Tag: امریکا

  • خامنہ ای نے امریکی مسئلے کو ’ناقابل حل‘ قرار دے دیا

    خامنہ ای نے امریکی مسئلے کو ’ناقابل حل‘ قرار دے دیا

    تہران (25 اگست 2025): ایران کے سپریم لیڈر نے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال امریکا کے ساتھ ’’ناقابلِ حل‘‘ ہے، ایران کبھی بھی واشنگٹن کے دباؤ کے آگے سر نہیں جھکائے گا۔

    روئٹرز کے مطابق مغربی طاقتوں کے ساتھ ایٹمی پروگرام کے تنازعے کے دوران اتوار کو سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا چاہتا ہے کہ ایران اس کا مطیع ہو، لیکن ایرانی قوم اپنی پوری طاقت کے ساتھ ان لوگوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہے گی جو ایسی غلط توقعات رکھتے ہیں۔‘‘

    بیان میں خامنہ ای نے کہا امریکا چاہتا ہے ایران اس کی فرماں برداری کرے لیکن ایسا نہیں ہوگا۔ ایران امریکی فرماں برداری کے مطالبے کے خلاف مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔ جو لوگ مسائل کے حل کے لیے واشنگٹن کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی وکالت کرتے ہیں وہ کم عقل ہیں۔

    غزہ میں جنگی جرائم ہو رہے ہیں، ایہود اولمرٹ

    انھوں نے کہا مخالفین ایران میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن قوم متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنادے گی۔

    یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکا کے ساتھ ایٹمی مذاکرات اس وقت معطل کیے جب جون میں 12 روزہ جنگ کے دوران امریکا اور اسرائیل نے اس کی ایٹمی تنصیبات پر بمباری کی۔ آیت اللہ علی خامنہ ای کے یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے جب ایران اور یورپی طاقتوں نے جمعہ کے روز اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ مذاکرات دوبارہ شروع کریں گے تاکہ تہران کی یورینیم کی افزودگی کے کام کو محدود کرنے پر بات چیت بحال کی جا سکے۔

    خامنہ ای نے بیان میں کہا ’’جو لوگ ہم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہم امریکا کے خلاف نعرے نہ لگائیں … اور براہِ راست امریکا کے ساتھ مذاکرات کریں، وہ صرف ظاہر کو دیکھتے ہیں، یہ مسئلہ ناقابلِ حل ہے۔‘‘

    خیال رہے کہ یورپی ریاستیں اور امریکا یہ کہتے ہیں کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جب کہ ایران کا مؤقف ہے کہ اس کی دل چسپی صرف ایٹمی توانائی کے حصول تک محدود ہے۔

  • امریکا میں ساڑھے 5 کروڑ ویزوں پر منسوخی کی تلوار لٹکنے لگی

    امریکا میں ساڑھے 5 کروڑ ویزوں پر منسوخی کی تلوار لٹکنے لگی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی تاریخ میں سب سے بڑے ویزہ اسکروٹنی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 55 ملین ویزا ہولڈرز کو اب سخت تحقیقات کے عمل سے گزرنا ہوگا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ اقدام کا مقصد کسی بھی ایسے ویزا ہولڈر کی نشاندہی کرنا ہے جو قوانین کی خلاف ورزی یا دیگر وجوہات کے باعث امریکا میں قیام کا اہل نہیں رہا۔

    رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے ویزہ پالیسی کو سخت بنانے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم غیر ملکی طلبا کے ویزے منسوخ کرنا شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ ان اقدامات میں درخواست دہندگان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بھی کڑی نگرانی اور انٹرویوز کا عمل معطل کرنا بھی شامل ہیں۔

    امریکی صدر کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب غزہ اور فلسطین کے شہریوں کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیے جانے والے طبی ویزے بند کر دیے گئے ہیں۔ اب فلسطینی طلبا، مریض اور عام درخواست گزار بھی امریکا میں داخل نہیں ہوسکتے۔

    علاوہ ازیں 2025 میں صرف طلبا کے 6 ہزار سے زائد ویزے منسوخ کیے جا چکے ہیں۔ ان میں وہ طلبا شامل ہیں جنہوں نے قیام کی مدت سے زیادہ وقت گزارا، قوانین کی خلاف ورزی کی یا دہشت گردی کی حمایت جیسے الزامات کا سامنا کیا۔

    واضح رہے کہ رواں برس اب تک امریکا میں تقریباً 40 ہزار ویزوں کو منسوخ کیا جاچکا ہے، جبکہ سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں اسی مدت میں صرف 16 ہزار ویزے منسوخ کیے گئے تھے۔

    امریکا سے نکالے گئے افراد کو کس ملک میں بھیجا جائے گا؟

    مشرقی افریقی ملک یوگنڈا نے امریکا کے ساتھ ڈی پورٹ کیے گئے پناہ گزینوں کو واپس لینے کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔

    وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یوگنڈا نے تیسرے ممالک کے ایسے شہریوں کو لینے پر رضامندی ظاہر کی ہے جنہیں امریکا میں سیاسی پناہ نہیں مل سکتی ہے لیکن وہ اپنے آبائی ممالک میں واپس نہیں جانا چاہتے ہیں۔

    کینیڈا کا امریکی اشیا پر محصولات ختم کرنے کا فیصلہ

    وزارت نے جمعرات کو کہا کہ یہ معاہدہ ان شرائط پر مبنی ہے کہ پناہ حاصل کرنے والوں کا مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے اور وہ نابالغ نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کی تفصیلات پر ابھی کام کیا جا رہا ہے۔

  • امریکا نے غیر ملکی ٹرک ڈرائیوروں کو ویزے جاری کرنا بند کردیے

    امریکا نے غیر ملکی ٹرک ڈرائیوروں کو ویزے جاری کرنا بند کردیے

    واشنگٹن(22 اگست 2025): امریکا نے غیر ملکی ٹرک ڈرائیوروں کو ویزے جاری کرنا بند کردیے۔

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ کمرشل ٹرک ڈرائیوروں کے لیے ورکر ویزا کا اجراء فوری طور پر روک رہے ہیں۔

    مارکو روبیو نے دعویٰ کیاکہ بڑی تعداد میں غیر ملکی ڈرائیوروں کے ٹرک چلانے سے نہ صرف امریکی شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑ رہی ہیں بلکہ غیر ملکی ٹرک ڈرائیور مقامی ٹرک ڈرائیوروں کے ذریعہ معاش کو بھی کم کر رہے ہیں۔

    اس سے قبل رواں ہفتے امریکی محکمہ خارجہ نے غزہ سے آنے والے فلسطینیوں کے لیے بھی مختصر دورانیے کے سیاحتی ویزے روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ طبی اور انسانی بنیادوں پر غزہ کے لیے حالیہ دنوں میں جاری ویزوں کا جامع جائزہ لیا جا رہا ہے، امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ کے لیے قلیل تعداد میں جاری حالیہ ویزوں کی جانچ پڑتال کے لیے ویزہ کا اجرا روکا گیا ہے۔

  • صدر ٹرمپ نے امریکا میں پوسٹل بیلٹ نظام ختم کرنے کا عندیہ دے دیا

    صدر ٹرمپ نے امریکا میں پوسٹل بیلٹ نظام ختم کرنے کا عندیہ دے دیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں پوسٹل بیلٹ کا نظام ختم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں مڈ ٹرم الیکشن سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم بیان سامنے آیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بطور ری پبلکن پارٹی پوسٹل بیلٹ نظام ختم کریں گے۔

    ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ وہ 2026 کے مڈ ٹرم انتخابات سے قبل ڈاک کے ذریعے ڈالے جانے والے ووٹوں (Mail-in Ballots) اور ووٹنگ مشینوں کے استعمال کو ختم کرنے کے لیے ایک صدارتی حکم نامہ (ایگزیکٹو آرڈر) جاری کریں گے، اور اس آرڈر کی تیاری کا عمل جاری ہے۔

    روئٹرز کے مطابق امریکا میں وفاقی انتخابات ریاستی سطح پر کرائے جاتے ہیں، اور یہ واضح نہیں ہے کہ صدر کو آئینی طور پر ایسا حکم جاری کرنے کا اختیار حاصل ہے یا نہیں۔ بعض ریاستوں کی جانب سے اس اقدام کو قانونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کیوں کہ اس اقدام سے ان کی ریپبلکن پارٹی کو غیر متناسب طور پر فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

