Tag: امریکا

  • امریکا کی اقوام متحدہ کی فلسطین کے حوالے سے کانفرنس پر تنقید

    امریکا کی اقوام متحدہ کی فلسطین کے حوالے سے کانفرنس پر تنقید

    واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے اقوام متحدہ کی فلسطین کے حوالے سے کانفرنس پر تنقید کی ہے، اور کہا ہے کہ امریکا اس میں شرکت نہیں کرے گا۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس کانفرنس میں فلسطین کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے کہا امریکا اس میں شرکت نہیں کرے گا، دو ریاستی حل پر اقوام متحدہ کی کانفرنس اکتوبر 7 کے متاثرین پر طمانچہ ہے۔

    ٹیمی بروس نے کہا غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں، صدر ٹرمپ غزہ کے لوگوں کی تکلیف کو دور کرنا چاہتے ہیں، اور انھیں محصور علاقے میں انسانی جانوں کے ضیاع اور بحران پر تشویش ہے۔

    ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونا شروع ہو گئے ہیں، ہماری توجہ غزہ میں پُرتشدد ماحول کو ختم کرنا ہے، لیکن اقوام متحدہ کی کانفرنس اور فرانس کا فیصلہ حماس کی حمایت کرنے کے مترادف ہے، یہی وجوہ ہیں کہ جنگ بندی کے لیے حماس تعاون نہیں کر رہا۔


    ’فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا حماس کو انعام دینے کے مترادف ہوگا‘


    واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا حماس کو انعام دینے کے مترادف ہے اور میں نہیں سمجھتا کہ حماس کو انعام دینا چاہیے۔ انھوں نے کہا امریکا اس کیمپ میں نہیں جس نے فلسطینی ریاست تسلیم کی، ہو ہم نے اسرائیل سے براہِ راست بات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • اندھا دھند فائرنگ کے مہلک ترین واقعے نے نیویارک کو ہلا کر رکھ دیا، بنگلادیشی پولیس افسر ہلاک

    اندھا دھند فائرنگ کے مہلک ترین واقعے نے نیویارک کو ہلا کر رکھ دیا، بنگلادیشی پولیس افسر ہلاک

    نیویارک (29 جولائی 2025): اندھا دھند فائرنگ کے مہلک ترین واقعے نے نیویارک شہر کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ایک اور دل دہلا دینے والے واقعے میں پولیس افسر سمیت 5 افراد مارے گئے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ تھم نہیں سکا ہے، این وائی پی ڈی حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ مڈ ٹاؤن مین ہٹن میں پیش آیا، جہاں مسلح شخص نے فائرنگ کر کے پولیس افسر سمیت پانچ افراد کو مار دیا۔

    Didarul-Islam-NYPD-Bangladesh
    نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کا افسر دیدار الاسلام جس کا تعلق بنگلادیش سے تھا
    اندھا دھند فائرنگ کرنے والے شوٹر کا اسلحہ لائسنس
    اندھا دھند فائرنگ کرنے والے شوٹر کا اسلحہ لائسنس

    پولیس نے بتایا کہ حملہ آور شین ڈیون تمورا اکیلا تھا، جس کی عمر 27 برس اور لاس ویگاس کا رہائشی تھا، جس نے خود کو بھی گولی مار لی ہے۔ اندھا دھند فائرنگ پیر کی شام کو ایک پارک ایونیو اسکائی اسکریپر میں رش کے وقت ہوئی، اس میں نیشنل فٹ بال لیگ کے کارپوریٹ دفاتر موجود ہیں۔

    پولیس ذرائع کے مطابق شوٹر کی جیب میں ایک خود کشی نوٹ بھی موجود تھا، جس میں نیشنل فٹبال لیگ سے شکایات کا اظہار کیا گیا تھا، اور کہا گیا تھا کہ وہ ایک اعصابی بیماری (دائمی ٹرامیٹک انسیفالوپیتھی، سی ٹی ای) میں مبتلا ہے۔ اس نے نوٹ میں یہ بھی لکھا کہ اس کے دماغ کو سائنسی اسٹڈی کے لیے استعمال کیا جائے۔


    ہارورڈ یونیورسٹی نے بھی ٹرمپ انتظامیہ کے سامنے ہتھیار ڈال دیے، بڑا اعلان


    واضح رہے کہ ہلاک ہونے والا پولیس افسر دیدار الاسلام بنگلادیش سے تعلق رکھنے والا 36 سالہ تارک وطن تھا، اس کے دو جوان بیٹے تھے اور وہ تیسرے بیٹے کا باپ بننے والا تھا۔ ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

  • امریکا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے مستقل رہائش کیسے اختیار کر سکتے ہیں؟ تفصیلات اس ویڈیو رپورٹ میں

    امریکا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے مستقل رہائش کیسے اختیار کر سکتے ہیں؟ تفصیلات اس ویڈیو رپورٹ میں

    امریکا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے تارکین وطن کی آبادکاری کے لیے امریکی کانگریس نے نیا بائی پارٹیزن بل Dignity Act (ڈگنٹی ایکٹ) متعارف کروا دیا ہے، اس بل کے تحت امریکا میں بغیر دستاویزات کے موجود تارکین وطن ملازمت کے ساتھ مستقل رہائش بھی اختیار کر سکیں گے۔

    غیر قانونی تارکین وطن اب امریکا میں مستقل رہائش کیسے اختیار کر سکیں گے؟ اس حوالے سے یہ ویڈیو دیکھیں۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • تھائی لینڈ، کمبوڈیا کو کہا جب تک معاملہ سلجھا نہیں لیتے تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے، ٹرمپ

    تھائی لینڈ، کمبوڈیا کو کہا جب تک معاملہ سلجھا نہیں لیتے تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے، ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا پر واضح کیا ہے کہ جب تک وہ آپس کا معاملہ سلجھا نہیں دیتے، امریکا ان کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر امریکا ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور کیس میں دو پڑوسی ممالک کے درمیان لڑائی روکنے کے لیے تجارت کو ’ہتھیار‘ کے طور پر استعمال کیا ہے، اور تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کو بتایا ہے کہ وہ اپنی سرحدی جھڑپیں ختم کریں ورنہ ان کے ساتھ تجارت نہیں ہوگی۔

    صدر ٹرمپ نے سربراہ یورپی یونین کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے ساتھ بڑی تجارت کرتے ہیں لیکن وہ ایک دوسرے کو مار رہے ہیں، ان کی قیادت سے رابطہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک معاملہ سلجھا نہیں لیتے تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے، اب دونوں ممالک کی قیادت آج یا کل ملاقات کرے گی۔


    میں نہیں جانتا اب غزہ میں کیا ہوگا، ٹرمپ


    انھوں نے کہا میں روانڈا میں 31 سال بعد جنگ رکوائی جہاں ہزاروں لوگ مارے گئے، میں جنگیں ختم کرنے کے لیے تجارت کو استعمال کرتا ہوں، اس موقع پر امریکی صدر نے ایک بار پھر پاکستان بھارت جنگ رکوانے کا تذکرہ کیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ کا 27 ویں بار تذکرہ کیا ہے۔

    قبل ازیں واشنگٹن میں امریکی صدر ٹرمپ اور سربراہ یورپی یونین کے درمیان ملاقات ہوئی، انھوں نے کہا یورپی یونین سے معاہدہ ہوا تو یہ دونوں کے لیے اچھا ہوگا، اسرائیل سے متعلق بھی بات ہوئی ہے۔

  • امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا

    امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا

    اسکاٹ لینڈ(28 جولائی 2025): مریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت یورپی یونین سے امریکا برآمد کی جانے والی تمام اشیا پر 15 فیصد ٹیرف عائد ہو گا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسکاٹ لینڈ میں سربراہ یورپی کمیشن سے ملاقات کے بعد تجارتی معاہدے کا اعلان کیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہم ایک معاہدے پر پہنچ چکے ہیں جو سب کیلئے اچھا ہے، یہ یورپی یونین کیساتھ تجارتی معاہدہ اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔

    امریکی صدر نے بتایا کہ امریکا یورپی یونین پر 15 فیصد ٹیرف عائد کرے گا، یورپی یونین امریکی فوجی ساز و سامان خریدے گا اور توانائی کے شعبے میں 750 ارب ڈالر کی خریداری کرے گا۔

    اُنہوں نے کہا یورپی یونین امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کرے گا، اس موقع پر سربراہ یورپی کمیشن نے کہا امریکا یورپی یونین تجارتی معاہدہ استحکام لائے گا۔

  • امریکا اور یورپی یونین میں تجارتی معاہدہ

    امریکا اور یورپی یونین میں تجارتی معاہدہ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور یورپی یونین نے ایک تجارتی معاہدے کا ابتدائی خاکہ تیار کرلیا ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان انہوں نے اسکاٹ لینڈ کے شہر ٹرن بیری میں یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لائن کے ساتھ بات چیت کے بعد کیا۔

    اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور یورپی یونین تجارتی معاہدے کے لیے ایک فریم ورک پر پہنچ گئے ہیں۔

    انہوں نے یورپی یونین سے درآمد ہونے والی تمام اشیاء پر 15 فیصد یکساں محصول (ٹیرف) عائد کرنے کا اعلان کیا۔

    ٹرمپ نے کہا کہ یورپی یونین امریکہ سے 750 ارب ڈالر کی توانائی خریدنے پر رضامند ہوگئی ہے اور امریکہ میں موجودہ سرمایہ کاری سے 600 ارب ڈالر زائد کی مزید سرمایہ کاری کرے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تمام یورپی ممالک اب امریکہ کے ساتھ زیرو ٹیرف پر تجارت کے لیے کھل جائیں گے اور وہ بڑی مقدار میں فوجی ساز و سامان خریدنے پر بھی متفق ہوگئے ہیں۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ نے اس معاہدے کو اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ قرار دیا ہے۔ اس اعلان کے بعد سے امریکہ کے سب سے بڑے تجارتی شراکت دار کے ساتھ مہینوں سے جاری کشیدگی کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

    غزہ میں امداد روانہ کرنے پر کسی نے بھی شکریہ نہیں کہا، ٹرمپ

    امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غزہ میں اس وقت کیا ہورہا ہے؟ یہ بات میرے علم میں نہیں، غزہ میں خوراک کیلئے 6 کروڑ ڈالر فراہم کیے ہیں۔

    غزہ میں امداد کی فراہمی کیلئے نیتن یاہو سے بات کرنا چاہتا ہوں، غزہ میں خوراک بھیجی جارہی ہے لیکن کسی نے شکریہ بھی ادا نہیں کیا، امریکا غزہ میں امداد کیلئے مزید اقدامات کرے گا۔

  • تجارتی تعلقات اچھے نہیں، ٹرمپ، معاہدے کے لیے جلد بازی نہیں کریں گے، کینیڈا

    تجارتی تعلقات اچھے نہیں، ٹرمپ، معاہدے کے لیے جلد بازی نہیں کریں گے، کینیڈا

    واشنگٹن: امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی جنگ پھر چھڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، صدر ٹرمپ کو اوٹاوا کے ساتھ تجارتی معاہدے کی توقع نہیں، جب کہ کینیڈین وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ معاہدے میں جلد بازی نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ ان کے کینیڈا کے ساتھ تجارتی تعلقات اچھے نہیں ہیں، انھوں نے یکم اگست کی ڈیڈ لائن دی تھی مگر لگتا ہے کینیڈا کو تجارتی مذاکرات کی ضرورت نہیں ہے۔

    دوسری طرف کینیڈا نے کسی بھی برے تجارتی معاہدے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے، کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنے نے کہا ہے کہ جلدی میں کوئی برا تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے۔

    روئٹرز نے رپورٹ کیا کہ جمعہ کو ٹرمپ نے اسکاٹ لینڈ کے دورے کے لیے وائٹ ہاؤس سے نکلتے وقت صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے امریکا کینیڈا کے ساتھ مذاکراتی تجارتی معاہدے تک نہ پہنچ سکے، ہم یک طرفہ طور پر ٹیرف کی شرح مقرر کر سکتے ہیں۔


    امریکا نے فرانسیسی صدر کا فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کر دیا


    واضح رہے کہ دونوں ممالک یکم اگست سے قبل تجارتی معاہدے پر کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، واشنگٹن نے کہا ہے کہ امریکا-میکسیکو-کینیڈا تجارتی معاہدے میں شامل نہ ہونے والے تمام کینیڈین اشیا پر 35 فی صد ٹیرف لگا دیا جائے گا۔ ادھر کینیڈین وزیر اعظم نے پہلے ہی واضح کیا ہے کہ یکم اگست تک معاہدے کے امکانات کم ہیں۔

  • امریکا نے فرانسیسی صدر کا فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کر دیا

    امریکا نے فرانسیسی صدر کا فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کر دیا

    واشنگٹن(25 جولائی 2025): امریکا نے فرانسیسی صدر کا فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کر دیا۔

