Tag: امریکی

  • پشپا 2 نے امریکی باکس آفس پر بڑا ریکارڈ بنالیا

    پشپا 2 نے امریکی باکس آفس پر بڑا ریکارڈ بنالیا

    تامل فلموں کے سپر اسٹار الو ارجن کی نئی فلم ’پشپا 2‘ نے امریکی باکس آفس پر بڑا ریکارڈ قائم کردیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق الو ارجن ، رشمیکا مندھانا اور فہد فاضل کی فلم ’پشپا 2‘ کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد امریکا میں اس کے ٹکٹوں کی ’پری سیل ‘ بھی شروع ہوچکی ہے اور امریکی باکس آفس پر ایک ملین ڈالر کمانے والی تیز ترین بھارتی فلم بن گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق فلم پشپا 2 دی رول نے امریکی باکس آفس پر پری بکینگ میں ایک ملین ڈالر کا سنگ میل عبور کر لیا ہے جس کے ساتھ ہی یہ فلم بالی ووڈ کی تیز ترین ایک ملین ڈاکر کمانے والی فلم بن گئی ہے۔

    فلم میکرز نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے لکھا کہ ’پشپا کا راج باکس آفس پر برقرار، ایک نئے تصور کے ساتھ دوبارہ دھوم مچانے آ رہے ہیں۔

    فلم میکرس نے اس پوسٹ کے ساتھ ایک پوسٹر بھی شیئر کیا جس میں الو ارجن کے کردار پشپا کو نوٹوں کے ڈھیر پر بیٹھے ہوئےدکھایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سو کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم پشپا2 فلم پشپا دی رائز کا سیکوئل ہے جو پورے بھارت میں باکس آفس پر زردست کامیاب ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ 17 نومبر کو الو ارجن کی فلم ’پشپا 2‘ کا ٹریلر ریلیز ہوا تھا، جو تیلگو، ہندی، اور تامل زبانوں میں یوٹیوب پر جاری کیا گیا اور چند گھنٹوں میں ہی کروڑوں ویوز حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

    خیال رہے کہ ’پشپا 2: دی رول‘5 دسمبر کو دنیا بھر کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی جس کو دیکھنے کیلئے فلم بین بےقرار ہیں۔

  • امریکی عوام ٹرمپ کے جیت کے دعوے میں نہ آئیں، کاملا ہیرس

    امریکی عوام ٹرمپ کے جیت کے دعوے میں نہ آئیں، کاملا ہیرس

    امریکی صدارتی الیکشن میں صرف ایک دن باقی ہے، ٹرمپ اور کاملا ہیرس کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ دونوں صدارتی امیدواروں کے درمیان کانٹے کامقابلہ متوقع ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کا مشی گن میں انتخابی ریلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ امریکی عوام ٹرمپ کے قبل از وقت جیت کے دعوے میں نہ آئیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا قبل از وقت جیت کا دعویٰ حقیقت سے توجہ ہٹانا ہے، 2020 کا صدارتی انتخاب شفاف تھا جس میں ٹرمپ کو شکست ہوئی۔

    کاملا ہیرس نے کہا کہ امید ہے یہ انتخاب بھی صاف و شفاف ہوگا، گزشتہ الیکشن بھی شفاف تھا یہ بھی شفاف ہوگا۔ریلی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کے لیے لڑنے کو تیار ہیں۔

    کاملا نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دور اقتدار میں ہر خاندان پر سیلز ٹیکس لگایا۔ آپ کا ووٹ ہی آپ کی طاقت اور آواز ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم لڑیں گے اور جیت کر دکھائیں گے جب کہ مخالفین سے انتقام کے بجائے انہیں مذاکرات کی میز پر لائیں گے۔

    اس سے قبل امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پنسلوینیا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کا سنہرا دور شروع ہونے والا ہے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کاملاہیرس بہت ہوچکا، اب تمہیں جاناہوگا، سابق صدر نے کہا کہ الیکشن کے نتائج 5 نومبر کو ہی سامنے آنے چاہئیں۔

    کینیڈا نے بھارت کو ”سائبرتھریٹ“ کی فہرست میں شامل کرلیا

    سابق امریکی صدر نے کہا کہ جوبائیڈن کے خراب نظام کوٹھیک کریں گے، کاملا ہیرس نے 4 سال تک ہیلتھ ورکرز کیلئے کچھ نہیں کیا، ہم اقتدار میں نئی نوکریاں فراہم کریں گے، عوام کو خوشحال بنائیں گے۔

