Tag: امریکا

  • ٹرمپ نے ٹیکساس ریاست کو آفت زدہ قرار دے دیا، ہلاکتیں بڑھ گئیں

    ٹرمپ نے ٹیکساس ریاست کو آفت زدہ قرار دے دیا، ہلاکتیں بڑھ گئیں

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکساس ریاست کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی ریاست ٹیکساس میں سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، 28 بچوں سمیت 82 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور درجنوں افراد تاحال لاپتا ہیں۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے ریاست کو آفت زدہ قرار دے دیا، سیلاب سے ٹیکساس کی کیر کاؤنٹی سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے جہاں اب تک 68 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    امریکی صدر کے اقدام سے کیر کاؤنٹی میں متاثرہ افراد کو وفاقی فنڈنگ ​​مہیا ہو سکے گی، امداد میں عارضی رہائش اور گھر کی مرمت کے لیے گرانٹ، غیر بیمہ جائیداد کے نقصانات کے لیے کم لاگت والے قرضے بھی دیے جائیں گے۔


    امریکی ریاست ٹیکساس میں طوفانی بارش سے تباہی


    دریائے گواڈیلوپ کے کنارے یوتھ کیمپ کے لاپتا 27 بچوں کی تلاش تیسرے روز بھی جاری ہے، حکام نے بتایا اب تک آٹھ سو افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، وسطی ٹیکساس میں ہفتے کے اختتام پر سیلاب کی متعدد وارننگ جاری کی گئی ہیں۔

  • امریکا نے ایران کی تیل تجارت پر نئی پابندیاں عائد کردیں

    امریکا نے ایران کی تیل تجارت پر نئی پابندیاں عائد کردیں

    امریکا کی جانب سے ایران کی تیل تجارت اور حزب اللّٰہ سے وابستہ مالی ادارے پر نئی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عراقی۔برطانوی شہری سلیم احمد سعید کی زیر نگرانی کمپنیوں کا نیٹ ورک 2020 سے ایرانی تیل کو عراقی تیل کے طور پر ظاہر کرکے اربوں ڈالر کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔

    امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں میں سلیم احمد سعید کی یو اے ای میں قائم کمپنی وی ایس ٹینکرز اور متعدد بحری جہاز شامل ہیں جو ایرانی پاسداران انقلاب کی مدد کے لیے استعمال ہوئے۔

    رپورٹس کے مطابق حزب اللّٰہ کے مالیاتی ادارے القرض الحسن سے منسلک کئی اعلیٰ عہدیداروں اور اداروں کو بھی پابندیوں کی زد میں لیا گیا ہے۔

    امریکی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی مالی رسائی کو روکنے اور اس کی غیر مستحکم سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لیے دباؤ میں اضافہ کیا جائے گا۔

    دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات اگلے ہفتے اوسلو میں ہونے کا امکان ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔

    امریکی ایلچی اسٹیووٹکوف اور ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی میں ملاقات طے ہے، تاہم اوسلو میں متوقع جوہری مذاکرات کے لیے حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران نے تاحال ملاقات کی سرکاری تصدیق نہیں کی ہے لیکن اگر یہ ملاقات ہوئی تو ایران پر امریکی حملے کے بعد پہلا براہ راست رابطہ ہوگا۔

    حماس جنگ بندی کی تجویز پر کیا جواب دیتی ہے 24 گھنٹے میں پتا چل جائے گا، ٹرمپ

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا مقصد جوہری معاہدے کی بحالی پر بات چیت کا آغاز ہے، ملاقات کی تجویز کو خطے میں تناؤ کم کرنے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔

  • ویڈیو: امریکا میں آسمان پر روشنی بکھیرتا شہابی پتھر گھر کی چھت پر آگرا

    ویڈیو: امریکا میں آسمان پر روشنی بکھیرتا شہابی پتھر گھر کی چھت پر آگرا

    امریکا میں ایک شہابی پتھر جس نے آسمان کو روشن کردیا، ایک گھر کی چھت پر گر گیا، جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا میں ایک شہابی پتھر آگ کا گولہ جو ریاست جارجیا کے مقامی گھر کی چھت پر آکر گر گیا۔

    رپورٹس کے مطابق شہابی پتھر کو دوپہر کے فوراً بعد جارجیا کے آسمان پر دیکھا گیا تھا اور ٹینیسی اور کیرولینا تک دور سے دیکھنے کی اطلاع ملی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق امریکن میٹیور سوسائٹی نے پتھر کو بولائیڈ کے طور پر بیان کیا، خاص طور پر ایک بڑا اور روشن شہابی پتھر جو گرتے ہی ایک سونک بوم پیدا کرتا ہے۔

