Tag: امریکا فائرنگ

  • امریکا میں فائرنگ کے مسلسل واقعات کے بعد ’گن کنٹرول‘ کے حوالے سے اچھی خبر

    امریکا میں فائرنگ کے مسلسل واقعات کے بعد ’گن کنٹرول‘ کے حوالے سے اچھی خبر

    واشنگٹن: امریکا میں 30 سال بعد حکومت اور اپوزیشن گن کنٹرول کے لیے قانون سازی پر متفق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں فائرنگ کے مسلسل واقعات کے بعد ‘گن کنٹرول’ کے حوالے سے اچھی خبر آ گئی ہے، حکومت اور اپوزیشن گن کنٹرول کے لیے قانون سازی پر متفق ہو گئے۔

    ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز سینیٹرز نے گن کنٹرول کے ایک بل کے مسودے پر اتفاق کر لیا ہے، دونوں جماعتوں کے 20 سینیٹرز پر مشتمل کمیٹی نے مذاکرات میں حصہ لیا۔

    مجوزہ مسودے میں اسلحہ خریدنے کے لیے 21 سال عمر، اور سخت بیک گراؤنڈ چیک شامل ہیں، اسلحہ اسمگلروں کے لیے سخت سزا مقرر کی گئی ہے جب کہ گھریلو تشدد میں ملوث افراد کے اسلحہ خریدنے پر پابندی عائد ہوگی۔

    گن کنٹرول کے اس مسودے کو باقاعدہ قانون بنانے کے لیے کانگریس کے دونوں ایوانوں سے اس کی منظوری تاحال باقی ہے، تاہم اگلے ہفتے اس پر دستخط کیے جا سکتے ہیں، خیال رہے کہ امریکا میں فائرنگ کے مسلسل واقعات کے بعد گن کنٹرول کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

    ڈیموکریٹ رہنما اور پاکستان کاکس کے رکن ڈاکٹر آصف ریاض قدیر کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ گن کنٹرول کے لیے قانون سازی پر اتفاق ایک بڑی کامیابی ہے۔

    اگرچہ مجوزہ بل میں موجود تجاویز اس سے کہیں کم ہیں، جن کا مطالبہ بہت سے ڈیموکریٹس اور کارکنوں نے بڑے پیمانے پر فائرنگ کے بعد کیا، تاہم بل میں 21 سال سے کم عمر خریداروں کے لیے پس منظر کی سخت جانچ کو شامل کر دیا گیا ہے۔

    اس بل میں ریاستوں کو "ریڈ فلیگ” قوانین پر عمل درآمد کرنے کی ترغیب دینے کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے، تاکہ ان لوگوں سے آتشیں اسلحہ لیا جا سکے جنھیں خطرہ سمجھا جاتا ہے۔ اس ایکٹ میں دماغی صحت کے پروگراموں اور اسکول سیکیورٹی اپ گریڈ کے لیے بھی وفاقی فنڈنگ میں 15 ارب ڈالر کا مطالبہ شامل کیا گیا ہے۔

  • امریکا کے 2 بڑے شہروں میں اندھا دھند فائرنگ سے 6 ہلاک، متعدد زخمی

    امریکا کے 2 بڑے شہروں میں اندھا دھند فائرنگ سے 6 ہلاک، متعدد زخمی

    ٹینیسی: امریکا میں فائرنگ کے واقعات نہ تھم سکے، 2 بڑے شہروں میں اندھا دھند فائرنگ سے 6 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی میں فائرنگ کے تازہ ترین واقعے میں 3 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے ہیں، اس سے قبل ایک ہی روز ریاست فلاڈیلفیا کی پُر ہجوم ساؤتھ اسٹریٹ میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

    امریکا میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ، اس بار اسپتال نشانہ، 4 ہلاک

    مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ کا تازہ واقعہ ریاست ٹینیسی کے شہر چٹانوگا کے ایک نائٹ کلب میں اتوار کو صبح سویرے پیش آیا، کچھ شہری گولیاں لگنے سے جب کہ کچھ فرار ہوتی گاڑیوں کے ذریعے کچل کر زخمی ہوئے۔

    مقامی پولیس کے مطابق مجموعی طور پر 14 متاثرین کو گولیاں لگیں جب کہ 3 دیگر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والی گاڑیوں سے ٹکرائے، 3 اموات میں سے 2 گولیاں لگنے سے ہوئیں اور ایک گاڑی سے کچلے جانے کی وجہ سے ہوئی۔

    امریکا میں مسلح افراد کی فائرنگ کا ایک اور واقعہ، 3 ہلاک، 11 زخمی

    پولیس کا خیال ہے کہ اس حملے میں متعدد قسم کے آتشیں اسلحہ استعمال کرنے والے متعدد شوٹر ملوث تھے، کوئی مشتبہ شخص حراست میں نہیں لیا جا سکا، نہ ہی پولیس نے ابھی تک کسی ممکنہ مشتبہ یا متاثرین کی شناخت کی، فائرنگ کا مقصد بھی واضح نہیں ہو سکا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ریاست فلاڈیلفیا کی پُر ہجوم ساؤتھ اسٹریٹ میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے تھے، حملہ آور پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی فرار ہو گیا تھا، پولیس نے جائے وقوعہ سے 2 بندوقیں اور تین سو گولیوں کے خول برآمد کیے۔

