Tag: امریکا ایران

  • امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کردیا

    امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کردیا

    واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی جنگی طیاروں نے ایران پر حملہ کردیا ہے، امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات تباہ کردیں۔

    سوشل میڈیا سائٹ ٹرتھ سوشل پر کی گئی پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ امریکا نے ایران کے جوہری تنصیبات پر حملہ کردیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایران کی 3 نیوکلیئر سائٹس پر کامیاب حملہ مکمل کرلیا ہے، امریکی طیاروں نے فردو، نظنز اور اصفہان میں نیوکلیئر پلانٹس کو نشانہ بنایا۔

    Trump Twieet

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی طیارے حملے کے بعد ایران کی فضائی حدود سے باہر آگئے ہیں، ایران کے فردو میں قائم مرکزی جوہری پلانٹ فردو پر کئی بم گرائے گئے، ایرانی کی جوہری تنصیبات پر حملے میں امریکی بی ٹو بمبار طیاروں  نے حصہ لیا۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں

    امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی اور فوج ایسا نہیں کر سکتی، امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں حملہ آور فوجیوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ
    اب امن کا وقت ہے۔

    ٹرمپ کا قوم سے خطاب کا اعلان

    امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ رات 10 بجے وائٹ ہاؤس میں قوم سے خطاب کروں گا، ایران کو اب اس جنگ کو ختم کرنے کیلئے راضی ہونا چاہیے، ایران میں کامیاب فوجی آپریشن امریکا، اسرائیل اور دنیا کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/trump-decide-israel-iran-war-2-weeks-white-house/

  • امریکا نے اپنے شہریوں کو ایران جانے سے روک دیا

    امریکا نے اپنے شہریوں کو ایران جانے سے روک دیا

    واشنگٹن : امریکا نے اپنے شہریوں کو ایران جانے سے روک دیا، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ امریکی شہری کسی بھی صورت ایران کا سفر نہ کریں۔

    یہ ہدایات انہوں نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران دیں، انہوں نے بتایا کہ امریکی شہری کسی بھی صورت ایران کا سفر نہ کریں بلکہ عراق کے سفر سے بھی گریز کریں۔

    امریکی محکمہ خارجہ نےامریکی شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی، پریس بریفنگ میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی شہریوں کی مدد کیلئے مڈل ایسٹ ٹاسک فورس قائم کردی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹاسک فورس اس مقصد کے لیے قائم کی گئی ہے کہ محکمہ خارجہ اور امریکی شہریوں کو وہ معلومات فراہم کی جا سکیں جن کی انہیں ضرورت ہو سکتی ہے۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق ٹیمی بروس نے کہا کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتے ہیں، ہم دنیا میں امن دیکھنا چاہتے ہیں۔

  • مشرق وسطیٰ میں نیا تنازعہ روکنے کی کوشش، امریکا ایران مذاکرات آج ہوں گے

    مشرق وسطیٰ میں نیا تنازعہ روکنے کی کوشش، امریکا ایران مذاکرات آج ہوں گے

    مشرق وسطیٰ میں نیا تنازعہ روکنے کی کوشش کیلئے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آج عمان میں ہوں گے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آج عمان میں ہوں گے، مذاکرات کا محور نئی نیوکلیئر ڈیل ہوگا۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی ایلچی اسٹیووٹکوف بلواسطہ مذاکرات کریں گے، دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ کا کہنا ہےکہ امریکا ایران براہ راست بات چیت ہوگی۔

    امریکی صدر کے مندوب برائے مشرق وسطیٰ اسٹیووٹکوف روس کے صدر سے ملاقات کے بعد ایرانی حکام سے مذاکرات کیلئے عمان پہنچ گئے۔

    اسٹیووٹکوف نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے معاملے پر صدر پیوٹن کی بھی مدد لی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے صدر ٹرمپ نے ایران کو جوہری پروگرام محدود کرنے کے لیے دو ماہ کی مہلت دی تھی، ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر بات چیت ناکام ہوئی تو فوجی کارروائی ہو گی جس کی اسرائیل قیادت کرے گا۔

    ’مذاکرات سے قبل جوہری بم نہیں بنانا چاہتے، ایران میں امریکا سرمایہ کاری کر سکتا ہے‘