    اِسکبیڈی، ٹریڈ وائف، ڈی لولو، ماؤس جگلر، ان الفاظ کا کیا مطلب ہے؟

    روایتی طور پر ڈیموکریٹک ووٹرز ریپبلکنز کی نسبت ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کو ترجیح دیتے ہیں، اس لیے ٹرمپ کا یہ وعدہ دراصل انتخابات کے میدان کو اپنی پارٹی کے فائدے میں بدلنے کی تازہ کوشش ہے۔ انھوں نے ٹیکساس اور انڈیانا سمیت کئی ریاستوں میں ریپبلکنز پر زور دیا ہے کہ وہ کانگریسی حلقہ بندیوں کو اس انداز میں ازسرِنو ترتیب دیں کہ ریپبلکن امیدواروں کے کامیاب ہونے کے امکانات بڑھ جائیں۔

    ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا: ’’میں ڈاک کے ذریعے ووٹ دینے کے نظام کو ختم کرنے کی تحریک کی قیادت کرنے جا رہا ہوں، اور ساتھ ہی ہم بہت مہنگی، شدید متنازعہ اور حد درجہ ’غیر درست‘ ووٹنگ مشینوں سے بھی جان چھڑائیں گے۔‘‘ بعد میں وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر ریپبلکن پارٹی اقتدار میں رہنا چاہتی ہے تو اسے اس نئی کوشش کی حمایت کرنی ہوگی۔

  • امریکا نے 6 ہزار غیر ملکی طلبہ کے ویزے منسوخ کر دیے

    امریکا نے 6 ہزار غیر ملکی طلبہ کے ویزے منسوخ کر دیے

    امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے 6 ہزار غیر ملکی طلبہ کے ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اقدام کی وجوہات مقررہ وقت سے زائد قیام اور قانون شکنی قرار دی گئی ہیں جبکہ ایک مختصر تعداد ان لوگوں کی بھی ہے جو امریکا کے مطابق دہشت گردی کو سپورٹ کرتے ہیں۔

    یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کے امیگریشن سے جڑے معاملات پر کریک ڈاؤن کے ایک ضمنی حصے کے طور پر سامنے آیا ہے اور اسٹوڈنٹ ویزوں کے بارے میں بھی سخت رویہ اپنایا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر طلبہ کی چیکنگ سخت کرنے کے ساتھ ساتھ سکریننگ کا دائرہ کار بھی بڑھایا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق چار ہزار ویزے قانون شکنی پر کینسل کیے گئے۔۔ جرائم میں ملوث دو سو سے تین سو ویزے منسوخ کیے گئے۔

    غیرملکی طلباء کیلئے محدود مدت کے ویزے، ٹرمپ کی نئی تجویز سامنے آگئی:

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غیر ملکی طلباء کے لیے محدود مدت کے ویزے جاری کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

    امریکا کے ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی نے اس تجویز کو آفس آف مینجمنٹ اینڈ بجٹ (OMB) کے جائزے کے لیے پیش کر دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ تجویز 2020ء میں اپنی پہلی صدارتی مدت کے دوران پیش کی تھی جو کہ اب ان کی دوسری صدارتی مدت کے دوران امیگریشن کے خلاف سخت ترین کارروائی کے آغاز پر دوبارہ سامنے آئی ہے۔

    اس تجویز کے مطابق امریکا کی جانب سے غیر ملکی طلباء کو جاری کیے گئے ویزوں کی ایک محدود مدت ہوگی اور وہ مدت ختم ہونے کے بعد طلباء امریکا میں مزید نہیں رُک سکیں گے۔

    رپورٹس کے مطابق حالیہ قوانین کے تحت F-1 ویزا رکھنے والے بین الاقوامی طلباء اورJ-1 کلچرل ایکسچینج ویزا رکھنے والے غیر ملکی طلباء و میڈیا نمائندوں کو ان کی تعلیم اور ٹریننگ سیشن مکمل ہونے تک امریکا میں رہنے دیا جائے گا۔

    اسرائیل سے جنگ کسی بھی وقت چھڑ سکتی ہے: ایران

    ٹرمپ کی یہ نئی تجویز اگر منظور ہو جاتی ہے تو غیر ملکی طلباء کو محدود مدت کے ویزے جاری ہوسکتے ہیں اور ویزے کی محدود مدت ختم ہونے کے بعد امریکا میں مزید قیام کے لیے طلباء کو متعلقہ حکام کو درخواست دے کر ویزے کی مدت میں توسیع کروانی پڑے گی۔