  • امریکی صدارتی الیکشن، ابتدائی ووٹنگ کا آغاز

    امریکی صدارتی الیکشن، ابتدائی ووٹنگ کا آغاز

    امریکا کی 3 ریاستوں ورجینیا، منی سوٹا اور ساؤتھ ڈکوٹا میں صدارتی انتخابات کے لیے ابتدائی ووٹنگ کا آغاز ہوگیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تینوں امریکی ریاستوں میں امریکی اپنے پسندیدہ امیدوار کو ذاتی حیثیت میں پولنگ اسٹیشن جا کر ووٹ ڈال رہے ہیں۔

    منی سوٹا اور ساؤتھ ڈکوٹا کے شہری ای میل کے ذریعے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا میں صدارتی الیکشن 5 نومبر کو منعقد کئے جائیں گے مگر ابتدائی ووٹنگ الیکشن کے دن رش سے بچنے کے لیے کی جاتی ہے جس میں ڈاک، ای میل یا ووٹرز پولنگ کے مقامات پر جاکر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکتے ہیں۔

    سری لنکا میں صدارتی انتخابات کیلئے ووٹنگ شروع، فوج تعینات

    گزشتہ صدارتی الیکشن میں ابتدائی ووٹنگ کو مقبولیت حاصل ہوئی تھی، جب کورونا وباء کے باعث 100ملین سے زیادہ ووٹرز نے انتخابات کے روز سے قبل بذریعہ ڈاک یا ذاتی طور پر ووٹ کاسٹ کردیا تھا، اس کے بعد سے متعدد ریاستوں نے اس آپشن کو اس بار بھی جاری رکھا ہوا ہے۔

  • لاکھوں امریکیوں کے بے روزگار ہونے کا خدشہ

    لاکھوں امریکیوں کے بے روزگار ہونے کا خدشہ

    دنیا کی سب سے بڑی امریکی معیشت کو سال 2023 میں کئی بڑے چیلنجز کا سامنا ہے اور نئے سال میں بھی مشکلات کم ہوتی نظر نہیں آرہیں۔

    اس حوالے سے کانگریس کے بجٹ آفس (سی بی او) کی رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں لاکھوں امریکیوں کی ملازمتیں ختم ہو سکتی ہیں اور ملک میں بے روزگاری کی شرح 3.9 فیصد سے بڑھ کر 4.4فیصد تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

    امریکی معیشت کی تصویر پیش کرتے ہوئے رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملک کو بے روزگاری کے علاوہ اور بھی کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس میں بہت سے معاشی مسائل شامل ہیں جیسے صارفین کی کمزور مانگ، غیر ضروری اخراجات میں کمی، صارفین کے اخراجات میں کمی، برآمدات میں کمی وغیرہ۔

    رپورٹ میں یہ امید بھی ظاہر کی گئی ہے کہ حکومت اگلے سال تک اپنے اخراجات میں اضافہ کرکے عوام کو ٹیکس ریلیف فراہم کرنے کے لیے کچھ ضروری اقدامات کر سکتی ہے۔

    سی بی او کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2023 میں بھی امریکی مارکیٹ میں ملازمتوں کی کمی ہے اور ماہ کے پہلے ہفتے میں 2 لاکھ سے زائد افراد نے بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواستیں دی ہیں۔

    ایسے میں ملک بھر میں اس الاؤنس کا فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد 18.70 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ انگریزی روزنامہ ’ہندوستان ٹائمز ‘کی رپورٹ کے مطابق فیڈرل ریزرو نے بھی امریکی معیشت کے حوالے سے اپنا ڈیٹا جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق 2024 میں ملک کی جی ڈی پی کی شرح نمو 1.4فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    اس کے ساتھ ہی ملک میں بے روزگاری کی شرح 3.9 فیصد سے بڑھ کر 4.1 فیصد تک بتائی جاتی ہے لیکن سی بی او کی رپورٹ کے مطابق یہ تعداد کم ہے۔

    سی بی او نے اپنی رپورٹ میں امید ظاہر کی ہے کہ مارچ 2024 کے بعد فیڈرل ریزرو معیشت کو فروغ دینے کے لیے اپنی شرح سود میں کمی کر سکتا ہے۔ ساتھ ہی ملک میں مہنگائی کی شرح 2024 تک 2.1 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

