Tag: امریکا سعودی عرب

  • پاک بھارت کشیدگی، مارکو روبیو کا شہزادہ فیصل سے اہم رابطہ

    پاک بھارت کشیدگی، مارکو روبیو کا شہزادہ فیصل سے اہم رابطہ

    واشنگٹن: پاک بھارت کشیدگی کے درمیان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل سے اہم رابطہ کیا ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مارکو روبیو اور سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل کے درمیان رابطہ ہوا ہے، جس میں وزرائے خارجہ کے درمیان پاک بھارت صورت حال پر گفتگو ہوئی۔

    ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا، وزرائے خارجہ نے علاقائی سلامتی کے معاملات پر بھی بات چیت کی۔

    عرب نیوز نے رپورٹ کیا کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کے روز سیکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو سے فون پر بات چیت کے دوران امریکا کے ساتھ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ لیا۔


    بھارتی حملوں کا جواب دینے کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن شروع، پاکستانی ہائی کمشنر کا اسکائی نیوز کو انٹرویو


    سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حکام نے تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی عرب اگلے ہفتے مشرق وسطیٰ کے دورے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا استقبال کرنے والا ہے۔ ایک الگ فون کال میں نائب وزیر خارجہ ولید الخرائجی نے امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لنڈاؤ کے ساتھ مشترکہ دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق سیکریٹری اور سعودی وزیر خارجہ نے علاقائی سلامتی کے معاملات، اقتصادی امور اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سیکریٹری روبیو نے شام میں استحکام، سوڈان میں لڑائی روکنے، لبنان کے ساتھ مسلسل روابط اور بحیرہ احمر کے مسائل پر سعودی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔

    سیکریٹری روبیو نے صدر ٹرمپ کے مملکت کے آئندہ دورے اور امریکا سعودی تعلقات کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

  • جوہری توانائی: امریکا کی سعودی عرب کو پیشکش

    جوہری توانائی: امریکا کی سعودی عرب کو پیشکش

    ریاض: امریکا نے سعودی عرب کو توانائی کے جوہری منصوبے کے لیے تعاون کی پیشکش کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب سویلین جوہری پروگرام تیار کر رہا ہے، اور اس میں تیکنیکی معاونت کے لیے بولی لگانے والوں ممالک میں امریکا کو ترجیح دی جائے گی۔

    سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کے ساتھ گزشتہ روز ایک مشترکہ پریس کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ کچھ اور ممالک بھی بولی لگا رہے ہیں، اور ہم دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنا پروگرام وضع کرنا چاہتے ہیں۔

    انھوں نے کہا امریکا کے ساتھ بعض امور پر ہمارے اختلافات ہیں، لیکن ہم ایک ایسا طریق کار تلاش کرنے پر کام کر رہے ہیں جس کے ذریعے ہم سویلین جوہری ٹیکنالوجی پر مل کر کام کر سکیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب نے اپنے پاس موجود یورینیم کو افزودہ کرنے اور پھر ایندھن فروخت کرنے کے لیے امریکی ٹیکنالوجی کی درخواست کی ہے، بصورت دیگر وہ مدد کے لیے چین، روس یا فرانس کی طرف دیکھ سکتے ہیں۔

  • امریکا سعودی عرب سے زیادہ دیر ناراض نہ رہ سکا، اہم بیان

    واشنگٹن: امریکا سعودی عرب سے زیادہ دیر ناراض نہ رہ سکا، امریکا کی جانب سے شراکت داری کی خواہش کا اظہار سامنے آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے کئی تجارتی معاہدے کرنے اور تیل پیداوار نہ بڑھانے پر سعودی عرب سے ناراض امریکا نے پھر سعودی عرب سے اسٹریٹیجک شراکت داری کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔

    مشیر قومی سلامتی کونسل اسٹریٹجک کمیونیکیشن کوآرڈینیٹر جان کربی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ امریکا کے 80 سال سے زائد پرانے تعلقات ہیں، جنھیں عوامی مفاد میں جاری رہنا چاہیے۔

    جان کربی نے العربیہ چینل کے ساتھ ایک انٹرویو میں زور دے کر کہا کہ امریکا اس تعلقات کو اس طرح برقرار رکھنے کا خواہاں ہے جو امریکی عوام کے مفادات اور قومی سلامتی کے حق میں ہوں۔

    انھوں نے کہا بائیڈن انتظامیہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں استحکام کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے کمانڈر جنرل مائیکل کوریلا نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ امریکا اور سعودی فوجی تعلقات مضبوط ہیں، انھوں نے کہا کہ یہ مشرق وسطیٰ کے خطے میں مستقل سلامتی اور استحکام کے لیے ضروری ہیں۔

  • ’بائیڈن سعودی عرب کو جواب دینے میں وقت لیں گے‘

    ’بائیڈن سعودی عرب کو جواب دینے میں وقت لیں گے‘

    واشنگٹن: امریکی قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا ہے کہ جو بائیڈن سعودی عرب کو جواب دینے میں وقت لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ا ور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں فوری بہتری کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا امریکی صدر بائیڈن سعودی عرب کا جواب دینے میں حکمتِ عملی سے کام لیں گے، بائیڈن سعودی عرب سے تعلقات پر کانگریس سے بھی مشاورت کریں گے، اور فیصلے میں وقت لگے گا۔

    جیک سلیوان نے بتایا کہ سعودی عرب کے خلاف جن آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے ان میں امریکی سیکیورٹی امداد میں تبدیلی شامل ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جی ٹوئنٹی اجلاس میں جو بائیڈن کی سعودی ولی عہد وزیرِ اعظم شہزادہ سلمان سے ملاقات کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    سعودی ولئ عہد کا یوکرین کی مدد کے لیے بڑے پیکج کا اعلان

    ادھر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے یوکرین کی جنگ میں سعودی عرب کے روس کے ساتھ کھڑے ہونے کے الزمات پر حیرت کا اظہار کیا ہے، عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر دفاع نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’کچھ لوگ سعودی عرب پر روس کے ساتھ کھڑے ہونے کا الزام لگا رہے ہیں۔‘

    انھوں نے لکھا ’اس حقیقت کے باوجود کہ اوپیک پلس کی طرف سے پانچ اکتوبر کو تیل کی پیداوار میں یومیہ 2 ملین بیرل کمی کا فیصلہ متفقہ اور خالصتاً اقتصادی وجوہ کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔‘