Tag: امریکی خبریں

  • امریکیوں کو سفید فام بالا دستی کی مذمت کرنی ہوگی: ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکیوں کو سفید فام بالا دستی کی مذمت کرنی ہوگی: ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تعصب، نفرت اور سفید فام بالا دستی کی شدید مذمت کر دی ہے، انھوں نے کہا کہ امریکیوں کو سفید فام بالا دستی کی مذمت کرنی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں قتل عام کے واقعات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام سے خطاب کیا، اس موقع پر انھوں نے سفید فام بالا دستی کی سخت مذمت کی۔

    انھوں نے کہا کہ قتل عام کے واقعات کا سبب نفرت اور دماغی امراض ہیں اسلحہ نہیں۔ صدر ٹرمپ نے قتل عام میں ملوث افراد کو فوری سزائے موت دینے کی تجویز بھی دے دی۔

    امریکی صدر نے کہا کہ جھوٹی خبروں سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہو رہا ہے، امریکیوں کو ایک آواز بن کر نسلی تعصب، نفرت، سفید فام بالادستی کی مذمت کرنا ہوگی۔ واضح رہے کہ امریکی صدر پر سفید فام نسلی تعصب کے الزامات لگتے رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکی ریاست ٹیکساس کے شاپنگ مال میں فائرنگ، 20 افراد ہلاک

    ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ دماغی امراض کے حامل افراد کے لیے قوانین تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، تمام سیکورٹی ایجنسیز کو اسلحے کو تشدد پسند افراد سے دور رکھنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ قتل و غارت پر مبنی ویڈیو گیمز بھی معاشرے میں تشدد کو فروغ دے رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکی ریاست اوہایومیں فائرنگ ، 10 افراد ہلاک ، متعد د زخمی

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انھوں نے ایف بی آئی کو نفرت پر مبنی جرائم اور مقامی دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے تمام ذرایع بروئے کار لانے کی اجازت دے دی ہے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل دو امریکی ریاستوں ٹیکساس اور اوہایو میں فائرنگ کے واقعات ہوئے تھے جن میں تیس افراد ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہو گئے تھے۔

  • ’انسانی دانتوں‘ والی مچھلی نے لوگوں کو حیران کر دیا

    ’انسانی دانتوں‘ والی مچھلی نے لوگوں کو حیران کر دیا

    جارجیا: امریکا کے ایک جزیرے پر ’انسانی دانتوں‘ والی مچھلی نے لوگوں کو حیران کر دیا، انسانی دانتوں سے حیران کن مشابہت رکھنے والی مچھلی ساحل پر نکل آئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست جارجیا میں ساحل پر ایک ایسی مچھلی مردہ حالت میں پڑی ملی جس کے دانت انسانی دانتوں کی طرح تھے۔

    ساحل پر پڑی مچھلی کا انکشاف ایک خاتون نے کیا جو اپنے بچے کے ساتھ سیر کرنے نکلی تھیں، خاتون نے مچھلی کی متعدد تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ پہلے جب اس نے مچھلی دیکھی تو کوئی توجہ نہیں دی، لیکن قریب جا کر دیکھا تو حیران رہ گئی، اس کے دانت بالکل انسانی دانتوں جیسے قطار میں تھے۔

    خاتون نے بتایا کہ اس نے مچھلی کی تصاویر لیں اور جس کو بھی دکھائیں، اس نے حیرانی کا اظہار کیا، ایسی مچھلی ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی۔

    ماہرین آبی حیات کا کہنا ہے کہ یہ دراصل شیپ ہیڈ مچھلی ہے، جو اپنے عجیب دانتوں سے کئی اہم کام لیتی ہے، جن میں جھینگے، گھونگھے اور کیکڑوں کو پیسنا بھی شامل ہیں۔

    شیپ ہیڈ مچھلی کے دانت اس وقت سے نکلنے لگتے ہیں جب یہ صرف 4.5 ملی میٹر لمبی ہوتی ہے، اور جب یہ 15 ملی میٹر ہو جاتی ہے تو اس کے دانتوں کا سیٹ مکمل ہو چکا ہوتا ہے۔

    یہ مچھلی 76 سینٹی میٹر تک لمبی ہو سکتی ہے، اور کبھی کبھی آدھے میٹر تک بھی اس کا سائز چلا جاتا ہے۔ یہ خلیج اور امریکی اٹلانٹک سواحل پر پائی جاتی ہے، امریکا میں اسی مچھلی کے نام پر شیپس ہیڈ بے رکھا گیا۔

  • امریکا میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا مبینہ منصوبہ ناکام، ایک شہری گرفتار

    امریکا میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا مبینہ منصوبہ ناکام، ایک شہری گرفتار

    واشنگٹن: امریکا میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا مبینہ منصوبہ نا کام بنا دیا گیا، پولیس نے 28 سالہ ایک امریکی شہری رونڈل ہنری کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن کے نیشنل ہاربر کمپلیکس میں پولیس نے ایک امریکی شہری کو گرفتار کیا تھا جس نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے امریکا میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا مبینہ منصوبہ بنایا تھا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی حکام کا کہنا تھا کہ کسینو کمپلیکس پر ہجوم کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والا داعش سے متاثر ہے۔

