Tag: امداد

  • وزیر اعظم سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چین کے شکر گزار

    وزیر اعظم سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چین کے شکر گزار

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چینی صدر اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چینی صدر اور وزیر اعظم کا سیلاب سے متاثرہ افراد کی مالی امداد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب کی اپنی شدت اور پھیلاؤ کے لحاظ سے کوئی اور مثال نہیں، چین مشکل ترین وقت میں ہمارے ساتھ رہا، ہم اس کی حمایت کی بہت قدر کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اعداد و شمار کے مطابق 14 جون سے اب تک بارشوں اور سیلاب میں 11 سو 36 افراد جاں بحق اور 16 سو زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

    سیلاب سے 10 لاکھ 51 ہزار مکانات، 162 پل، اور 34 ہزار 71 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں، جبکہ 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد مویشی مر چکے ہیں۔

    ملک بھر میں اب تک سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

  • صدر مملکت نے عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی مدد کی اپیل کردی

    صدر مملکت نے عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی مدد کی اپیل کردی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم، سمندر پار پاکستانیوں اور عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب نے لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم، سمندر پار پاکستانیوں اور عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل کردی۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم، سمندر پار پاکستانی اور عالمی برادری متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئے، سیلاب متاثرین کو ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی اشد ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کر دیا ہے، سڑکوں، پلوں اور مواصلاتی نظام کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔

    صدر مملکت نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے ماضی میں بھی غیر معمولی انسان دوستی کے جذبے کا مظاہرہ کیا، ایک بار پھر قوم امدادی کوششوں میں دل کھول کر اپنا حصہ ڈالے۔

  • وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کے لیے مدد کی اپیل کردی

    وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کے لیے مدد کی اپیل کردی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کردی، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کے لیے 80 ارب روپے سے زائد کی رقم درکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے مدد کی اپیل کردی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹنے سے تباہی ہوئی ہے، بلوچستان اور سندھ میں تباہی و بربادی سے قیامت صغریٰ کا منظر ہے، سینکڑوں پاکستانی اپنے پیچھے جدائی کا غم چھوڑ گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے بہت بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہیں، مال مویشی، فصلوں، باغات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے، صوبائی حکومتیں، مسلح افواج کے تعاون سے مل کر دن رات کام کر رہی ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 37.2 ارب روپے سیلاب زدگان کے لیے مہیا کیے جا رہے ہیں، فی الفور 5 ارب روپے کی رقم این ڈی ایم اے کو جاری کروائی گئی ہے۔ ہر جاں بحق شخص کے خاندان کو 10 لاکھ روپے کی ادائیگی جاری ہے، دیگر متاثرین کو 25 ہزار روپے نقد کی ادائیگی بڑے پیمانے پر جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امداد کے لیے 80 ارب روپے سے زائد درکار ہیں، نقصانات کو پورا کرنے اور متاثرین کی بحالی کے لیے کھربوں روپے کی ضرورت ہے۔ سڑکیں اور پل بہہ جانے سے زمینی رابطہ کٹنے پر ہیلی کاپٹروں سے مدد لی جارہی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب میں عوام ایسے ہی عظیم جذبے سے مثال بن گئے تھے، پوری قوم آگے بڑھ کر ہاتھ بٹائے تو ہم کئی گنا زیادہ رفتار سے کامیاب ہوسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں آپ سے تعاون کی درخواست کرتا ہوں، سیلاب زدگان کی مدد کے لیے قائم فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کروائیں، آئیں، مصیبت زدہ بھائیوں کی انصار مدینہ کی طرح مدد کریں۔

  • عرب امارات کی جانب سے 13 ارب درہم کی امداد

    عرب امارات کی جانب سے 13 ارب درہم کی امداد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران مختلف ممالک کو 13 ارب درہم کی امداد فراہم کی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون نے کہا ہے کہ 2021 کے آغاز سے اگست 2022 کے وسط تک امارات کی طرف سے مجموعی طور پر 13 ارب درہم یا 3.5 بلین ڈالر غیر ملکی امداد فراہم کی گئی ہے۔

    وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ غیر ملکی امداد میں سے یمن کو 1.160 ارب درہم فراہم کیے گئے، اس فہرست میں کئی عرب، ایشیائی اور مغربی ممالک شامل ہیں۔

    پبلک اور ہیلتھ سیکٹر، سماجی خدمات اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں اور پروگراموں کے لیے امارات نے امداد دی ہے۔

    امن و سلامتی سپورٹ پروگراموں کو 273 ملین درہم، پانی اور صحت عامہ کی خدمات کے شعبوں کو 268 ملین درہم امداد دی گئی۔

    صحت کے شعبے کو 2.565 ارب درہم، مختلف اشیا کی فراہمی کے پروگراموں کے لیے 1.989 ارب درہم، سماجی خدمات کے لیے 1.314 ارب درہم اور تعلیم کے شعبے میں پروگراموں کو 547 ملین درہم جبکہ ٹرانسپورٹ اور اسٹوریج کے شعبوں کو 414 ملین درہم کی امداد فراہم کی گئی۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات علاقائی اور عالمی امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ترقیاتی اور پائیدار انسانی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

