Tag: امجد صابری قتل کیس

  • سندھ پولیس میں 22 ہزار بھرتیاں فوج کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ

    سندھ پولیس میں 22 ہزار بھرتیاں فوج کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ

    کراچی: وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف سندھ پولیس میں 22 ہزار بھرتیاں کی جائیں گی،بھرتی کا عمل فوج کی زیر نگرانی میں ہوگا،بھتے کے لیے دو اسلامی ممالک سے بھی کالز آرہی ہیں، آزادکشمیر کے الیکشن والے دن فوج تعینات کی جائے گی۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہے ہیں، لیکن ہمیں نفسیاتی جنگ بھی جیتنی ہے،امن و امان کی مجموعی صورتحال میں بہتر ی آئی ہے ،ایک دو واقعات سے قوم کو مایوس نہیں ہونا چاہیے۔

    چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ امجد صابری کا قتل اور اویس شاہ اغوا کیس سیکیورٹی اداروں کے لیے چیلنج ہیں جسے سیکیورٹی اداروں نے قبول کیا، جلد ذمہ داروں کے گرد شکنجہ کس دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ساتھ نفسیاتی جنگ بھی جیتنی ہوگی۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا سندھ پولیس میں بیس ہزار اہلکار اور دو ہزار سابق فوجی بھرتی کیے جائیں گے جن کی بھرتی اور تربیت آرمی کے زیر نگرانی ہوگی جبکہ اسلام آباد کے سیف سٹی ماڈل کو کراچی میں بھی استعمال کیا جائے گا۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، سوشل میڈیا کا مثبت استعمال اور منفی پروپگینڈے سے گریز کیا جائے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ امجد صابری قتل کیس میں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، تفتیش کسی سیاسی جماعت کی طرف جانےکی خبروں میں کوئی صداقت نہیں سوشل میڈیا پرجھوٹی خبریں پھیلانے والےبہت نقصان پہنچا رہے ہیں امجدصابری کے قاتلوں تک پہنچیں گے۔

    چوہدری نثار کا کہنا ہے اقتصادی راہداری جتنی پاکستان کے لیے اہم ہے اتنی ہی یہ پاکستان دشمنوں کے لیے اہم نشانہ ہے، شواہد ملے ہیں کہ ہمارے اپنے بھی کچھ لوگ آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔

    چوہدری نثار نے بتایا کچھ ’اپنے لوگ‘بھی دشمنوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، ان کے سد باب کے لیے بھی کچھ کرنا ہوگا،غیر ملکی جاسوسوں کا پکڑے جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری ایجنسیاں ہر دم تیار ہیں، جرائم کے خلاف فیڈرل کرائم ڈیٹا بیس بنانے کا فیصلہ کرلیا اس معاملے کو قانونی شکل دی جارہی ہے۔

    بھتہ خوری کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ بھتے کے لیے دو اسلامی ممالک سے بھی کالز آرہی ہیں، بھتہ خوری کی زیادہ تر کالز بیشتر کالم بیرون ممالک سے آتی ہیں، جرائم کے معاملے میں کراچی میں 132 ویں نمبر پر آگیا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو سیکیورٹی دینا حکومت کی ذمہ داری ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں علما بھی متحرک ہو کر اپنا کردار ادا کریں۔

    چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن والے سیکیورٹی کے لیے پولنگ بوتھ پر فوج تعینات کی جائے گی۔

  • دہشت گردوں کے خاتمے تک کراچی آپریشن جاری رہے گا، جنرل راحیل شریف

    دہشت گردوں کے خاتمے تک کراچی آپریشن جاری رہے گا، جنرل راحیل شریف

    کراچی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ آپریشن سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی، کراچی سے دہشت گردی کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہےگا۔

    کور ہیڈ کوارٹرز میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف،وزیر داخلہ چوہدری نثار ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، صوبائی مشیر داخلہ سہیل انور سیال، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر،کور کمانڈر کراچی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہم افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں آرمی چیف کو ٹارگٹڈ آپریشن پر بریفنگ دی گئی اور اویس شاہ کے اغوا سمیت امجد صابری کے قتل کے معاملے میں اب تک کی گئی تحقیقات سے آگاہ کیا گیا۔

    جنرل راحیل شریف نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی صلاحیت بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات دیں کہ تمام سیکیورٹی ادارے مل کر کام کریں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پیشگی کارروائیاں کی جائیں، قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحدہ ہے۔

    قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے رینجرز ہیڈ کوارٹرز کراچی میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ لی اور کہا کہ کراچی کو دہشت گردوں اور مجرموں سے پاک کر کے دم لیں گے،رینجرز کو کراچی کے عوام کا اعتماد حاصل ہے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی پہنچتے ہی رینجرز ہیڈ کوارٹر میں بریفنگ لی۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے آرمی چیف کو اویس شاہ کے اغوا اور امجد صابری کے شہادت سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی، امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا، بریفنگ میں کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو پناہ نہیں ملے گی کراچی کے چپےچپےمیں امن یقینی بنایاجائےگا، کراچی کو دہشت گردوں اور مجرموں سے پاک کرکے دم لیں گے،دہشت گردوں کےخلاف بلا امتیاز آپریشن یقینی بنایا جائے گا، سندھ رینجرز کو کراچی کے عوام کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔

    آرمی چیف نے رینجرزکے کردار اور خدمات کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ رینجرز کو اپنے مشن کی تکمیل کے لیے  سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

  • امن و امان سے متعلق اہم اجلاس، آرمی چیف اور چوہدری نثار کی کراچی آمد

    امن و امان سے متعلق اہم اجلاس، آرمی چیف اور چوہدری نثار کی کراچی آمد

    کراچی : وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے کراچی پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس میں امجد صابری قتل کیس اور اویس شاہ اغوا کے بعد کی صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی اور گرفتار کیے گئے ملزمان کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔

    آرمی چیف آف اسٹاف کور ہیڈ کوارٹر کراچی اور سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کور ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے اجلاس میں کراچی آپریشن کو تیز کرنے اور اس میں بہتری لانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے جبکہ رینجرز ہیڈ کوارٹر میں گرفتار ملزمان اور امجد صابری قتل کیس میں پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

    جنرل راحیل شریف ائیر پورٹ سے سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے بعد ازاں کور ہیڈ کوارٹر کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بلاتفریق کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی دی جائے گی۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’ آرمی چیف کے سندھ رینجرز ہیڈکوارٹر دورے کے موقع پر ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کراچی آپریشن پر بریفنگ دی اور اویس شاہ اغوا اور امجد صابری قتل کیس میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا‘‘۔

    اس موقع پر آرمی چیف نے رینجرز افسران سے خطاب کرتے ہوئے کراچی آپریشن میں رینجرز کے کردار کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ’’ شہر سے جلد دہشت گردوں کا صفایا کر کے دم لیں گے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک ضرور پہنچایا جائے گا‘‘۔

    آرمی چیف کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور کور کمانڈر کراچی بھی موجود تھے۔

  • چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی کراچی آمد،ایدھی صاحب کی عیادت اور امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت

    چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی کراچی آمد،ایدھی صاحب کی عیادت اور امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت

    اسلام آباد: چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کراچی سے تعلق رکھنے والے تین سینیٹرز کے ہمراہ ممتاز سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی بعد ازان وہ امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے اُن کے گھر بھی گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ میان رضا ربانی نے عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر شاہی سید، پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سعید غنی اور متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر طاہر مشہدی کے ہمراہ ممتاز سماجی کارکن عبدلاستار ایدھی کی عیادت کی اور اُن کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ،چہیرمین سینیٹ نے انسانیت کے لئے انہوں نے عبدالستار ایدھی کی انسانیت کے لئے بے مثال خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

    وہ بعد ازاں تینوں سینیٹرز کے ہمراہ لیاقت آباد میں واقع امجد صابری کے گھر تعزیت کے لیے گئے،اُنہوں نے شہید امجد صابری کی قتل کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امجد کسی ایک شہر کا گلوکار نہ تھا وہ پورے پاکستان میں یکساں مقبول اور دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت تھا۔

    امجد صابری کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ امجد صابری کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائیں گے،انہوں نے کہا کہ امجد صابری سے میرے دیرنہ تعلقات تھے اور اکثر ملاقاتیں بھی رہتیں تھیں چند روز قبل ہی میری امجف صابری سے فون پر بات ہوئی تھی،اندازہ نہ تھا کہ ٹیلی فون پر ہونے والی بات آخری ثابت ہو گی اور آئندہ کبھی میں اپنے بھائی سے بات نہیں کر سکوں گا۔

  • شہیدامجد صابری کی آوازکوک اسٹوڈیوسیزن 9 کاحصہ ہوگی

    شہیدامجد صابری کی آوازکوک اسٹوڈیوسیزن 9 کاحصہ ہوگی

    کراچی: شہید قوال امجد صابری کی آواز سلسلہ وار موسیقی کا پروگرام کوک اسٹوڈیو سیزن نائن کاحصہ ہوگی۔

    امجد صابری اس دنیا میں نہیں رہے مگر کوک اسٹوڈیو کے نئے سیزن میں ان کی آواز جادو جگائے گی، امجد صابری اور راحت فتح علی خان”آج رنگ ہےاے ماں“ قوالی کی ریکارڈنگ مئی میں مکمل کروا چکے تھے۔

