Tag: امریکا چین

  • امریکا اور چین کے صدور کی اکتوبر میں ملاقات کا امکان

    امریکا اور چین کے صدور کی اکتوبر میں ملاقات کا امکان

    بیجنگ: امریکا اور چین کے صدور ٹرمپ اور شی جن پنگ کی اکتوبر میں ملاقات متوقع ہے۔

    روئٹرز کے مطابق ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے اتوار کو متعدد ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 30 اکتوبر سے 1 نومبر کے درمیان ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن سمٹ میں جانے سے قبل چین کا دورہ کر سکتے ہیں، یا وہ جنوبی کوریا میں سمٹ کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کر سکتے ہیں۔

    دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطح کی ملاقات 11 جولائی کو ملائیشیا میں ہوئی تھی، جب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ملاقات کی تھی، جسے دونوں نے ’مثبت اور تعمیری‘ قرار دیا تھا۔

    دونوں ممالک ایک دوسرے پر عائد کی گئی بڑھتی ہوئی محصولات کی جنگ کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس نے عالمی تجارت اور سپلائی چینز کو شدید متاثر کیا ہے۔


    ٹرمپ نے یو اے ای میں پھنسے افغان شہریوں کی مدد کا اعلان کر دیا


    واضح رہے کہ ٹرمپ نے تقریباً تمام غیر ملکی اشیا کے لیے امریکی درآمد کنندگان پر ٹیرف عائد کیا ہے، اور ان کا کہنا تھا کہ اس سے ملکی مینوفیکچرنگ کو فروغ ملے گا، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ امریکیوں کے لیے متعدد اشیائے خوردونوش بہت زیادہ مہنگی ہو جائیں گی۔

    امریکی صدر نے تمام ممالک سے درآمد شدہ اشیا پر 10 فی صد کی شرح سے یونیورسل بَیس ٹیرف عائد کیا، تاہم چین جیسے امریکا کی آنکھوں میں کھٹکنے والے ممالک پر زیادہ ٹیرف عائد کیا گیا جو 55 فی صد ہے۔

    ٹرمپ نے امریکا اور چین کے لیے کسی پائیدار ٹیرف معاہدے تک پہنچنے کے لیے 12 اگست کی ڈیڈلائن مقرر کی ہے۔

  • امریکی صدر نے چین کیساتھ تجارتی معاہدے پر دستخط کردیئے

    امریکی صدر نے چین کیساتھ تجارتی معاہدے پر دستخط کردیئے

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کیساتھ تجارتی معاہدے پر دستخط کردیئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے چین کیساتھ تجارتی معاہدے پر دستخط کردیئے، معاہدے کے تحت چین سے امریکا کو نایاب معدنیات کی ترسیل کو تیز کیا جائے۔

    جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں صدر نے کوئی تفصیلات فراہم کیے بغیر کہا کہ "ہم نے ابھی کل ہی چین کے ساتھ دستخط کیے ہیں۔”

    وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے کہا کہ امریکہ اور چین نے "جنیوا معاہدے کو لاگو کرنے کے لیے ایک فریم ورک کے لیے ایک اضافی مفاہمت پر اتفاق کیا ہے, جنیوا میں ہونے والے معاہدے میں 90 دنوں کے لیے ایک دوسرے پر ٹیرف کو نمایاں طور پر کم کرنا شامل تھا.

    واشنگٹن میں تقریب سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین سے امریکا کو نایاب معدنیات کی ترسیل کو تیز کی جائے گی، ہر کوئی ڈیل کرنا چاہتا ہے لیکن ہم ہر کسی کے ساتھ ڈیل نہیں کریں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی طیاروں نے ایران میں اہداف کو مکمل تباہ کیا، ایران کی جوہری تنصیب سے کچھ بھی باہر نہیں لے جایا گیا۔

