Tag: امریکا کی

  • امریکا کی سعودی عرب کو لاپتا صحافی کی تلاش میں مدد کی پیش کش

    امریکا کی سعودی عرب کو لاپتا صحافی کی تلاش میں مدد کی پیش کش

    واشنگٹن: امریکی نائب صدر مائیک پنس نے کہا ہے کہ سعودی عرب چاہے تو امریکا ترکی میں معروف سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گم شدگی کے واقعے کی تحقیقات میں کسی بھی طریقے سے مدد دینے کو تیار ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مائیک پنس نے کہا کہ اگر سعودی عرب درخواست کرتا ہے تو امریکا ترکی میں معروف صحافی جمال خاشقجی کی گم شدگی کے واقعے کی تحقیقات میں مدد دینے کو تیار ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے لاپتہ ہونے کے بارے میں کچھ نہیں جانتے ہیں۔

    دوسری جانب ترکی کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب نے گزشتہ ہفتے استنبول میں لاپتا ہونے والے صحافی کے کیس کی تحقیقات میں ہر طرح کی مدد اور تعاون فراہم کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: سعودی صحافی کے اغوا اور قتل سے متعلق رپورٹیں من گھڑت ہیں، خالد بن سلمان

    واضح رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ جمال خاشقجی استنبول میں واقعہ سعودی قونصل خانے میں نہیں تھے اور وہ ترک حکام کو قونصل خانے کی تلاشی کی اجازت دینے کو تیار ہیں حالانکہ وہ خود مختاری کی حامل جگہ ہے لیکن ہم نے کچھ بھی نہیں چھپایا ہے۔

    یاد رہے کہ ترک پولیس نے سعودی صحافی کی گمشدگی کے حوالے سے کی جانے والی ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا تھا کہ جمال خاشقجی مبینہ طور پر قتل ہوچکے ہیں۔

  • امریکا کی ’سیاسی بلیک میلنگ‘ فلسطینیوں کی 20 کروڑ ڈالر امداد منسوخ

    امریکا کی ’سیاسی بلیک میلنگ‘ فلسطینیوں کی 20 کروڑ ڈالر امداد منسوخ

    واشنگٹن: امریکا کی جانب سے فلسطینیوں کے حوالے سے سیاسی بلیک میلنگ کا سلسلہ جاری ہے، امریکی حکومت نے فلسطینیوں کی 20 کروڑ ڈالر کی امداد منسوخ کردی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی حکومت نے فلسطینی علاقوں غرب اردن اور غزہ کے لیے مختص 20 کروڑ ڈالر کی امداد دوسرے ملکوں میں جاری امدادی پروگراموں کو دینے کا اعلان کیا ہے۔

    امریکی وزارت خارجہ کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ غزہ اور غرب اردن کے لیے مختص کی گئی 200 ملین ڈالر کی اقتصادی امداد دنیا کے دوسرے علاقوں میں جاری پروگراموں کو دینے کی ہدایات کی جارہی ہیں۔

    امریکی عہدیدار نے کہا کہ ہم نے فلسطین اتھارٹی کی غزہ اور غرب اردن کے لیے امداد پر نظرثانی شروع کی ہے، ہم امدادی رقم وہاں خرچ کریں گے جہاں امریکی ٹیکسوں کے لیے فائدہ ہو اور امریکی قومی سلامتی مل سکے۔

    دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی نے امریکا کی جانب سے امداد روکے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی بلیک میلنگ قرار دیا ہے۔

    امریکا میں فلسطینی سفیر نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے خود کو امن دشمن ثابت کیا ہے، فلسطینیوں کی امداد روکنے کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ فلسطینی اتھارٹی اور امریکا کے درمیان گزشتہ برس 6 دسمبر کو اس وقت حالات کشیدہ ہوگئے تھے جب امریکا نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے فلسطینی اتھارٹی پر مالی دباؤ بڑھانے کی پالیسی اپنائی تھی۔