Tag: امریکا کرونا وائرس

  • امریکا میں کرونا وائرس ایک دن میں 1165 جانیں نگل گیا

    امریکا میں کرونا وائرس ایک دن میں 1165 جانیں نگل گیا

    واشنگٹن: امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 1165 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کے متاثرین سے متعلق عالمی سطح پر اعداد و شمار جمع کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ صرف ایک دن میں کرونا وائرس امریکا میں مزید ایک ہزار 165 افراد کی جانیں نگل گیا ہے۔

    امریکا میں کرونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 9 ہزار 618 ہو گئی، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد نہایت تیزی سے بڑھتے ہوئے 3 لاکھ 36 ہزار 830 ہو گئی ہے۔ کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد کے لحاظ سے امریکا دنیا بھر میں سر فہرست ملک ہے۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 25 ہزار 316 کیسز رپورٹ ہوئے، اس سے قبل 4 اپریل کو 34196 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ اموات کی تعداد 1330 تھی۔ امریکا میں تین لاکھ چھتیس ہزار کیسز میں اس وقت 9 ہزار کے قریب مزید ایسے کیسز ہیں جن کی حالت تشویش ناک قرار دی گئی ہے۔

    امریکی شہر نیویارک میں 24 گھنٹوں میں کرونا سے 594 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد شہر میں ہلاکتوں کی تعداد 4,159 ہو گئی ہے، نیویارک میں کیسز کی تعداد بھی ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، اس وقت مجموعی تعداد 123,018 ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1,274,022 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 69,468 تک پہنچ گئیں، دوسری طرف صحت یاب افراد کی تعداد صرف ڈھائی لاکھ ہے۔

  • کرونا وائرس: متاثرہ ممالک میں امریکا پہلے نمبر پر آ گیا، ٹرمپ کا بڑا اعلان

    کرونا وائرس: متاثرہ ممالک میں امریکا پہلے نمبر پر آ گیا، ٹرمپ کا بڑا اعلان

    واشنگٹن: امریکا میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد نے چین اور اٹلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، امریکی صدر نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4 افراد پر مشتمل خاندان کو 3 ہزار ڈالرز ماہانہ دیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 82 ہزار 594 ہو گئی ہے، جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 1300 ہو گئی، دوسری طرف 1868 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ زیادہ ٹیسٹ ہونے کے ساتھ تعداد میں اضافہ بھی دیکھنے میں آ رہا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا ٹاسک فورس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ٹیسٹ کرا رہے ہیں، لوگ جلد از جلد کاموں پر واپس آنا چاہتے ہیں۔

    کرونا وائرس: ہلاکتیں 24 ہزار 89 ہوگئیں، 5 لاکھ 32 ہزار متاثر

    ٹرمپ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 4 افراد پر مشتمل خاندان کو 3 ہزار ڈالرز ماہانہ دیں گے، موجودہ صورت حال سے بے روزگار ہونے والوں کا مکمل خیال کریں گے، کاروباری افراد کے لیے آسان قرضوں کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

    امریکی صدر نے ایک بار پھر دہرایا کہ مجھے ٹوٹا ہوا سسٹم ورثے میں ملا، کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایئرلائنز اور ریسٹورینٹس کا کاروبار بہت مشکل میں ہے، ہمیں اپنی ایئرلائنز اور ریسٹورینٹس کے کاروبار کو جاری رکھنا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دنیا جانتی ہے کہ کرونا وائرس چین سے آیا، میرے اقتدار میں آنے سے پہلے چین نے امریکا سے بہت فائدہ اٹھایا، کرونا کو چینی وائرس اس لیے کہتا ہوں کیوں کہ کرونا چین سے آیا، آج چین کے صدر سے بات کروں گا۔

  • امریکا نے اپنی افواج کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی

    امریکا نے اپنی افواج کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی

    واشنگٹن: امریکا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 68 ہزار سے بڑھ گئی ہے، جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بھی ایک ہزار سے تجاوز کر گئی، دوسری طرف امریکا نے دنیا بھر میں اپنی افواج کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1,032 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 68,489 ہو گئی۔ دوسری طرف صحت یابی کا عمل سست ہے، اب تک صرف 394 مریض ہی صحت یاب ہو سکے ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس سے سب سے زیادہ 285 ہلاکتیں نیویارک میں ہوئیں، امریکا نے خراب ہوتی صورت حال کے پیش نظر دنیا بھر میں اپنی افواج کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی، امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کا کہنا تھا کہ یہ پابندی 60 روز کے لیے لگائی گئی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او چین کی طرف داری کر رہا ہے: امریکی صدر کا شکوہ

    وزیر دفاع نے کہا کہ دنیا میں موجود فوجی 60 روز کے لیے موجودہ مقامات پر رہیں، اس پابندی کا اطلاق 90 ہزار امریکی فوجیوں پر ہوگا، دنیا بھر میں موجود امریکی فوجیوں کی واپسی بھی مؤخر کر دی گئی ہے۔ مارک ایسپر نے یہ وضاحت بھی کی کہ اس پابندی کا اطلاق واپس آنے والے نیول جہازوں پر نہیں ہوگا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا ٹاسک فورس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک بار پھر ’سب ٹھیک کر دینے‘ کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اب میں صدر بن چکا ہوں تمام چیزیں ٹھیک کر دوں گا۔ انھوں نے نیویارک کو آفت زدہ شہر قرار دیتے ہوئے اعلان کیا میں نیو یارک کی مدد کرنے کے لیے تمام اختیارات کا استعمال کر رہا ہوں۔

  • صدر ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ نیگیٹو نکل آیا

    صدر ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ نیگیٹو نکل آیا

    واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کرونا وائرس ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ رات کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا، ٹیسٹ کا نتیجہ منفی نکل آیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے ڈونلڈ ٹرمپ میں کرونا وائرس کے خدشے کا اظہار کیا جا رہا تھا، چند دن قبل برازیل کے صدر کے مشیر نے ٹرمپ سے ملاقات کی تھی جس کے بعد عہدے دار فیبیوونگرٹرن میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ انھوں نے 7 مارچ کو امریکی ریاست فلوریڈا میں امریکی صدر کے ساتھ عشائیے میں شرکت کی تھی، برازیلین عہدے دار نے ٹرمپ سے ملاقات کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

    گزشتہ روز ایک صحافی کے سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹروں کے مطابق مجھ میں وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں مگر پھر بھی کرونا وائرس کی تشخیص کا ٹیسٹ کرانے کا سوچ رہا ہوں۔

    ادھر غیر ملکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کے سینئر سیاست دان پیٹر ڈوٹن میں ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور امریکی اٹارنی جنرل ولیم بر سے ملاقات کے بعد کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ اور ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اب تک 2,976 افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ ہلاک افراد کی تعداد 60 ہو گئی ہے۔