  • سہ فریقی مذاکرات، جرمن چانسلر اور صدر زیلنسکی کا ٹرمپ کے اعلان کا خیر مقدم

    سہ فریقی مذاکرات، جرمن چانسلر اور صدر زیلنسکی کا ٹرمپ کے اعلان کا خیر مقدم

    واشنگٹن (19 اگست 2025): یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی اور جرمن چانسلر نے سہ فریقی مذاکرات کے سلسلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں اس بات پر اہم اجلاس منعقد ہوا کہ روس یوکرین جنگ کا خاتمہ کیسے کیا جائے؟ اجلاس میں یورپی رہنماؤں نے فوری جنگ بندی اور سہ فریقی مذاکرات کے آغاز پر زور دیا۔

    یوکرینی صدر زیلنسکی اور یورپی رہنماؤں سے ملاقات ختم ہونے کے بعد امریکی صدر نے میڈیا سے گفتگو میں عزم کا اظہار کیا کہ روس یوکرین جنگ رکوا کر رہیں گے، انھوں نے کہا اب تک 6 جنگیں ختم کروا چکا ہوں یہ کوئی آسان کام نہیں، پیوٹن اور زیلنسکی بھی جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، معاملات ٹھیک رہے تو ہم زیلنسکی اور پیوٹن کے ساتھ سہ فریقی میٹنگ کریں گے۔

    یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ ہم ٹرمپ کی سفارتی کوششوں کے حامی ہیں اور سہ ملکی مذاکرات کے لیے تیار ہیں، انھوں نے واضح کیا کہ یوکرین کو سیکیورٹی ضمانتوں کے معاملے پر سب کچھ چاہیے، امریکا سمیت دوست ممالک کی ذمہ داری ہے کہ ہمارا ساتھ دیں۔

    روس یوکرین جنگ رکوا کر رہوں گا، صدر ٹرمپ

    جرمن چانسلر نے کہا کہ ہم یوکرین کے لیے سیکیورٹی ضمانتوں پر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، یوکرین کے لیے سیکیورٹی ضمانتوں پر پورے یورپ کو حصہ لینا چاہیے۔ انھوں نے کہا سیکیورٹی ضمانت ضروری ہے، ٹرمپ کے ساتھ یہ ملاقات مددگار ثابت ہوئی لیکن اگلے مرحلے زیادہ پیچیدہ ہیں، سب یوکرین میں جنگ بندی دیکھنا چاہیں گے۔

    فرانسیسی صدر نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کے خیال کی حمایت کرتے ہیں، برطانوی وزیر اعظم نے کہا سیکیورٹی ضمانتوں پر حقیقی پیش رفت کی جا سکتی ہے۔ یورپی رہنماؤں نے بھی فوری جنگ بندی اور سہ فریقی مذاکرات کے آغاز پر زور دیا۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر نے ملاقات کے دوران زیلنسکی کو روس کے زیر قبضہ علاقوں سے دست برداری کا مشورہ دیا لیکن روئٹرز کے مطابق زیلنسکی نے ٹرمپ کا مشورہ مسترد کر دیا۔ اجلاس میں یورپی یونین، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، فن لینڈ اور نیٹو سربراہان شریک ہوئے، گزشتہ ملاقات میں لباس پر تنقید کے باوجود زیلنسکی فوجی طرز کا سوٹ پہن کر آئے۔

    دریں اثنا، یوکرینی صدر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ صدر ٹرمپ سے بہت اچھی بات ہوئی، ہم نے امریکا سے یوکرین کے لیے سیکیورٹی یقین دہانیوں پر زور دیا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین سوا ارب ڈالر مالیت کا امریکی اسلحہ خریدے گا، اور کیف یوکرینی علاقوں کا کنٹرول نہیں چھوڑے گا، وہ امن معاہدے سے پہلے جنگ بندی چاہتا ہے، اور چاہتا ہے کہ تنازع کا ہرجانہ روس ادا کرے۔

  • پاک بھارت موجودہ صورتحال پر گہری نظر ہے، امریکا

    پاک بھارت موجودہ صورتحال پر گہری نظر ہے، امریکا

    واشنگٹن : امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو  نے کہا ہے کہ ہماری پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال پر گہری نظر ہے دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی ختم بھی ہو سکتی ہے۔

    امریکی نیوز چینل کے پروگرام میٹ دی پریس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ دنیا کے دیگر خطوں میں جاری کشیدگی پر بھی مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

