Tag: امجد صابری

  • چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی کراچی آمد،ایدھی صاحب کی عیادت اور امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت

    چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی کراچی آمد،ایدھی صاحب کی عیادت اور امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت

    اسلام آباد: چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کراچی سے تعلق رکھنے والے تین سینیٹرز کے ہمراہ ممتاز سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی بعد ازان وہ امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے اُن کے گھر بھی گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ میان رضا ربانی نے عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر شاہی سید، پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سعید غنی اور متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر طاہر مشہدی کے ہمراہ ممتاز سماجی کارکن عبدلاستار ایدھی کی عیادت کی اور اُن کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ،چہیرمین سینیٹ نے انسانیت کے لئے انہوں نے عبدالستار ایدھی کی انسانیت کے لئے بے مثال خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

    وہ بعد ازاں تینوں سینیٹرز کے ہمراہ لیاقت آباد میں واقع امجد صابری کے گھر تعزیت کے لیے گئے،اُنہوں نے شہید امجد صابری کی قتل کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امجد کسی ایک شہر کا گلوکار نہ تھا وہ پورے پاکستان میں یکساں مقبول اور دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت تھا۔

    امجد صابری کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ امجد صابری کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائیں گے،انہوں نے کہا کہ امجد صابری سے میرے دیرنہ تعلقات تھے اور اکثر ملاقاتیں بھی رہتیں تھیں چند روز قبل ہی میری امجف صابری سے فون پر بات ہوئی تھی،اندازہ نہ تھا کہ ٹیلی فون پر ہونے والی بات آخری ثابت ہو گی اور آئندہ کبھی میں اپنے بھائی سے بات نہیں کر سکوں گا۔

  • کوئٹہ : امجد صابری کی یاد میں دوسرے روز بھی شمعیں روشن

    کوئٹہ : امجد صابری کی یاد میں دوسرے روز بھی شمعیں روشن

    کوئٹہ : معروف قوال امجد صابری کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اسمبلی چوک پر دوسرے روز بھی شمعیں روشن کی گئیں.

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سےتعلق رکھنے والے ٹی وی فنکاروں نے اسمبلی چوک پر جمع ہوکر امجد صابری کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا.

    فنکاروں نے امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری اور دیگر مطالبات پر مبنی پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جبکہ فنکاروں کے بچوں نے بھی شمعیں روشن کرنے میں حصہ لیا.

    اس موقع پر امجد صا بری کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی،شمعیں روش کرنے والے فنکاروں کا کہنا تھا کہ امجد صابری کا قتل کاری ضرب ہے معروف قوال کی شہادت سے جو خلاء پید ا ہوا ہے وہ کبھی پر نہیں ہوسکے گا،انہوں نے کہا کہ امجد صابری کے قتل نے فنکاروں کو تنہا کردیا ہے.

  • شہیدامجد صابری کی آوازکوک اسٹوڈیوسیزن 9 کاحصہ ہوگی

    شہیدامجد صابری کی آوازکوک اسٹوڈیوسیزن 9 کاحصہ ہوگی

    کراچی: شہید قوال امجد صابری کی آواز سلسلہ وار موسیقی کا پروگرام کوک اسٹوڈیو سیزن نائن کاحصہ ہوگی۔

    امجد صابری اس دنیا میں نہیں رہے مگر کوک اسٹوڈیو کے نئے سیزن میں ان کی آواز جادو جگائے گی، امجد صابری اور راحت فتح علی خان”آج رنگ ہےاے ماں“ قوالی کی ریکارڈنگ مئی میں مکمل کروا چکے تھے۔

