Tag: امدادی سامان

  • غزہ کے لیے پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی چوتھی کھیپ روانہ

    غزہ کے لیے پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی چوتھی کھیپ روانہ

    اسلام آباد: غزہ کے لیے پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی چوتھی کھیپ روانہ ہو گئی، امدادی سامان پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز سے نور خان ایئر بیس سے بھیجا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ کے لیے پاکستان نے چوتھی امدادی کھیپ روانہ کر دی ہے، جس میں طبی سامان، خشک کھانے کی اشیا، حفظان صحت کی کٹس شامل ہیں، یہ پرواز امدادی سامان لے کر اردن پہنچے گی جہاں پاکستانی سفیر اسے وصول کریں گے، اور اس کے بعد تقسیم کے لیے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔

    پرواز کی روانگی کے وقت وزیر خارجہ، سفیر احمد ربیع، این ڈی ایم اے، مسلح افواج کے سینئر افسران موجود تھے، اس موقع پر نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا، وزیر خارجہ نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے اندھا دھند طاقت کے استعمال کی مذمت بھی کی، اور جنوبی افریقہ کی فلسطینی عوام کی نسل کشی کے خلاف عالمی عدالت میں کیس کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

    اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری، مزید 151 فلسطینی شہید

    وزیر خارجہ نے غزہ کے مظلوم عوام کو انسانی امداد کی فوری فراہمی اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے لیے مزید انسانی امداد کا انتظام کیا جا رہا ہے جو جلد پاکستانی عوام کی جانب سے بھیجی جائے گی۔ اس موقع پر پاکستان میں فلسطین کے سفیر نے امدادی سامان کی فراہمی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے کہ اب تک غزہ کے عوام کے لیے 220 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے، پاکستان مشکل گھڑی میں فلسطینی بھائی بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

  • 2سعودی طیارے فلسطینیوں کیلئے امدادی سامان لے کر عریش پہنچ گئے

    2سعودی طیارے فلسطینیوں کیلئے امدادی سامان لے کر عریش پہنچ گئے

    خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی ہدایت پر شاہ سلمان مرکز غزہ کے متاثرین کو امدادی سامان فراہم کرنے کے لیے فضائی پل قائم کیے ہوئے ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق العریش ایئرپورٹ سے امدادی سامان زمینی راستے سے غزہ متاثرین تک پہنچایا جارہا ہے، اس سلسلے کے تحت 13 واں اور 14 واں طیارہ اتوار کو مملکت سے مصر کے العریش انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرگیا۔

    تیرہویں سعودی طیارے کے ذریعے دو مزید ایمبولینسیں پر غزہ متاثرین کے لئے پہنچائی گئیں، مجموعی طور پر 20 ایمبولینسیں بھیجی جائیں گی۔ دونوں طیاروں میں امدادی سامان بھی موجود ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 12 ویں طیارے سے کھانے پینے کی اشیا، ادویہ اور طبی لوازمات بھیجے گئے تھے۔ 35 ٹن وزن کا امدادی سامان ارسال کیا گیا تھا۔ ہر طیارے سے 35 ٹن امدادی سامان غزہ متاثرین کے لئے روانہ کیا جارہا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کے نیچے 55 میٹرل طویل سرنگ کی ویڈیو جاری کر دی

    دوسری جانب آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں تقریباً ایک لاکھ افراد شریک ہوئے۔

    ادھر سوئیڈن میں سیکڑوں افراد نے پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کیا، اسی طرح پیرس کی ریلی میں فرانسیسی اداکاروں نے بھی شرکت کی۔

  • فلسطینی بھائیوں کی مدد میں پاکستان پیش پیش، امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ

    فلسطینی بھائیوں کی مدد میں پاکستان پیش پیش، امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ

    اسلام آباد : پاکستان کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کے لئے 90 ٹن امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی بھائیوں کی مدد میں پاکستان پیش پیش ہیں ،پاکستان سے غزہ میں فلسطینیوں کے لئے امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ کردی گئی۔

    نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے امدادی سامان بھجوانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امدادی سامان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھجوایا جارہا ہے، حکومت کی جانب سے 90ٹن کا امدادی سامان بھجوا رہے ہیں۔

    جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ غزہ میں قابض اسرائیلی فوج بمباری کررہی ہے، غزہ پرمعصوم ماؤں ،بہنوں،بچوں کی شہادت پرہم رنجیدہ ہیں، ہماری خواہش ہے فلسطین کوان کاحق جلدازجلدمیسرہو۔

    نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلامی دنیا کا مطالبہ ہےفلسطینیوں کوان کاحق دیاجائے، حکومت پاکستان،وزیراعظم اورافواج کی طرف سےیقین دہانی کراتا ہوں، ہم فلسطین کے ساتھ پہلے بھی کھڑے تھے اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔

    دوسری جانب نگراں وفاقی وزیرانسانی حقوق خلیل جارج نے بتایا کہ این ڈی ایم اےکی طرف سےدوسری کھیپ جارہی ہے، پاکستان نےہمیشہ ظلم کیخلاف آواز اٹھائی ہے، فلسطینی بہن بھائیوں کےساتھ پاکستان کھڑاہے، چاہتےہیں فلسطین میں امن پیداہوتاکہ دنیامیں بھی امن ہو۔

