Tag: امریکی سفارت خانہ

  • روس کا چوری کے شبہ میں 3 امریکی سفارت کاروں کے خلاف انتہائی قدم

    روس کا چوری کے شبہ میں 3 امریکی سفارت کاروں کے خلاف انتہائی قدم

    ماسکو: روس نے اپنے ملک میں موجود 3 امریکی سفارت کاروں سے سفارتی استثنیٰ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے، مذکورہ سفارت کار ایک روسی شہری کی حساس ذاتی اشیا چوری کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔

    روسی میڈیا کے مطابق روس کی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ روس نے ماسکو میں امریکی سفارت خانے کو ایک سرکاری سفارتی مراسلہ بھیجا جس میں سفارت خانے کے 3 ملازمین سے سفارتی استثنیٰ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ ان پر مجرمانہ الزامات لگائے جائیں۔

    امریکی سفارتخانے کو روانہ کردہ احتجاجی مراسلے میں ایک روسی شہری کی ذاتی حساس اشیا چوری کرنے والے امریکی سفارت کاروں کی سفارتی استثنیٰ کو ہٹاتے ہوئے ان کو عدالت کے کٹہرے میں پیش کیے جانے کی راہ ہموار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    امریکی سفارتخانے کی جانب سے روس کی اس درخواست کو مسترد کیے جانے کی صورت میں مذکورہ تینوں سفارت کاروں کو نا پسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر روس چھوڑنے کا کہا جائے گا۔

  • امریکی سفارت خانے کی طرف مزید 3 راکٹ داغے گئے

    امریکی سفارت خانے کی طرف مزید 3 راکٹ داغے گئے

    بغداد: عراقی دارالحکومت بغداد کے گرین زون پر ایک بار پھر راکٹوں سے حملہ کیا گیا ہے، غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ گرین زون پر راکٹ داغے گئے ہیں۔

    عراقی سیکورٹی ذرایع کے حوالے سے میڈیا نے خبر دی ہے کہ گرین زون میں 3 راکٹ داغے گئے ہیں جو امریکی سفارت خانے کے قریب گرے، اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ بغداد کے گرین زون میں امریکی سفارت خانے کی طرف راکٹ داغے جا چکے ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق گرین زون میں غیر ملکی مشنز اور سرکاری عمارتیں موجود ہیں، امریکی فوجی اڈہ بھی گرین زون میں امریکی سفارت خانے کے قریب واقع ہے۔

    عراق کے شہر بغداد میں مزید 2 راکٹ حملے

    نو جنوری کو بھی عراق میں رات کو دو راکٹ حملے ہوئے تھے، یہ راکٹ بغداد کے گرین زون میں گرے، اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں تھی۔ اس سے قبل 4 جنوری کو بھی شمالی بغداد میں امریکی فوجی اڈے پر 2 راکٹ حملے ہوئے تھے، یہ راکٹ امریکی ایئر بیس کے اندر گرے تھے، جس سے خبر ایجنسی کے مطابق 5 افراد زخمی ہوئے۔ جس کے بعد علاقے میں امریکی ہیلی کاپٹروں کی پروازیں شروع ہو گئی تھیں۔ امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ راکٹ حملے امریکی فوجیوں پر کیے گئے تھے، راکٹ حملے کے بعد امریکی سفارت خانے کے داخلی راستے بند کر دیے گئے تھے۔

    واضح رہے کہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد بغداد میں موجود امریکی سفارت خانے اور ایئر بیس کو مسلسل راکٹوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

  • کابل میں امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ حملہ

    کابل میں امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ حملہ

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ سے حملہ کیا گیا، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ سے حملہ کیا گیا جو افغان وزارت دفاع کے دفتر کی دیوار پر گرا تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ذرائع کے مطابق 9/11 حملوں کی 18 ویں برسی کے موقع پر ایسے حملوں کی توقع تھی۔

    امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والی بات چیت مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے۔