  • امریکا: تین شہروں میں دہشت پھیلانے والے لڑکے نے پولیس بیان میں عجیب بات بتا دی

    امریکا: تین شہروں میں دہشت پھیلانے والے لڑکے نے پولیس بیان میں عجیب بات بتا دی

    ایریزونا: امریکی ریاست ایریزونا کے علاقے فینکس میں 90 منٹ ڈرائیو کے دوران فائرنگ کے واقعے نے تین شہروں میں چند گھنٹوں کے اندر دہشت پھیلا دی تھی، پولیس نے فائرنگ کرنے والے 19 سالہ لڑکے کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایریزونا کے بلدیہ فینکس میں فائرنگ واقعے کی فرد جرم ایک نوجوان پر عائد کر دی گئی ہے، حکام نے بتایا ہے کہ جمعرات کے روز ہونے والے اس واقعے میں 1 شخص ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوئے تھے۔

    عدالت میں پیش کردہ پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایریزونا کے لڑکے 19 سالہ اشین ٹرائیکاریکو نے فینکس میں سڑکوں پر تین گھنٹوں تک ڈرائیو کرتے ہوئے جگہ جگہ فائرنگ کی، جس سے ایک شخص ہلاک ہوا، اور ایک درجن لوگ زخمی ہوئے۔

    جمعے کو جمع کرائے گئے عدالتی کاغذات کے مطابق لڑکے نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ سمجھ رہا تھا کہ ایک اور جگہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہونے کی وجہ سے لوگ اس کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔

    لڑکے پر عدالت میں جمعرات کو تین شہروں میں کم از کم 8 مقامات پر ایک سفید ایس یو وی گاڑی سے دیگر گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں پر فائرنگ کرنے کا فرد جرم عائد کر دیا گیا، اس واقعے نے پورے علاقے میں ہر طرف دہشت پھیلا دی تھی۔

    ٹرائیکاریکو نے پولیس بیان میں کہا کہ فینکس میں ایک ماہ قبل وہ سیکورٹی گارڈ کی ڈیوٹی کے دوران فائرنگ کے ایک واقعے میں ملوث تھا، اس وجہ سے وہ سمجھ رہا تھا کہ لوگ اس کے پیچھے ہیں، آس پاس چلنے والی ہر گاڑی سے ہر آدمی اس کی طرف پستول تانے دکھائی دیتا تھا۔

    انیس سالہ لڑکے کو عدالت میں پیشی کے بعد جیل بھیج دیا گیا ہے۔

  • امریکا: فائرنگ کے واقعات میں 3 پولیس اہلکار اور 2 خواتین ہلاک

    امریکا: فائرنگ کے واقعات میں 3 پولیس اہلکار اور 2 خواتین ہلاک

    فلوریڈا+لوزیانہ: امریکا میں فائرنگ کے دو واقعات میں تین پولیس اہلکار اور دو خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

    پہلے واقعے میں ایک مسلح شخص نے نجی اسپتال میں گھس کر فائرنگ کرکے دو خواتین مریض اور ملازم کو قتل کردیا،پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لےلیا۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح اسپتال کی تیسری منزل پر پیش آیا، اسپتال کینیڈی اسپیس سینٹر کے نزدیک واقع ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق دونوں افراد خواتین ہیں، اسپتال کے دو سیکیورٹی گارڈز نے ملزم کو پکڑاجس کے دیگر افراد کی جانیں بچانے میں مدد ملی۔

    پولیس نے جاں بحق خواتین اور حملہ آورکے ناموں سے میڈیا کو آگاہی فراہمی نہیں کی،حملے کے بعد کچھ گھنٹوں بند رہنے والا اسپتال دوبارہ کھل گیا ہے، پولیس واقعے سے متعلق جلد میڈیا کو آگاہی فراہم کرے گی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق دوسرا واقعہ ریاست لوزیانا میں پیش آیا جہاں بیٹن روگ شہر میں تین پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا ۔امریکی میڈیا کو فائرنگ کے واقعے کی تفصیلات نہ مل سکیں تاہم پولیس حکام کے مطابق صورتحال کنٹرول میں ہے۔

    USA1

    پولیس حکام نے کہا ہے کہ صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے لیکن اس کے ساتھ انھوں نے شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی تاکید کی ہے۔

    USA2

    یاد رہے کہ حال ہی میں پولیس کے ہاتھوں شہر میں ایک سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے، امریکی شہر ڈیلس میں پولیس کے ہاتھوں دو سیاہ فام افراد کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران فائرنگ کر کے پانچ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