    ہینری کاؤنٹی ایمرجنسی مینجمنٹ نے اطلاع دی کہ پتھر کا ایک ٹکڑا میک ڈونوف میں ایک گھر سے ٹکرایا، جس سے چھت میں سوراخ ہو گیا، تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

    واضح رہے کہ شہاب ثاقب در اصل عربی زبان کا لفظ ہے، شہاب کا معنیٰ ہے دہکتا ہوا شعلہ اور ثاقب کا معنیٰ سوراخ کرنے والا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ لاکھوں شہاب ثاقب زمین کے گرد چکر لگاتے ہیں جنہیں عرف عام میں ”شوٹنگ اسٹارز“ کہا جاتا ہے۔

    ماہرین فلکیات کے مطابق ایسے واقعات سالانہ یا باقاعدگی سے کچھ وقفوں سے ہوتے رہتے ہیں۔

    مایرین کا کہنا بتانا ہے کہ شہاب ثاقب سیارچے کے ٹکڑے ہیں، جب یہ زمین کی فضاء میں داخل ہوتے ہیں، تو ان سے آکسیجن اور کشش ثقل کی وجہ سے جلتے دکھائی دیتے ہیں، اس سے پیدا ہونے والی روشنی انہیں دلکش اور جاذب نظر بناتی ہے۔

    ناسا کے مطابق روزانہ 100 سے 300 ٹن خلائی مٹی اور چٹانیں زمین پر گرتی ہیں لیکن ان کا سائز عام طور پر ریت کے ایک دانے سے زیادہ نہیں ہوتا۔

    کراچی میں آسمان پر شہابِ ثاقب کا دلکش نظارہ ، ویڈیو وائرل

    دوسری طرف، شہاب ثاقب زمین کے لیے ایک اہم خطرہ بن سکتا ہے، جب بڑے سیارچے سیارے سے ٹکراتے ہیں، تو وہ تباہ کن اثرات پیدا کر سکتے ہیں۔

  • ایران کا انٹرنیشنل ایجنسی سے تعاون ختم کرنا ’ناقابل قبول‘ ہے، امریکا

    ایران کا انٹرنیشنل ایجنسی سے تعاون ختم کرنا ’ناقابل قبول‘ ہے، امریکا

    امریکا نے اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے کے ساتھ تعاون ختم کرنےکو ‘ناقابل قبول’ قرار دیتے ہوئے ایران پر تنقید کی ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے بدھ کو کہا کہ ایران کی جانب سے اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی(آئی اے ای اے) کے ساتھ تعاون کی معطلی ناقابل قبول اور افسوسناک ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ ایران کو یورینیم افزودگی کے حوالے سے عالمی ایجنسی سے تعاون کرنا ہوگام امریکا کے حملے سے پہلے ایران یورینیم کی افزودگی کررہا تھا۔

    ایرانی صدر کا آئی اے ای اے سے تعاون معطل کرنے کا اعلان

    پریس کانفرنس میں ان کا مزید کہنا تھا ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں، ایران کو مزید تاخیر کے بغیر مکمل تعاون کرنا چاہیے۔

    دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہےکہ آئی اے ای اے کے ساتھ معاہدے کی معطلی کا بل شوریٰ نگہبان سے منظوری کے بعد ہم پر لازم ہو گیا، ہم اس بل کے پابند ہیں اور اس کے نفاذ میں کوئی شک نہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد ایران نے 25 جون کو ایرانی پارلیمنٹ نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کرنے کے بل کی منظوری دی تھی۔

    ایرانی پارلیمنٹ کے بعدایران کی شوریٰ نگہبان بھی عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) سے تعاون معطل کی توثیق کرچکی ہے، ایرانی پارلیمنٹ نے یہ بل 223 میں سے 221 اراکین کے ووٹوں سے پاس کیا ہے، ووٹنگ  میں ایک ووٹ نیوٹرل پڑا اور مخالفت میں ایک بھی ووٹ نہیں پڑا۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

  • میکسیکو سے غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے والوں کے حق میں وفاقی کورٹ کا بڑا فیصلہ

    میکسیکو سے غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے والوں کے حق میں وفاقی کورٹ کا بڑا فیصلہ