  • شاہ سلمان مرکز کی جانب سے پختونخواہ میں امدادی سامان تقسیم

    شاہ سلمان مرکز کی جانب سے پختونخواہ میں امدادی سامان تقسیم

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی جانب سے امدادی سامان تقسیم کیا گیا، 8 ہزار سے زائد افراد میں سامان تقسیم کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی جانب سے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں ضرورت مند خاندانوں میں 1277 فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئیں۔

    شاہ سلمان مرکز کے امدادی سامان سے 8 ہزار 939 افراد مستفید ہوئے، فوڈ باسکٹس سوات، شانگلہ، بونیر اور دیگر اضلاع میں معذوروں، یتیموں، بیواؤں اور نادار افراد میں تقسیم کی گئیں۔

    شاہ سلمان مرکز دنیا بھر میں قدرتی آفات اور خانہ جنگی سے متاثرین میں کھانے پینے کا سامان اور انسانیت نواز امدادی اشیا تقسیم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔

    خیبر پختونخواہ میں بھی امدادی سامان کی تقسیم اسی پالیسی کے تحت کی گئی ہے۔

  • ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی امداد

    ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی امداد

    واشنگٹن: ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر امداد فراہمی کی منظوری دے دی گئی، ورلڈ بینک کا رکن بننے کے بعد سے اب تک پاکستان کو بینک کی جانب سے 40 ارب ڈالر امداد دی جا چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے 20 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی، ورلڈ بینک کی جانب سے رقم صوبہ پنجاب کے لیے فراہم جائے گی۔

    ورلڈ بینک کا کہنا تھا کہ رقم زرعی شعبے کی بہتری اور چھوٹے کسانوں کے منصوبوں کے لیے خرچ ہوگی، موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ چھوٹے درجے کے کسانوں کو ٹیکنالوجی سہولت دی جائے گی۔

    ورلڈ بینک کے مطابق پانی کے استعمال میں بہتری اور چھوٹے کسانوں کی آمدنی بڑھانا ہوگی، زرعی شعبہ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ رقم کی فراہمی سے چھوٹے کسان فصلوں کی پیداواری صلاحیت کو بڑھا سکیں گے۔

    موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان میں پیداواری صلاحیت میں کمی دیکھی گئی، رقم کی فراہمی سے تقریباً 1 لاکھ 90 ہزار چھوٹے کسان مستفید ہوں گے، 14 لاکھ ملین ایکڑ زمین کو پانی کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے گا۔

    ورلڈ بینک کا رکن بننے کے بعد سے اب تک پاکستان کو بینک کی جانب سے 40 ارب ڈالر امداد دی جا چکی ہے، اس وقت عالمی بینک کے تعاون سے 14.2 ارب ڈالر کے 60 پراجیکٹس جاری ہیں۔

  • کرونا ایمرجنسی رسپانس پروگرام: پاکستان کو 20 لاکھ ڈالر کی امداد

    کرونا ایمرجنسی رسپانس پروگرام: پاکستان کو 20 لاکھ ڈالر کی امداد

    اسلام آباد: حکومت پاکستان کو ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے 20 لاکھ ڈالر گرانٹ دینے کا معاہدہ کرلیا گیا، مذکورہ گرانٹ کرونا ایمرجنسی رسپانس پروگرام کے تحت دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے ساتھ انسداد کرونا وائرس کے لیے 20 لاکھ ڈالر گرانٹ کا معاہدہ کرلیا، معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین بینک پاکستان کو مذکورہ گرانٹ کرونا ایمرجنسی رسپانس پروگرام کے تحت دے گا، گرانٹ کرونا سے نمٹنے کے لیے ہیلتھ ورکرز کی تربیت اور بائیو سیفٹی لیب کے لیے استعمال ہوگی۔

    اس موقع پر سیکریٹری اقتصادی امور نور احمد کا کہنا تھا کہ اے ڈی بی کی کرونا وائرس کے لیے امداد پر شکر گزار ہیں۔

    اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ انسداد کرونا کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

  • کرونا وائرس کی ویکسین کے لیے امریکی محکمہ دفاع کی لاکھوں ڈالر امداد

    کرونا وائرس کی ویکسین کے لیے امریکی محکمہ دفاع کی لاکھوں ڈالر امداد

    واشنگٹن: امریکی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی انوویو فارماسیوٹیکل کا کہنا ہے کہ انہیں کرونا وائرس کے خلاف اپنی ویکسین اور اس کے ساتھ تیار کی گئی ڈیوائس کے لیے امریکی محکمہ دفاع سے 71 ملین ڈالر وصول ہوگئے ہیں۔

