Tag: امریکا طالبان

  • امریکا طالبان مذاکرات کا دوسرا دور اگلے ہفتے ہوگا

    امریکا طالبان مذاکرات کا دوسرا دور اگلے ہفتے ہوگا

    واشنگٹن: امریکا طالبان مذاکرات کا دوسرا دور اگلے ہفتے قطر میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات اگلے ہفتے دوبارہ ہوں گے، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے ایک بیان میں کہا کہ طالبان سے اگلے ہفتے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات ہوں گے۔

    انھوں نے کہا دونوں فریق "ہمارے اہم قومی مفادات” پر تبادلہ خیال کریں گے جن میں داعش اور القاعدہ کے خلاف انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں، انسانی امداد، افغانستان کی تباہ حال معیشت، امریکی شہریوں اور افغانوں کے لیے افغانستان سے نکلنے کا محفوظ راستہ دینا شامل ہیں، وہ افغان جنھوں نے گزشتہ 20 سالہ جنگ کے دوران امریکا کے لیے کام کیا۔

    نیڈ پرائس کے مطابق امریکی وفد کی قیادت افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی ٹام ویسٹ کریں گے، انھوں نے بتایا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات 2 ہفتے تک جاری رہیں گے۔

    کابل کے مجاہدین بازار میں دھماکا، طالبان کمانڈرز نشانہ بن گئے

    واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور 9 اور 10 اکتوبر کو دوحہ میں ہو چکا ہے، جب کہ دو ہفتے قبل ٹام ویسٹ پاکستان میں طالبان کے نمائندوں سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔

    جمعے کو ٹام ویسٹ نے طالبان کے لیے امریکی مالی اور سفارتی مدد حاصل کرنے کے لیے امریکی شرائط کا اعادہ کیا، ان شرائط میں دہشت گردی سے لڑنا، ایک جامع حکومت قائم کرنا، اقلیتوں، خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کا احترام کرنا، اور تعلیم اور روزگار تک مساوی رسائی فراہم کرنا شامل ہیں۔

  • انس حقانی سمیت تین سینئر طالبان رہنماؤں کی رہائی

    انس حقانی سمیت تین سینئر طالبان رہنماؤں کی رہائی

    کابل: افغان حکام نے دو غیرملکی مغوی پروفیسروں کے بدلے انس حقانی سمیت تین سینئر ترین طالبان رہنماؤں کو رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان کے ہاتھوں اغوا کیے گئے پروفیسروں کا تعلق آسٹریلیا اور امریکا سے ہے، جن کی رہائی کے بدلے حکام نے انس حقانی سمیت تین طالبان جنگجوؤں کو آزاد کیا، طالبان رہنما بگرام جیل میں قید تھے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے طالبان رہنماؤں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگجوؤں کی رہائی کا مقصد مذاکرات کے لیے راہیں ہموار کرنا ہے۔ رہا پانے والے رہنماؤں میں انس حقانی، حاجی ملک اور حافظ رشید شامل ہیں جنہیں 2014 میں اہم کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

    انس حقانی کمانڈر سراج الدین حقانی کا بھائی ہے، اس کا شمار حقانی نیٹ ورک کے سرکردہ رہنماؤں میں ہوتا ہے۔

    امریکی پروفیسر کا نام کیون کنگ اور آسٹریلوی پروفیسر کا نام ٹموتھی ویکز ہے جو کابل میں امریکی یونی ورسٹی کے اساتذہ تھے اور 2016 میں انہیں کابل میں امریکی یونی ورسٹی کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی تھی جس کے بعد 200 سے زائد طالبان جنگجوؤں کی رہائی عمل میں آئی تھی۔

    زلمے خلیل زاد کی افغان صدر سے ملاقات، درجنوں‌ طالبان جنگجوؤں کی رہائی

    یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات منسوخ کردیے تھے۔ انہوں نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا تھا، ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کابل حملے کے بعد منسوخ کیے گئے ہیں جس میں ایک امریکی فوجی سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