Tag: امریکی سفارتکار

  • ٹریفک حادثے کے ذمہ دار امریکی سفارتکار کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ

    ٹریفک حادثے کے ذمہ دار امریکی سفارتکار کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کا نام واچ لسٹ میں ڈالنے کے بعد اس کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کردیا ہے، قاتل اب سفارتخانے کی پناہ میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کے بعد وفاقی حکومت نے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کا نام واچ لسٹ میں ڈال کر اس کا ڈرائیونگ لائسنس بھی منسوخ کردیا ہے۔

    واقعے کے حوالے سے پولیس کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر وفاقی پولیس نے وزارت داخلہ کو خط لکھ کر سفارش کی تھی کہ کرنل جوزف کا نام واچ لسٹ میں شامل کیا جائے۔

    ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے کرنل جوزف کی سفارتی حیثیت کے حوالے سے بھی وفاقی پولیس کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

    مزید پڑھیں : نشے میں دھت امریکی سفارتکار نے نوجوان کو کچل ڈالا،مقدمہ درج

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کو تیز رفتار گاڑی میں سوار نشے میں دھت امریکی ملٹری اتاشی نے سگنل توڑ کر موٹرسائیکل سوار دو نوجوانوں کو ٹکرمار دی تھی۔ حادثے میں ایف اے کا طالبعلم عتیق نامی نوجوان موقع پر دم توڑ گیا جبکہ عتیق کا کزن شدید زخمی ہوا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نشے میں دھت امریکی سفارتکار نے نوجوان کو کچل ڈالا،مقدمہ درج

    نشے میں دھت امریکی سفارتکار نے نوجوان کو کچل ڈالا،مقدمہ درج

    اسلام آباد : امریکی سفارتکار کی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار غریب نوجوان چل بسا، حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے، متوفی ایف اے کاطالب علم اور ہوٹل میں ملازم تھا، پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے تھانہ کوہسارکی حدود میں تیز رفتار گاڑی میں سوار امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف نے موٹرسائیکل سوار نوجوان عتیق بیگ کو ٹکرماری جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔

    اطلاعات کے مطابق فوجی اتاشی کرنل جوزف مبینہ طور پر نشے میں تھا، واقعے کے فوری بعد ایک اور گاڑی اس کو لینے پہنچ گئی، پولیس نے امریکی اہلکار کا میڈیکل کرانے کی کوشش کی تو انہوں نے یہ کہہ کر منع کردیا کہ ہم سفارتکار ہیں آپ ہمیں گرفتار نہیں کر سکتے۔

    پولیس اہلکاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی تو سفارت کار مزاحمت کرکے بھاگ کھڑا ہوا، پولیس نے سفارتکار کی گاڑی کو قبضے میں لے کر متعلقہ تھانے منتقل کردیاہے۔

    نوجوان کی ہلاکت پرمتوفی عتیق بیگ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اسلا م آباد کے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کے مطابق دامن کوہ چوک پرسفید رنگ کی گاڑی نے سگنل توڑتے ہوئے نوجوان کو کچل ڈالا۔

    عتیق کزن کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سپرجناح مارکیٹ جارہاتھا، اس حادثے میں عتیق موقع پرجاں بحق اس کا کزن راحیل شدید زخمی ہوا۔ گاڑی امریکی سفارتخانے میں تعینات ایئرڈیفنس اتاشی چلارہاتھا اورحادثہ ڈرائیورکی تیزرفتاری، غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ مقدمے میں 320، 337، 279 اور427 کی دفعات شامل ہیں۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والا نوجوان عتیق بیگ ایک ہوٹل پر کام کرتا تھا اور نوکری کے ساتھ ہی ایف اے کا طالب علم بھی تھا، یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکا میں وزیراعظم پاکستان کی مشکوک افراد کی طرح تلاشی لی گئی تھی‘ تاہم اسلام آباد میں امریکی سفارت کار دھڑلے سے نوجوان کو خون میں نہلا کر بھاگ نکلا۔

    دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے ان کا کہنا ہے کہ حادثے سے متعلق معاملے کو دیکھا جا رہا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