    مذکورہ کمپنی کرونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار کرچکی ہے جو انسانی آزمائش کے مرحلے میں ہے، اس کے ساتھ ایک ڈیوائس بھی تیار کی جارہی ہے جو اس ویکسین کو جلد کے اندر مانیٹر کرے گی۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ کلیکٹرا نامی اس ڈیوائس کے پرانے ورژن سے 2 ہزار مریضوں کو محفوظ طریقے سے دوا دی جا چکی ہے۔ کمپنی اس ڈیوائس کو سنہ 2019 میں بنانا شروع کر چکی تھے اور اب وہ اس کی ابتدائی پروڈکشن بھی شروع کرچکی ہیں۔

    کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ محکمہ دفاع کی فنڈنگ کے بعد ڈیوائس کی تیاری مزید بڑے پیمانے پر ہوسکے گی۔

    دوسری جانب کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کا ہیومن ٹرائل بھی جاری ہے، ویکسین کی انسانی آزمائش کا آغاز اپریل میں کیا گیا تھا جس کے نتائج رواں ماہ متوقع ہیں۔ اس کے بعد ٹرائل کا اگلا مرحلہ شروع کردیا جائے گا۔

    ویکسین کو اس سے قبل چوہوں پر آزمایا گیا تھا جس کے بعد ان کے خون میں اینٹی باڈیز پیدا ہوئی تھیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ دفاع کی فنڈنگ کی مدد سے وہ ویکسین کی تیاری اور اس کی ڈیوائس کی مینو فیکچرنگ کو مزید وسعت دیں گے۔

  • پناہ گزینوں کی مدد کے لیے سعودی عرب نے شاہی خزانوں کے منہ کھول دیے

    پناہ گزینوں کی مدد کے لیے سعودی عرب نے شاہی خزانوں کے منہ کھول دیے

    ریاض: اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب دنیا بھر میں پناہ گزینوں کی بے تحاشہ مدد کر رہا ہے، شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے ادارے کو 53 ملین ڈالر فراہم کیے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جی سی سی ممالک میں پناہ گزینوں کے بین الاقوامی ادارے کے نمائندے خالد خلیفہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے عالمی منصوبوں کو عطیات دینے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔

    خالد خلیفہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کا ماتحت ادارہ برائے پناہ گزین سعودی عرب کی شراکت سے دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے لیے فلاحی پروگرام چلا رہا ہے۔

    نمائندے کا کہنا ہے کہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارے کو 53 ملین ڈالر دیے جبکہ سعودی ترقیاتی فنڈ نے یمن میں بے گھر شہریوں نیز شام، صومالیہ، افغانستان اور روہنگیا کے پناہ گزینوں کے فلاحی منصوبوں کو فنڈ فراہم کیے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سنہ 2019 کے آخر میں پناہ گزینوں کی تعداد دنیا کی کل آبادی کا 1 فیصد تھی. گزشتہ برس کے آخر میں 79 ملین سے زائد افراد اپنے گھر، کاروبار، شہروں، بستیوں کو چھوڑنے پر مجبور کیے گئے۔

    یہ اعداد و شمار اقوام متحدہ کے ماتحت پناہ گزینوں کی ہائی کمشنری کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہیں، ان میں سے 85 فیصد ایسے ہیں جو اپنے ملکوں سے فرار ہو کر ترقی پذیر پڑوسی ممالک میں رہ رہے ہیں۔

    خالد خلیفہ نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب کے ساتھ ادارے کی شراکت جاری رہے گی اور مملکت کے تعاون کی بدولت دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

  • کروناوائرس: پاکستان کو امریکا سے کتنی امداد ملے گی؟

    کروناوائرس: پاکستان کو امریکا سے کتنی امداد ملے گی؟

    واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسدمجید خان نے کہا ہے کہ عالمگیر وبا کروناوائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکا پاکستان کو 21ملین ڈالر امداد دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجیدخان کا نیس ڈیک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت نے ضرورت مند افراد کی مالی امداد کے لیے متعدد اقدامات کیے، وبا سے پاکستان کی معاشی ترقی کے سفر کو دھچکا لگا، پاکستان نے آئی ایم ایف کی 1.4بلین ڈالر ریپڈفنانس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔

    انہوں نے کہا کہ جی 20ممالک سے قرض کی واپسی میں نرمی کے لیے سہولت حاصل کریں گے، ورلڈبینک نے بھی اس غیر معمولی صورت حال میں پاکستان کی مدد کی، امریکا نے پاکستان کو 10ترجیحی ممالک کی فہرست میں شامل کیا۔

    کروناوائرس: ’امریکا کی پاکستان کیلئے 80 لاکھ ڈالر سے زائد کی نئی امداد‘

    یاد رہے کہ اپنے ایک بیان میں پاکستان میں تعینات امریکی سفیر جونزپال نے کہا تھا کہ امریکا 80لاکھ ڈالر سے زائد کی نئی امداد کے ساتھ پاکستان کی مدد کررہا ہے، امریکا کرونا پھیلاؤ اور متاثرہ افراد کی دیکھ بھال میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، تمام تراخراجات امریکی عوام ادا کررہے ہیں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مالی معاونت متعدد امدادی سرگرمیوں کے لیے بروئےکار لائی جائے گی۔