    واشنگٹن: میکسیکو سے امریکا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کے حق میں وفاقی کورٹ کا بڑا فیصلہ آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی فیڈرل کورٹ نے امیگریشن پالیسی کے حوالے سے صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے خلاف ایک بڑا فیصلہ جاری کر دیا ہے، وفاقی کورٹ نے میکسیکو سرحد سے غیر قانونی طور پر امریکا داخل ہونے والے تارکین وطن کو پناہ کے لیے درخواستیں دینے کا اہل قرار دے دیا۔

    وفاقی کورٹ کے فیصلے کے مطابق غیر قانونی طور میکسیکو سے امریکا میں داخل ہونے والے افراد سیاسی پناہ کے اہل ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی داخلے پر پناہ کی درخواست پر پابندی لگائی تھی، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس اقدام کو عدالت میں چیلنج کر دیا تھا۔

    کیس کی سماعت کرنے والے جج رینڈولف ماس نے اپنے ریمارکس میں کہا ہ صدر ٹرمپ نے اختیارات سے تجاوز کیا اور امیگریشن قوانین کو نظر انداز کیا، صدر کو آئین کے تحت پناہ کی درخواست روکنے کا اختیار نہیں ہے۔


    امریکا نے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا فیصلہ کرلیا، روس کا خیرمقدم


    جج کا فیصلہ تھا کہ تارکین وطن کیسے آئے، یہ اہم نہیں، پناہ دینا آئینی حق ہے، مقدمے میں جج اور محکمہ انصاف کے وکلا کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، جس پر جج نے محکمہ انصاف سے سوال کیا کہ اگر صدر گولی مارنے کا حکم دیں تو کیا آپ فالو کریں گے؟ محکمہ انصاف نے کہا کہ ایسا حکم آئینی بحران پیدا کر دے گا۔

    جج رینڈولف ماس نے واضح کیا کہ صدر امیگریشن قوانین از خود نہیں بدل سکتے۔ وائٹ ہاؤس کے اسٹیون ملر نے اس فیصلے پر شدید تنقید کی، اور کہا اگر خودمختاری نہ بچی تو مغرب بھی ختم ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ 14 روز میں اس عدالتی فیصلے کو چیلنج کر سکتی ہے۔

  • امریکا نے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا فیصلہ کرلیا، روس کا خیرمقدم

    امریکا نے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا فیصلہ کرلیا، روس کا خیرمقدم

    روس اور یوکرین کے درمیان عرصے سے جاری جنگ کے دوران امریکا نے یوکرین کو بعض ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    غیرملکی خبرایجنسی نے بتایا کہ یوکرین کو پیٹریاٹ ایئرڈیفنس سسٹم اور ہیل فائر میزائلوں کی ترسیل مؤخر کردی گئی ہے، بائیڈن انتظامیہ کے وعدے اب نظرثانی کےعمل سے گزررہے ہیں، پینٹاگون نے ہتھیاروں ذخائر کم ہونے پر ان کی فوری ترسیل نامناسب قرار دی ہے۔

    روس نے امریکی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کو کم ہتھیارملیں گے تو جنگ جلد ختم ہوگی، دوسری طرف یوکرین نے انتباہ دیا ہے کہ دفاعی امداد میں تاخیر روس کو مزید جارحیت پر اُکسائےگی۔

    روس یوکرین جنگ : کچھ ہونے والا ہے، نہ ہوا تو۔ ۔ ۔ ۔ !! ٹرمپ نے بڑی خبر سنادی

    یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کے حوالے سے ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ فیصلہ امریکی مفادات کو ترجیح دینے کے تحت کیاگیا ہے۔

    واشنگٹن کے فیصلے پر کیف میں امریکی سفیر کو طلب کرکے تحفظات سے آگاہ کردیا گیا، یوکرین کی وزارت خارجہ نے امداد روکنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوکرین کو 66ارب ڈالرز کی امریکی فوجی امداد پہلے ہی دی جاچکی ہے، نیٹورکن ممالک بھی یوکرین کو ایئر ڈیفنس سسٹمز کی فراہمی سے گریزاں ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/erdogan-says-trump-would-join-ukraine-peace-talks-in-turkey-if-putin-attends/

