Tag: امریکا افغان

  • امریکا نے فوجی طیارے کی تباہی کی تصدیق کر دی

    امریکا نے فوجی طیارے کی تباہی کی تصدیق کر دی

    واشنگٹن: امریکا کی جانب سے افغانستان میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے اپنے فوجی طیارے کی تباہی کی تصدیق کر دی ہے، امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ فوجی طیارہ افغان صوبے غزنی میں گر کر تباہ ہوا۔

    تاہم امریکی فوجی حکام نے طالبان کی جانب سے طیارے کو مار گرانے کے دعوے کی تردید کر دی ہے، حکام نے کہا کہ طیارے کے دشمن کے فائر سے تباہ ہونے کے کوئی اشارے نہیں ملے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز افغان طالبان نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے ملک کے مشرقی حصے میں امریکی فضائیہ کا طیارہ مار گرایا ہے جس کے نتیجے میں تمام سوار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    طالبان کا امریکی فضائیہ کا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

    افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا تھا کہ مشرقی حصے میں تباہ ہونے والا طیارہ امریکی فضائیہ کا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مقامی صحافی کا کہنا تھا کہ اس نے تباہ شدہ طیارے کا ملبہ دیکھا جس میں سے آگ نکل رہی تھی، ملبے کے ساتھ 2 جھلسی ہوئی لاشیں بھی جائے وقوع پر پڑی تھیں، طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا تھا اور اس کے ٹکڑوں پر امریکی فضائیہ کا مونوگرام نظر آ رہا تھا۔

    دوسری طرف ایک اعلیٰ ملٹری افسر نے طیارہ تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے خبررساں ادارے کو بتایا کہ امریکی فضائیہ کا طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔

  • امن معاہدے کا دار و مدار طالبان کی جنگ بندی پر ہے: زلمے خلیل زاد

    امن معاہدے کا دار و مدار طالبان کی جنگ بندی پر ہے: زلمے خلیل زاد

    واشنگٹن: امریکی امن مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ افغانستان کے حوالے سے کسی بھی امن ڈیل کا دار و مدار طالبان کی جانب سے فائر بندی پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ افغان امن عمل میں کسی معاہدے تک پہنچنے کا دار و مدار طالبان کی جانب سے جنگ بندی پر ہے۔

    اتوار کے روز خلیل زاد نے اپنے بیان میں کہا کہ طالبان کو مکمل فائر بندی اور ملک میں طویل عرصے سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرنا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان، دفترخارجہ میں وفود کی سطح پرمذاکرات

    افغانستان کے ایک نجی ٹی وی چینل سے اپنے انٹرویو میں زلمے خلیل زاد نے کہا کہ امریکا کی توجہ دہشت گردی کے خاتمے پر مرکوز ہے اور جب تک طالبان مکمل اور مستقل فائر بندی کا اعلان نہیں کرتے، کوئی بھی امن معاہدہ طے نہیں پا سکتا۔

    خیال رہے کہ آج زلمے خلیل زاد امریکی نائب وزیرِ خارجہ ایلس ویلز کے ساتھ وفود کی سطح پر پاک امریکا مذاکرات کے لیے پاکستان پہنچے تھے، انھوں نے دفتر خارجہ میں پاکستانی وفد کے ساتھ مذاکرات کیے۔

    پاک امریکا مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن وامان اور افغان مفاہمتی عمل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ 19 اپریل کو افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان قطر میں ہونے والے مذاکرات آخری لمحات میں منسوخ کردیے گئے تھے۔