  • مشرق وسطیٰ کی صورت حال سے فائدہ اٹھانے سے گریز کریں، امریکا کی ایران کو وارننگ

    مشرق وسطیٰ کی صورت حال سے فائدہ اٹھانے سے گریز کریں، امریکا کی ایران کو وارننگ

    واشنگٹن: امریکا نے ایران کو وارننگ دی ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال سے فائدہ اٹھانے سے گریز کرے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کے لیے مشرق وسطیٰ کی صورت حال سے فائدہ اٹھانے سے گریز کرے۔

    پینٹاگون کے ترجمان میجر جنرل پیٹرک رائڈر نے ایک بیان میں کہا کہ ایران اور ایرانی حمایت یافتہ شراکت داروں اور پراکسیوں کو مشرق وسطیٰ کی صورت حال سے فائدہ اٹھانے یا تنازع کو بڑھانے سے روکنے کے لیے امریکا پرعزم ہے۔

    پیٹرک رائڈر نے کہا ’’یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ اگر ایران، اس کے شراکت دار، یا اس کے پراکسی اس صورت حال کو امریکی اہلکاروں یا خطے میں اس کے مفادات کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، تو امریکا اپنے لوگوں کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا۔‘‘

    واضح رہے کہ ایران کو دھمکانے کے بعد امریکی فوج نے اتوار کے روز کہا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں اپنی فضائی موجودگی میں اضافہ کر رہی ہے، اور خطے میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کے لیے تیزی سے تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔ اس سے دو دن قبل جو بائیڈن نے پینٹاگون کو ہدایت کی تھی کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی فوج کی پوزیشن کو ایڈجسٹ کیا جائے۔

    کیا اسرائیل لبنان میں زمینی حملہ بھی کرنے والا ہے؟

    امریکی میڈیا کے مطابق محکمہ خارجہ نے ابھی تک لبنان سے انخلا کا حکم نہیں دیا ہے، لیکن گزشتہ ہفتے امریکی حکام نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ پینٹاگون چند درجن اضافی فوجی قبرص بھیج رہا ہے تاکہ لبنان سے امریکیوں کے انخلا سمیت حالات کی تیاری میں فوج کو مدد ملے۔ پینٹاگون نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر امریکی افواج کو تعینات کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

    سی این این کے مطابق ایک امریکی اہلکار نے اتوار کی رات کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ اسرائیل کے ہاتھوں حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد ایران کی طرف سے حملے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

  • امریکا نے ایران کو پھر حملے کی دھمکی دیدی

    امریکا نے ایران کو پھر حملے کی دھمکی دیدی

    امریکا نے ایران کو پھر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اپنے مفادات کو محفوظ بنانے کیے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    امریکی وزیرِ دفاع الائیڈ آسٹن کہتے ہیں کہ ایران کے بڑھتے ہوئے اثر رسوخ کو روکنے اور تنازع کو بڑھانے سے روکنے کے لیے پُر عزم ہیں، خطے میں اپنے مفادات کو محفوظ بنانے کیے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ ایران اور اس کے شراکت داروں پر واضر کر رہے ہیں کہ اگر امریکی اہلکاروں یا خطے میں مفادات کو نشانہ بنایا گیا تو امریکا ہر ممکن ضروری اقدام کرے گا۔

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے یہ کہا کہ اسرائیل کی سلامتی کے لیے امریکا کی حمایت ٹھوس ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

    خیال رہے کہ جمعہ کو لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ شہید ہوئے۔ ہفتے کو حزب اللہ نے سربراہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

    دوسری جانب حزب اللہ کو ایران کی حمایت حاصل ہے، ایران نے امریکا پر حسن نصر اللہ کے قتل میں ساتھی ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حسن نصر اللہ کا قتل بغیر کسی ردعمل کے نہیں گزرے گا۔

     ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل لبنان میں جو کچھ کر رہا ہے اس کی وجہ سے اسے سکون نہیں ملے گا۔

  • امریکا نے ایران کو خبردار کر دیا …

    امریکا نے ایران کو خبردار کر دیا …

    واشنگٹن: امریکا نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے کسی امریکی کو نشانہ بنایا تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے میڈیا بریفنگ میں کہا ایران کوئی غلطی نہ کرے، امریکا اپنے شہریوں کا تحفظ اور دفاع کرے گا۔

    جیک سلیوان نے ایران کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ایران نے ایسے وقت پابندیاں لگائیں جب تہران نواز پراکسی ملیشیا مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجیوں پر مسلسل حملے کر رہی ہے، لیکن امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایران کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دے گا۔

    واضح رہے کہ ایران نے جنرل قاسم پر حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی سمیت 50 سے زائد امریکیوں پر گزشتہ روز پابندیاں لگائی تھیں۔