  • امریکا اور چین کا 90 دنوں کے لیے ٹیرف میں کمی کا اعلان

    امریکا اور چین کا 90 دنوں کے لیے ٹیرف میں کمی کا اعلان

    جنیوا: تجارتی مذاکرات کے بعد امریکا اور چین کا 90 دنوں کے لیے ٹیرف میں کمی کا اعلان کردیا ساتھ ہی اقتصادی اور تجارتی تعلقات پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور چین نے ایک دوسرے پر ٹیرف نوے دن کیلئے کمی کا اعلان کردیا، خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ چین امریکی اشیا پر ٹیرف 125 سے کم کرکے 10فیصد کرنے اور امریکا چینی اشیا پر محصولات 145 سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کو تیار ہے۔

    جنیوا میں امریکا اور چین کے تجارتی مذاکرات کے بعد امریکی سیکرٹری تجارت اسکاٹ بینیٹ نے کہا کہ امریکا نے چین پر ٹیرف کم کرکے ایک سو پندرہ فیصد کردیا ہے تاہم امریکی مصنوعات پرچین کا دس فیصد ٹیرف برقرار رہے گا، اضافی چوبیس فیصد چینی ٹیرف نوے دن کیلئے معطل ہوگا۔

    اسکاٹ بینیٹ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

    یاد رہے جنیوا میں امریکا اورچین کے درمیان تجارتی معاہدہ ہوا، امریکی وزیر خزانہ نے بتایا تھا چین کے ساتھ مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، تجارتی معاہدے کی تفصیلات کل صبح جاری کی جائیں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ تجارتی معاہدے پر پیشرفت کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، سوئٹزر لینڈ کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتا ہوں، چین کے ساتھ مذاکرات انتہائی مثبت رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ اپریل میں امریکا نے چین سے آنے والی اشیا پر ایک سو پینتالیس فیصد اضافی ٹیرف عائد کیے تھے، جس کے جواب میں امریکی مصنوعات پر محصولات کو بڑھا کر ایک سو پچیس فیصد کر دیا گیا تھا۔

  • ٹک ٹاک پر پابندی، امریکی عوام کس ایپ پر منتقل ہو رہے ہیں؟

    ٹک ٹاک پر پابندی، امریکی عوام کس ایپ پر منتقل ہو رہے ہیں؟

    امریکا میں 19 تاریخ کے بعد ٹک ٹاک پر پابندی کا نفاذ ہو سکتا ہے، جس کی وجہ سے اس ایپ سے محبت کرنے والے امریکی انٹرنیٹ صارفین ’’ریڈ نوٹ‘‘ پر منتقل ہو رہے ہیں، اور یہ صارفین خود کو ’ٹک ٹاک پناہ گزین‘ کہنے لگے ہیں۔

    ریڈ نوٹ دراصل چین کی سوشل ایپ ’شیاؤہونگ شو‘ ہے، جو ان دنوں شمالی امریکا میں ایپل ایپ اسٹور سے مفت ’سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ‘ کی فہرست میں سرفہرست ہے۔

    رواں ماہ 8 سے 14 جنوری تک امریکا میں موبائل ایپ ڈاؤن لوڈز میں ’ریڈ نوٹ‘ کی ڈاؤن لوڈنگ میں گزشتہ 7 دنوں کے مقابلے میں 20 گنا سے زائد کا اضافہ ہوا اور 2024 کے اسی عرصے کے مقابلے میں یہ اضافہ 30 گنا سے زیادہ ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ وہ سمجھ نہیں پا رہے کہ امریکی حکومت یہ کیوں کہہ رہی ہے کہ ٹک ٹاک قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، انھیں امید ہے کہ ریڈ نوٹ کراس کلچرل کمیونیکیشن کا ایک اہم وسیلہ بن جائے گا۔

    آئی فون کو ہواوے اور Vivo نے پیچھے چھوڑ دیا

    ریڈ نوٹ کی مقبولیت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ چین اور امریکا کے عوام ایک دوسرے کو سمجھنے اور بات چیت کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، انھیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ امریکا میں کچھ سیاست دان چین کی ترقی کو روکنے کی اپنی جتنی بھی کوشش کریں اور چین کے تشخص کو بدنام کریں، لیکن دو ملکوں کے درمیان عوامی تبادلوں کی خواہش کو روکا نہیں جا سکتا۔

  • چینی ہم منصب سے ملاقات، انٹونی بلنکن نے چینی حکام کو امریکی خدشات سے آگاہ کر دیا

    چینی ہم منصب سے ملاقات، انٹونی بلنکن نے چینی حکام کو امریکی خدشات سے آگاہ کر دیا

    بیجنگ: امریکی سیکریٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن کی چینی ہم منصب سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں چین کے اسٹیٹ قونصلر بھی موجود تھے۔

    تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے چینی ہم منصب وانگ ئی سے ملاقات کی ہے، جس میں چین کے قونصل جنرل بھی موجود تھے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ملاقات میں ٹھوس اور تعمیری بات ہوئی، جس میں انٹونی بلنکن نے مسائل پر بات چیت اور روابط کے تمام چینلز کھلے رکھنے پر زور دیا۔

    اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ مشترکہ مفادات اور مواقع پر بات چیت کی گئی، بلنکن نے چینی حکام کو امریکی خدشات سے بھی آگاہ کیا، اور کہا کہ امریکا اپنے عوام اور اقدار کے لیے ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

    ملاقات میں چینی وزیر خارجہ اور قونصل جنرل نے دونوں ملکوں کے درمیان روابط پر زور دیا، انٹونی بلنکن نے چینی رہنماؤں کو امریکا کے دورے کی دعوت بھی دی۔

  • چینی غبارے نے امریکی وزیرِ خارجہ کا دورہ چین ملتوی کروا دیا

    چینی غبارے نے امریکی وزیرِ خارجہ کا دورہ چین ملتوی کروا دیا

    واشنگٹن: مشتبہ چینی غبارے نے امریکی وزیرِ خارجہ کا دورہ چین ملتوی کروا دیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق لاطینی امریکا کی فضا میں مشتبہ چینی غبارہ دیکھے جانے کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے دورہ چین ملتوی کر دیا ہے۔

    انٹونی بلنکن کا دورہ گزشتہ روز جمعہ کو شروع ہونے کی توقع تھی، تاہم امریکی دعوے کے مطابق بدھ کو لاطینی امریکا میں ایک مشتبہ چینی جاسوس غبارے کو اڑتا ٹریک کیا گیا، جسے واشنگٹن نے امریکی خودمختاری کی ’’واضح خلاف ورزی‘‘ قرار دیا۔

    وائٹ ہاؤس کی ترجمان کرائن جین پیئر نے کہا کہ بائیڈن کو منگل کو غبارے کی پرواز کے بارے میں بریف کیا گیا تھا اور انتظامیہ نے اس بات پر اتفاق رائے کیا کہ اس وقت عوامی جمہوریہ چین کا سفر کرنا مناسب نہیں ہے۔

    امریکی فضائی حدود میں چین کے جاسوس غبارے کی پرواز پر کھلبلی مچ گئی

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ حالات سازگار ہوتے ہی انٹونی بلنکن چین جائیں گے۔ دوسری طرف چین نے امریکی بیانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    ادھر پینٹاگون کا کہنا ہے کہ چینی جاسوس غبارہ 60 ہزار فٹ بلندی پر اڑ رہا ہے، ملبہ گرنے کے خدشے کے پیشِ نظر غبارے کو گرایا نہیں گیا ہے، امریکی حکام نے خبردار کر دیا ہے کہ چینی جاسوس غبارہ مزید چند دن تک امریکا پر رہے گا۔

  • چین کو اشتعال دلانے کی کوشش، واشنگٹن کا بھارت کے ساتھ چینی سرحد پر جنگی مشقوں کا اعلان

    چین کو اشتعال دلانے کی کوشش، واشنگٹن کا بھارت کے ساتھ چینی سرحد پر جنگی مشقوں کا اعلان