    یہی کلام چالیس سال قبل امجد صابری کے والد اور نصرت فتح علی خان نےاکٹھے کراچی کی درگاہ میں پڑھاتھا، کوک اسٹوڈیو میں ان کایہ کلام ان کوخراج تحسین ہوگا۔

    amjad-sabri-01

    اگرچہ امجد صابری کوک اسٹوڈیو کے پچھلے سیزنز کا حصہ نہیں رہے مگر گزشتہ سال کوک اسٹوڈیو کے سیزن 8 میں عاطف اسلم نے غلام فرید صابری اور مقبول احمد صابری کی پڑھی جانے والی تاجدار حرم کا کلام بطور عقیدت پیش کیا، اس کلام کی پیشکش میں امجد صابری نے بھی کوک اسٹوڈیو کی مدد کی تھی ۔

    amjad-sabri-02

    کوک اسٹوڈیو میں قومی شہرت کی حامل گلوکار عابدہ پروین ، راحت فتح علی خان ، صنم ماروی ، سائیں ظہور ، علی عظمت ، نوری ، زیب بنگش اور میشا شفیع ہیں جنہوں نے ماضی میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ اس سیزن میں بھی پرفارم کریں گے ۔

    کوک اسٹوڈیو میں ان کا یہ کلام ان کو خراج تحسین ہوگا، کوک اسٹوڈیو سیزن 9 کی ریکارڈنگ مئی میں مکمل کرلی گئی تھیں جب کہ یوم آزادی 14 اگست کو ٹی وی پر نشر کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ امجد صابری کو 22 جون 2016 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں دو موٹر سائیکل سوار افراد نے اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا تھا جس سےوہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے۔

  • کراچی : جے یو پی نورانی گروپ کے رہنما عقیل انجم پرقاتلانہ حملہ

    کراچی : جے یو پی نورانی گروپ کے رہنما عقیل انجم پرقاتلانہ حملہ

    کراچی:شہر قائد میں امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کی گونج ابھی تھمی نہ تھی کہ مذہبی جماعت کے رہنما پرگولیاں برسادی گئیں،جےیو پی نورانی گروپ کےعقیل انجم قاتلانہ حملےمیں بال بال بچ گئے۔

    کراچی میں ٹارگٹ کلرزآزاد ہوگئے کورنگی کی مظفرآباد کالونی میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار افراد نے جے یو پی نورانی کے رہنما عقیل انجم کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

    مولانا عقیل انجم کے مطابق جیسے ہی وہ اپنے گھر کی گلی میں داخل ہوئے ساتھی ڈرائیور نے خطرہ بھانپ لیا، عقیل انجم کے مطابق دو ملزمان نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا، ملزمان نے قریب پہنچ کر فائرنگ کردی۔

    جےیو پی نورانی کےعقیل انجم پرقاتلانہ حملہ زمان ٹائون میں تھانہ کورنگی کی حدود میں پیش آیا، پولیس نے تاحال مقدمہ درج نہیں کیا۔

    دوسری جانب امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کو چار دن گزر گئے تاہم ملزمان قانون کی گرفت سے دور ہیں ، پولیس نے تفتیش کے دوران دوافراد کو حراست میں لیا ہے، پولیس نے امجد صابری کے ساتھی سلیم چندا کو حراست میں لے لیا۔

  • امجد صابری کے گھر سے مشکوک شخص گرفتار

    امجد صابری کے گھر سے مشکوک شخص گرفتار

    کراچی : معروف قوال امجد صابری کی رہائش گاہ سے مشکوک شخص کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امجد صابری کیس میں تعینات ہونے والے نئے تفتیشی افسر محسن زیدی نے چارج لیتے ہی نئے سر ے سے تفتیش کا آغاز کیا اور شہید کے اہل خانہ کا بیان ریکارڈ کرنے ان کے گھر پہنچے ۔

    اس دوران اہل خانہ سے تعزیت کے لئے  آئے ایک شخص کو پولیس نے حراست میں لے کر منہ پر کپٹرا ڈالا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ، ذرائع کے مطابق  گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت  طبلہ نواز سلیم چند اکے نام سے ہوئی ہے۔

    تفتیشی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گرفتار ہونے والا شخص حادثے کے وقت امجد صابری کے ساتھ موجود تھا اور اُس میں معمولی زخمی ہوئے تھے، پولیس حکام کے مطابق ملزم کو تحقیقات میں پیشرفت کے لئے اٹھایا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں :   معروف قوال امجد صابری قاتلانہ حملے میں جاں بحق

     عینی شاہدین کے مطابق سلیم چندا امجد صابری کے محلے میں رہائش پذیر ہیں ، واضح رہے امجد صابری کو لیاقت آباد نمبر 10 کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے شہید کردیا تھا۔

     

