Tag: امداد

  • یوکرین جنگ: عرب امارات کا بچوں کی فلاح کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کا اعلان

    یوکرین جنگ: عرب امارات کا بچوں کی فلاح کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے یوکرین جنگ سے متاثرہ بچوں کے لیے 40 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان صدر شیخ محمد بن زائد نے یوکرینی صدر کی اہلیہ اولینا زیلسنسکا سے ملاقات کے دوران کیا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زائد سے منگل کو یوکرینی صدر کی اہلیہ اولینا زیلسنسکا نے، جو فاونڈیشن آف چیرٹیبل آرگنائزیشن کی چیئر پرسن بھی ہیں، قصر البحر میں ملاقات کی۔

    یوکرینی صدر کی اہلیہ 7 سے 10 مارچ تک ہونے والی فوربز کانفرنس میں شرکت کے لیے ابو ظہبی میں موجود ہیں۔

    اماراتی صدر سے ملاقات میں اولینا زیلسنسکا نے عام شہریوں اور خصوصاً بچوں پر یوکرینی بحران کے منفی اثرات سے آگاہ کیا۔

    اماراتی صدر نے بحران سے متاثرہ بچوں کی نگہداشت کے لیے 40 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کی ہدایت کی، یہ رقم 100 یتیم بچوں کے لیے 10 عمارتوں کی تعمیر میں لگائی جائے گی۔

    شیخ محمد بن زائد کا کہنا تھا کہ امارات عام شہریوں خصوصاً بچوں پر یوکرین بحران کے منفی اثرات سے باہر نکالنے کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کے ساتھ ہے، اس حوالے سے جو بھی علاقائی یا عالمی کوشش ہوگی اس میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

    یوکرینی صدر کی اہلیہ نے بحران کے آغاز سے اب تک انسانیت نواز کردار اور امارات کی جانب سے یوکرین کے پناہ گزینوں کو دی جانے والی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

    اولینا زیلسنسکا امارات میں مقیم یوکرین کی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گی، اس موقع پر امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان اور وزیر ماحولیات بھی موجود تھیں۔

  • سعودی عرب: زمینی راستے سے پہلا امدادی قافلہ شام پہنچ گیا

    سعودی عرب: زمینی راستے سے پہلا امدادی قافلہ شام پہنچ گیا

    ریاض: سعودی عرب نے زمینی راستے سے پہلا امدادی قافلہ شام کے لیے روانہ کردیا، امدادی قافلہ 11 ٹرکوں پر مشتمل ہے جس میں کمبل، خیمے، دوائیں اور روز مرہ ضرورت کی اشیا شامل ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کا پہلا امدادی قافلہ زمینی راستے سے شام پہنچ گیا، ٹرکوں کے ذریعے بھیجے جانے والے امدادی سامان میں کمبل، خیمے، دوائیں اور روز مرہ ضرورت کی اشیا شامل ہیں۔

    شام اور ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں ہزاروں خاندان متاثر ہوئے ہیں، سعودی عرب کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی مہم کے تحت شام میں بھیجی جانے والی امداد 11 ٹرکوں پر مشتمل ہے۔

    امدادی قافلے میں شامل عبد اللہ الرویس کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سعودی عرب کی جانب سے شمالی شام میں بھیجا جانے والا پہلا امدادی قافلہ پہلا ہے جو شام پہنچا ہے۔

    عبد اللہ الرویس کے مطابق امدادی سامان سعودی عرب کی جانب سے عالمی ریسکیو ایسوسی ایشن کے حوالے کیا جائے گا اور اسے زلزلے سے متاثرہ 20 علاقوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

    شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد کی ہدایت پر ساہم پورٹل کے ذریعے عوامی عطیات مہم بھی شروع کی ہے۔

    اب تک شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے 238 ملین ریال سے زیادہ کے عطیات جمع کروائے جا چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شام اور ترکیہ میں تباہ کن زلزلے سے اب تک 25 ہزار سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش ہنوز جاری ہے۔

  • شاہ سلمان کا ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم

    شاہ سلمان کا ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم

    ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد اور فضائی پل قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم جاری کیا ہے۔

    دونوں ممالک کے لیے دوائیں، طبی سامان اور انسانی ضروریات کی اشیا فضائی راستے سے ہنگامی بنیادوں پر بھیجی جائیں گی جبکہ امدادی ٹیمیں بھی روانہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد نے ترکیہ، شام اور دونوں ملکوں کے برادر عوام سے رنج و ملال اور دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔

    سعودی عرب نے انسانی المیے سے نمٹنے کے لیے دونوں برادر ممالک کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب، اس کے قائدین اور عوام آزمائش کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شامی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    علاوہ ازیں شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے فضائی پل قائم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی پل کے ذریعے دوائیں، طبی ساز و سامان، خیمے، کھانے پینے کی اشیا اور لاجسٹک مدد ہنگامی بنیادوں پر روانہ کی جائیں۔

    شام اور ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے ساہم پورٹل کے ذریعے عوامی امدادی مہم بھی شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ نے بتایا کہ فضائی پل قائم کرنے کا حکم سعودی قیادت نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے جذبے سے جاری کیا ہے۔

    سعودی قائدین چاہتے ہیں کہ شام اور ترکیہ میں ہولناک جانی و مالی نقصانات کے اثرات کم کرنے میں حصہ لیا جائے، تباہ کن زلزلے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

    شاہ سلمان مرکز کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت کی ہدایت کے مطابق متاثرین کی مدد کے لیے کھانے پینے کی اشیا، طبی سامان اور خیمے وغیرہ بھیجے جارہے ہیں۔

  • سیلاب زدگان کے لیے سعودی عرب کی امداد تاحال جاری

    ریاض / اسلام آباد: سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے پاکستانی سیلاب زدگان میں فوڈ باسکٹس تقسیم کیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات، پاکستانی سیلاب زدگان میں امدادی سامان کی تقسیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

    شاہ سلمان مرکز نے پنجاب میں راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے انتہائی ضرورت مند افراد کو 15 سو فوڈ باسکٹ تقسیم کیں، شاہ سلمان مرکز پاکستان میں غذائی کفالت پروگرام چلارہا ہے اور فوڈ باسکٹس کی تقسیم اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

    علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے افغانستان کے قلعہ فتح اللہ کے علاقے میں بھی 390 راشن پیکٹس تقسیم کیے جن سے 2 ہزار 340 افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔

    سعودی امدادی ادارہ اسلامی تعاون تنطیم (او آئی سی) کے تعاون سے افغانستان میں سیلاب زدگان اور انتہائی ضرورت مند افراد کو کھانے پینے کی اشیا ہنگامی طور پر تقسیم کر رہا ہے۔

  • سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے برطانیہ کی 26 ملین پاؤنڈز کی امداد

    سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے برطانیہ کی 26 ملین پاؤنڈز کی امداد

    اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا کہنا ہے کہ برطانیہ سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کر رہا ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے 26.5 ملین پاؤنڈز کی امداد فراہم کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ برطانیہ سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی کے لیے پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔

    کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے 26.5 ملین پاؤنڈز کی امداد فراہم کی گئی، امداد کا مقصد موسمیاتی سرمایہ کاری تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ امداد سے پاکستان مشکل حالات سے جلد از جلد نکل سکے گا۔

  • جرمنی کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے مزید امداد کا اعلان

    جرمنی کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے مزید امداد کا اعلان

    اسلام آباد: جرمنی کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے لیے مزید 10 ملین ڈالر امداد کا اعلان کردیا گیا، جرمن سفیر کا کہنا ہے کہ ہم اس مشکل وقت میں اپنے پاکستانی دوستوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گرینز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے جرمنی کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے لیے امداد کے بارے میں بتایا۔

    جرمن سفیر نے لکھا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ جرمنی نے ایک بار پھر پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے اپنی امداد میں مزید 10 ملین یورو کا اضافہ کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس سے جرمنی کی مجموعی امداد 60 ملین یورو سے زائد تک جا پہنچی ہے، ہم اس مشکل وقت میں اپنے پاکستانی دوستوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

    خیال رہے کہ پاکستان کے لیے امداد کا اعلان گزشتہ روز جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے، پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا تھا۔

    انالینا بیئر بوک کا کہنا تھا کہ جرمنی پاکستان کا اہم ترین شراکت دار ہے، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، پاکستان میں سیلاب سے اس قدر تباہی ہوئی کہ اندازہ لگانا مشکل ہے۔

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی عالمی برادری سے پاکستان کے لیے مزید 81.5 ملین ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امداد سے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا۔

  • سیلاب زدہ علاقوں کے لیے مزید 81 ملین ڈالر امداد کی اپیل

    سیلاب زدہ علاقوں کے لیے مزید 81 ملین ڈالر امداد کی اپیل

    اسلام آباد: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا کا کہنا ہے کہ عالمی برادری سے پاکستان کے لیے 81.5 ملین ڈالر امداد کی اپیل کی ہے، عالمی امداد سے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کے 84 اضلاع متاثر ہوئے ہیں، سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، 1700 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 70 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