    واشنگٹن: چین کو مزید اشتعال دلانے کی کوشش کرتے ہوئے واشنگٹن نے بھارت کے ساتھ متنازع چینی سرحد پر جنگی مشقوں کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے بعد امریکا کی جانب سے چین کو اشتعال دلانے کی ایک اور کوشش سامنے آ گئی۔ واشنگٹن نے بھارت کے ساتھ چینی سرحد کے قریب جنگی مشقوں کا اعلان کر دیا۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا اور بھارت کے درمیان فوجی مشقیں اکتوبر میں ہوں گی، مشقوں میں اعلیٰ سطح کی فوجی تربیت پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔

    دوسری جانب چین اور تائیوان کا تنازعہ خطرناک رخ اختیار کرنے لگا ہے، تائیوان نے بھی جنگی طیاروں کی پروازیں اور بحری گشت بڑھا دیا۔

    چین نے تائیوان کے اطراف میزائل داغ دیے

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق تائیوان نے ممکنہ چینی حملے کے خلاف ساحل پر نصب میزائل بھی الرٹ کر دیے ہیں۔

    تائیوان حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کی فوجی مشقیں حملے کی تیاری ہیں، چین کی افواج ہماری فضائی اور بحری حدود میں داخل ہو چکی ہیں۔

    پلوسی کے دورے کے موقع پر چین نے رد عمل میں تائیوان کے اطراف سمندر میں کئی میزائل داغ دیے تھے، چین نے تائیوان کے اردگرد بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں بھی شروع کر دی تھیں۔

  • امریکا: ٹک ٹاک اور دیگر ایپس بند کرنے کے لیے 15 ستمبر کی ڈیڈ لائن

    امریکا: ٹک ٹاک اور دیگر ایپس بند کرنے کے لیے 15 ستمبر کی ڈیڈ لائن

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک اور دیگر چینی ایپ بند کرنے کے لیے 15 ستمبر کی ڈیڈ لائن ہے، لوگ کہتے ہیں چین اور روس انتخابات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، اوباما نے انتخابات کی شفافیت کے لیے کچھ نہیں کیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق میڈیا کانفرنس سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں امریکیوں کے لیے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے حق میں نہیں ہوں، پوسٹل سروس کو ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے لیے پیسے نہیں دیے جا سکتے، پوسٹل سروس کو ساڑھے 3 ارب ڈالرز صرف ووٹنگ کے لیے چاہیے، شمالی کوریا، روس، چین اور دیگر ممالک ڈاک کے ذریعے انتخابات میں دھاندلی کرا سکتے ہیں۔

    امریکی صدر نے اپنے صدارتی حریف جوبائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا سویا ہوا بائیڈن لوگوں کو تہہ خانوں میں بند کرنا چاہتا ہے، ڈیموکریٹس اور میرا منشور بہت مختلف ہے، جوبائیڈن میڈیا سے کبھی سوالات نہیں لیتے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ڈیموکریٹ سرحدیں کھلی رکھنا چاہتے ہیں، جس کی سرحدیں کھلی ہوں وہ ملک نہیں ہوتا، 290 میل دیوار مکمل ہو چکی ہے، جوبائیڈن جرائم پیشہ افراد کو امریکا آنے دینا چاہتا ہے۔

    انھوں نے کہا میں اسکولوں کو بند رکھنے کے حق میں نہیں، لوگوں کو ماسک پہننے کا کہنا حب الوطنی ہے، امریکیوں سے درخواست کروں گا کہ ماسک ضرور پہنیں، لوگوں کو سماجی فاصلوں اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا تمام ریاستوں کی اپنی حکمت عملی ہے، ہم سائنسی ریسرچ پر مبنی حکمت عملی بنا رہے ہیں، آئندہ سال شاید ہم پچھلے سال سے بھی زیادہ مضبوط ہوں، امریکا میں اموات میں بڑی تعداد میں کمی آ رہی ہے، ڈیموکریٹ جوبائیڈن ہر معاملے پر سیاست کر رہا ہے، وائرس کو عقل مندی سے شکست دیں گے، تہہ خانوں میں بند ہو کر نہیں، کرونا کی 3 ویکسین حتمی مراحل میں ہیں۔