  • امجد صابری قتل اور اویس شاہ کے اغوا پر جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

    امجد صابری قتل اور اویس شاہ کے اغوا پر جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

    کراچی: وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے امجد صابری کے قاتلوں کی نشاندہی کرنے والے شخص کو سندھ حکومت کی جانب سے 50 لاکھ  روپے بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ امجد صابری کے قتل اور اویس شاہ کے اغوا کے معاملے پر جے آئی ٹی بنائیں گے، میرے استعفے سے اگر حالات بہتر ہوسکتے ہیں تو گھر جانے کے لیے تیار ہوں۔

    صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عہدوں کی ضرورت نہیں یہ آنی جانی چیز ہیں، میرے استعفے سے اگر حالات بہتر ہوسکتے ہیں تو گھر جانے کے لیے تیار ہوں،میں نے کبھی اپنی سیکیورٹی کی وجہ سے بازار بند نہیں کرایا، میری آمد پر گلیاں بند کرانے کے معاملے کی تحقیقات ہوں گی۔

    انہوں نے کہا کہ امجد صابری کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، امجد صابری کے قتل اور اویس شاہ کے اغوا کے معاملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنائیں گے، بہت جلد حقائق تک پہنچ جائیں گے جلد بازی نہیں چاہتے۔

    انہوں نے کہا کہ اویس شاہ اغوا کیس میں پیش رفت جاری ہے، سندھ پولیس کو وسائل کی کمی کا سامنا ہے جس کے باعث مشکلات پیش آرہی ہیں،سندھ حکومت کو ایس جی ایم لوکیٹر حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، وسائل کی کمی کے باعث سندھ پولیس 20 سال قبل جہاں کھڑی تھی آج بھی وہی ہے۔

    سہیل انور سیال نے کہا ’’میں بھی امجد صابری کا مداح ہوں اور بہت شوق سے سنتا تھا، اُن کے انتقال کی خبر میرے لیے بہت تکلیف کا باعث تھی، امجد صابری کے قتل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے‘‘۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج اور خاکے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ’’ کچھ لوگ سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے فوٹیج جاری کرتے ہیں مگر وہ اس میں بھی بری طرح ناکام ہوجاتے ہیں‘‘۔

    اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ ایس ایس پی ساؤتھ اپنے عہدے پر رہتے ہوئے اپنی امور سرانجام دیں گے جبکہ ایس پی کلفٹن کو تبدیل کیا جارہاہے۔

    دریں اثنا آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے امجد صابری کے قتل میں ملوث بائیک سوار افراد میں سے ایک فرد کے خاکے سے متعلق کہا ہے کہ قاتل کے خاکے پولیس نے نہیں بنائے گواہوں نے بنوائے ہیں۔

     

  • امجد صابری کا قتل بہت بڑا نقصان ہے، خورشید شاہ

    امجد صابری کا قتل بہت بڑا نقصان ہے، خورشید شاہ

    کراچی : قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ امجد صابری کے قتل سے ملک کو بہت بڑا نقصان ہوا ہے، جس کی کمی کو کبھی پورا نہیں جاسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے قوال امجد علی صابری کے گھر کا دورہ کر کے ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔

    اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو واقعات نے حکومت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، کراچی میں امن قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قاتلوں کو گرفتار کرنا حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے کسی امتحان سے کم نہیں ہے مگر قاتل کسی صورت بچ نہیں سکتے۔

    اس موقع پر امجد علی صابری کے بھائی ثروت صابری بھی موجود تھے، مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

    معروف قوال کی تدفین کے بعد ملک بھر کی معروف سیاسی سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے صابری ہاؤس کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    معروف قوال کو ایصال ثواب پہنچانے کے لئے ان کے گھر کے باہر قرآن و فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے، مداحوں کی بڑی تعداد سپراسٹار کو ایصال ثواب پہنچانے کے لئے قرآن خوانی میں شرکت کررہی ہے۔

  • وزیر اعظم کا امجد صابری مرحوم کےاہل خانہ کیلئے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان

    وزیر اعظم کا امجد صابری مرحوم کےاہل خانہ کیلئے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے امجدصابری مرحوم کےاہل خانہ کیلئے ایک کروڑ روپےامدادکا اعلان کیا ہے۔

