Tag: امتیاز شیخ

  • کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ سندھ حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے: امتیاز شیخ

    کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ سندھ حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے: امتیاز شیخ

    کراچی: صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ سندھ حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے، 50، 50 میگا واٹ کے 2 پلانٹس کی تکمیل سے کراچی کو ریلیف ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ سندھ حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے، 50، 50 میگا واٹ کے 2 پلانٹس کی تکمیل سے کراچی کو ریلیف ملے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی ہمارا مشن ہے، منصوبے کی تکمیل سے کراچی کے کچرے کو ٹھکانے لگانے میں مدد ملے گی۔

  • ‘آصف زرداری نے عمران خان کو دن میں تارے دکھا دیے’

    ‘آصف زرداری نے عمران خان کو دن میں تارے دکھا دیے’

    کراچی : وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے عمران خان کو دن میں تارے دکھا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری نے عمران خان کو دن میں تارے دکھا دیے ، پی ٹی آئی رہنما اپنی خفت اورسبکی مٹانے کی ناکام کوشش کررہےہیں۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ ایک زرداری سب سےیاری کا مطلب مفاہمت کی سیاست ہے، آئندہ انتخابات میں عوام گالم گلوچ کی سیاست کو مسترد کردیں گے۔

    یاد رہے وزیر جامعات سندھ اسماعیل راہو نے کہا تھا کہ آصف زرداری نے بڑا معرکہ فتح کیا ہے، جو کسی معجزے سے کم نہیں، خان کو اپنے ہی کھودے ہوے کھڈے میں منہ کے بل گرا کر اس کو سبق سکھایا ہے کہ ” بیٹا جو بَوگَے وہی کاٹَو گَے۔

    خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں زرداری کی چوہدری شجاعت سے ملاقاتوں سے صورتحال تبدیل ہوگئی تھی۔

    وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ہوئی ، ووٹنگ کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے چوہدری شجاعت کے خط کو جواز بنا کر مسلم لیگ ق کے 10 ووٹ مسترد کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

  • پاکستان میں پہلی بار ہائبرڈ توانائی منصوبے کی جانب اہم پیش رفت

    پاکستان میں پہلی بار ہائبرڈ توانائی منصوبے کی جانب اہم پیش رفت

    کراچی: پاکستان میں پہلی بار ہائبرڈ توانائی منصوبے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے، حکومت سندھ اور نجی شعبے کے مابین 400 میگا واٹ ہائبرڈ توانائی پر معاہدہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ اور نجی شعبے کے درمیان ہائبرڈ انرجی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    تقریب سے خطاب میں وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا کے الیکٹرک کی اجارہ داری اگلے سال ختم کرنے جا رہے ہیں، نیشنل اور صوبائی الیکٹرک پالیسی بن رہی ہے، جلد عوام کے سامنے لائیں گے، 2023 تک کے ای کا معاہدہ ہے اور اس کے بعد ہم اپنا ادارہ لا سکتے ہیں۔

    وزیر توانائی کا کہنا تھا ہم پرائیوٹ سیکٹر کو فروغ دے رہے ہیں، کارپوریٹ سیکٹر سندھ حکومت پر بھروسا کرتی ہے، ہائی برڈ اور کلین انرجی ہماری ترجیح ہے۔

    پاکستان گرین ہائیڈروجن بجلی بنانے والے ممالک کی فہرست میں شامل

    دستخط کی تقریب کے حوالے سے انھوں نے کہا آج تاریخی دن ہے، سندھ حکومت نے ہائبرڈ توانائی میں پہل کر کے تاریخ رقم کی ہے، نجی شعبے کے اشتراک سے سندھ حکومت پہلی بار ہائبرڈ توانائی منصوبے پر کام کر رہی ہے، یہی ہمارا مستقبل ہے اور سستی توانائی ملک کی ضرورت ہے۔

    امتیاز شیخ نے کہا پاکستان کے توانائی کے مسائل کا حل صرف سندھ کے پاس ہے، جھمپیر اور گھارو کراچی سے قریب ہیں، سڑکیں بھی بہتر ہیں، اس لیے صنعت کاروں کو اس سے سستی بجلی ملے گی، اور کے الیکٹرک کی من مانیاں ختم ہو جائیں گی۔