    خیال رہے کہ پولیس نے کمپیوٹر انجینئر اٹھائیس سالہ رونڈل ہنری کو 28 مارچ کو واشنگٹن کے جنوب میں نیشنل ہاربر کمپلیکس پر ایک یو ہال وین چرانے پر گرفتار کیا تھا۔

    امریکی محکمہ انصاف کے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ہدف کی تلاش میں گاڑی لے کر واشنگٹن کے کئی مقامات پر گیا، دوران تفتیش ملزم نے فرانس جیسے حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکا دہشت گردی کو اسپانسر کرنے والا ملک ہے،ایران

    عدالتی دستاویز کے مطابق ملزم نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ فرانس کے شہر نیس میں 2016 میں ہونے والے ٹرک حملے کے طرز پر گاڑی حملہ کرنا چاہتا تھا، خیال رہے کہ مذکورہ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

    ملزم کا کہنا تھا کہ وہ فرانس طرز پر دہشت اور افراتفری پھیلانا چاہتا تھا، گاڑی چرانے کے اگلے دن ہدف کی تلاش میں ڈلاس انٹرنیشنل ایئر پورٹ بھی گیا۔

    دستاویز کے مطابق ملزم اس کے بعد نیشنل ہاربر، دریا کنارے کسینو اور کنونشن سینٹر پر گیا جہاں بہت زیادہ ہجوم تھا، اس لیے ایک کشتی میں گھس کر رات گزاری، تاہم اگلی صبح چوری کی گاڑی کی طرف واپس آتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

    خیال رہے کہ مذکورہ نوجوان کے گھر والوں نے اس کی گم شدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی اور اس کی جسمانی و ذہنی صحت کے بارے میں خدشات کا بھی اظہار کیا تھا۔

  • امریکا: برف باری میں تیز رفتاری کے باعث خوف ناک حادثہ، 47 گاڑیاں ٹکرا کر تباہ

    امریکا: برف باری میں تیز رفتاری کے باعث خوف ناک حادثہ، 47 گاڑیاں ٹکرا کر تباہ

    میزوری: امریکی ریاست میں برف باری اور خراب موسم میں تیز رفتاری اس وقت نہایت خطرناک ثابت ہوئی جب ایک سڑک پر گاڑیاں یکے بعد دیگرے ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست میزوری میں برف سے ڈھکی ایک سڑک پر تیز رفتار کاریں خوف ناک حادثے کا شکار ہو گئیں، گاڑیاں آ آ کر ٹکراتی رہیں اور ذرا دیر میں تباہ شدہ گاڑیوں کا ڈھیر لگ گیا۔

    [bs-quote quote=”حادثے میں 47 گاڑیاں تباہ ہوئیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    خوف ناک ٹریفک حادثہ دھند اور شدید برف باری کے باعث پیش آیا، ہائی وے پرکئی بے قابو گاڑیاں آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئیں۔

    غیر ملکی نیوز رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ چند دن قبل پیش آیا، ٹویٹر پر لوگوں نے حادثے کی ویڈیو شیئر کی تو وائرل ہو گئی۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق حادثے میں ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں، حادثے میں 47 گاڑیاں تباہ ہوئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکا میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    حادثے کے بعد ایمرجنسی کا عملہ پہنچ گیا جنھوں نے تباہ شدہ گاڑیوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکال کر قریبی اسپتال پہنچایا۔

    ڈیڑھ ماہ قبل بھی امریکی ریاست فلوریڈا کے ہائی وے پر دو ٹریلر، مسافر وین اور کار آپس میں ٹکرا گئے تھے جس کے باعث 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • امریکی خاتون کو کھرب پتی کی لفٹ میں تین دن کیوں گزارنے پڑے؟

    امریکی خاتون کو کھرب پتی کی لفٹ میں تین دن کیوں گزارنے پڑے؟

    نیویارک: ایک امریکی خاتون کو کھرب پتی خاندان کی لفٹ میں پھنس کر تین دن گزارنے پڑ گئے، فائر فائٹرز نے تین دن بعد انھیں زندہ نکال لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں ایک خاتون پانچ منزلہ گھر کی لفٹ میں دوسری اور تیسری منزل کے درمیان تین دن تک بھوکی پیاسی پھنسی رہیں۔

    [bs-quote quote=”لفٹ اچانک کیسے خراب ہو گئی؟ کچھ پتا نہیں چل سکا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    53 سالہ میریٹیز فورٹالیزا جمعے کے روز لفٹ میں داخل ہوئیں اور انھیں پیر کے دن نکالا گیا۔

    محکمہ فائر فائٹر کے مطابق جب وہ گھر میں داخل ہوئے تو لفٹ ٹوٹی ہوئی تھی، اور فورٹالیزا ہوش میں تھیں۔

    پولیس کے بیان کے مطابق لفٹ میں خاتون کے پھنسنے کا پتا اس وقت چلا جب ایک شخص نے عمارت میں کچھ پہنچانے کے لیے گھر مالکان سے رابطہ کیا، مالکان نے خاندان کا ایک فرد بھیجا جس نے لفٹ میں فورٹالیزا کو پھنسا ہوا پایا، جس پر اس نے ایمرجنسی کال کی۔

