Tag: امدادی کارکن

  • امدادی کارکنان کے لیے 2024 مہلک ترین سال رہا

    امدادی کارکنان کے لیے 2024 مہلک ترین سال رہا

    اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ 2024 امدادی کارکنان کے لیے مہلک ترین سال رہا ہے، جس میں اب تک ریکارڈ 281 کارکن ہلاک ہوئے۔

    یو این امدادی شعبے کے سربراہ نے جمعہ کو کہا کہ اس سال اب تک دنیا بھر میں حیران کن طور پر 281 امدادی کارکن ہلاک ہو چکے ہیں جس سے یہ سال امدادی کارکنان کے لیے مہلک ترین بن گیا ہے۔

    اقوامِ متحدہ کے نئے ماتحت سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور اور رابطہ کار برائے ہنگامی امداد ٹام فلیچر نے کہا ’’انسانی ہمدردی کے کارکنان کے قتل کی شرح بے مثال ہے اور ان کے ہمت و حوصلے اور انسانیت کو گولیوں اور بموں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا 2024 کا ابھی ایک ماہ سے زیادہ وقت باقی ہے اور اس سے پہلے ہی یہ سنگین سنگِ میل آ پہنچا، یہ تشدد غیر معقول اور امدادی کارروائیوں کے لیے تباہ کن ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس امدادی کارکنوں کی اموات 33 ممالک میں ہوئی ہیں۔

    نیتن یاہو برطانیہ آئے تو انھیں گرفتار کر لیا جائے گا، برطانوی حکومت

    ٹام فلیچر کے مطابق غزہ میں 333 امدادی کارکن ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر اقوامِ متحدہ کی فلسطینی پناہ گزین ایجنسی انروا سے ہیں، اور اسرائیل کی تباہ کن بمباری ان ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔

    انھوں نے مطالبہ کیا کہ متصادم ریاستوں اور فریقین کو انسانی ہمدردی کا تحفظ، بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرنی چاہیے، اور ذمہ داران کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور سزا سے استثنیٰ کا خاتمہ کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا افغانستان، جمہوریہ کانگو، سوڈان اور یوکرین سمیت کئی ممالک میں امدادی کارکنان کو اغوا اور زخمی کیا گیا، اور ہراسانی و من مانی حراست کا نشانہ بنایا گیا۔

    یاد رہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے گزشتہ مئی میں امدادی کارکنوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد اور دھمکیوں کے جواب میں ایک قرارداد بھی منظور کی تھی۔

  • ڈرون حملے میں اطالوی شہری کی ہلاکت،امریکہ معاوضہ دینے کو تیار

    ڈرون حملے میں اطالوی شہری کی ہلاکت،امریکہ معاوضہ دینے کو تیار

    واشنگٹن :امریکی حکومت پاکستان میں کیے جانے والے ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے اطالوی امدادی کارکن کے خاندان کو 12 لاکھ ڈالر معاوضہ دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق 37 سالہ جیوانی لو پورٹو القاعدہ کی قید میں تھے جب 2015 میں ایک امریکی ڈرون حملے میں ان کی ہلاکت ہوئی تھی۔اس حملے میں ایک امریکی امدادی کارکن کی ہلاکت بھی ہوئی تھی۔

    وائٹ ہاؤس کی جانب سے اطالوی کارکن کے خاندان کو معاوضہ ادا کرنے کے فیصلے کے حوالے سے ابھی کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ برس امریکی صدر اوباما نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ دونوں امدادی کارکنوں کی ہلاکت امریکی ڈرون حملے کے
    نتیجے میں ہوئی تھی اور انہوں نے اس پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

    وائٹ ہاؤس نے اس حوالے سے کہا تھا کہ یہ حملہ پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں موجود القاعدہ کے ایک ٹھکانے پر کیا گیا تھا اور امریکہ کو اس بات کی خبر نہیں تھی کہ وہاں سویلین بھی موجود ہیں۔

    اطالوی اخبار لا ریپبلیکا اور برطانوی اخبار اخبار گارڈین نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی حکومت اور جیوانی لو پورٹو کے خاندان کے درمیان ہونے والے معاہدے میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ ان کی ہلاکت پاکستان کی سرزمین پر ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ جیوانی لو پورٹو کو سنہ 2012 میں پاکستان کے صوبے پنجاب کے شہر ملتان سے اغوا کیا گیا تھا جہاں وہ ایک امدادی ادارے کے ساتھ کام کر رہے تھے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان اس بات کا متعدد بار مطالبہ کر چکے ہیں کہ ڈرون حملوں ہلاک ہونے والے پاکستانی شہریوں کو امریکہ معاوضہ ادا کرے۔

  • جرمنی میں 9سالہ بچے نے ننھے بھائی کی جان بچالی

    جرمنی میں 9سالہ بچے نے ننھے بھائی کی جان بچالی

    برلن : جرمنی میں نو سالہ بچہ نے حیرت انگیز طور پر حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دوسالہ بھائی کی جان بچالی۔

    تفصیلات کےمطابق جرمنی کے وسطی علاقے کوباچ میں نو سالہ مارکس اپنی نانی کے گھر میں اپنے دو سالہ بھائی روڈولف کے ہمراہ باغیچے میں کھیل رہا رہا تھا کہ اچانک اس کا دو سالہ بھائی وہاں موجود سوئمنگ پول میں منہ کے بل گر گیا۔

    بچے کو اس کی ماں اور نانی نے پانی سے نکالا تو وہ سانس نہیں لے رہا تھا.اس وقت چھ سالہ مارکس نے طبی کارکنوں کو فون کیا کیونکہ اس کی نانی کو جرمن زبان پر مہارت نہیں ہے اور وہ روسی زبان جانتی ہیں۔

    طبی اہلکار کا کہنا تھا کہ مارکس نے پریشانی کی باوجود ان کی ہدایات پر ہو بہو عمل کیا.اس بچے کو فون پر بتایا گیا کہ وہ کس طرح اپنے چھوٹے بھائی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرے۔

    اسے بتایا گیا کہ وہ اس کا سینہ ملے اور اس کے منہ سے اسے سانس دینے کی کوشش کرے اور اس نے ایسا ہی کیا۔

    طبی کارکنوں کے پہنچنے سے پہلے ہی چھوٹے بچے کی سانسیں بحال ہو گئیں جسے بعد میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ماربرگ کے لے جایا گیا۔

    واضح رہے کہ نو سالہ بچہ گھر کے سوئمنگ پول میں ڈوبنے والے اپنے دو سالہ بھائی کی سانسیں بحال کرکے ہیرو بن گیا ہے۔