    ڈاکٹر پلیتھا کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او سیلاب زدہ علاقوں میں اضافی طبی عملہ بھجوا رہا ہے، ماہرین 10 اکتوبر کو سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے، ڈبلیو ایچ او سیلاب زدہ علاقوں کی مستقل مانیٹرنگ کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہیلتھ اسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں ایڈیشنل 330 ویکسی نیشن ٹیمز تشکیل دی ہیں، انسداد خسرہ ویکسی نیشن کے لیے بھی ٹیمز بنا دی گئی ہیں۔ پاکستان کو 9 ملین ڈالرز کی ادویات اور دیگر اشیا فراہم کر چکے ہیں۔ مراکز صحت کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر معاونت کریں گے۔

    ڈاکٹر پلیتھا کے مطابق سیلاب سے 2 ہزار سے زائد مراکز صحت کو نقصان پہنچا ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں ہیلتھ ورکرز بہترین کام کر رہے ہیں۔ سیلاب کے دوران ہائی لیول ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا تھا، سیلاب سے سندھ اور بلوچستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں 5 ہزار سے زائد میڈیکل کیمپس قائم ہیں، میڈیکل کیمپس میں 30 لاکھ متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ جاری ہے، ہیضہ، ملیریا، ڈینگی اور جلدی امراض میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ پاکستان میں دسمبر تک ملیریا کیسز 20 لاکھ تک پہنچ سکتے ہیں۔ سیلاب زدہ علاقوں میں غذائی قلت کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    ڈاکٹر پلیتھا کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری سے پاکستان کے لیے 81.5 ملین ڈالر امداد کی اپیل کی ہے، عالمی امداد سے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا۔ تاحال ڈبلیو ایچ او نے نصیر آباد، سکھر اور حیدر آباد میں آپریشنل حب قائم کیے ہیں، متاثرہ علاقوں میں 10 ایمرجنسی آپریشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

  • ہمارے حکمران بدعنوان ہیں اور دنیا امداد سے گریزاں ہے: فواد چوہدری

    ہمارے حکمران بدعنوان ہیں اور دنیا امداد سے گریزاں ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سیلاب سے اتنی تباہی کے باوجود پاکستان تنہا ہے، اس تنہائی کی وجہ ہمارے حکمران ہیں، دنیا انہیں انتہائی بدعنوان سمجھتی ہے اور امداد سے گریزاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سنہ 2005 میں زلزلہ آیا تو پوری دنیا پاکستان کے لیے پریشان تھی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اتنی امداد آئی کہ پاکستان توقع ہی نہیں کر رہا تھا، 2010 کے سیلاب میں بھی بھرپور مدد ملی لیکن اس بار اتنی تباہی کے باوجود پاکستان تنہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس تنہائی کی وجہ ہمارے حکمران ہیں، دنیا انہیں انتہائی بدعنوان سمجھتی ہے اور امداد سے گریزاں ہے۔

  • یورپی یونین کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے 30 ملین یورو کی امداد

    یورپی یونین کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے 30 ملین یورو کی امداد

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کی جاب سے 30 ملین یورو کی امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی تعاون سے خوراک اور صحت کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یورپی یونین نے سیلاب متاثرین کے لیے 30 ملین یورو کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امداد کے لیے یورپی یونین، بالخصوص صدر یورپی یونین کمیشن وانڈرلین کے مشکور ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عالمی تعاون سے خوراک اور صحت کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

  • سیلاب متاثرین کے لیے امداد: عرب امارات سے مزید پروازیں پہنچ گئیں

    سیلاب متاثرین کے لیے امداد: عرب امارات سے مزید پروازیں پہنچ گئیں

    کراچی: متحدہ عرب امارات سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر مزید پروازیں کراچی پہنچ گئیں، گزشتہ روز بھی 5 امدادی پروازیں کراچی آئی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے متحدہ عرب امارات سے امدادی پروازوں کی آمد جاری ہے، عرب امارات سے امدادی سامان لے کر چھٹی اور ساتویں پروازیں کراچی پہنچ گئیں۔

    امدادی سامان لے کر آنے والی دونوں پروازیں ایک ساتھ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتریں، عرب امارات کے سفارتخانے، وزارت دفاع کے نمائندوں و دیگر اعلیٰ حکام نے خیر مقدم کیا۔

    متحدہ عرب امارات سے گزشتہ روز بھی 5 پروازیں امدادی سامان لے کر کراچی آئی تھیں۔

    گزشتہ روز ترکمانستان سے بھی خصوصی طیارہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر کراچی پہنچا تھا، امدادی سامان میں خیمے، کمبل اور کھانے پینے کی اشیا شامل ہیں۔