Tag: امریکا

  • امریکا نے شام میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول لیا

    امریکا نے شام میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول لیا

    امریکا نے شام پر عائد پابندیاں ہٹانے کے بعد اب سفارتی تعلقات بھی بحال کر لیے ہیں اور ایک بار پھر وہاں سفارت خانہ کھول لیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا نے گزشتہ دنوں دورہ مشرق وسطیٰ کے دوران سعودی عرب میں شام کے عبوری صدر احمد الشرع سے ملاقات کی تھی اور 13 سال سے شام پر عائد تمام پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔

    اب ٹرمپ انتظامیہ نے ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے شام سے سفارتی تعلقات دوبارہ بحال کرتے ہوئے وہاں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول لیا ہے۔

    ترکیہ میں تعینات امریکی سفیر اور شام کے لیے ایلچی ٹام بیرک نے اس سفارتخانے کا افتتاح کیا۔

    واضح رہے کہ امریکا نے 2012 میں خانہ جنگی کے بعد شام سے سفارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے اور اس پر کئی پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔

    https://urdu.arynews.tv/syria-us-lifts-first-sanctions/

  • پاک بھارت کشیدگی: بلاول بھٹو امریکا کا سرکاری دورہ کل سے شروع کریں گے

    پاک بھارت کشیدگی: بلاول بھٹو امریکا کا سرکاری دورہ کل سے شروع کریں گے

    حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستانی موقف سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لیے بلاول بھٹو کل سے سرکاری دورہ امریکا کا آغاز کریں گے۔

    بھارتی جنگی جنون اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور سرحد پار سے مسلسل دھمکی آمیز بیانات کے بعد پاکستان کے امن پسند موقف سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لیے پی پی پی چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی کل سے غیر ملکی دورے شروع کر رہا ہے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق اس وقت بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور جلیل عباس جیلانی امریکا میں موجود ہیں جب کہ پارلیمانی کمیٹی کے دیگر اراکین امریکا میں اس وفد میں شامل ہو جائیں گے۔

    ان غیر ملکی دوروں کا آغاز امریکا سے شروع ہوگا اور بلاول بھٹو کل سے امریکا میں سرکاری دورے کا باقاعدہ آغاز کریں گے

    وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بلاول بھٹو کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی امریکا اور یورپی ممالک کا دورہ کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو 2 جون سے امریکی حکام سے باضابطہ ملاقاتیں شروع کرینگے۔

    ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں بلاول بھٹو کی سربراہی میں کمیٹی امریکی حکام سے ملاقاتیں کریگی۔ ان ملاقاتوں میں امریکی حکام کو پاک بھارت کشیدگی پر پاکستان کے موقف سے متعلق بریفنگ دی جائے گی اور بھارت کے پروپیگنڈے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بلاول بھٹو اور کمیٹی اراکین کی نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات متوقع ہے جب کہ بلاول بھٹو کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی ملاقات ہو سکتی ہے۔

    وفد اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب عاصم افتخار سے بھی ملاقات کرے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اپریل میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارت نے جنگی جارحیت کرتے ہوئے پاکستان کے شہری علاقوں میں رات کی تاریکی میں حملے کر کے درجنوں بے گناہ پاکستانیوں کو شہید کر دیا تھا۔

    پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کا غرور تین رافیل طیاروں سمیت 6 جنگی جہازوں اور درجنوں اسرائیلی ساختہ ڈرونز کو مار گرایا۔

    بعد ازاں بھارتی جنگی جنون میں کمی نہ آنے پر پاک فوج نے 10 مئی کی علی الصباح آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعہ صرف چند گھنٹوں میں بھارت کو گھٹنے ٹیکنے اور جنگ بندی کی اپیل کرنے پر مجبور کر دیا تھا اور امریکا کو درمیان میں آکر جنگ بندی کرانا پڑی۔

    تاہم چند گھنٹوں پر مشتمل آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فضائیہ نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کا ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کر دیا تھا۔