  • امریکی صدر کا عوام کو ریلیف دینے کا بڑا اعلان

    امریکی صدر کا عوام کو ریلیف دینے کا بڑا اعلان

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام کو ریلیف دینے کا بڑا اعلان کیا ہے، اور کہا ہے کہ ’ون بگ بیوٹی فل بل‘ کی منظوری ہر امریکی کی فتح ہے۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے بتایا کہ سینیٹ نے ہمارا تاریخی بِل منظور کر لیا ہے، یہ اب ’’ہاؤس بل‘‘ یا ’’سینیٹ بل‘‘ نہیں رہا بلکہ یہ ’’سب کا بل‘‘ بن گیا ہے، یہ ہم سب کے لیے قابل فخر ہے کیوں کہ یہ سب پالیسی جیت ہے، سب سے بڑھ کر امریکی عوام کی جیت ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا ٹروتھ سوشل پر لکھا ’’امریکی عوام کے پاس اب مستقل طور پر کم ٹیکس، زیادہ تنخوا، محفوظ سرحدیں، اور ایک مضبوط اور زیادہ طاقتور فوج ہوگی۔‘‘

    ان کا کہنا تھا کہ میڈیکیئر، میڈی کیڈ اور سوشل سیکیورٹی میں کٹوتی نہیں کی جا رہی، بلکہ ان پروگراموں سے کچرا اور دھوکا دہی صاف کر کے اور اس کا غلط استعمال ختم کر کے خطرناک ڈیموکریٹس سے محفوظ بنایا جا رہا ہے۔


    ظہران ممدانی نے ٹرمپ کی دھمکی کا جواب دے دیا


    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا امریکی عوام کے لیے خوش حالی کا نیا سنہری دور شروع ہونے والا ہے، بگ بیوٹی فل بِل امریکا کا مالی خسارہ کم اور ترقی کی نئی راہ کھولے گا، جولائی 4 سے پہلے بِل منظور کر کے عوام کو ریلیف دیں گے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی عوام کو اس بل کی ضرورت تھی، وہ اس کے مستحق ہیں کیوں کہ انھوں نے ہی ہمیں یہاں بھیجا ہے، دوبارہ منتخب ہونے کے بعد معیشت پہلے ہی ترقی کر رہی ہے، ون بگ بیوٹی فل بل معاشی ترقی کو مزید آگے لے جائے گا۔

  • امریکا دوبارہ مذاکرات چاہتا ہے تو مزید حملوں کو مسترد کرے، ایران

    امریکا دوبارہ مذاکرات چاہتا ہے تو مزید حملوں کو مسترد کرے، ایران

    ایرانی نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی کا کہنا ہے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے سے قبل امریکا کو ایران پر مزید کسی بھی حملے کا امکان خارج کرنا ہوگا۔

    بی بی سی سے گفتگو میں مجید تخت روانچی نے کہا ٹرمپ انتظامیہ نے ثالثوں کی وساطت سے  ہمیں بتایا کہ وہ دوبارہ مذاکرات شروع کرنا چاہتے ہیں لیکن امریکی انتظامیہ نے اپنی پوزیشن واضح نہیں کی کہ کہیں مذاکرات کے دوران دوبارہ تو حملے نہیں کیے جائیں گے۔

    نائب وزیر خارجہ نے واضح کیا تہران خفیہ طور پر جوہری بم بنانے کی کوشش نہیں کر رہا لیکن پُرامن مقاصد کیلئے یورینیم افزودہ کرنے کی صلاحیت برقرار رکھنے پر اصرار کرےگا۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    مجید تخت روانچی نے مزید کہا مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے لیے کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی، یہ بھی نہیں معلوم کہ ایجنڈے میں کیا شامل ہوگا۔

    واضح رہے کہ 13 جون کو شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مسقط میں امریکا اور ایران کے درمیان بلاواسطہ مذاکرات کا چھٹا دور رک گیا تھا۔

    خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات رواں ہفتے دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ تہران کو اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے لیے ضروری تحقیقی پروگرام کے لیے ’جوہری مواد تک رسائی سے انکار‘ کر دیا گیا ہے۔

  • ’’مجھ سے پہلے جو صدر تھا وہ سیڑھیوں پر گرتا رہتا تھا‘‘

    ’’مجھ سے پہلے جو صدر تھا وہ سیڑھیوں پر گرتا رہتا تھا‘‘

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن کی تضحیک کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیڑھیوں پر گرتا رہتا تھا۔

    اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ’’مجھ سے پہلے جو صدر تھا وہ سیڑھیوں پر گرتا رہتا تھا۔‘‘ ان کا اشارہ امریکا کے 46 ویں صدر 82 سالہ جو بائیڈن کی طرف تھا۔

    ٹرمپ نے کہا ’’امریکا کی دنیا میں عزت بحال ہوئی ہے، سب قدر کر رہے ہیں، میں دوروں پر گیا تو وہاں پر حکمران بہت عزت کر رہے تھے، مجھ سے پہلے جو صدر تھا وہ سیڑھیوں پر گرتا رہتا تھا۔‘‘