    انھوں نے مزید کہا سندھ کے پاس اپنی گیس موجود ہے، لیکن ہمارے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، اس کی تقسیم کا نظام ہمیں دیا جائے، کیوں کہ نظام میں خرابی نہیں بلکہ اسے چلانے والے لوگ نا اہل ہیں۔ امتیاز شیخ نے مطالبہ کیا کہ ایس ایس جی سی سندھ کے حوالے کی جائے، ہیسکو اور سیپکو سے لوگ متاثر ہو رہے ہیں، ان کا کنٹرول بھی دیا جائے۔

  • پاکستان گرین ہائیڈروجن بجلی بنانے والے ممالک کی فہرست میں شامل

    پاکستان گرین ہائیڈروجن بجلی بنانے والے ممالک کی فہرست میں شامل

    کراچی: سندھ حکومت کے ایک پروجیکٹ کے ساتھ پاکستان گرین ہائیڈروجن بجلی بنانے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی کمپنی پاور چائنا اور اوریکل پاور پبلک لمیٹڈ کے درمیان ایک ایم او یو پر دستخط ہو گئے ہیں، جس کے تحت صوبہ سندھ میں 400 میگا واٹ گرین ہائیڈروجن بجلی کا پلانٹ لگایا جائے گا۔

    ملک کے اس پہلے گرین پاور پروجیکٹ کے ساتھ پاکستان گرین ہائیڈروجن بجلی بنانے والے ملکوں کی فہرست میں شامل ہو جائے گا، ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ اور چینی قونصل جنرل لی بی جون بھی موجود تھے۔

    اس معاہدے کے مطابق ہوا اور سورج کی روشنی سے چلنے والے 400 میگا واٹ گنجائش کے پاور پلانٹ سے ایک لاکھ پچاس ہزار کلو گرام گرین ہائیڈروجن روزانہ پیدا ہو سکے گی۔

    امتیاز شیخ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت بجلی کا پلانٹ لگانے کے لیے تمام سہولت فراہم کرے گی، متبادل توانائی پالیسی کے تحت زمین کی فراہمی حکومت سندھ کی جانب سے ہوگی۔

    ایک ماہ میں تیسری بار بجلی کی قیمت میں اضافہ

    انھوں نے بتایا کہ یہ ملک کا پہلا گرین پاور پروجیکٹ ہے، پاکستان کے توانائی بحران کا حل صرف سندھ کے پاس ہے، سستی، آلودگی سے پاک بجلی فراہمی سندھ حکومت کا نصب العین ہے۔

    تقریب میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت دنیا بھر میں گرین ہائیڈروجن کے 350 سے زائد منصوبے تعمیر کے مراحل میں ہیں، جن کا مقصد ٹرانسپورٹ، صنعتوں اور ہوا بازی کے شعبوں کو ڈی کاربو نائز کرنا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس پالیسی پر سرمایہ کاری اور عمل درآمد جاری رہا تو 2050 تک ہائیڈروجن دنیا کی 24 فی صد سے زائد طلب کو پورا کر سکے گی۔ اس وقت صرف 4 فی صد ہائیڈروجن گرین ذرائع سے حاصل کی جا رہی ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں لگائے جانے والے گرین ہائیڈروجن کے اس پلانٹ سے حاصل شدہ گرین ہائیڈروجن ابتدا میں چین اور خطے کے دیگر ممالک میں بھی برآمد کی جا سکے گی۔

  • بجلی بحال کروانے کے لیے صوبائی وزیر کا کے الیکٹرک و دیگر کمپنیوں کو فون

    بجلی بحال کروانے کے لیے صوبائی وزیر کا کے الیکٹرک و دیگر کمپنیوں کو فون

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے سیکریٹری پاور ڈویژن اور بجلی کی تقسیم کار مقامی کمپنیوں سے رابطہ کر کے سندھ میں بجلی بحال کرنے کی ہدایت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ بجلی بند ہونے سے نکاسی آب میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے سیکریٹری پاور ڈویژن سے رابطہ کیا ہے، وزیر توانائی نے کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کے سی ای اوز سے بھی رابطے کیے ہیں۔

    وزیر توانائی نے سندھ میں موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے منقطع ہونے والی بجلی فوری بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ بجلی بند ہونے کی وجہ سے عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں جبکہ بجلی بند ہونے سے نکاسی آب میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے، دو روز سے جاری بارشوں کے شروع ہوتے ہی بجلی منقطع کردی گئی تھی جو سندھ کے کچھ علاقوں میں اب تک بحال نہ ہوسکی۔

    شہر کراچی میں اربن فلڈ سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سیلابی صورتحال ہے۔ شہروں کو ملانے والی شاہراہیں اور ہائی ویز کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب چکی ہیں۔