  • امدادی سامان کے مزید ٹرک غزہ میں داخل

    امدادی سامان کے مزید ٹرک غزہ میں داخل

    اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ رفح کراسنگ سے پیر کو امدادی سامان کے مزید 20 ٹرک غزہ میں داخل ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں مصر کی رفح کراسنگ سے انسانی امداد جانے کا پیر کو تیسرا روز تھا، پچھلے 2 روز میں امدادی سامان کے 34 ٹرک غزہ میں داخل ہوئے۔

    اقوام متحدہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امداد غزہ کے لوگوں کو درکار یومیہ امداد کا 4 فیصد بھی نہیں ہے جبکہ امداد میں ایندھن شامل نہیں ہے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں مسلسل 14 ویں روز بجلی مکمل بند ہے، 700 مریضوں کی گنجائش والا غزہ کا سب سے بڑا اسپتال الشفا 5 ہزار مریضوں کا علاج کررہا ہے، بجلی، ادویات، آلات، خصوصی طبی عملے کی کمی سے اسپتال کی صورتحال تشویشناک ہوچکی ہے۔

    دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے القسام بریگیڈ نے مزید 2 اسرائیلی یر غمالیوں کو رہا کردیا ہے۔

    ترجمان ابوعبیدہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قطر اور مصر کی ثالثی کے بعد غزہ سے دو قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے دونوں قیدیوں کوانسانی اور طبی وجوہات کی بنیاد پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل القسام بریگیڈ نے دو امریکی شہریوں کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے قطری کوششوں کے جواب میں 2 امریکی شہریوں ماں بیٹی کو انسانی بنیادوں پر رہا کیا تھا۔

  • پاکستان کا فلسطینی بھائیوں کیلئے امدادی سامان بھیجنے کا فیصلہ

    پاکستان کا فلسطینی بھائیوں کیلئے امدادی سامان بھیجنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پاکستان نے مظلوم فلسطینی بھائیوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کی غرض سے فوری طور پر امدادی سامان غزہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بربریت کے باعث ہزاروں افراد شہید اور لاکھوں امداد کے منتظر ہیں۔

    غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی کھلی جارحیت اور محاصرے نے صورتحال مزید گھمبیر بنا دی ہے، اسرائیلی محاصرے کے باعث غزہ کے مظلوم عوام کو امداد کی اشد ضرورت ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق غزہ میں انسانی المیے کے پیش نظر حکومت پاکستان  نے امدادی سامان روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ فلسطینی بھائی بہنوں کے مصائب کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    امداد کی ترسیل کیلئے فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی اور اقوام متحدہ ایجنسیوں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں، اس کے علاوہ مصری حکومت، بیرون ملک پاکستانی مشنز سے امور طےکیے جارہے ہیں۔

  • ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان سے مزید 21 ٹرک روانہ

    ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان سے مزید 21 ٹرک روانہ

    اسلام آباد / انقرہ: ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان سے 21 ٹرکوں پر مشتمل قافلہ امدادی سامان لے کر سب سے متاثرہ شہر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ترک زلزلہ متاثرین کے لیے ٹرکوں کا قافلہ امدادی سامان لے کر ملاتیا پہنچ گیا، قافلہ 21 ٹرکوں پر مشتمل ہے جس میں 275 ٹن امدادی سامان موجود ہے۔

    پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ملاتیا زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں سے ایک ہے، پاکستانی امدادی سامانِ ایران کے راستے ترکی پہنچا۔

    اب تک 20 پروازیں امدادی سامان ترکی لے کر پہنچی ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی شاندار تاریخ رکھتے ہیں۔

  • پاکستان سے ترکیہ کو امداد کی ترسیل تیزی سے جاری

    پاکستان سے ترکیہ کو امداد کی ترسیل تیزی سے جاری

    اسلام آباد: پاکستان میں ترکیہ کے سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان ترکیہ کے زلزلہ زدگان کو خیموں کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کے شہری اور امدادی ٹیمیں پہلے زلزلہ زدہ علاقوں میں پہنچیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ترکیہ کے سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ترکیہ کو امداد کی ترسیل تیزی سے جاری ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اب تک 4 ہزار خیمے اور 8 ہزار کمبل فضائی راستے سے جبکہ 3 ہزار خیمے اور 25 ہزار کمبل براستہ سڑک ترکیہ بھجوائے ہیں۔

    سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان ریل، فضا، سمندر اور سڑک سے بھرپور امداد ترکیہ بھیج رہا ہے، آئندہ ہفتے مزید 4 ہزار کمبل لے کر خصوصی کارگو جہاز پاکستان سے ترکیہ پہنچے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کا جہاز جلد ہی کراچی سے 3 ہزار 500 خیمے لے کر ترکیہ روانہ ہوگا۔