    ایران کا امریکی فوج کے اعلیٰ افسران سے متعلق بڑا فیصلہ

    پابندی کے فیصلے کے تحت ایران میں موجود جنرل مارک ملی سمیت 50 ‏سے زائد امریکیوں کے اثاثے ضبط کیے جائیں گے، مذکورہ افراد پر پابندی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں ملوث اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر عائد کی گئی ‏ہے، اس حوالے سے ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پابندی والے افراد میں دہشت گردی کو بڑھاوا دینے والے بھی ‏شامل ہیں۔

    وزارت خارجہ نے بیان میں بتایا کہ جن افراد پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں زیادہ تر کا تعلق امریکی فوج ‏سے ہے۔

  • ٹرمپ کا ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے لیے مشورہ مانگنے کا انکشاف

    ٹرمپ کا ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے لیے مشورہ مانگنے کا انکشاف

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ انھوں نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے لیے قومی سلامتی کے مشیروں سے مشورہ مانگا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام نے بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ جمعرات کو قومی سلامتی کے مشیروں سے ایران کے بڑھتے ہوئے نیوکلیئر پروگرام کو روکنے کے لیے ایران پر حملے سے متعلق آپشنز کے بارے میں مشورہ مانگا تھا۔

    تاہم مشیروں نے صدر ٹرمپ کو ایران پر حملے سے روک دیا تھا، انھوں نے متنبہ کیا کہ اس طرح صدارتی عہدے پر ان کے آخری ہفتوں کے دوران وہ ایک بڑے تنازعے میں پھنس جائیں گے۔

    یہ مشورہ صدر ٹرمپ نے جمعرات کے روز اوول آفس کے اجلاس میں سینئر مشیروں سے مانگا تھا، انھوں نے پوچھا کہ آیا ان کے پاس آئندہ ہفتوں میں ایران کے مرکزی جوہری سائٹ کے خلاف کارروائی کرنے کا آپشن موجود ہے؟

    امریکی عہدے داروں کا کہنا تھا کہ یہ اجلاس ایٹمی مواد کے امریکی ذخیرے میں میں نمایاں اضافے کے ایک روز بعد ہوا۔

    ان مشیروں میں نائب صدر مائیک پنس، سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو، قائم مقام سیکریٹری دفاع کرسٹوفر سی ملر، اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف مارک میلی شامل تھے، انھوں نے ٹرمپ کو خبردار کیا آخری ہفتوں میں فوجی حملہ بڑے تنازعے کی صورت اختیار کر جائے گا۔

  • امریکا نے معافی مانگنے کا تاریخی موقع گنوا دیا: حسن روحانی

    امریکا نے معافی مانگنے کا تاریخی موقع گنوا دیا: حسن روحانی

    تہران: ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں پر کہا ہے کہ امریکا نے ایران سے معافی مانگنے کا تاریخی موقع گنوا دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی پابندیاں کرونا وائرس کے خلاف ایرانی کوششوں کو نقصان نہیں پہنچا سکیں، امریکا نے ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے اور معافی مانگنے کا تاریخی موقع گنوا دیا۔

    حسن روحانی نے کہا کہ پابندیوں کے باوجود تہران کی وائرس کے خلاف مہم متاثر نہیں ہوئی ہے۔ انھوں نے کابینہ ویڈیو میٹنگ میں کہا کہ کرونا کی وبا امریکیوں کے لیے ایک اہم موقع تھا کہ وہ معافی مانگتے، اور ایران پر سے غیر منصفانہ پابندیاں ہٹائی جاتیں، انھیں چاہیے تھا کہ ایرانیوں کو باور کراتے کہ وہ ان کے خلاف نہیں ہیں۔

    کرونا سے نبرد آزما ایران پر امریکا نے مزید پابندیاں لگادیں

    خیال رہے کہ کرونا وائرس سے اموات کی تعداد کے لحاظ ایران دنیا میں چھٹے نمبر پر آ چکا ہے، جہاں وائرس سے 3,036 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ 47,593 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 136 افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ دوسری طرف تشویش ناک امر یہ ہے کہ 3,800 ایسے مریض ہیں جن کی حالت نازک قرار دی جا رہی ہے۔

    ادھر امریکا کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کے لحاظ سے دنیا کا نمبر ایک ملک بن چکا ہے، جب کہ اموات کے لحاظ سے تیسرا ملک بن چکا ہے۔ امریکا میں کرونا وائرس سے اب تک 4,059 افراد ہلاک، جب کہ 188,639 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ 4,576 ایسے مریض ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے۔

