Tag: امجد صابری کیس

  • امجد صابری کا قتل: پانچ ملزمان تین موٹرسائیکلوں پرسوارتھے

    امجد صابری کا قتل: پانچ ملزمان تین موٹرسائیکلوں پرسوارتھے

    کراچی : معروف قوال امجد صابری کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اہم گرفتاریوں کا دعویٰ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امجد صابری کیس میں اہم گرفتاریوں کا دعویٰ کیا ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں پانچ ملزمان تین موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ ایک ٹیم نے مقتول کو نشانہ بنایا۔ دوسری ٹیم ان کی بیک اپ پر تھی۔


    Major developments in Amjad Sabri murder case by arynews

    ملزمان نے امجد صابری پرگولی بائیں جانب سے چلائی۔ پہلی گولی چلنے کے بعد ان کی گاڑی رکی اور پھر کار کا دروازہ کھلتے ہی ملزمان نے امجد صابری پر گولیاں برسادیں، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    واردات کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    مزید پڑھیں: کراچی:امجد صابری کے قتل میں استعمال ہونیوالی موٹر سائیکل کا مالک گرفتار

    اس سے قبل بھی پولیس نے ایک اہم پیشرفت کرتے ہوئے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کے مالک کو گرفتار کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل کے مالک کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے گلشن اقبال سے حراست میں لیا تھا مذکورہ شخص کنسٹرکشن کے شعبے سے وابستہ ہے، پولیس کے مطابق قتل کی تحقیقات ہر زاویے سے کی جارہی ہے۔

     

  • امجد صابری کیس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔ ثروت صابری

    امجد صابری کیس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔ ثروت صابری

    کراچی : مقتول امجد صابری کے بھائی ثروت فرید صابری نے کہا ہے کہ انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مکمل اعتماد ہے اورامید رکھتے ہیں کہ بھائی کے قتل کا کوئی نہ کوئی پہلو ضرور نکلے گا اور قاتل گرفتار ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ثروت صابری کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امجد صابری کے قتل کیس پر مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہے ہیں اورانہیں جلد انصاف ملنے کی امید ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ امجد صابری کا چہلم 28 جولائی جمعرات کو ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا ، جس میں ایک لاکھ لوگوں کی شرکت کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ نماز ظہر تا عصر قرآن خوانی اور عصر تا مغرب فاتحہ خوانی اور چادر چڑھائی جائے گی اورمغرب تا عشاء محفل نعت خوانی اور بعد ازعشاء محفل سماع منعقد کی جائے گی۔

    ثروت صابری کے مطابق محفل سماع میں امجد صابری کے بھائی عظمت صابری اور طلحہ صابری اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

     

  • اویس شاہ اورامجد صابری کیس حکومت کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے، قائم علی شاہ

    اویس شاہ اورامجد صابری کیس حکومت کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے، قائم علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بیرسٹر اویس شاہ کی با حفاظت بازیابی اور امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے اس وجہ سے پولیس اور رینجرز دوسری ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ کر کے ان دونوں کیسز پر کام کریں۔

    یہ بات انہوں نے آ ج وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء سید مراد علی شاہ ،سہیل انور سیال ،سید ناصر شاہ اور ڈاکٹر قیوم سومرو و دیگر موجود تھے۔

    ڈی جی رینجرز بلال اکبر نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ ٹارگیٹڈ آ پریشن اور اویس شاہ اور امجد صابری کیسز پر پیش رفت ہو رہی ہے۔

    آ ئی جی پولیس سندھ نے امجد صابری کیس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ امجد صابری قتل کیس میں کچھ اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں اور کچھ اہم ثبوت کے ذریعے قاتلوں تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اویس شاہ کی محفوط بازیابی کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے معاون خصوصی مذہبی اومور واوقاف ڈاکٹر قیوم سومرو کو ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں امن کمیٹیز کا قیام عمل میں لائیں جو پہلے سے ہی تشکیل دی گئی ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی رینجرز اور آ ئی جی پولیس سندھ کو ہدا یت دیتے ہوئے کہا کہ اویس شاہ اور امجد صابری کیسز کے حوالے سے ضروری اقدامات کریں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے۔

     

  • امجد صابری کیس: سلیم چندا کا بیان جھوٹ پکڑنے والی مشین سے ریکارڈ

    امجد صابری کیس: سلیم چندا کا بیان جھوٹ پکڑنے والی مشین سے ریکارڈ

    کراچی : پولیس نے معروف قوال امجد صابری قتل کی تحقیقات میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا۔ عینی شاہد سلیم چندا کا بیان جھوٹ پکڑنے والی مشین میں ریکارڈ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق مقتول امجد صابری کے قاتلوں کو کٹہرے میں لانے کیلیے کراچی پولیس نے جدید ٹیکنا لوجی وائس اسٹریس اینالائزرکی مدد لے لی۔

    اس تکنیک کے استعمال سے پولیس کیلئے یہ سمجھنا آسان ہو جائے گا کہ عینی شاہد نے کتنا سچ کہا اور کتنا جھوٹ کہا۔ سندھ پولیس کو وائس اسٹریس اینالائیزر گزشتہ سال دیا گیا تھا۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کے عینی شاہد سلیم چندا کا بیان سچ اور جھوٹ پکڑنے والی مشین میں ریکارڈ کیا۔

    وائس اسٹریس اینالائزر سافٹ وئیر کے ذریعے سلیم چندا کے دل کی دھڑکن اور آواز کی لرزش کا جائزہ لیا گیا، تحقیقاتی ذرائع کے مطابق سلیم عرف چندا اپنے دیے گئے بیان پرتاحال قائم ہے۔

    تفیتش کے دوران دھڑکن اور آواز میں معمولی فرق محسوس کیا گیا، سلیم چندا کا بیان ایک بار پھر وائس اسٹریس اینالائزر سافٹ وئیر مشین کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل اس سافٹ ویئر کا استعمال اینٹی کار لفٹنگ سیل میں ملزمان سے تفتیش میں کیا جاتا تھا۔