Tag: امریکی بحری بیڑہ

  • امریکی بحری بیڑہ مضحکہ خیز قیمت پر فروخت ہو گیا

    امریکی بحری بیڑہ مضحکہ خیز قیمت پر فروخت ہو گیا

    واشنگٹن: کئی مشہور جنگوں میں خدمات انجام دینے والا امریکی بحری بیڑہ اپنے انجام کو پہنچنے والا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تاریخی امریکی بحری بیڑہ کٹی ہاک کبھی ہند-بحرالکاہل میں امریکی فوجی طاقت کی سب سے بڑی علامت تھی، اس نے ویتنام سے لے کر خلیج فارس تک جنگ کا تجربہ کیا، اور سوویت آبدوز کے ساتھ ٹکر سے بھی بچ نکلا تھا۔

    لیکن اس سابقہ امریکی کٹی ہاک کے شان دار دن ختم ہو چکے ہیں، اور اب یہ ریٹائرڈ سپر کیریئر اپنے آخری 16 ہزار میل کے سفر پر واشنگٹن ریاست سے ٹیکساس تک گامزن ہے، جہاں اسے کاٹ کوٹ کر اسکریپ میں فروخت کر دیا جائے گا۔

    آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ گزشتہ برس براؤنز وِل، ٹیکساس کی انٹرنیشنل شپ بریکنگ کمپنی نے یہ بحری بیڑہ امریکی نیول سی سسٹمز کمانڈ سے ایک ڈالر سے بھی کم قیمت میں خریدا تھا۔

    آپ کو یہ جان کر مزید حیرت ہوگی کہ اپنی نوعیت کے اس واحد طیارہ بردار بحری جہاز کو میوزیم میں بدلنے کے لیے 50 لاکھ ڈالر کی بولی لگائی گئی تھی لیکن امریکی بحریہ نے اسے مسترد کر دیا تھا، اور پھر بحریہ نے اسے اسکریپ کے لیے صرف 1 سینٹ میں فروخت کر دیا۔

    اس بحری جہاز سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک تنظیم نے اسے میوزیم میں بدلنے کے لیے اسے حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، اور منصوبہ یہ تھا کہ اسے کیلیفورنیا میں لانگ بیچ پر رکھا جائے گا۔

    کٹی ہاک نے 70 کی دہائی میں عالمی سمندروں پر امریکی قوت کی علامت کا روپ دھارا، ویت نام اور جنگِ خلیج میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، اسے اتنی کم قیمت میں اس لیے خریدا گیا کیوں کہ اس کو اسکریپ میں تبدیل کرنے پر خطیر رقم خرچ ہوگی اور حاصل شدہ منافع کم ہو سکتا ہے، ٹکڑوں میں بٹنے کے بعد اسے ای بے پر فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    یو ایس ایس کٹی ہاک کی مجموعی لمبائی 1047 فٹ اور چوڑائی 252 فٹ ہے، اپنی اسی وسعت کی بدولت یہ آبنائے پنامہ سے نہیں گزر سکتا اور یہی وجہ ہے کہ اسے دوسری جانب سے گھما کر ٹیکساس پہنچایا جائے گا، جس کی طوالت 16 ہزار میل کے لگ بھگ ہوگی۔

    1960 میں بنائے جانے والے اس بیڑے کو نارتھ کیرولینا کے ایک مقام کٹی ہاک کا نام دیا گیا تھا، جہاں رائٹ برادران نے اپنے پہلے ہوائی جہاز کا تجربہ کیا تھا۔ 50 برس تک خدمات انجام دینے کے بعد 2009 میں اسے ریٹائر کر دیا گیا تھا۔

  • امریکہ کا خصوصی بحری بیڑہ شمالی کوریا کی طرف روانہ

    امریکہ کا خصوصی بحری بیڑہ شمالی کوریا کی طرف روانہ

    واشنگٹن : شمالی کوریا کے میزائل پروگرام پر خدشات میں اضافے کے باعث امریکی فوج نے بحریہ کےاسٹرائیک گروپ کو کوریائی خطے کے جانب پیش رفت کا حکم جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق دی کارل ونسن اسٹرائیک گروپ کوسنگاپور سے آسٹریلیا کی طرف روانہ ہونا تھا لیکن امریکی پیسفک کمانڈ نےاس بحری بیڑے کو شمال کی طرف جانے کا حکم دیا۔

    کمانڈ تھرڈ فلیٹ کے شعبہ ابلاغ کے ڈائریکٹر کمانڈر ڈیو بنہم کےمطابق تھرڈ فلیٹ کے جہاز مغربی بحرالکاہل میں امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے پیش قدمی کرتے ہیں۔

    انہوں نےکہاکہ اپنی لاپرواہی،غیرذمہ دارانہ رویےاور میزائل پروگرام اور تجربات جوہری ہتھیاروں کے حصول کی کوششوں سے اس خطے میں اولین خطرہ شمالی کوریا ہی بنا ہوا ہے۔

    امریکی بحری بیڑے کے اس گروپ میں یوایس ایس کارل ونسن نامی جہاز بردار سمیت تین میزائل شکن بحری جہاز بھی شامل ہیں۔

    شمالی کوریا نے حال میں کئی جوہری تجربات کیے ہیں اور ماہرین کا خیال ہے کہ مستقبل میں یہ جوہری اسلحہ بناسکتا جس میں امریکہ تک مار کرنے کی صلاحیت ہو سکتی ہے۔


    شمالی کوریا کا ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ


    خیال رہےکہ گزشتہ ہفتےشمالی کوریا نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا اپنے مشرقی ساحل سنپو سے جاپان کے سمندر میں تجربہ کیا تھا۔

    شمالی کوریا نے حال میں کئی میزائلوں کا تجربہ کیا ہے جس سے خطے میں امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔

    یاد رہےکہ اس تجربے کی جاپان اور جنوبی کوریا نے مذمت کی تھی اور یہ تجربہ چینی صدر شی جن پنگ کی امریکی صدر سے ملاقات کے ایک روز قبل ہوا تھا۔


    امریکہ شمالی کوریاسےتنہانمٹ سکتاہے‘ ڈونلڈ ٹرمپ


    واضح رہےکہ گزشتہ ہفتےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھاکہ اگرچین نے کوئی کارروائی نہیں کی توامریکہ شمالی کوریاکےخلاف ایکشن لےگا۔