    فورٹالیزا کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ 18 سال سے اسٹیفنز خاندان کے ساتھ منسلک ہیں اور گھر کے کام کاج کرتی ہیں، وقوعے کے روز گھر والے ویک اینڈ کی چھٹیاں منانے گئے ہوئے تھے اور گھر خالی تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  خطروں کے کھلاڑیوں کے لیے لاس ویگاس میں 114 فٹ بلند زپ لائن کھول دی گئی

    ویرن اسٹیفنز ایک کھرب پتی بینکار ہیں، اور ریاست آرکنسا میں ایک بینک کے سربراہ ہیں۔

    لفٹ کی خرابی کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے، تاہم محکمہ تعمیرات اور لفٹ بنانے والی کمپنی لفٹ کی خرابی سے متعلق تحقیقات کر رہی ہے۔

  • شمالی کورین رہنما کے ساتھ جلد دوسری ملاقات متوقع ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

    شمالی کورین رہنما کے ساتھ جلد دوسری ملاقات متوقع ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے توقع ظاہر کی ہے کہ جلد شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ ان کی دوسری ملاقات ہو سکتی ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ اقوام متحدہ میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ جلد ہماری دوسری ملاقات ہونے والی ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ ریاست ہائے متحدہ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان تناؤ دور ہونے میں زبردست پیش رفت دیکھ رہے ہیں۔

    ٹرمپ نے مزید کہا کہ جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ کم جونگ اُن نے ایک خوب صورت خط لکھ کر دوسری ملاقات کا عندیہ دیا تھا تو ہم اس ملاقات کی طرف بڑھیں گے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو مستقبل قریب میں اس ملاقات کا بندوبست کریں گے۔ خیال رہے کہ پومپیو کا طے شدہ دورہ پیانگ یانگ وائٹ ہاؤس کی جانب سے اچانک ختم کر دیا گیا تھا۔

    دونوں رہنماؤں کے مابین رواں سال جون کے مہینے میں سنگاپور میں ملاقات ہوئی تھی، ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا تھا کہ اب شمالی کوریا سے کسی قسم کا جوہری خطرہ نہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  امریکا کا شمالی کوریا پر سائبر حملوں کا الزام، کروڑوں ڈالر کا نقصان


    امریکی صدر نے بعد میں ٹویٹر کے ذریعے یہ بھی کہا تھا کہ اگر ان کی شمالی کوریا رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات نہ ہوتی تو امریکا اور شمالی کوریا میں جنگ ہوسکتی تھی۔

    خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے تقریر میں ٹرمپ نے یہ کہہ کر چونکایا تھا کہ امریکا کمیونسٹ ریاست کو حملہ کر کے مکمل طور پر ختم بھی کرسکتا ہے، انھوں نے کم جونگ کو ’راکٹ مین‘ کہہ کر بھی توہین کی۔

    تاہم بعد میں امریکی صدر نے شمالی کوریا کے ساتھ سفارتی تعلقات بہتر بنائے۔ انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ بہت خطرناک دن تھے، ایک سال ہو گیا ہے، اب سب کچھ بدل گیا ہے۔

  • امریکا کے ساتھ باہمی احترام  پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں، شاہ محمود قریشی

    امریکا کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں، شاہ محمود قریشی

    واشنگٹن: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتا ہے۔

    شاہ محمود قریشی امریکی دعوت پر آج صبح واشنگٹن پہنچے ہیں، پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ تقریب میں انھوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی خواہش ہے کہ امریکا میں پاکستانیوں سے زیادہ رابطہ رکھا جائے۔

    وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم امریکا میں مقیم پاکستانیوں کے تعمیری کردار کے معترف ہیں، بیرون ملک پاکستانی ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ’بہ طورِ وزیرِ خارجہ میں نے پہلا دورہ افغانستان کا کیا ہے، پاکستان کا امن اور خوش حالی افغانستان کے امن سے وابستہ ہے، افغان مسئلے کا حل عسکری نہیں سیاسی ہے۔‘

    بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انھوں نے تقریب میں کہا کہ خطے میں امن کے لیے بھارت ایک قدم بڑھائےگا تو ہم دو قدم بڑھائیں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی واشنگٹن پہنچ گئے


    شاہ محمود قریشی نے کہا ’ہم بلا امتیاز احتساب کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔‘ ملک کی معاشی صورتِ حال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ معاشی شعبے میں بہتری کے لیے نیا مالیاتی ترمیمی بل پیش کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیرِ خارجہ کل پاکستانی سفارت خانے میں بھی خطاب کریں گے، جب کہ 26 ستمبر کو سارک وزرا خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے، 29 ستمبر کو نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی خطاب کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی دورے کے شیڈول کے مطابق واشنگٹن میں امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کریں گے، یہ ملاقات یکم اکتوبر کے بعد ہوگی۔ وزیرِ خارجہ اگلے ماہ 3 اکتوبر کے بعد وطن واپس پہنچیں گے۔