Tag: امریکا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک،ایک مسافر زخمی

  • امریکا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

    امریکا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

    واشنگٹن: امریکا میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کولوراڈو میں گھریلو طور پر تیار کیا جانے والا چھوٹا طیارہ ایئرپورٹ کے نزدیک مرکزی شاہراہ پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

    ڈیلٹا پولیس، فائر فائٹرز اور ایمبولینس جائے وقوعہ پر فوری طور پر پہنچیں، فائر فائٹرز نے طیارے میں لگنے والی آگ پر قابو پایا اور ہلاک پائلٹ کی لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق طیارہ فضا میں ہچکولے کھا رہا تھا، پائلٹ نے پیراشوٹ کے ذریعے ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا ہے اور طیارہ مرکزی شاہراہ پر گر کر تباہ ہوگیا۔

    مزید پڑھیں: امریکا میں ایک انجن والا طیارہ گر کر تباہ

    ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ گھریلو طور پر بنائے جانے والے طیاروں کی ایک شکل ہے، ایک انجن اور کم وزن والے ایسے طیارے نجی طور پر تیار کیے جاتے ہیں، ان طیاروں میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران پیراشوٹ کا استعمال کیا جاتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق طیارہ گرنے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک انجن والا طیارہ قریبی آبادی میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں معمر جوڑا ہلاک ہوگیا تھا۔

  • امریکا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک،ایک مسافر زخمی

    امریکا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک،ایک مسافر زخمی

    واشنگٹن:امریکا میں ایک چھوٹا طیارہ شاپنگ سینٹر کی چھت پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک اور ایک مسافر زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاس اینجلس میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ کیسنا 177 نے ٹورینس میونسپل ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی تاہم کچھ دیر بعد فضا میں ہچکولے کھانے لگا اور تیزی سے نیچے آتے ہوئے ایک شاپنگ سینٹر کی چھت پرآگرا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ طیارہ شاپنگ سینٹر کی چھت پر گر کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور آگ بھڑک اٹھی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے میں صرف دو افراد سوار تھے جن میں سے ایک ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    طیارے کی چھت پر گرنے سے شاپنگ سینٹر میں موجود افراد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم بھگدڑ مچ گئی اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، طیارہ گرنے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکہ میں طیارہ گرنے اور فائرنگ سے ہلاک ہونے کے واقعات ماضی کی نسبت بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں۔