    جو بائیڈن سائیکل سے اترتے ہوئے گر گئے

    انھوں نے مزید کہا ’’مجھ سے پہلے جو صدر تھا اس کو پتا نہیں چلتا تھا کس طرف جانا ہے، بائیڈن اسٹیج پر گر جایا کرتا تھا، دنیا بھر میں مذاق اڑتا تھا۔‘‘


    خفیہ معلومات افشا کرنے والے صحافی اپنے ذرائع بتائیں ورنہ ۔۔۔ ٹرمپ کی دھمکی


    یاد رہے کہ رواں ماہ 9 جون کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایئر فورس ون کی سیڑھیوں پر چڑھتے ہوئے اچانک ٹھوکر کھاتے دکھائی دیتے ہیں، انھوں نے بہ مشکل خود کو گرنے سے بچایا تھا۔

    ٹرمپ نے انٹرویو میں کہا ’’گزشتہ ایک ہفتہ میرے لیے اہم رہا ہے، سعودی بادشاہ، قطر، یو اے ای قیادت سے ملاقات ہوئی، سعودی عرب، قطر، یو اے ای سے 5.1 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری لایا، ایک سال پہلے امریکا کی کارکردگی بری تھی، لیکن امریکا میں اب مہنگائی نہیں، اعداد و شمار اچھے ہیں۔‘‘

    انھوں نے کہا ٹیرف کے مقابلے ٹیرف سے ہی مقابلہ کر رہے ہیں، ٹیرف کے مقابلے میں کچھ نہ کریں تو ہماری صورت حال خطرناک ہوگی، ہم کچھ نہ کریں تو امریکا معصوم بھیڑ کی طرح ہو جائے گا۔

    ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکی حکومت معیشت کے لیے بڑے اقدامات اٹھا رہی ہے، معیشت میں جو ہماری پرواہ نہیں کرے گا ہم اس کی پرواہ نہیں کریں گے، جو ملک ہم پر ٹیکس لگائے گا جواب میں ہم بھی ٹیکس لگائیں گے۔

  • ٹک ٹاک کی خریداری، ٹرمپ نے چینی صدر شی سے متعلق بڑی پیشگوئی کر دی

    ٹک ٹاک کی خریداری، ٹرمپ نے چینی صدر شی سے متعلق بڑی پیشگوئی کر دی

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں ٹک ٹاک کی ملکیت کے معاملے پر پیش رفت کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسے خریدنے کے لیے ایک گروپ تیار ہے۔

    اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ’’ہمارے پاس ٹک ٹاک کا ایک خریدار موجود ہے، یہ امیر لوگوں کا ایک گروپ ہے جو ٹک ٹاک خریدنا چاہتا ہے، میں 2 ہفتوں میں بتاؤں گا کہ ٹک ٹاک خریدنے والے کون ہیں۔‘‘

    صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ جو ڈیل تیار کر رہے ہیں اسے آگے بڑھانے کے لیے چین کی منظوری درکار ہوگی، انھوں نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ اس ڈیل کی منظوری دے دیں گے۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر نے رواں ماہ کے شروع میں چینی کمپنی بائٹ ڈانس کو ٹک ٹاک کے امریکی اثاثے چھوڑنے کے لیے ڈیڈ لائن 17 ستمبر تک بڑھا دی تھی، حالاں کہ قانون کے مطابق کسی اہم پیشرفت کے بغیر یا تو اثاثے فروخت کیے جانے تھے یا کمپنی شٹ ڈاؤن کی جانی تھی۔


    خفیہ معلومات افشا کرنے والے صحافی اپنے ذرائع بتائیں ورنہ ۔۔۔ ٹرمپ کی دھمکی


    ٹرمپ انتظامیہ ایک معاہدے پر کام کر رہی تھی جس کے تحت TikTok کے امریکی آپریشنز کو ایک نئی امریکی فرم میں تبدیل کیا جانا تھا، جو امریکی سرمایہ کاروں کے زیر انتظام ہوتی، لیکن اسے اس وقت روک دیا گیا جب چین نے اشارہ دیا کہ وہ اسے منظور نہیں کرے گا۔

    خیال رہے کہ صدر ٹرمپ ٹک ٹاک ایپ کی آخری تاریخ میں تین بار توسیع کر چکے ہیں، وہ گزشتہ نومبر کے صدارتی انتخابات میں نوجوان ووٹروں میں اپنی حمایت بڑھانے کا سہرا بھی اسی ایپ کو دیتے ہیں۔