Tag: امریکا میں داخلے پر پابندی

  • درجنوں ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کا امکان

    درجنوں ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کا امکان

    ٹرمپ انتظامیہ 36 مزید ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کا ارادہ رکھتی ہے، اس سے قبل یہ پابندی 12 ممالک کے شہریوں پر لگائی گئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ امریکا میں داخلے پر پابندیوں کے معاملے کو مزید وسعت دینے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت 36 ممالک کے شہریوں کو امریکہ میں داخل ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔

    نئی امریکی پالیسی کے تحت ٹرمپ انتظامیہ مزید 36 ممالک کے شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق نئی امریکی پالیسی کے تحت منصوبے میں 25 افریقی ممالک شامل ہیں جن میں مصر اور جیبوتی جیسے امریکہ کے اہم شراکت دار بھی ہیں، اس کے علاوہ کیریبین، وسطی ایشیا اور بحرالکاہل کے متعدد جزیروں کے ممالک بھی پابندی کی فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں۔

    رائٹرز کو موصول ہونے والے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کیبل میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام غیر قانونی ہجرت کے خلاف صدر ٹرمپ کی مہم میں ایک نیا قدم ہوگا۔

    مذکورہ یادداشت وزیر خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے دستخط شدہ ہے اور ہفتے کو متعلقہ امریکی سفارت کاروں کو بھیجی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پابندی کی زد میں آنے والے ممالک کو 60 دن کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ نئی شرائط کو پورا کریں۔

    رپورٹ کے مطابق کچھ ممالک میں ایسے شہری بھی زیادہ تعداد میں ہیں جن کی ویزا کی میعاد ختم ہو چکی ہے مگر وہ امریکہ میں تاحال موجود ہیں، مزید یہ کہ بعض شہری امریکہ کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث بھی رہے ہیں۔

    اس یادداشت میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ملک تیسرے ملک کے شہریوں کو واپس قبول کرنے کے لیے تیار ہوجائے تو اس کی ویزا پابندیاں نرم کی جا سکتی ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدر نے 12 ممالک پر سفری پابندی کا اعلان کردیا

    واضح رہے کہ اسی مہینے کے آغاز میں ریپبلکن صدر نے ایک حکم نامہ پر دستخط کیے تھے جس کے تحت 12  ممالک کے شہریوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

    اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام امریکہ کو غیر ملکی دہشت گردوں اور دیگر قومی سلامتی کے خطرات سے بچانے کے لیے ضروری ہے۔

  • کیا پاکستانیوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی کا فیصلہ ہوگیا ؟ اہم خبر آگئی

    کیا پاکستانیوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی کا فیصلہ ہوگیا ؟ اہم خبر آگئی

    واشنگٹن : امریکی وزارت خارجہ کی اردو کی ترجمان مارگریٹ میکلاؤڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی معاشرے کا اہم حصہ ہیں ، داخلے پر پابندی کا فیصلہ نہیں ہوا، ویز اپروگرام پرازسرنونظرثانی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی اردو کی ترجمان مارگریٹ میکلاؤڈ نے امریکا کی جانب سے سفری پابندیوں کے حوالے سے کہا کہ پاکستانیوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

    مارگریٹ میکلاؤڈ کا کہنا تھا کہ صدارتی حکم نامہ کے تحت ویزا پروگرام پر ازسرنو نظرثانی کی جائے گی۔ ویزا پابندیوں کیلئے مختلف ملکوں سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا جارہا ہے۔

    امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ امریکا میں داخلے کی درخواست دینا ہو تو درخواست دہندہ کو تمام باتیں درست بتانی چاہئیں، غیر قانونی طور پر امریکا میں داخلے کی صورت میں سزا ملے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ فیصلے کا مقصد امریکا کو غیرملکی دہشت گردوں سے محفوظ رکھنا ہے۔۔۔صدر ٹرمپ نے اسٹیٹ یونین سے خطاب میں پاکستان کے تعاون کو سراہا تھا، امریکا میں آباد پاکستانی معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔

    مزید پڑھیں : سفری پابندیاں لگانے کی ڈیڈ لائن : امریکی محکمہ خارجہ کا اہم بیان آگیا

    یاد رہے چند روز قبل امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس کانفرنس میں پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان کے بیان کی تردید کی تھی، پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے ممکنہ امریکی سفری پابندی کو افواہ قرار دیا تھا۔

    پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے امریکی ترجمان سے کچھ ملکوں پر ممکنہ سفری پابندی پر سوال کرتے ہوئے کہا تھا کیا سفری پابندی جاری کرنے کی آج ڈیڈ لائن ہے۔

    ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ میں آپ کو تفصیلات نہیں بتاسکتی لیکن یہ آج نہیں ہورہا، امریکا آنے والوں کیلئے ویزا پالیسی کا جائزہ لے رہے ہیں۔