Tag: امریکا میں احتجاج

  • غزہ میں اسرائیلی حملوں کے خلاف امریکا کے مختلف شہروں میں شدید رد عمل

    غزہ میں اسرائیلی حملوں کے خلاف امریکا کے مختلف شہروں میں شدید رد عمل

    نیویارک: دنیا بھر میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرے جاری ہیں، غزہ میں اسرائیلی حملوں کے خلاف امریکا کے مختلف شہروں میں بھی شدید ردِ عمل سامنے آ رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف امریکا کے اندر شدید احتجاج جاری ہے، گزشتہ روز بھی نیویارک، شکاگو اور لاس اینجلس میں سخت احتجاج کیا گیا۔

    نیویارک میں مظاہرین نے جے ایف کینیڈی ایئر پورٹ کے راستے بند کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا، راستے بلاک ہونے سے مسافروں کو ایئر پورٹ پہنچنے میں دقت پیش آئی، کچھ مظایرین یونین اسٹیشن کے باہر جمع ہوئے اور فلسطین کی آزادی کے نعرے لگائے۔ تاہم پولیس نے مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔

    شکاگو میں ٹرک ڈرائیورز نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ریلی نکالی، سوئیڈن میں بھی سخت سردی اور برفباری کے باوجود مظاہرین فلسطینی جھنڈے تھامے اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔

    انڈونیشیا میں ہزاروں افراد نے ٹُک ٹُک پر فلسطینی جھنڈے سجا لیے، ملائیشیا میں اسرائیلی مخلاف ریلی میں ملائیشیائی وزیرِ اعظم نے بھی شرکت کی، وزیرِ اعظم انور ابراہیم نے اسرائیل کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ میں بچوں کا قتلِ عام کر رہا ہے۔

  • امریکی پولیس مظاہرین پر تیز آواز اور روشنی والے گرنیڈ پھینکنے لگی

    امریکی پولیس مظاہرین پر تیز آواز اور روشنی والے گرنیڈ پھینکنے لگی

    واشنگٹن: امریکا میں نسلی امتیاز کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی فوجی دستے واپس بھیجے جائیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کے پولیس اہل کار کے ہاتھوں قتل کے بعد نسلی امتیاز کے خلاف شروع ہونے والا احتجاجی سلسلہ ختم نہ ہو سکا، ریاست اوریگان کے شہر پورٹ لینڈ اور واشنگٹن اسٹیٹ کے شہر سیاٹل میں ایک بار پھر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوئی ہیں۔

    مظاہرین نے پولیس کی فنڈنگ ختم کرنے اور وفاقی فوجی دستے واپس بھیجنے کا مطالبہ کر دیا ہے، ڈیموکریٹ پارٹی کا کہنا ہے کہ فوجی دستے طاقت کا استعمال کر کے شہریوں کو مشتعل کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پُر تشدد احتجاجی مظاہروں کو جرم قرار دے چکے ہیں، ٹرمپ نے پُر تشدد احتجاج کو روکنے کے لیے کئی شہروں میں وفاقی فوجی دستے بھیجے تھے، ادھر ڈیموکریٹ گورنرز اور میئرز نے بھی فوجی دستے واپس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    دوسری طرف شہر سیاٹل میں بڑے احتجاجی مظاہروں کے بعد شہری انتظامیہ نے مظاہروں کو فساد قرار دے دیا ہے، مظاہرین نے احتجاج کے لیے ایک بڑا علاقہ ایک ہفتے سے گھیرا ہوا ہے، جسے خالی کرانے کے لیے پولیس نے مظاہرین پر فلیش بینگ گرنیڈ اور مرچوں کے اسپرے کا استعمال کیا، فلیش بینگ گرنیڈ سے تیز آواز اور روشنی پیدا ہوتی ہے جسے مظاہرین کو منتشر کرنے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور کوئی شدید زخم نہیں لگتے۔

    سیاٹل پولیس نے کہا ہے کہ 11 مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے، جن سے ہفتے کو پولیس اسٹیشن کی دیواروں کو ممکنہ دھماکا خیز مواد سے نقصان پہنچائے جانے کے سلسلے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • معروف یوٹیوبر چوری کرتے پکڑے گئے

    معروف یوٹیوبر چوری کرتے پکڑے گئے

    ایریزونا: امریکی ریاست ایریزونا کے ایک علاقے میں معروف یوٹیوبر اور سوشل میڈیا پرسن پر پولیس نے لوٹ مار کرنے کا مقدمہ کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایریزونا کے صحرائی شہر اسکاٹسڈیل میں ایک یوٹیوبر جیک پال کے خلاف پولیس نے مبینہ لوٹ مار اور فسادات میں ملوث ہونے پر مقدمہ درج کر دیا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ انھیں ایسی سیکڑوں ویڈیوز موصول ہوئی ہیں جن میں 23 سالہ جیک جوزف پال موجود ہے، وہ فیشن اسکوائر مال میں داخل ہوا اور مال بند ہونے کے باوجود وہاں غیر قانونی طور پر موجود رہا، پولیس نے وہاں مجمع لگانا بھی غیر قانونی قرار دیا تھا۔

    پولیس کے مطابق جوزف پال کو سمن بھیجا گیا ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر عدالت میں پیش ہوں، تاہم انھیں گرفتار نہیں کیا گیا۔

    جوزف پال نے جزوی طور پر الزامات قبول کرتے ہوئے کہا کہ ٹھیک ہے، مجھے میری سزا دو لیکن اس کے بعد جارج فلائیڈ کے معاملے پر توجہ مرکوز کریں، کیوں کہ سیاہ فاموں کی زندگی بھی اہم ہے۔

    پال نے ایک ٹویٹ کے ذریعے لوٹ مار کے حوالے سے کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ میں یا میرا کوئی ساتھی کسی بھی لوٹ مار یا توڑ پھوڑ میں ملوث نہیں ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ مذکورہ مقام پر اپنے تجربات دوسروں سے شیئر کرنے اور جارج فلائیڈ کی موت پر اس غم و غصے کے اظہار کی فلم بندی کر رہا تھا جو ہر جگہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ 30 مئی کو مال ایریا کے ارد گرد لوگوں کا مجمع اکھٹا ہو گیا تھا اور انھوں نے دکانوں میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی تھی۔ پولیس نے متعدد لوگوں کو گرفتار بھی کیا جن سے ہزاروں ڈالرز لوٹی رقم برآمد کی گئی۔

    واضح رہے کہ جوزف پال کے یو ٹیوب چینل پر 2 کروڑ سے زائد سبسکرائبرز ہیں۔