    امجد صابری کی موت پر ایوان ویزراعظم بھی سوگوار ہوگیا وزیراعظم نواز شریف نے کہا پاکستانی عوام امجدصابری سے محبت کرتے ہیں، امجدصابری دنیا میں پاکستان کےسفیرتھے۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے امجد صابری مرحوم کے اہل خانہ کیلئے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کردیا ساتھ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت امجد صابری کے بچوں کے تعلیمی اخراجات اٹھائےگی۔

    وزیراعظم نے کہا امجدصابری سچے عاشق رسول تھے، انہوں نے اپنے کلام سے برداشت،محبت اور رواداری کوفروغ دیا۔

    وزیراعظم ہاؤس میں مسلم لیگ ن کے سینئررہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی معاملات اوردیگرقومی امورکا بھی جائزہ لیا گیا۔

    معروف قوال امجد صابری کو آج پاپوش نگر قبرستان میں لاکھوں مداحوں کی آہوں سسکیوں کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا، قوال کا جسد خاکی رمضان چھیپا اور ان کے بھائی نے قبر میں اتارا تھا۔

    شہید قوال کی تدفین کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ہر آنکھ اشکبار تھی، دورانِ تدفین امجد صابری کے صاحبزادے زاروقطار روتے رہے، مقتول کو ان کے والد پہلو میں اور ’’پیر حیرت شاہ وارثی‘‘ کے مزار کے احاطے میں سپردخاک کردیا گیا۔

  • مصطفی کمال کا امجد صابری کے بھائی کو فون، اظہار تعزیت

    مصطفی کمال کا امجد صابری کے بھائی کو فون، اظہار تعزیت

    کراچی:پاک سرزمین پارٹی کے چیئر مین مصطفی کمال نے امجد فرید صابری کے بڑے بھائی ثروت صابری سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور امجد فرید صابری کے بہیمانہ قتل پر ان سے اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔

    مصطفی کمال نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی امجد فرید صابری کے خاندان کے اس غم میں برابر کی شریک ہے، امجد صابری سے میرا گہرا تعلق تھا اور وہ میرا ذاتی دوست تھا، اس کے دردناک قتل پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

    سید مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ امجد صابری جیسے عظیم فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، بلاشبہ وہ ایک بڑا قوال ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم انسان بھی تھا، امجدصابری نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔

    مصطفی کمال نے امجد فرید صابری کے لیے مغفرت اور خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

    امجد صابری کے بھائی ثروت صابری نے اس مشکل وقت میں ساتھ دینے پر پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال کا شکریہ ادا کیا۔

  • خاکہ میرے لاپتہ بیٹے کا ہے، والدہ نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی

    خاکہ میرے لاپتہ بیٹے کا ہے، والدہ نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی

    کراچی : قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے معروف قوال کے قاتل کا شائع کیا گیا خاکہ متنازعہ بنتا جارہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز رپورٹر کامل عارف کے مطابق گزشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے امجد صابری کے قاتلوں کے خاکے کے حوالے سے ایک خاتون نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

    متاثرہ خاتون نے عدالت میں یہ درخواست دائر کی ہے کہ ’’ یہ خاکہ ان کےبیٹے کا ہے جو گزشتہ ڈھائی ماہ سے لاپتہ ہے‘‘۔ خاتون نے درخواست میں مزید کہا ہے کہ ’’ مجھے شبہ ہے کہ میرے ڈھائی ماہ سے گرفتار بیٹے کو اب قاتل بنا کر ظاہر کردیا جائے گا‘‘۔

    انہوں نے چیف جسٹس سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے لاپتہ بیٹے کی بازیابی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے انصاف فراہم کریں۔

    واضح رہے گزشتہ روز معروف قوال کو لیاقت آباد نمبر 10 کے قریب فائرنگ کر کے شہید کردیا گیا تھا، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے عینی شاہدین کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا تھا۔

    قانون نافذ کرنے والے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کا خاکہ عینی شاہدین کی مدد سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ روز وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے اے آر وائی سے خصوصوی گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ آج شہر قائد کی صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس طلب کیا جائے گا، مگر اس اجلاس کے حوالے سے اب تک حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