    یہی کلام چالیس سال قبل امجد صابری کے والد اور نصرت فتح علی خان نےاکٹھے کراچی کی درگاہ میں پڑھاتھا، کوک اسٹوڈیو میں ان کایہ کلام ان کوخراج تحسین ہوگا۔

    amjad-sabri-01

    اگرچہ امجد صابری کوک اسٹوڈیو کے پچھلے سیزنز کا حصہ نہیں رہے مگر گزشتہ سال کوک اسٹوڈیو کے سیزن 8 میں عاطف اسلم نے غلام فرید صابری اور مقبول احمد صابری کی پڑھی جانے والی تاجدار حرم کا کلام بطور عقیدت پیش کیا، اس کلام کی پیشکش میں امجد صابری نے بھی کوک اسٹوڈیو کی مدد کی تھی ۔

    amjad-sabri-02

    کوک اسٹوڈیو میں قومی شہرت کی حامل گلوکار عابدہ پروین ، راحت فتح علی خان ، صنم ماروی ، سائیں ظہور ، علی عظمت ، نوری ، زیب بنگش اور میشا شفیع ہیں جنہوں نے ماضی میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ اس سیزن میں بھی پرفارم کریں گے ۔

    کوک اسٹوڈیو میں ان کا یہ کلام ان کو خراج تحسین ہوگا، کوک اسٹوڈیو سیزن 9 کی ریکارڈنگ مئی میں مکمل کرلی گئی تھیں جب کہ یوم آزادی 14 اگست کو ٹی وی پر نشر کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ امجد صابری کو 22 جون 2016 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں دو موٹر سائیکل سوار افراد نے اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا تھا جس سےوہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے۔

  • امجد صابری قتل کیس: سلیم چندا نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا

    امجد صابری قتل کیس: سلیم چندا نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا

    کراچی : مقتول امجد صابری کی رہائش گاہ سے حراست میں لیے گئے سلیم چندا نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرادیا، پولیس حکام کے مطابق سلیم چندا امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کے وقت گاڑی میں موجود تھے جبکہ امجد صابری کے بھائی ثروت صابری نے کہا ہے کہ سلیم چندا کو بیس برس سے جانتے ہیں وہ ہمارے گھر کے فرد کی طرح ہے۔

    پولیس کے مطابق سلیم چندا نے بیان ریکارڈ کرایا ہے کہ جائے وقوع پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی کو روکا، پیچھے بیٹھے ملزم نے چار گولیاں چلائیں اور پھر مزید دو گولیاں چلائیں۔ایک گولی لگنے سے کار کا شیشہ میری آنکھ میں لگا جس کے بعد میری آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا اور میں جان بچانے کے لیے  جھک گیا۔

    سلیم چندا نے بتایا کہ میں امجد صابری کے ساتھ ٹی وی پروگرام میں جانے کے لیے نکلا تھا،ہم لیاقت آباد سے حسن اسکوائر جارہے تھے، واقعہ کے بعد سے انتہائی خوفزدہ ہوں۔

    امجد صابری پر فائرنگ ہوئی تو جان بچانے کے لیے نیچے کی جانب جھک گیا تھا، فائرنگ کی آواز تھمنے کے بعد گاڑی سے باہر آئے اور لوگوں کی مدد سے اسپتال منتقل ہوئے۔

    پولیس کے مطابق سلیم چندا وقوع کا عینی شاہد ہے اور اس سے مزید معلومات اکٹھی کرنے کے بعد سلیم چندا کو واپس گھر جانے کی اجازت دی جائے گی، پولیس نے سلیم چندا کو مقتول امجد صابری کے گھر سے حراست میں لیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول امجد صابری کے بھائی ثروت صابری نے کہا ہے کہ سلیم چندا کو پولیس نے واقعے کی تفتیش کے سلسلے میں حراست میں لیا ہے، جسے جلد چھوڑ دے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سلیم چندا کو بیس برس سے جانتے ہیں وہ ہمارے گھر کا فرد ہے، وہ کسی غلط کام میں ملوث نہیں،قانون سب کے لیے ایک ہونا چاہئیے اور انصاف ملنا چاہئیے ،قاتل اگر گرفتار بھی ہوگئے اور پھانسی بھی ہوگئی تو بھی ہم مطمئن نہیں ہوں گے کیوں کہ ہمارا دکھ بہت بڑا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دراصل مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ہر کوئی اپنی ذمہ داری قبول کرے۔

    ثروت صابری نے کہا کہ قوالی میں روحانیت ہے ، پاکیزگی اور طہارت کے ساتھ پڑھی جاتی ہے جس میں جدت آتی جارہی ہے، امجد صابری کا بیٹا اور بھائی اس مشن کو جاری رکھیں گے۔