  • امریکی بین الاقوامی تجارتی عدالت نے ٹرمپ کے گلوبل ٹیرف کو روک دیا

    امریکی بین الاقوامی تجارتی عدالت نے ٹرمپ کے گلوبل ٹیرف کو روک دیا

    نیویارک: امریکی بین الاقوامی تجارتی عدالت نے ٹرمپ کے گلوبل ٹیرف کو روک دیا۔

    روئٹرز کے مطابق ایک امریکی تجارتی عدالت نے بدھ کے روز ایک بڑے فیصلے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عائد کردہ زیادہ تر ٹیرف کو روک دیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ صدر نے امریکی تجارتی شراکت داروں سے درآمدات پر سب پر اثرا انداز ہونے والے ڈیوٹیز لگا کر اپنے اختیار سے تجاوز کیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق تین ججز پر مشتمل پینل نے چین، میکسیکو اور کینیڈا پر ٹیرف کا نفاذ روک دیا ہے، عدالت نے ہنگامی اقتصادی اختیارات کے تحت عائد ٹیرف کو روکنے کا حکم دیا۔

    تجارتی عدالت نے صدر ٹرمپ کے تجارتی ٹیرف کو غیر قانونی قرار دیا، وفاقی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا وائٹ ہاؤس کی جانب سے ٹیرف لگانے کے لیے استعمال کیا جانے والا قانون صدر کو یکطرفہ طور پر دیگر ممالک پر ڈیوٹیز عائد کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔


    ہارورڈ یونیورسٹی میں غیر ملکی طلبہ کتنے فی صد ہونے چاہیئں؟ ٹرمپ نے بتا دیا


    بین الاقوامی تجارت کی عدالت نے کہا کہ امریکی آئین کانگریس کو دوسرے ممالک کے ساتھ تجارت کو ریگولیٹ کرنے کا خصوصی اختیار دیتا ہے، جس سے صدر کے ہنگامی اختیارات بھی تجاوز نہیں کر سکتے۔

    ٹرمپ انتظامیہ نے اس فیصلے کے خلاف چند منٹ بعد ہی اپیل دائر کر دی ہے، وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ غیر منتخب ججوں کا کام نہیں کہ وہ یہ فیصلہ کریں کہ قومی ایمرجنسی سے کیسے نمٹا جائے، نیز وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف نے فیصلے کو عدالتی بغاوت قرار دیا ہے۔ تاہم دوسری طرف مالیاتی منڈیوں نے اس فیصلے کو خوش کر دیا ہے، عدالت کے حکم کے بعد امریکی ڈالر کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا، خاص طور پر یورو، ین اور سوئس فرانک جیسی کرنسیوں کے مقابلے میں اضافہ دیکھا گیا۔

  • ایلون مسک اور ٹرمپ کے راستے اچانک جدا، مشیر کا عہدہ چھوڑ دیا

    ایلون مسک اور ٹرمپ کے راستے اچانک جدا، مشیر کا عہدہ چھوڑ دیا

    واشنگٹن: ایلون مسک نے بدھ کی شام ٹرمپ انتظامیہ سے اچانک کنارہ کشی اختیار کر لی ہے، مشیر اور ’ ڈاج ‘ کے سربراہ کا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ میں بطور مشیر اور ’’ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی‘‘ (ڈاج) کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں سے اچانک استعفیٰ دے دیا ہے۔

    ایلون مسک نے صدر ٹرمپ کو براہِ راست اطلاع دیے بغیر مشیر کا عہدہ چھوڑا ہے، معروف کاروباری شخصیت اور ٹیکنالوجی ٹائیکون مسک نے ٹرمپ انتظامیہ کے نام پیغام میں کہا ہے کہ حکومت کے خصوصی ملازم کے طور پر اُن کا وقت مکمل ہو چکا ہے۔

    ایکس پر لکھے پیغام میں ایلون مسک نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سرکاری اخراجات کم کرنے کا موقع دینے پر شکریہ، ڈاج کا مشن وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوگا۔ انھوں نے کہا اخراجات میں کمی کا مشن تبھی مکمل ہوگا جب یہ حکومت کا معمول بن جائے گا۔


    امریکا جانے کے خواہشمند غیر ملکی طلبہ کیلیے اہم خبر


    واضح رہے صدر ٹرمپ نے ایلون مسک کو وفاقی سطح پر اخراجات میں کمی لانے کی ذمہ داری سونپی تھی، اور اسی مقصد کے لیے ڈاج قائم کیا گیا تھا، تاہم وفاقی بیوروکریسی میں اصلاحات اور بجٹ کٹوتیوں کی کوششوں پر ایلون مسک کو شدید عوامی اور سیاسی تنقید کا سامنا رہا۔

