Tag: امجد حسین قتل

  • امجد حسین کا قتل سیاسی نہیں زمینی تنازع پر ہوا، تحقیقاتی کمیٹی کا انکشاف

    امجد حسین کا قتل سیاسی نہیں زمینی تنازع پر ہوا، تحقیقاتی کمیٹی کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں اقبال مارکیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدے دار امجد حسین کی ٹارگٹ کلنگ کے سلسلے میں تحقیقاتی کمیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ امجد کا قتل سیاسی نہیں بلکہ زمین تنازع پر ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ کی تشکیل کردہ تحقیقاتی کمیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ امجد حسین کا قتل سیاسی نہیں زمینی تنازع پر ہوا، گرفتار ملزم انور سعید عرف منا لینڈ گریبر ہے، اور قتل میں انور سعید سمیت 4 ملزمان شامل ہیں۔

    تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم انور سعید نے قتل میں منصوبہ بندی کے ساتھ مکمل سہولت کاری کی،اس نے ٹارگٹ کلرز کو بتایا کہ امجد حسین دفتر میں ہے، ملزمان آئے اور مقتول امجد کو 10 گولیاں مار دیں، اس کے بعد ملزمان نے واقعے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش بھی کی۔

    تحقیقاتی ذرائع کے مطابق ملزم انور سعید مقتول امجد حسین کا قریبی ساتھی تھا، قتل کے بعد سب سے زیادہ احتجاج بھی انور سعید نے کیا، واردات کے بعد انور نے مدعی بننے کی کوشش بھی کی۔

    قتل کی واردات کے وقت دفتر میں 5 سے 6 افراد موجود تھے، گولیوں کی آواز سن کر وہ باہر جانے لگے تو انور آ گیا اور اندر سے کنڈی لگائی اور کہا باہر مت جانا، ڈاکو ہیں گولیاں چلا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ مقتول امجد اور ملزم انور نے حال ہی میں پیپلز پارٹی جوائن کی تھی، قاتل اور مقتول اس سے قبل ایم کیو ایم سے وابستہ تھے۔

    کراچی میں فائرنگ سے پیپلزپارٹی کا عہدیدار جاں بحق، مقتول کو 10 گولیاں ماری گئیں

    اس کیس کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ویسٹ نے کمیٹی تشکیل دی تھی، جس کے سربراہ ایس ایس پی ویسٹ فیصل بشیر میمن تھے اور اے ایس پی لیاقت آباد ایاز حسین کمیٹی کے ممبر تھے، کمیٹی کا کہنا ہے کہ مختلف شواہد اور ثبوتوں کی بنا پر گرفتاری عمل میں آئی ہے جب کہ مرکزی قاتل کا نام جلد سامنے آ جائے گا۔