    سندھ کے متعدد گاؤں دیہات زیر آب آچکے ہیں جہاں پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

  • وزیر توانائی سندھ کا بارشوں میں کرنٹ سے اموات پر سخت نوٹس

    وزیر توانائی سندھ کا بارشوں میں کرنٹ سے اموات پر سخت نوٹس

    کراچی: وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے بارشوں میں کرنٹ سے اموات پر سخت نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے سیکرٹری پاور ڈویژن ، چیئرمین نیپرا اور ایم ڈی کے الیکٹرک سے رابطہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بارشوں میں کرنٹ سےاموات کے ذمہ داران کا تعین کر کے سخت ایکشن لیا جائے۔

    وزیر توانائی نے کہا کہ رین ایمرجنسی سیل قائم کر دیا گیا ہے،حادثات اور کرنٹ لگنے کی صورت میں سیل سے رابطہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ورثا سامنے آئیں سندھ حکومت قانونی مدد کرےگی۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ سےمتعلق نیپرا کو بھی خط لکھ دیا ہے،کے الیکٹرک سے متعلق نیپرا اور وفاقی حکومت کا کام ہے،وفاقی حکومت کے کے الیکٹرک میں26 فیصد شیئر ہیں۔

    کراچی: بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آج کرنٹ لگنے سے بچے سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں تین روز میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

  • نیپرا سے صوبوں کی نمائندگی ختم ہونے کے خلاف امتیاز شیخ سرگرم

    نیپرا سے صوبوں کی نمائندگی ختم ہونے کے خلاف امتیاز شیخ سرگرم

    کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے صوبوں کی نمائندگی ختم ہونے کے معاملے پر وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ سرگرم ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے نیپرا میں صوبوں کی نمائندگی کا اختیار ختم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اختیار صوبوں سے لینا اٹھارویں ترمیم پر حملے کے مترادف ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ شبلی فراز نے سینیٹ سے نیپرا ایکٹ میں ترامیم کا بل منظور کرایا، نیپرا میں نمائندے نامزد کرنا صوبوں کا اختیار ہے، نیپرا میں صوبائی حکومت کی مرضی سے نمائندے نامزد نہ ہوں تو اس پر احتجاج کریں گے۔

    دریں اثنا، نیپرا نمائندوں کی نامزدگی کا اختیار واپس لینے پر امتیاز شیخ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے رابطہ کر کے انھیں چھوٹے صوبوں کی تشویش سے آگاہ کیا، جس پر چیئرمین سینیٹ نے چھوٹے صوبوں کے مفاد کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیپرا ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دے دی

    امتیاز شیخ نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور سینیٹر شیری رحمان سے بھی رابطہ کر کے انھیں نیپرا ایکٹ میں ترامیم اور سندھ حکومت کی تشویش سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ایک خط لکھ کر انھوں نے کہا کہ نیپرا ایکٹ میں ترامیم کا مسودہ صوبائی حکومتوں کے اختیارات پر حملہ ہے، اس پر وفاق سے احتجاج کیا جائے۔

  • ٹائیگر فورس کی خدمات سے متعلق سندھ حکومت نے یو ٹرن لے لیا

    ٹائیگر فورس کی خدمات سے متعلق سندھ حکومت نے یو ٹرن لے لیا

    کراچی: سندھ حکومت نے یہ کہہ کر کہ ٹائیگر فورس سیاسی ہے، ریلیف مہم میں شامل نہیں کر سکتے، بڑا یو ٹرن لے لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راشن تقسیم کے سلسلے میں وفاق کی جانب سے بنائی گئی ٹائیگر فورس کو سندھ میں رضا کارانہ شامل کرنے سے متعلق سندھ حکومت نے بڑا یوٹرن لے لیا ہے۔

    چیف سیکریٹری سندھ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ کر ہدایت جاری کی تھی کہ بتایا جائے کہ ٹائیگر فورس کو راشن تقسیم کے لیے کیسے شامل کیا جائے، اب سندھ کے وزیر امتیاز شیخ نے اُس خط سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔

    سندھ حکومت نے چیف سیکریٹری سندھ کے خط سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم کی ٹائیگر فورس کو ریلیف مہم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، سندھ ریلیف آپریشن کے سلسلے میں امتیاز شیخ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن کو قطعی طور پر غیر سیاسی رکھا گیا ہے۔