    ایلون مسک نے گزشتہ روز ٹرمپ کے 4 ٹریلین ڈالر کے بل پر تنقید کی تھی، انھوں نے کہا تھا کہ چار ٹریلین ڈالر کے بل کے کچھ حصوں سے انھیں اختلاف ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مسک کے اعلان کے ساتھ امریکی انتظامیہ کا ایک ہنگامہ خیز باب بند ہو گیا ہے، جس میں ہزاروں ملازمین کی برطرفی اور سرکاری اداروں کی بندش اور قانونی چارہ جوئیاں شامل تھیں، واشنگٹن کا ماحول ان کے لیے نامانوس تھا لیکن انھوں نے اس سب ہلچل کے درمیان جدوجہد کی تاہم انھیں امید سے کم کامیابی ملی۔

  • امریکا جانے کے خواہشمند غیر ملکی طلبہ کیلیے اہم خبر

    امریکا جانے کے خواہشمند غیر ملکی طلبہ کیلیے اہم خبر

    واشنگٹن : ٹرمپ حکومت نے تمام نئے غیر ملکی طلبہ و طالبات کو ویزوں کی فراہمی کا سلسلہ روکنے کا حکم جاری کردیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے بیرونِ ملک تمام امریکی سفارت خانوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئے غیر ملکی طلبہ اور تبادلہ پروگرام (ایکسچینج وزیٹر) ویزا درخواست دہندگان کے لیے اپائنٹمنٹس کا شیڈول بنانا بند کردیں۔

    رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ محکمہ خارجہ غیر ملکی طلبہ اور تبادلہ پروگرام ویزا درخواست دہندگان کی سوشل میڈیا جانچ پڑتال کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کرے گا جس کے بعد یہ اپائنٹمنٹس دوبارہ شروع کی جا سکتی ہیں۔ اس وقت تک تمام قونصل خانے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نئی اپائنٹمنٹس نہ لیں۔

    یہ بات منگل کو رائٹرز کو موصول ہونے والی ایک اندرونی ذرائع سرکاری ٹیلیگرام سے سامنے آئی۔
    انہوں نے مزید کہا کہ جو اپائنٹمنٹس پہلے سے شیڈول ہو چکی ہیں، وہ موجودہ پالیسی کے تحت جاری رکھی جا سکتی ہیں لیکن جو سلاٹس خالی ہیں انہیں واپس لے لیا جائے۔

    محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ٹیلیگرام پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں داخلے کی خواہش رکھنے والے ہر شخص کی جانچ پڑتال کے لیے ہر ممکن طریقہ استعمال کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ہر اُس ذریعے کو بروئے کار لائیں گے جس سے ہم یہ معلوم کر سکیں کہ یہاں آنے والا شخص کون ہے، چاہے وہ طالب علم ہو یا کوئی اور۔”

    اس حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی طالب علم فلسطینیوں کی حمایت کرتا ہے یا اسرائیل کے اقدامات پر تنقید کرتا ہے تو اسے امریکی خارجہ پالیسی کے لیے خطرہ سمجھا جا سکتا ہے، اور اس بنیاد پر اس کا ویزا منسوخ یا ملک بدری کی جا سکتی ہے۔

    ناقدین کے مطابق غیر ملکی طلبہ سے متعلق حکومت کا یہ اقدام امریکی آئین کی پہلی ترمیم میں دی گئی آزادی اظہار کے حق پر حملہ کے مترادف ہے۔

  • امریکا: ساؤتھ کیرولائنا کے بیچ ٹاؤن میں فائرنگ، متعدد زخمی

    امریکا: ساؤتھ کیرولائنا کے بیچ ٹاؤن میں فائرنگ، متعدد زخمی

    امریکا کی ریاست ساؤتھ کیرولائنا کے بیچ ٹاؤن لٹل ریور میں گزشتہ رات فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا، جس کے باعث 11 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ رات 9:30 بجے کے قریب انٹرا کوسٹل واٹر وے کے نزدیک ایک رہائشی علاقے میں پیش آیا۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس علاقے سے دور رہیں تاکہ ریسکیو اور سیکیورٹی ادارے اپنے امور انجام دے سکیں۔

    عینی شاہدین کی جانب سے بنائی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متعدد پولیس گاڑیاں اور ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