  • پاکستان لڑکی سپر ہیرو بننے میں کس طرح کامیاب ہوئی؟

    پاکستان لڑکی سپر ہیرو بننے میں کس طرح کامیاب ہوئی؟

    ہالی ووڈ کی تاریخ میں پہلی مسلمان اور پہلی پاکستانی نژاد خاتون سپر ہیرو کردار کمالہ خان پر بنائی گئی ویب سیریز مس مارول 8 جون کو دنیا بھر میں ڈزنی پلس پر ریلیز ہو رہی ہے جس کا چرچا دنیا بھر میں جاری ہے۔

    مذکورہ ویب سیریز کا مرکزی کردار کمالہ خان کا ہے جو کہ پاکستانی نژاد امریکی ریاست نیو جرسی کی منفرد صلاحیتوں کی مالک لڑکی ہوتی ہیں، جس طرح ویب سیریز کا مرکزی کردار پاکستانی ہے، اسی طرح اس کردار کو تخلیق کرنے والی خاتون ثنا امانت بھی پاکستانی نژاد ہیں۔

    ثنا امانت نے کمالہ خان کے کردار کو پہلی بار مارول کے کامک بکس میں سنہ 2013 میں متعارف کروایا تھا اور اب اس پر پہلی ویب سیریز بنائی گئی ہے۔

    کمالہ خان کے کردار کو ادا کرنے والی 19 سالہ لڑکی ایمان ولانی بھی پاکستانی نژاد ہیں جو صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہونے کے بعد کینیڈا منتقل ہوگئی تھیں۔

    علاوہ ازیں مس مارول کے چار ہدایت کاروں میں سے ایک ہدایت کار شرمین عبید چنائے بھی پاکستانی ہیں جب کہ ویب سیریز کے دیگر اداکار بھی پاکستان سے لیے گئے ہیں۔

    مس مارول ویب سیریز کا حصہ بننے والے دیگر پاکستانی اداکاروں میں ثنا بچہ خان، مہوش حیات، فواد خان اور ثمینہ احمد بھی شامل ہیں۔

    مس مارول ویب سیریز کا حصہ بننے والی باقی تمام شخصیات پہلے ہی شوبز کا حصہ تھیں مگر ایمان ولانی پہلی بار اسکرین ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں۔

    ایمان ولانی نے برطانوی اخبار دی گارجین کو بتایا کہ ان کی پیدائش کراچی میں ہوئی مگر پیدائش کے فوری بعد وہ والدین کے ہمراہ کینیڈا منتقل ہوگئیں اور وہ بچپن سے ہی کامک کرداروں کی دلدادہ تھیں۔

    ان کے مطابق وہ والدہ کی جانب سے ملنے والے خرچ کے 20 ڈالرز کو کامک کتابوں اور مکڈونلڈ کے کھانوں میں خرچ کرتی رہی ہیں مگر انہوں نے کبھی کامک کردار ادا کرنے یا اداکاری سے متعلق نہیں سوچا تھا۔

    ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے والی ایمان ولانی کے مطابق انہیں 2020 میں اپنی رشتے دار خاتون نے ایک واٹس ایپ میسیج بھیجا، جس میں مس مارول کے کردار کے آڈیشن کا ذکر تھا، جسے انہوں نے نظر انداز کردیا تھا۔

    ان کے مطابق بعد ازاں ان کی خاتون رشتے دار نے انہیں مکمل تفصیلات ای میل پر بھیجیں، جس کے بعد انہوں نے آڈیشن دینے کا سوچا اور 2020 کے آغاز میں ان کا ورچوئل آڈیشن ہوا۔

    ایمان ولانی نے بتایا کہ ہائی اسکول کے آخری دن انہیں معلوم ہوا کہ انہیں کمالہ خان کے کردار کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے اور وہ دن ان کی زندگی کا سب سے اہم دن تھا۔

    مس مارول ویب سیریز کو پاکستان میں رواں ماہ کے اختتام پر سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا، کیوں کہ یہاں ڈزنی پلس ویب سائٹ کی سروس دستیاب نہیں۔

  • امریکی رفع حاجت کے لیے پانی کی جگہ ٹوائلٹ پیپر کیوں استعمال کرتے ہیں؟

    امریکی رفع حاجت کے لیے پانی کی جگہ ٹوائلٹ پیپر کیوں استعمال کرتے ہیں؟

    دنیا بھر میں بیت الخلا میں رفع حاجت کے لیے پانی کا مناسب انتظام موجود ہوتا ہے، پاکستان سمیت متعدد ممالک میں پانی کے بغیر باتھ روم جانے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔

    اس مقصد کے لیے لوٹے یا دوسرے نالی دار برتن، ہینڈ شاورز یا بیڈیٹ (جو ایک نالی کی شکل میں کموڈ سے ہی منسلک ہوتی ہے) کا استعمال عام ہے۔ تاہم امریکا میں ہمیشہ سے رفع حاجت کے بعد صرف ٹوائلٹ پیپر کو ہی کافی سمجھا جاتا ہے۔

    سوال یہ ہے کہ امریکی اس مقصد کے لیے پانی کا استعمال کیوں نہیں کرتے؟

    بیت الخلا میں رفع حاجت کے لیے بیڈیٹ سب سے پہلے فرانس میں متعارف کروائے گئے۔ بیڈیٹ بھی ایک فرانسیسی لفظ ہے جس کا مطلب ہے پونی یا چھوٹا گھوڑا۔ یہ بیڈیٹس پہلی بار فرانس میں 1700 عیسوی میں استعمال کیے گئے۔

    اس سے قبل بھی وہاں رفع حاجت کے لیے پانی استعمال کیا جاتا تھا تاہم بیڈیٹ متعارف ہونے کے بعد یہ کام آسان ہوگیا۔ ابتدا میں بیڈیٹ صرف اونچے گھرانوں میں استعمال کیا جاتا تھا تاہم 1900 عیسوی تک یہ ہر کموڈ کا باقاعدہ حصہ بن گیا۔

    یہاں سے یہ بقیہ یورپ اور پھر پوری دنیا میں پھیلا لیکن امریکیوں نے اسے نہیں اپنایا۔ امریکیوں کا اس سے پہلا تعارف جنگ عظیم دوئم کے دوران ہوا جب انہوں نے یورپی قحبہ خانوں میں اسے دیکھا، چنانچہ وہ اسے صرف فحش مقامات پر استعمال کی جانے والی شے سمجھنے لگے۔

    سنہ 1960 میں آرنلڈ کوہن نامی شخص نے امریکن بیڈیٹ کمپنی کی بنیاد ڈال کر اسے امریکا میں بھی رائج کرنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہا۔ امریکیوں کے ذہن میں بیڈیٹ کے بارے میں پرانے خیالات ابھی زندہ تھے۔

    اس کے علاوہ امریکی بچپن سے ٹوائلٹ پیپر استعمال کرنے کے عادی تھے چانچہ وہ اپنی اس عادت کو بدل نہیں سکتے تھے۔

    اسی وقت جاپان میں بیڈیٹ کو جدید انداز سے پیش کیا جارہا تھا۔ ٹوٹو نامی جاپانی کمپنی نے ریموٹ کنٹرول سے چلنے والے الیکٹرک بیڈٹ متعارف کروا دیے تھے۔

    اب سوال یہ ہے کہ امریکی بیت الخلا میں پانی کے استعمال سے اس قدر گریزاں کیوں ہیں؟

    اس کی بنیادی وجہ تو یہ ہے کہ امریکا میں تعمیر کیے جانے والے باتھ رومز میں جگہ کی کمی ہوتی ہے لہٰذا اس میں کوئی اضافی پلمبنگ نہیں کی جاسکتی۔

    اس کے علاوہ امریکیوں کی ٹوائلٹ رول کی عادت بھی اس کی بڑی وجہ ہے جس کے بغیر وہ خود کو ادھورا سمجھتے ہیں۔ اب بھی امریکا میں کئی لوگوں کو علم ہی نہیں کہ رفع حاجت کے لیے ٹوائلٹ پیپر کے علاوہ بھی کوئی متبادل طریقہ ہے۔

    امریکیوں کی یہ عادت ماحول کے لیے بھی خاصی نقصان دہ ہے۔ ایک ٹوائلٹ رول بنانے کے لیے 37 گیلن پانی استعمال کیا جاتا ہے، اس کے برعکس ایک بیڈیٹ شاور میں ایک گیلن پانی کا صرف آٹھواں حصہ استعمال ہوتا ہے۔

    ایک اندازے کے مطابق امریکا میں روزانہ 3 کروڑ 40 لاکھ ٹوائلٹ پیپر استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ ایک امریکی کے پوری زندگی کے ٹوائلٹ پیپر کے لیے 384 درخت کاٹے جاتے ہیں۔