    وفاق کا ٹائیگر فورس کی خدمات لینے پر سندھ حکومت کا خیر مقدم

    وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ مستحقین تک راشن کی ترسیل شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کا ورکر ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں، جب کہ ٹائیگر فورس سیاسی ورکرز پر مشتمل ہے۔

    ان کا کہنا تھا یو سی سطح پر کمیٹیاں، این جی اوز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز اس آپریشن کا حصہ ہیں، سندھ میں ریلیف کا کام رنگ و نسل، اور سیاسی وابستگی کے بغیر کیا جا رہا ہے، کسی سیاسی جماعت کی فورس یا ورکر کو ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا، ڈپٹی کمشنرز کو اس قسم کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی ہے۔

  • کراچی میں مستحقین کو اب تک 1لاکھ سے زائد راشن کے تھیلے پہنچائےگئے،امتیاز شیخ

    کراچی میں مستحقین کو اب تک 1لاکھ سے زائد راشن کے تھیلے پہنچائےگئے،امتیاز شیخ

    کراچی: وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا کہ کراچی میں مستحقین کو اب تک 1 لاکھ سے زائد راشن کے تھیلے پہنچائےگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں 1لاکھ اور اندرون سندھ میں 3 لاکھ 50 ہزار تھیلے مستحقین کی دہلیز پر پہنچائےگئے۔

    وزیر توانائی سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ غریب، نادار، مستحقین کو دہلیز پر راشن پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں،راشن تقسیم کسی بھی قسم کے سیاسی عمل دخل سے پاک ہے، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ضلعی کمیٹیوں کی مشاورت سے راشن تقسیم کر رہے ہیں۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز پر لگائےگئے الزامات سیاسی وتیرہ ہیں،ایسا ہوتا تو وفاق احساس پروگرام کی رقوم کی ترسیل ان ہی ڈپٹی کمشنرکو کیوں دیتا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جہاں کہیں بھی جائز شکایت ملی تو ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائےگی، سندھ حکومت مارکیٹیں کھولنے سے متعلق فیصلہ مشاورت سے کرےگی۔

    صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 93 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، مجموعی طور پر سندھ میں اب تک 592 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 8 اموات، ، تعداد143تک پہنچ گئی

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا سے مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے ، جس کے بعد اموات کی تعداد 143 تک جا پہنچی ہے جبکہ کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7ہزار481 ہوگئی۔

     

  • کے الیکٹرک فوری طور ایوریج بل درست کرے: وزیر توانائی  سندھ

    کے الیکٹرک فوری طور ایوریج بل درست کرے: وزیر توانائی سندھ

    کراچی: وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کے الیکٹرک سے کہا ہے کہ ادارے کی جانب سے شہریوں کو جاری ہونے والے ایوریج بلوں کو فوری طور پر درست کیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے کے الیکٹرک کی جانب سے ایوریج بل جاری ہونے کے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ فوری طور پر یہ بل درست کرے، ایوریج بل پر کراچی کے عوام میں اشتعال پایا جا رہا ہے۔

    وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ بل کی عدم ادائیگی پر کے الیکٹرک صارف کی بجلی نہیں کاٹے گی، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سختی سے عمل کرایا جائے گا، سندھ حکومت عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔

    انھوں نے کہا کہ کے الیکٹرک فوری طور ایوریج بل کو درست کرے اور میٹر ریڈنگ کی بنیاد پر بل جاری کیے جائیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے صارفین کو 4000 روپے تک بل میں چھوٹ دینے کی ہدایت کی ہے، مارچ اور اپریل کے بل بھی یکمشت وصول نہیں کیے جائیں گے۔

    2 دن بعد کے الیکٹرک کے خلاف لائحہ عمل کا اعلان کریں گے: حافظ نعیم

    خیال رہے کہ سندھ حکومت کی ہدایات کے برعکس کے الیکٹرک کی جانب سے نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ بعض دفاتر اور مارکیٹوں کو بھی ایوریج بلنگ کرتے ہوئے ڈبل بل بھیج دیے گئے ہیں، جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا، دوسری جانب آج صبح کے الیکٹرک کی خاتون ترجمان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عجیب منطق اختیار کیا کہ چوں کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کے الیکٹرک ملازمین میٹر ریڈنگ کے لیے نہیں جا سکتے اس لیے ایوریج بل بھیجے گئے ہیں۔

    ادھر جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم نے کے الیکٹرک کو 2 دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر معاملے کو حل نہیں کیا گیا تو پیش آمدہ حالات کی ذمہ داری کے الیکٹرک پر ہوگی۔