، سندھ حکومت تعلیم کا شعبہ نہیں چلاسکتی تو وفاق کے حوالے کردے، وفاق صوبے میں تعلیم کا نظام بہتر بنانے کے لیے تیار ہے۔

  • ثانوی تعلیمی بورڈ نے امتحانی فیسوں میں کمی کا اعلان کر دیا

    ثانوی تعلیمی بورڈ نے امتحانی فیسوں میں کمی کا اعلان کر دیا

    کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ نے امتحانی فیسوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ نے صوبے میں طلبہ، والدین اور اسکول مالکان کی جانب سے مطالبے کے بعد امتحانی فیسوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔

    صوبہ سندھ اور خصوصاً کراچی میں کووِڈ 19 کے باعث بحران کی وجہ سے والدین، طلبہ و طالبات، بورڈ سے الحاق شدہ اسکول مالکان اور اسکولز ایسوسی ایشنز کی طرف سے یہ مطالبہ سامنے آ رہا تھا کہ، ثانوی تعلیمی بورڈ سال 2022 کی امتحانی فیسوں میں کمی کا اعلان کریں، تاکہ طلبہ و طالبات اور والدین کو کچھ ریلیف مل سکے۔

    مطالبے کے بعد ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے ان مشکل حالات میں والدین، اسکول مالکان اور اسکولز ایسوسی ایشنز کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سال 2022 کی امتحانی فیسوں میں کمی کا اعلان کیا۔

    انھوں نے کہا کہ اس قدم کا مقصد یہ ہے کہ طلبہ اور والدین آسانی کے ساتھ امتحانی فیسیں ادا کر سکیں اور انھیں تعلیمی اخراجات پورا کرنے کے لیے کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

    انھوں نے کہا کہ ان حالات میں اسکول مالکان بھی طلبہ اور والدین کو آسانی فراہم کرنے کے لیے فیسوں میں کمی کرنے پر نظرثانی کریں یا طلبہ و طالبات کو کچھ حد تک ریلیف فراہم کریں تاکہ ان کا کسی بھی طرح کا تعلیمی نقصان نہ ہو۔