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا صدر میکرون کا یہ فیصلہ حماس کے پروپیگنڈے کو بڑھاوا دینے، حماس کی خدمت کرنے کے مترادف اور سات اکتوبر کے متاثرین کے منہ پر طمانچہ ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے بھی فرانسیسی صدر میکرون کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا یہ فیصلہ نہ قابل قبول ہے۔

    اس کے علاوپ دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی اور حماس نے صدر ایمانوئل میکرون کے فرانس کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: فرانس کا ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان

    سعودی وزارت خارجہ نے بھی ایمانوئل میکرون کے اعلان کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے دیگر ممالک بھی اسی سمت میں قدم اٹھائیں گے۔

    سعودی عرب اور فرانس اٹھائیس تا انتیس جولائی کو دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کریں گے تاہم امریکا نے کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    خبر رساں ایجنسی اے ایف پی رپورٹ کے مطابق تقریباً 142 ممالک اب فلسطینی ریاست کی حمایت کر رہے ہیں، سعودی عرب نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ امن اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت میں سنجیدہ مؤقف اختیار کریں۔

  • پاکستان سے امریکا جانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    پاکستان سے امریکا جانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    کراچی : پاکستان سے امریکا جانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی، امریکا میں بھی براہ راست پروازوں کی بحالی کے امکانات روشن ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ایوی ایشن شعبے پر غیرملکی ایوی ایشن اتھارٹیز کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا۔

    ذرائع سی اے اے نے بتایا کہ برطانیہ کے بعدامریکا میں پروازوں کی بحالی پر کام تیز کردیا گیا، سعودی اور امریکن ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم کا دورہ پاکستان طے پاگیا۔

    سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم آئندہ ماہ اگست میں پاکستان کا دورہ کرے گا ، سعودی ٹیم پاکستان کےبین الاقوامی ایئرپورٹس کاسیکیورٹی آڈٹ کرےگی۔

    مزید پڑھیں : آئندہ ماہ اگست سے برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان

    امریکن فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کاوفد ستمبر میں پاکستان کےدورے پرپہنچے گا، جس کے لئے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے انسپکٹرز کو بھی اپنی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    امریکی فیڈرل ایوی ایشن حکام ڈی جی سی اے اے سے اہم اجلاس کریں گے، امریکی حکام کراچی، اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس پرپروازوں کاجائزہ لیں گے۔

    جس کے بعد پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کوامریکا میں بھی براہ راست پروازوں کی بحالی کی امید ہے۔

  • ٹرمپ نے جوہری توانائی کاروبار کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا

    ٹرمپ نے جوہری توانائی کاروبار کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوہری توانائی کاروبار کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    واشنگٹن میں اے آئی سمٹ سے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ محفوظ اور پائیدار ایٹمی توانائی کی صنعت کاروبار کے لیے کھول رہے ہیں، تیل کی قیمت بھی مزید نیچے لانا چاہتے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے گرین انرجی کے نام پر امریکا کے ساتھ فراڈ کیا۔

    امریکی ڈیجیٹل میڈیا پولیٹیکو نے اس حوالے سے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریپبلکنز نے سابق صدر جو بائیڈن کی طرف سے ونڈ فارمز، سولر پینلز اور الیکٹرک کاروں کو فروغ دینے کے لیے واشنگٹن کے پیسے اور ریگولیٹری ذرائع کے استعمال کے خلاف چار سال تک احتجاج کیا، تاہم اب صدر ٹرمپ تیل، قدرتی گیس، کوئلے اور جوہری توانائی کے سلسلے میں اسی طاقتور وفاقی ذرائع کا استعمال کر رہے ہیں اور ان کی پارٹی اس پر خوشی منا رہی ہے۔


    ٹرمپ انتظامیہ کا امریکا کا سفر کرنے والے ہر فرد پر 250 ڈالرز اضافی رقم عائد کرنے کا فیصلہ


    ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں کاروبار کرنے والے ممالک پر ٹیرف کم کر دیں گے، جاپان نے مذاکرات کر کے ٹیرف 15 فی صد پر لانے پر اتفاق کیا، یورپی یونین سے بھی ٹیرف کے معاملے پر سنجیدہ مذاکرات جاری ہیں، چین کے ساتھ معاہدہ مکمل کرنے کے مرحلے میں ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا ہم تیل کی قیمت مزید نیچے لانا چاہتے ہیں، توانائی پر مختلف ایشیائی ممالک کے ساتھ معاہدے کر رہے ہیں۔