    قبل ازیں امریکا کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ہیڈ کوارٹر کے باہر سیکورٹی اہلکار کی جانب سے مشکوک گاڑی پر فائرنگ سے ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی تھی۔

    امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ خاتون اپنی گاڑی لے کر داخلی دروازے تک پہنچیں اور سکیورٹی عملے کی جانب سے روکے جانے پر گاڑی نہیں روکی۔

    رپورٹس کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ زخم جان لیوا نہیں ہے۔

    واقعے کی سی آئی اے کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سی آئی اے ہیڈ کوارٹر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس پر قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر متحرک ہو گئے۔ مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی‘۔

    پیوٹن یوکرین کے ڈرون حملے میں بال بال بچ گئے

    رپورٹس کے مطابق سی آئی اے کا ہیڈکوارٹر دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سے تقریباً نو میل دور ریاست ورجینیا کے علاقے لینگلی میں واقع ہے۔

  • آئی فونز امریکا میں تیار کیے جائیں، بھارت میں نہیں، ٹرمپ

    آئی فونز امریکا میں تیار کیے جائیں، بھارت میں نہیں، ٹرمپ

    امریکی صدر نے بھارت کو ہری جھنڈی دکھا دی اور اپنے نئے فیصلے سے مودی سرکار کو میڈ ان انڈیا نو مور کا پیغام دےدیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مودی سرکار کو دو ٹوک پیغام دے دیا ہے کہ میڈ ان انڈیا نو مور اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل کو اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی دے دی ہے۔

    ٹرمپ نے ایکس اکاؤنٹ پر بھارت میں ایپل کمپنی کو آئی فونز کی مینوفیکچرنگ نہ کرنے کا ایک بار پر واضح پیغام دیتے ہوئے بڑی تنبیہہ کی ہے۔

    امریکی صدر نے دوٹوک انداز اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی فونز صرف امریکا میں تیار کیے جائیں، بھارت میں نہیں۔

    ٹرمپ نے ایپل کمپنی کو تنبیہہ کی ہے کہ اگر اس نے آئی فون امریکا سے باہر (بھارت) میں تیار کرنا ہیں تو 25 فیصد ٹیرف لگے گا۔

    ان کا کہنا ہے کہ ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ امریکا میں فروخت ہونے والے آئیفونز امریکی سر زمین پر ہی تیار کیے جائیں۔ بھارت یا کسی اور جگہ نہیں، اگر ایسا نہیں کیا گیا تو اضافی ٹیرف بھگتنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ دورہ مشرق وسطیٰ میں بھارت میں آئی فونز تیار کرنے پر ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا وہ نہیں چاہتے کہ ایپل کمپنی اپنی ڈیوائسز بھارت میں تیار کرے۔

    معاشی ماہرین نے امریکی صدر کے اس بیان کو ٹرمپ کے بھارت پر بڑھتے عدم اعتماد اور مودی سرکار کی پالیسیوں پر سوالیہ نشان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں نے بھارت کو غیر معتبر بنا دیا ہے۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ بار بار امریکی کمپنیوں کو بھارت سے نکلنے اور واپس امریکا آنے کی تقلین کر چکے ہیں اور ان کا بار بار انتباہ دراصل بھارت پر امریکا کے عدم اعتماد کی نشاندہی کر رہا ہے۔

  • لورالائی کا زیتون کا تیل امریکا میں مقابلے میں عالمی معیار کا قرار، ویڈیو رپورٹ

    لورالائی کا زیتون کا تیل امریکا میں مقابلے میں عالمی معیار کا قرار، ویڈیو رپورٹ

    ویڈیو رپورٹ: عزیز الرحمان کاکڑ

    بلوچستان کے ضلع لورالائی کے زیتون کے تیل نے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوا لیا۔

    عبدالجبار نامی زمیندا ر کے لگائے گئے زیتون کے درختوں سے حاصل کیا جانے والا تیل امریکا میں منعقدہ مقابلے میں نہ صرف عالمی معیار کا قرار دیا گیا، بلکہ لورالائی اولیوز نامی برانڈ نے خاص کیٹگری میں سلور ایوارڈ بھی جیت لیا، زمیندار نے اسے محنت، محکمہ زراعت کے ماہرین کی کڑی نگرانی اور ریسرچ کا نتیجہ قرار دیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی ریسرچ حبیب اللہ کاکڑ کہتے ہیں کہ عبدالجبار مبارک باد کے مستحق ہیں، صوبے کے دیگر زمینداروں کو بھی ان کے نقش قدم پر چلنا چاہیے۔ دنیا بھر کے 1200 سے زائد برانڈز کی موجودگی میں لورالائی کے فارم سے حاصل کیے جانے والے زیتون برانڈ کی سبقت نے ثابت کیا کہ بلوچستان کی زمین زراعت کے حوالے سے بڑی زرخیز ہے۔


