Tag: امریکا کا سفر

  • امریکا کا سفر سوچ سمجھ کر کریں، چین کا شہریوں کو مشورہ

    امریکا کا سفر سوچ سمجھ کر کریں، چین کا شہریوں کو مشورہ

    بیجنگ : چین نے امریکا سے کشیدہ تجارتی تعلقات اور امریکی داخلی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اپنے شہریوں کو امریکی سفر میں محتاط رہنے کی ہدایات دی ہیں۔

    اس حوالے سے چین کی وزارت ثقافت و سیاحت نے امریکا کا سفر کرنے والے اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایات ( ٹریول ایڈوائزری) جاری کردی ہے۔

    چین کی حکومت نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ امریکہ کا سفر کرنے سے پہلے دو بار سوچیں، اس کی وجہ سیکیورٹی خدشات بتائی گئی ہے۔

    یہ حالیہ پیش رفت ٹرمپ حکومت کی جانب سے لگائی گئی بھاری تجارتی محصولات (ٹیرِف) کے جواب میں چین کے ردعمل کا اظہار ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب بیجنگ نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عائد کیے گئے نئے محصولات کے جواب میں مزید جوابی اقدامات کیے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت تعلیم  نے چینی طلبہ کو بھی اس حوالے سے خبردار کیا ہے۔

    وزارت تعلیم کے بیان میں امریکی ریاست اوہائیو کی اسمبلی میں زیر غور ایک بل کا بھی ذکر کیا گیا ہے جس میں چین سے متعلق منفی دفعات شامل ہیں۔ یہ بل چین اور امریکی جامعات کے درمیان تعلیمی تبادلوں اور تعاون پر پابندیوں سے متعلق ہے۔

    بیجنگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکہ سے درآمد کی جانے والی تمام اشیاء پر 84 فیصد ٹیکس عائد کرے گا، جس سے دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ مزید شدت اختیار کرگئی ہے۔

  • امریکا کا سفر کرنے والوں کے لیے بڑی خوش خبری

    امریکا کا سفر کرنے والوں کے لیے بڑی خوش خبری

    واشنگٹن: امریکا کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے ہوائی جہاز کے ذریعے آنے والے بین الاقوامی مسافروں کے لیے کووِڈ ٹیسٹ کی شرط کو ختم کر دیا ہے۔

    شرط ختم ہونے کے بعد امریکا آنے والوں کو اب منفی کووِڈ ٹیسٹ کا نتیجہ یا ملک میں داخل ہونے کے لیے صحت یابی کا ثبوت نہیں دکھانا ہوگا۔

    بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر اہل کار نے میڈیا کو بتایا کہ وائرس کے خلاف جنگ میں زبردست پیش رفت ہوئی ہے، بین الاقوامی مسافروں کو امریکا کے لیے اب کرونا ٹیسٹ کی ضرورت نہیں رہی، ویکسین بوسٹر شاٹس وائرس کے خلاف بھرپور تحفظ فراہم کر رہی ہے۔

    سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول نے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں سفر کے لیے کرونا ٹیسٹ کرانا ضروری نہیں، تاہم حالات خراب ہوئے تو فیصلہ واپس لینے میں ہچکچاہٹ نہیں کریں گے۔

    سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے ترجمان نے کہا کہ یہ فیصلہ زبردست ویکسینیشن اور آبادی میں بڑے پیمانے پر امیونٹی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف ان اقدامات نے پورے امریکا میں کووِڈ سے شدید بیماری اور موت کے خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اس کے نتیجے میں اب اس شرط کو واپس لیا جا رہا ہے، جس کی وبائی بیماری کے ابتدائی مرحلے میں بہت ضرورت تھی۔

    یاد رہے کہ امریکا میں ٹریول انڈسٹری نے کرونا ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کی مہم چلائی تھی۔