    اس ضمن میں ایک تجویز ویٹ وائپس کی بھی پیش کی جاسکتی ہے کہ وہ اس کا متبادل ہوسکتے ہیں، تاہم ایسا ہرگز نہیں۔ ویٹ وائپس کا مستقل استعمال جلد پر خارش اور ریشز پیدا کرسکتا ہے۔ یہ وائپس سیوریج کے لیے بھی خطرہ ہیں جو گٹر لائنز میں پھنس جاتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق رفع حاجت کے لیے پانی کا استعمال پیشاب کی نالی کے انفیکشن ہیمرائیڈ سمیت بے شمار بیماریوں سے تحفظ دے سکتا ہے جبکہ یہ صفائی کا بھی احساس دلاتا ہے۔

  • ترکی ایک وقت میں دو مزے نہیں لے سکتا، مجوزہ امریکی وزیر دفاع

    ترکی ایک وقت میں دو مزے نہیں لے سکتا، مجوزہ امریکی وزیر دفاع

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ وزیردفاع مارک اسپر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ترکی ایک وقت میں ایف 35 اور ایس 400 دفاعی نظام حاصل نہیں کر سکتا، ترکی کے مذکورہ فیصلے سے امریکا مایوس ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے ترکی پرایک بار شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کا فضائی دفاعی نظام’ایس 400’حاصل کرنے کے بعد انقرہ امریکا سے ایف 35 جنگی طیارے حاصل نہیں کرسکتا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ وزیردفاع مارک اسپر نے ایک بیان میں کہا کہ ترکی کا ایس 400 دفاعی نظام خرید کرنا مایوس کن ہے۔

    ایک بیان میں سینٹ کی مسلح افواج کمیٹی میں ایک بیان دیتے ہوئے اسپر نے کہا کہ ترکی نیٹو میں ہمارا طویل عرصے تک اتحادی رہا ہے مگر اس نے روس سے ایس 400 دفاعی نظام خرید کرنے کا غلط فیصلہ کیا جس کے نتیجے میں ہم ترکی سے سخت مایوس ہیں۔

    اسپر کا مزید کہنا تھا کہ ترکی ایک وقت میں ‘ایس 400’ اور راڈار سے غائب ہونے کی صلاحیت رکھنے والے ‘ایف 35’ جنگی طیارے حاصل نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر مجھے وزیردفاع تعینات کیا گیا تو میں ترکی کو ‘ایف 35’ طیارے فروخت کرنے سے منع کروں گا کیونکہ ترکی ‘ایس 400’ دفاعی نظام خریدنے کے بعد امریکا کے جنگی طیارے خرید کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

    امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایس 400 دفاعی نظام امریکا کے ایف 35 جنگی طیاروں کی فضائی آپریشنل صلاحیت کو متاثر کرے گا۔

    خیال رہے کہ ترکی نے امریکا کی سخت تنقید اور دباؤ کے باوجود روس سے اس کا فضائی دفاعی نظام ایس 400 خرید لیا ہے۔

    ترکی کے اس اقدام کے بعد امریکا نے انقرہ پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے اور ترکی پر پابندیوں کے نفاذ کی بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

  • ایران امریکا کشیدگی، بھارت کا امریکی دباؤ قبول کرنے سے انکار

    ایران امریکا کشیدگی، بھارت کا امریکی دباؤ قبول کرنے سے انکار

    واشنگٹن/نئی دہلی : بھارت نے امریکی دباؤ کو پس پشت ڈالتےہوئے کہا ہے کہ ’ہم ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھیں گی اور باقی اشیاءکی تجارت بھی ہوتی رہے گی‘۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے جا رہا ہے اور صدر ڈونلڈٹرمپ نے باقی دنیا کو دھمکی دے رکھی ہے کہ جو ان امریکی پابندیوں پر عملدرآمد نہیں کرے گا اسے بھی ایسے ہی نتائج کا سامنا کرنا ہو گا، تاہم بھارت نے امریکا کا یہ دباؤ قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے اور اعلان کر دیا ہے کہ وہ ایران سے تیل کی خریداری اور دیگر اشیاءکی تجارت جاری رکھے گا۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ اعلان بھارتی وزیرخارجہ وی مرالی دھرن نے لوک سبھا میں اراکین کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔

    مرالی دھرن کا کہنا تھا کہ ملک میں اب بھی کنفیوژن پائی جا رہی ہے کہ امریکا کی طرف سے ایران پر پابندیاں عائد ہونے کے بعد بھارت کی پوزیشن کیا ہو گی؟