    پاکستان میں ہیٹ ویو پر ایک جامع ویڈیو رپورٹ، اقوام متحدہ 2025 میں‌ کتنے ڈالر خرچ کرے گا؟


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • سابق امریکی صدر جو بائیڈن کینسر میں مبتلا ہو گئے

    سابق امریکی صدر جو بائیڈن کینسر میں مبتلا ہو گئے

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر جو بائیڈن کو ’شدید‘ پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جو بائیڈن نے گزشتہ ہفتے کچھ پیچیدگیوں کے باعث میڈیکل ٹیسٹ کروائے تھے، جس کے بعد ڈاکٹرز نے ان میں پروسٹیٹ کینسر کی تصدیق کر دی ہے۔

    بائیڈن آفس کے مطابق سابق صدر اور ان کے اہل خانہ معالجین کے ساتھ مل کر علاج کے آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 82 سالہ سابق صدر کا پروسٹیٹ کینسر ہڈیوں تک پھیل گیا ہے۔

    جو بائیڈن، جنھوں نے جنوری میں دفتر چھوڑا تھا، کو گزشتہ جمعہ کو کینسر کی تشخیص ہوئی، انھیں پیشاب کی نالی میں تکلیف تھی جس پر انھوں نے ٹیسٹ کروائے تھے، ڈاکٹروں نے بائیڈن کے کینسر کو ’اعلا درجے‘ کا کینسر قرار دیا ہے، جو تیزی سے پھیل سکتا ہے۔

    تاہم، بائیڈن کے آفس نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ کینسر ہارمون کے لیے حساسیت رکھتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ اس کا علاج ممکن ہے۔

    آفس سے جاری میں کہا گیا کہ ’’اگرچہ یہ بیماری کی ایک زیادہ جارحانہ شکل ہے، تاہم یہ کینسر ہارمون حساس ہے جس کی وجہ سے مؤثر علاج ممکن ہے۔‘‘

  • بھارت کو ایک اور دھچکا، امریکا نے آم لینے سے انکار کردیا

    بھارت کو ایک اور دھچکا، امریکا نے آم لینے سے انکار کردیا

    بھارت کو ایک اور جھٹکا لگ گیا، امریکا نے لاکھو ں ڈالر کے بھارتی آم لینے سے منع کردیا اور شپمنٹ واپس بھجوا دی۔

    اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے دستاویزات میں بے ضابطگیوں کی وجہ سے لاس اینجلس، سان فرانسسکو اور اٹلانٹا سمیت مختلف ہوائی اڈوں پر بھارت سے آم کی 15 شمپنٹس کو لینے سے انکار کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق بھارت کی آم کی شپمنٹس کو 8 اور  9 مئی کو ممبئی میں تابکاری کے عمل سے گزارا گیا تھا، امریکی حکام نے تابکاری کے عمل سے متعلق دستاویزات میں تضادات کی نشاندہی کی تھی، شپمنٹ نے امریکا میں داخلے کی لازمی شرط یعنی تابکاری کا مرحلہ مکمل نہیں کیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی وجہ سے برآمد کنندگان سے کہا گیا کہ وہ یا تو کارگو کو تباہ کر دیں یا اسے دوبارہ بھارت کو برآمد کریں، جس پر انہوں نے آموں کو تلف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ایکسپورٹرز کے مطابق تابکاری عمل ایک ضروری علاج ہے جس کے تحت پھل کو کیڑے مارنے اور شیلف لائف بڑھانے کے لیے مخصوص مقدار میں شعاعوں سے گزارا جاتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایکسپورٹرز کا کہنا ہےکہ آم تلف ہونے سے انہیں تقریباً 5 لاکھ ڈالر (تقریباً 4 کروڑ 15 لاکھ روپے) کے ممکنہ نقصان کا سامنا ہے۔