  • چینی قونصل خانہ بند کرنے پر چین کا امریکا کو برابر کا جواب

    چینی قونصل خانہ بند کرنے پر چین کا امریکا کو برابر کا جواب

    بیجنگ: چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے، ہیوسٹن میں امریکا کے چینی قونصل خانہ بند کرنے کے حکم پر چین کا ردِ عمل بھی آ گیا، چین نے شہر چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ بند کرنے کاحکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے شہر چینگ ڈو میں امریکی قونصلیٹ کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے، غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ 1985 میں بنایا گیا تھا جہاں 200 لوگ کام کرتے ہیں، اس سے 2 دن قبل امریکا نے ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں چینی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

    ایک دوسرے کے قونصل خانے بند کرنے کے احکامات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا سلسلہ بڑھ گیا ہے، ادھر چینی وزارت خارجہ نے امریکی اقدام کو نامناسب قرار دیا ہے، کہا گیا ہے کہ چینی اقدام امریکا کے غیر مناسب اقدام کا مناسب جواب ہے۔

    وزارتِ خارجہ چین کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان جو صورت حال ہے چین ایسا کبھی نہیں چاہتا تھا، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی موجودہ صورت حال کا ذمہ دار سراسر امریکا ہے۔

    چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ

    چینی وزارت خارجہ نے یہ مطالبہ بھی کر دیا ہے کہ صورت حال کی بہتری کے لیے امریکا اپنا غلط فیصلہ فوری طور پر واپس لے۔

    یاد رہے کہ امریکا نے 21 جولائی کو ہیوسٹن شہر میں واقع چینی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں سرد مہری کرونا وبا کی وجہ سے بڑھی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سلسلے میں تسلسل کے ساتھ چین کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

  • امریکی صدر نے چین سے جاری تجارتی جنگ روکنے کی ڈیل پر دستخط کر دیے

    امریکی صدر نے چین سے جاری تجارتی جنگ روکنے کی ڈیل پر دستخط کر دیے

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے جاری تجارتی جنگ روکنے کے لیے ہونے والی ڈیل پر دستخط کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکا چینی مصنوعات پر عائد اضافی ٹیکسز میں کمی کرنے پر رضا مند ہو گیا ہے، ٹرمپ نے اس سلسلے میں ڈیل پر دستخط کر دیے، ٹیکسوں میں کمی کا اطلاق اتوار سے ہوگا۔

    برطانوی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ چین نے امریکا سے درآمدات بڑھانے کا عندیہ بھی دے دیا ہے، ڈیل کے خبر پر ایشیائی حصص بازاروں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی ہے، جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں 2 اعشاریہ 3 فی صد کا اضافہ نوٹ کیا گیا، ہانگ کانگ میں 2 فی صد جب کہ شنگھائی اسٹاک مارکیٹ میں 1.2 فی صد کا اضافہ ہوا، گزشتہ روز امریکی اسٹاک مارکیٹس کا اختتام بھی مثبت ہوا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  تجارتی جنگ شدت اختیار کرگئی، امریکا نے 28 چینی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا

    یاد رہے کہ دو ماہ قبل امریکا نے 28 چینی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا تھا، چینی کمپنیوں پر امریکی مصنوعات کی خریداری پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی، اگست میں امریکی اقدامات کے جواب میں چین نے بھی بھاری ڈیوٹیز عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    اکتوبر کے مہینے کے آخر میں دونوں ممالک کے درمیان آخر کار فیصلہ ہوا کہ تجارتی جنگ کا خاتمہ کیا جائے گا، جس کے لیے تیزی سے تکنیکی مشاورت کا عمل مکمل کیا گیا، اور باہمی رضا مندی کے ساتھ ایک تجارتی معاہدہ کیا گیا جس کے تحت ایک دوسرے کی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