Tag: امریکا عراق

  • کیا امریکا اور اتحادیوں نے عراق سے بھی انخلا کر لیا؟

    کیا امریکا اور اتحادیوں نے عراق سے بھی انخلا کر لیا؟

    بغداد: عراقی سیکیورٹی ایڈوائزر نے کہا ہے کہ امریکا نے اتحادیوں کے ساتھ عراق میں جنگی مشن ختم کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق کے سلامتی مشیر کی جانب سے امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مشن ختم کر کے انخلا کرنے کا بیان سامنے آیا ہے۔

    لیکن کیا امریکا اور اتحادیوں نے واقعی عراق سے بھی انخلا کر لیا ہے؟ اگرچہ سلامتی مشیر نے تو کہا ہے کہ امریکا اور اتحادی فورسز نے ملک سے انخلا کر لیا ہے، تاہم امریکا کی جانب سے عراق سے انخلا کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا اور اتحادی فورسز عراق میں داعش کے خلاف کارروائی کر رہی تھیں۔

    ادھر عراقی سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ بدھ کے روز حکومت نے داعش کے 100 عراقی جنگجوؤں کو وطن واپس بلا لیا ہے جو شمال مشرقی شام میں کرد فورسز کے زیر حراست تھے۔

    عراق میں بم دھماکے بدستور جاری ہیں، عراقی فوج کے مطابق عراق کے جنوبی شہر بصرہ کے مرکز میں منگل کو ہونے والے ایک موٹرسائیکل دھماکے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بدھ کے روز عراق میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے، جن میں درجنوں افراد ہلاک یا زخمی ہوئے، ان حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔

  • عراق سے چرائی گئی قدیم تختی امریکا نے لوٹا دی

    عراق سے چرائی گئی قدیم تختی امریکا نے لوٹا دی

    واشنگٹن: امریکا نے ساڑھے تین ہزار سال پرانا کتبہ عراق کو واپس کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ایک تقریب میں 30 سال قبل عراق کے ایک عجائب گھر سے چرائی گئی قدیم تختی ‘گلگامش ٹبیلٹ’ عراقی حکومت کو واپس کر دی گئی۔

    یہ ایک قدیم بادشاہ کی لائبریری کے کھنڈرات میں دریافت ہونے والی 3500 سال پرانی مٹی کی تختی ہے، 1.7 ملین ڈالر مالیت کی یہ تختی1853 میں قدیم بادشاہ کی لائبریری سے ملنے والی 12 تختیوں کے ذخیرے کا حصہ ہے۔

    مٹی سے بنی اس گلگامش ٹیبلٹ پر سمیری زبان میں تحریر کندہ کی گئی ہے، جسے دنیا کا قدیم ترین مذہبی متن سمجھا جاتا ہے۔

    خلیج جنگ کے ابتدا میں اسے عراق سے چوری کر کے لایا گیا تھا اور یہ ہابی لابی کو فروخت کر دیا گیا تھا، تاہم امریکی محکمہ انصاف نے اسے چوری کا قرار دیا، اس لیے اسے اب واپس کیا جا رہا ہے۔ ہوم لینڈ سیکورٹی انویسٹی گیشنز کے ساتھ وفاقی ایجنٹوں نے اس تختی کو ستمبر 2019 میں میوزیم سے ضبط کر لیا تھا۔

    گزشتہ ماہ بھی امریکا نے 17 ہزار قدیم نوادرات عراق کو واپس کی تھیں، چوری کی گئی نوادرات میں قدیم عراقی تہذیب کی ہزاروں اشیا شامل تھیں، انھیں غیر قانونی خریداروں سے بازیاب کرایا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ عراق میں ہزاروں قیمتی نوادرات داعش کے ہاتھوں بھی تباہ ہو چکی ہیں، نوادرات کی واپسی امریکا کی جانب سے قیمتی اثاثوں کو ان کے آبائی ممالک کو واپس پہنچانے کی ایک کوشش کا حصہ ہے۔