Tag: امت مسلمہ

  • غزہ کیلیے امت مسلمہ کو اپنے حکمرانوں کی پروا کیے بغیر کھڑا ہونا ہوگا، فضل الرحمان

    غزہ کیلیے امت مسلمہ کو اپنے حکمرانوں کی پروا کیے بغیر کھڑا ہونا ہوگا، فضل الرحمان

    جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہےکہ اسلامی دنیا کے حکمران امریکی کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہے ہیں امت مسلمہ کو غزہ کیلیے کھڑا ہونا ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام کراچی میں اسرائیل مردہ باد مارچ ہوا، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اسرائیل مردہ مارچ کےشرکا سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے مقدس سر زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے جب کہ اسلامی دنیا کے حکمران امریکی کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اب اسرائیلی مظالم کیخلاف متحد ہوکر سامنے آنے کا وقت آ گیا ہے۔ مسلم امہ اپنے حکمرانوں کی پروا کیے بغیر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے کھڑی ہو جائے۔

    فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل بنا تو بانی پاکستان قائداعظم نے اسے برطانیہ کا ناجائز بچہ کہا تھا۔ جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلیے فضا بنا رہے تھے، ہم نے ان کا نظریہ رد کر دیا۔ کوئی اسرائیل کو تسلیم کرنےکا سوچ رہا ہے تو ذہن سے نکال دے۔ کسی کے بھی کہنے پر اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پہلے اسرائیلی صدر نے کہا تھا کہ نوزائیدہ اسلامی ریاست (پاکستان) کاخاتمہ خارجہ پالیسی کا حصہ ہے اور آج بھی اسرائیلی وزیراعظم پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ کہتا ہے۔ پاکستانیوں کی تکبیر کے نعرے سے صہیونی قوتیں لرز رہی ہیں۔ ایوان تو بک جاتے ہیں، ہمارے ہاتھ میں ایوان نہیں بلکہ میدان ہے۔ اب اسرائیل، امریکا اور یورپ کی غلامی سےکام نہیں چلےگا۔ سب کو عوام کے جذبات کا احترام کرنا ہوگا۔

    فضل الرحمان نے کہا کہ فلسطین میں بچوں اور خواتین کی شہادت حکمرانوں کونہیں جگا سکی، لیکن جے یو آئی روز اول سے فلسطین کے مؤقف کی حمایت کرتی رہی ہے۔ خون کے آخری قطرے تک فلسطینی عوام کے ساتھ رہیں گے۔ آج کے اجتماع سے پیغام دیا کہ مظلوم فلسطینی تنہا نہیں۔ 27 مارچ کو لاہور میں فلسطین مارچ کریں گے۔

    جے یو آئی سربراہ نے مزید انسانی حقوق کے علمبرداروں کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ وہ افغانستان اور سعودی عرب میں سزائے موت پر تو احتجاج کرتے ہیں، لیکن مسئلہ فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش ہیں۔ فلسطین میں 60 ہزار افراد کو لقمہ اجل بنا کر بھی یورپ کی آگ ٹھنڈی نہیں ہوئی۔ یورپ اور امریکا کی نظر میں مسلمانوں کا خون سستا کیوں ہے؟

    https://urdu.arynews.tv/bangladesh-one-million-people-oath-boycott-of-israel-product/

  • امت کو درپیش مسائل کے حل کی خاطر عربوں کا تاریخی اتفاق رائے، عرب لیگ کا اعلامیہ جاری

    امت کو درپیش مسائل کے حل کی خاطر عربوں کا تاریخی اتفاق رائے، عرب لیگ کا اعلامیہ جاری

    جدہ: سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقدہ 32 واں عرب لیگ سربراہی اجلاس ختم ہو گیا ہے، اجلاس میں امت کو درپیش مسائل کے حل کی خاطر عربوں کا تاریخی اتفاق رائے دیکھنے میں آیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سربراہی اجلاس کے اختتام پر متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں شرکا نے فلسطین پر اسرائیلی قبضے کو عرب دنیا کا بنیادی مسئلہ قرار دیا، اور شامی بحران کے حل، سوڈان سے یک جہتی، یمن میں سعودی انیشیٹو کی حمایت پر زور دیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے اتحاد کی ضرورت کا اعادہ کیا گیا، مسئلہ فلسطین، سوڈان، یمن، لیبیا، لبنان و دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس اجلاس میں شام نے ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد پہلی بار شرکت کی۔

    اجلاس میں تمام عرب ممالک نے مسئلہ فلسطین کی مرکزیت کا اعادہ کیا، اور کہا کہ بیت المقدس سمیت 1967 میں اسرائیلی قبضے میں لیے گئے عرب علاقوں پر فلسطین کو مکمل اختیار دیا جائے، ’’عرب امن اقدام‘‘ کو فعال کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

    اجلاس میں نوٹ کیا گیا کہ ’’اسرائیل فلسطینی تنازع کئی مہینوں سے شدت اختیار کر رہا ہے، مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی چھاپوں، آبادکاروں کے تشدد، اور فلسطینی حملوں میں اضافہ ہوا، جنوری سے اب تک مغربی کنارے، اسرائیل میں 140 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے۔‘‘

    سوڈان میں 15 اپریل سے فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسزمیں لڑائی جاری ہے، اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سوڈان میں تنازعات کو ہوا دینے والی غیر ملکی مداخلتوں کو مسترد کیا گیا، اور متحارب فریقوں کے درمیان بات چیت اور اتحاد پر زور دیا گیا۔

    فورم میں شام کی واپسی کا خیر مقدم کیا گیا، اور کہا گیا کہ اس اقدام سے شام کے استحکام اور اتحاد میں مدد ملے گی، نیز شام کے بحران کے حل میں مدد کے لیے عرب کوششوں کو تیز کرنا چاہیے، اجلاس میں یمن سے متعلق تمام بین الاقوامی اور علاقائی کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا، اور کہا گیا کہ ان کوششوں کا مقصد یمن میں بحران کے سیاسی حل تک پہنچنا ہے۔

    اجلاس میں زور دیا گیا کہ لبنان میں حکام صدر کے انتخاب کے لیے کوششیں دوبارہ شروع کریں، جلد لبنان کی کابینہ تشکیل دے کر بحران پر قابو پانے کے لیے اقتصادی اصلاحات کی جائیں۔

    اعلامیے کے مطابق اجلاس میں عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں ’غیر ملکی مداخلت‘ مسترد کرنے کا بھی اظہار کیا گیا، اور کہا گیا کہ تمام عرب ممالک مسلح ملیشیاؤں کی تشکیل کی حمایت کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

  • پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے3 اہم بھائی ہیں، فردوس عاشق اعوان

    پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے3 اہم بھائی ہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے 3 اہم بھائی ہیں، پاکستان کے دونوں بھائیوں سے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان برادر ممالک میں اخوت ومصالحت کے جذبوں کے فروغ کا خواہاں ہے، امت مسلمہ باہمی کشیدگی کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے 3 اہم بھائی ہیں، پاکستان کے دونوں بھائیوں سے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے دورے خطے میں امن واتحاد کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہ ایرانی صدر کا پاکستان کی کاوشوں کا خیرمقدم اعتماد اور قربت کا مظہر ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ قیادت کی سطح پر احساس اسلامی دنیا کے لیے نیک فال اورعوامی جذبوں کا عکاس ہے۔

    خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں: عمران خان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں مضبوطی پاکستان کی ترجیح ہے، خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں۔

  • اگر پاکستان  امت مسلمہ کو اکٹھا کرنے میں کردار ادا کرسکے، تو خوشی ہوگی: شاہ محمود قریشی

    اگر پاکستان امت مسلمہ کو اکٹھا کرنے میں کردار ادا کرسکے، تو خوشی ہوگی: شاہ محمود قریشی

    اسلام: وزیر داخلہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان امت مسلمہ کو اکٹھا کرنے میں کردار ادا کر سکے، تو ہمیں بہت خوشی ہوگی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں‌ گفتگو کرتے ہوئے کیا. شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر مسلم ممالک میں غلط فہمیاں ہیں، تو وہ دور کی جاسکتی ہیں.

    [bs-quote quote=”سعودی عرب نے اپنی ریسرچ کے بعد پاکستان میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا” style=”style-8″ align=”left” author_name=”شاہ محمود قریشی”][/bs-quote]

    انھوں‌ نے کہا کہ پاکستان تب ہی دو مسلم ممالک کے اختلافات میں‌ کردار ادا کرسکتا ہے، جب دونوں فریق اجازت دیں. پاکستان کے قطر،یو اےای ، اور سعودی عرب سے اچھے تعلقات ہیں.

    انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ایم اویوز ہونے سے پہلے ٹیم بھیجی تھی، سعودی ٹیم نے دیکھا کہ سرمایہ کاری کریں گے، تو منافع کس طرح ہوگا، سعودی عرب نے اپنی ریسرچ کے بعد پاکستان میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا.

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ایسا میکنزم بنایا ہے، جو پہلے نہیں تھا، دونوں ممالک میں مکینزم کا سیکریٹریٹ دفترخارجہ میں ہوگا.

    مزید پڑھیں: سعودی عرب نے پاکستان میں 20 ارب ڈالرسرمایہ کاری کا اعلان کیا: اعلامیہ

    انھوں‌ نے کہا کہ پلوامہ حملے سے کئی ہفتے پہلے دفترخارجہ نے پی فائیو انوائے کو بلایا ہے، خدشہ ظاہر کیا کہ بھارت الیکشن سے پہلے پاکستان کے خلاف ماحول بنانے کی کوشش کرے گا، بھارت کی بوکھلاہٹ پر ہم پہلے سے نظر رکھے ہوئے ہیں، بھارت الیکشن کی وجہ سے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کررہا ہے.

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی رویے پرسیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو خط لکھا ہے، بھارتی رویے کے منفی اثرات سے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا ہے، یواین سیکریٹری جنرل کو بھارتی رویے پر اپنا کردار ادا کرنے کوکہا ہے.

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی عید میلادالنبی ﷺ پرامت مسلمہ کو مبارکباد

    وزیراعلیٰ پنجاب کی عید میلادالنبی ﷺ پرامت مسلمہ کو مبارکباد

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ حضوراکرمﷺکی تعلیمات پرعمل سے بدامنی کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضوراکرمﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل سے پاکستان کوامن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حضوراکرمﷺکی تعلیمات پرعمل سے بدامنی کا خاتمہ ہوسکتا ہے، دہشت گردی کی آگ میں جلتی انسانیت کوآپؐ کی تعلیمات پرعمل سے امن مل سکتا ہے۔

    ملک بھرمیں جشن میلاد النبیﷺ مذہبی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے


    واضح رہے کہ محسن انسانیت محبوب خدا آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰﷺکی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن میلاد النبیﷺآج عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

    جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر تمام سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پرچراغاں کیا گیا ہے جبکہ گھروں، مساجد، دفاتر، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

    عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر جلوسوں اور محفلوں کی حفاظت کے لیے وفاقی اورصوبائی حکومتوں کی جانب سے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