    حکومت کی طرف سے کہا جا چکا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ تجارت اور تیل کی خریداری منسوخ نہیں کرے گی۔ ہم ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھیں گی اور باقی اشیاءکی تجارت بھی ہوتی رہے گی۔ ایران کے ساتھ بھارت کے تعلقات ہمارے باہمی تعلقات ہیں، ان پر امریکا یا کسی تیسرے ملک کا اثر نہیں ہے۔

  • غرب اردن پر قبضے کی امریکی، صہیونی سازش کے خلاف حماس کا اہم اعلان

    غرب اردن پر قبضے کی امریکی، صہیونی سازش کے خلاف حماس کا اہم اعلان

    یروشلم : فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان نے امریکی سفیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سفیر کا بیان صہیونی ریاست کی غاصبانہ پالیسی کی کھلی طرف داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین کے اس بیان کو فلسطینی قوم کے خلاف کھلی امریکی گھناﺅنی سازش قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل کو غرب اردن کے بعض علاقے شامل کرنے کا حق ہے۔

    مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے امریکی سفیر کے بیان کو صہیونی ریاست کی غاصبانہ پالیسی کی کھلی طرف داری، فلسطینی قوم اورقضیہ فلسطین کے خلاف صہیونی سازشوں کی معاونت قراردیا۔

    ایک بیان میں حماس کے ترجمان نے کہا کہ امریکی سفیر کے بیان نے واضح کردیا کہ موجودہ امریکی انتظامیہ اسرائیل کی انتہا پسند لیڈرشپ کے ساتھ مل کر عرب ممالک کو دباﺅ میںلانے اور فلسطینی سرزمین پر صہیونی قبضہ مضبوط بنانے میں پیش پیش ہے۔

    انہوں نے فلسطینی اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ امریکی اور اسرائیلی غاصبانہ سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے غرب اردن میں فلسطینی مزاحمت کو مکمل آزادی فراہم کرنے پر زور دیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کو فلسطینی علاقوں پر قبضے کے لیے جنگی حربے استعمال کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، امریکا کو صہیونی ریاست کی طرف داری روکنا ہوگی۔

  • مودی کی جیت پر امریکی کامیڈین نے دورہ بھارت منسوخ کردیا

    مودی کی جیت پر امریکی کامیڈین نے دورہ بھارت منسوخ کردیا

    نئی دہلی/واشنگٹن : امریکی مزاحیہ اداکار نے دورہ بھارت سے متعلق ٹویٹر پر پیغام دیا کہ مودی کی جیت پر بھارت نہیں جاﺅں گا اس سے بہتر ہے پاکستان کا دورہ کرلوں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں حالیہ انتخابات میں بی جے پی کی جیت اور مودی کے ایک بار پھر وزیر اعظم نے جہاں بھارت کے اندر ہی پریشانی کھڑی کردی ہے وہیں بین الاقوامی سطح پر بھی اس کی باز گشت سنائی دے رہی ہے۔

    خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ معروف امریکی کامیڈین جیریمی میک للن نے بھی مودی کی جیت پر سوشل میڈیا پر بڑا اعلان کرتے ہوئے اپنا دورہ بھارت منسوخ کردیا ہے۔

    سماجی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں جیریمی کا کہنا تھا کہ مودی کی جیت پر وہ بھارت کا 5ہفتوں کا دورہ منسوخ کررہے ہیں اور اس سے بہتر ہے کہ وہ پاکستان کے دورے پر جائیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جیریمی کے اس اقدام سے بھارتیوں کو آگ لگ گئی اور سوشل میڈیا پر کامیڈین کیخلاف مہم شروع کردی۔

    واضح رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے 17ویں انتخابات کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے جس کے مطابق نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) واضح برتری حاصل کررہی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی اتحاد کو 342 نشستوں پر  برتری حاصل ہوگئی جس کے تحت بھارتیہ جنتا پارٹی دوبارہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی۔

    مزید پڑھیں : ایک بار پھر مودی سرکار، بھارتی انتخابات میں بی جے پی کی واضح برتری

    اگر صرف بی جے پی کی بات کی جائے تو گزشتہ انتخابات کی نسبت انہوں نے 222 کے مقابلے میں 224 یعنی دو نشستیں زیادہ حاصل کیں، اسی طرح عام آدمی پارٹی کا بھی صفایا ہوگیا۔

    لوک سبھا کی 542 نشستوں پر ڈالے جانے والے ووٹ کی گنتی کا عمل بھی مکمل ہوگیا، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں بتایا گیا کہ مودی اتحاد این ڈی اے کو 342 نشستوں پر برتری مل گئی جبکہ وزاعظم لانے کے لیے 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