  • پینٹاگون نے 22 دن بعد ایرانی حملے میں زخمی امریکی فوجیوں کی اصل تعداد بتا دی

    پینٹاگون نے 22 دن بعد ایرانی حملے میں زخمی امریکی فوجیوں کی اصل تعداد بتا دی

    واشنگٹن: امریکا نے آخر کار اقرار کر لیا ہے کہ 8 جنوری کو بغداد میں فوجی اڈوں پر ہونے والے ایرانی حملوں میں اس کے فوجی زخمی ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پینٹاگون نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 جنوری کو عراق میں فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، ایران کے ان میزائل حملوں میں 50 امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون نے کہا کہ ایرانی حملے میں زخمی ہونے والے امریکی فوجیوں کا علاج عراق، کویت، اور جرمنی میں ہوا تھا، حملے میں زیادہ تر فوجیوں کو سر میں چوٹ لگی تھی، متعدد امریکی فوجی علاج کے بعد ڈیوٹی پر واپس آ چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ ایران نے امریکا کے خلاف کارروائی جنرل سلیمانی کی موت کے رد عمل میں کی تھی، امریکی صدر ٹرمپ نے حملوں میں کسی فوجی کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی تردید کی تھی، تاہم 17 جنوری کو امریکی فوجی حکام نے اعتراف کیا تھا کہ ایرانی حملے میں 11 امریکی فوجی زخمی ہوئے جنھیں کویت اور جرمنی کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ دوسری طرف ایرانی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملوں میں 80 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    ایران نے امریکا پر جوابی وار کر دیا، فوجی اڈوں پر دو بڑے حملوں میں 80 ہلاک

    فوجی اڈے عین الاسد کے امریکی اہل کاروں نے حملے کے بعد بتایا تھا کہ وہ حملے کے وقت پانچ گھنٹوں تک بنکروں میں چھپے رہے، اور ان خوف ناک حملوں میں ان کا محفوظ رہنا کسی معجزے سے کم نہیں تھا، امریکی فضائیہ کی افسر لیفٹیننٹ کرنل اسٹیکی کولیمین نے حملہ حیران کن قرار دیا اور کہا کہ حملے سے چند گھنٹے قبل ہی نوٹی فکیشن موصول ہوا تھا کہ بیس پر حملے کا خدشہ ہے اور تین گھنٹے بعد بم باری شروع ہو گئی۔

  • ایران نے امریکی حملہ بے وقوفانہ قرار دے دیا، اسرائیل میں ہائی الرٹ

    ایران نے امریکی حملہ بے وقوفانہ قرار دے دیا، اسرائیل میں ہائی الرٹ

    تہران: ایران نے عراق میں بغداد ایئرپورٹ پر امریکی فضائی حملے کو بے وقوفانہ قرار دے دیا، دوسری طرف اسرائیل میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکی حملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی پر حملہ کر کے امریکا نے خطرناک اور بے وقوفانہ حرکت کی ہے۔

    جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایرانی جنرل کو نشانہ بنا کر عالمی دہشت گردی کی ہے، امریکا کو اپنی سرکش مہم جوئی کے نتائج کی ذمہ داری خود اٹھانے پڑے گی، امریکا کا اقدام خطرناک، احمقانہ اور کشیدگی کو بڑھانے والا ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے بھی امریکی حملے کی مذمت کر دی ہے، امریکی حملے کے خلاف ایران میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا۔

    ایران نے تہران میں سوئٹزر لینڈ کے سفیر کو بھی طلب کر لیا ہے، سوئس سفیر تہران میں امریکا کے نمایندے کے طور پر موجود ہیں۔

    تازہ ترین:  بغداد ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملہ، ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک

    دوسری طرف امریکی حملے میں ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی موت کے بعد اسرائیل میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ عراق کے شہر بغداد کے ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، فضائی حملے میں ہلاک جنرل قاسم سلیمانی القدس فورس کے سربراہ تھے، عراقی میڈیا کا کہنا ہے کہ دیگر ہلاک شدگان میں ایران نواز ملیشیا الحشد الشعبی کا رہنما بھی شامل ہے۔

    ادھر واشنگٹن میں پینٹاگون نے بھی جنرل سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر ایرانی جنرل کو نشانہ بنایا گیا، یہ کارروائی ایران کو مستقبل میں حملوں سے روکنے کے لیے کی گئی ہے۔