    اس موقع پر روس یوکرین جنگ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری جنگ بندی پر بھی گفتگو کی۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم ہر روز نظر رکھتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کیا چل رہا ہے کیونکہ جنگ بندی بہت جلد ختم بھی ہو سکتی ہے۔

    امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو  نے روس یوکرین جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ دنیا کے مختلف تنازعات میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتا رہا ہے لیکن یہ عمل آسان نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جنگ بندی اسی وقت ممکن ہے جب دونوں فریق ایک دوسرے پر فائرنگ روکنے پر متفق ہوں، تاہم روسیوں نے تاحال اس پر آمادگی ظاہر نہیں کی ہے۔

    مارکو روبیو نے مزید کہا کہ طویل لڑائیوں کے بعد جنگ بندی کو برقرار رکھنا اکثر مشکل ہوجاتا ہے اور جنگ بندی بہت تیزی سے ٹوٹ بھی سکتی ہے، جیسا کہ گزشتہ ساڑھے تین سالہ یوکرین جنگ کے بعد ہم دیکھ رہے ہیں۔ ہمارا مقصد مستقل جنگ بندی نہیں ہے بلکہ مستقل امن معاہدہ ہے تاکہ مستقبل میں بھی جنگ نہ ہو۔

     

  • پاکستان اور امریکا کا تجارت وسرمایہ کاری کو فروغ دینے کا عزم

    پاکستان اور امریکا کا تجارت وسرمایہ کاری کو فروغ دینے کا عزم

    اسلام آباد (15 اگست 2025): وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی سفارتخانے کی چارج ڈی افیئرز نٹالی بیکر کی ملاقات ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی سفارتخانے کی چارج ڈی افیئرز نٹالی بیکر کی ملاقات ہوئی ہے جس میں دو طرفہ تجارت اور امریکی سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال اور اس کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت ایک درست سمت کا رخ کر چکی ہے۔ سخت اور ضروری اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ موڈیز کی طرف سے حالیہ ریٹنگ پاکستان کی بہتر معاشی کارکردگی کا ثبوت ہے۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت اور برآمدات کی ترقی کی چاہتا ہے۔ تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلیے امریکی تجارتی حکام کیساتھ تعمیری گفتگو ہوئی۔ یہ معاہدہ پاک امریکا اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ تجارتی معاہدہ توانائی، کانوں، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی و دیگرشعبوں میں تعاون بڑھائے گا اور ترقیاتی منصوبوں ، ڈیجیٹل اور کان کنی میں امریکی سرمایہ کاری میں اضافے کا باعث بنے گا۔

    امریکی سفارتخانے کی چارج ڈی افیئرز نٹالی بیکر نے کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں۔ اس معاہدے سے سپلائی چین، پیداوار، توانائی، معدنیات، کان کنی اور تیل کی تلاش میں تعاون بڑھے گا۔

    دریں اثنا وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ معاہدہ دونوں ممالک میں تجارتی، اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کیلیے اہمیت کا حامل ہے۔

    ملاقات میں امریکی ناظم الامور نے اقدامات کو آگے بڑھانے کیلیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-us-trade-deal-islamabad-pakistan/

  • پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی کیلیے معلومات کے تبادلوں پر اتفاق

    پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی کیلیے معلومات کے تبادلوں پر اتفاق

    اسلام آباد (15 اگست 2025): وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کو آرڈینیٹر برائے دہشتگردی نے ملاقات کی جس میں معلومات کے تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، انسداد دہشتگردی اور بارڈر سیکیورٹی پر بات چیت کی گئی اور انسداد منشیات ودہشتگردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور معلومات کے تبادلوں کو موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیر مملکت طلال چوہدری اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر ودیگر بھی موجود تھے۔

    وزیر داخلہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کی حکومت کے بعد پاک امریکا تعلقات میں غیر معمولی بہتری آئی ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات میں شفافیت، باہمی اعتماد اور تعاون نمایاں ہے۔ یہ باہمی تعلقات کو ہر شعبے میں فروغ دینے کا بہترین موقع ہے۔

    محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشتگرد تنظیمیں قرار دینا احسن اقدام ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پاک امریکا تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ سے مشترکہ لائحہ عمل بنانے میں مدد ملے گی۔

    امریکی کو آرڈینیٹر گریگوری نے پاکستان میں دہشتگرد حملوں میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جیو اسٹریٹجک اعتبار سے انتہائی اہم ملک ہے۔