    سفیر کے مطابق پاکستان دنیا میں خیمے بنانے والا بڑا ملک ہے اور ترکیہ کو خیموں کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کے شہری اور امدادی ٹیمیں پہلے زلزلہ زدہ علاقوں میں پہنچیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ریسکیو ٹیموں نے 28 قیمتی جانیں بچائیں، ایک ٹیم نے 137 گھنٹے بعد ایک 10 سالہ بچے کو زندہ نکالا۔

  • پی آئی اے کا ایک اورطیارہ مزید  امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا

    پی آئی اے کا ایک اورطیارہ مزید امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا

    اسلام آباد : پی آئی اے کا ایک اورطیارہ مزید امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا ، اب تک پی آئی اے کی 6 شیڈول اور دو چارٹرڈ پروازوں میں سامان پہنچایا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ اور شام کے لیے امداد میں پاکستان پیش پیش ہے، پی آئی اے کا ایک اور طیارہ مزید پانچ ٹن امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچ گیا۔

    ترکیےاور شام میں پی آئی اے کی چھ شیڈول اور دو چارٹرڈ پروازوں میں سامان پہنچایا جا چکا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے حکومت پاکستان کی جانب سے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے اور بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے امدادی پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے نے پی آئی اے کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں بڑی تعداد میں خیمے اور کمبل پہنچائے ہیں، پی آئی اے نے ترکش ایئرلائن اور دیگر حکام کو ہر ممکن مدد اور آپریشنل مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے

    ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی بھی امدادی سامان لے کر ترکیے پہنچے جبکہ متاثرہ علاقوں میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کی ریسکیو ٹیموں کا آپریشن جاری ہے.

    اقوامِ متحدہ نے بھی عالمی برادری سے ترکیے اور شام کے لیے ہنگامی امداد کی پُرزور اپیل کردی ہے۔

    وائٹ ہیلمٹس کی رضاکارتنظیم کا کہنا ہے شمال مغربی شام کے باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں ختم کردی گئی ہیں۔

    امریکی سفیر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پرزوردیا ہے کہ وہ شام میں امدادی رسائی کے مزید مقامات کی منظوری دے۔

  • پاک فضائیہ کا آئی ایل 78 طیارہ امدادی سامان لیکر ترکیہ کے شہر ادانہ پہنچ گیا

    پاک فضائیہ کا آئی ایل 78 طیارہ امدادی سامان لیکر ترکیہ کے شہر ادانہ پہنچ گیا

    اسلام آباد : پاک فضائیہ کا آئی ایل 78 طیارہ امدادی سامان لیکرترکیہ کےشہر ادانہ پہنچ گیا، طیارے میں متاثرہ ترک بھائیوں کیلئے16.5 ٹن امدادی سامان موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کا آئی ایل 78 طیارہ امدادی سامان لیکرترکیہ کےشہر ادانہ پہنچ گیا۔

    ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ طیارہ پی اے ایف بیس لاہورسے خیمےو دیگر اشیا لیکر ترکیہ ادانہ پہنچا، طیارہ متاثرہ ترک بھائیوں کیلئے16.5 ٹن امدادی سامان لیکر پہنچا ہے۔

    ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ پاکستانی سفارتخانےسےملکرپھنسےپاکستانیوں کوواپس لانےکی کوشش کر رہی ہے، 8 پاکستانیوں کو آئی ایل78طیارے پر وطن واپس پہنچایا جائے گا۔

    گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے امدادی سامان کی بڑی کھیپ ترکیہ روانہ کی تھی، ترکیہ کے فوجی طیارہ کے زریعے امدادی سامان روانہ ہوا ، جس میں سردی سے بچاؤ کے خیمے اور دیگر اشیا شامل تھیں۔

    مجموعی طور پر 142 ٹن امدادی سامان ترکیہ بھجوایا گیا ، 12 ٹن امدادی سامان پی آئی اے جہاز سے لاہور سےترکیہ پہلےہی روانہ ہوچکا ہے۔

  • پاکستان میں سیلاب: کس ملک کے 28 طیارے امدادی سامان لے کر آئے؟

    پاکستان میں سیلاب: کس ملک کے 28 طیارے امدادی سامان لے کر آئے؟

    کراچی: ملک میں آںے والے تباہ کن سیلاب کے بعد متحدہ عرب امارات کی جانب سے سب سے زیادہ 28 پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچیں، امدادی سامان لانے والی پروازوں کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 30 ستمبر تک دوست ممالک کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے بھیجے جانے والے امدادی سامان کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کردیے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر 90 خصوصی پروازوں کے ذریعے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان پہنچایا گیا۔

    سب سے زیادہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے 28 پروازیں امدادی سامان لے کر پہنچیں، عرب امارات اور اقوام متحدہ کی 13 مشترکہ پروازیں بھی امدادی سامان لے کر پہنچیں۔

    ترکیہ سے 12، سعودی عرب سے 10، امریکا سے 5، چین سے 4، قطر سے 3، یونیسیف کی 3، انڈونیشیا اور عمان سے 2، 2 اور روس سے 1، 1 پرواز امدادی سامان لے کر پہنچی۔

    برطانیہ، فرانس، ازبکستان، ترکمانستان، اردن اور نیپال سے بھی 1،1 پرواز امدادی سامان لے کر پہنچی، امدادی سامان میں خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