    افغان طالبان سے بات چیت مکمل طورپر ختم ہوچکی، ڈونلڈ ٹرمپ

    خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہماری میٹنگ کیمپ ڈیوڈ میں طالبان رہنماؤں سے ہونے والی خفیہ ملاقات طے شدہ تھی، میٹنگ بلانے کا آئیڈیا بھی میرا تھا اور اس کو منسوخ کرنے کا بھی، یہاں تک میں نے کسی اور سے اس پر تبادلہ خیال نہیں کیا تھا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں نے کیمپ ڈیوڈ میٹنگ کو اس بنیاد پر منسوخ کردیا کیونکہ طالبان نے کچھ ایسا کیا تھا جو انہیں بالکل نہیں کرنا چاہیے تھا۔

    مذاکرات کے خاتمے پرافغان طالبان کا ردعمل

    بعدازاں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات ختم کرنے کے بیان پر افغان طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ طالبان اپنی کارروائی تیز کر دیں‌ گے، جلد ہی امریکا کو اپنے اس فیصلے پر پچھتانا پڑے گا۔

    امریکا نے افغان طالبان سے امن مذکرات معطل کردیے

    اس سے قبل 8 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات منسوخ کردیے تھے۔ انہوں نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا تھا۔

    امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کابل حملے کے بعد منسوخ کیے گئے ہیں جس میں ایک امریکی فوجی سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ طالبان دوران مذاکرات غیرضروری بالا دستی چاہتے ہیں، طالبان جنگ بندی نہیں کرسکتے تو انہیں مذاکرات کا بھی کوئی اختیار نہیں ہے۔

  • امریکی سفارت خانے پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں مشتبہ شخص گرفتار

    امریکی سفارت خانے پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں مشتبہ شخص گرفتار

    برسلز : پولیس نے امریکی سفارت خانے پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں مشتبہ شخص گرفتار کرکے دہشت گردی کی فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجیم میں پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو امریکی سفارت خانے پر دہشت گردانہ حملے کی سازش کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے اور اس پر دہشت گردی کی فرد جرم بھی عاید کردی گئی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کا کہناتھا کہ بیلجیم کے پراسیکیوٹرز نے ایک بیان میں کہا کہ اس مشتبہ شخص کو ہفتے کے روز گرفتار کیا گیا تھا،اس کی شناخت اس کے نام کے مخفف ایم جی سے کی گئی ہے لیکن اس نے خود پر عاید کردہ الزامات کی صحت سے انکار کیا ہے۔

    فیڈرل پراسیکیوٹرز کا کہنا تھا کہ انھیں اس مشتبہ شخص کے دہشت گردی کے حملے کی سازش میں ملوّث ہونے کے ٹھوس شواہد ملے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کے خلاف جاری تحقیقات کے تحفظ کی غرض سے اس مرحلے پر مزید کوئی تفصیل نہیں جاری کی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گرفتار 40 سالہ شخص کا تعلق بیلجیئم سے ہے جو اپنا مذہب تبدیل کرکے مسلمان ہوا تھا.

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مشتبہ شخص کو اس کی مشکوک حرکتوں اور رویّوں کے باعث گرفتار کیا گیا تھا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مشتبہ شخص گرفتاری سے قبل امریکی سفارت خانے کے باہر زور زور سے چلا رہا تھا۔

  • لاہور خود کش دھماکے پر امریکی سفارت خانے کا پیغام، حملے کو بزدلانہ قرار دے دیا

    لاہور خود کش دھماکے پر امریکی سفارت خانے کا پیغام، حملے کو بزدلانہ قرار دے دیا

    اسلام آباد: لاہور میں داتا دربار پر خود کش حملے پر امریکی سفارت خانے نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ بزدلانہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی پر ہونے والے خود کش حملے کو امریکی سفارت خانے نے بزدلانہ قرار دے دیا۔

    امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے رمضان کے پُر امن پیغام کے منافی ہیں۔

    امریکی سفارت خانے کی جانب سے دھماکے کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا بھی اظہار کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  داتا دربار کے باہردھماکہ، 10 افراد شہید، 25 زخمی

    خیال رہے کہ آج لاہور میں داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہل کاروں سمیت 10 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے۔

    ایلیٹ فورس کی گاڑی داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر کھڑی تھی، خود کش حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاہور دھماکا: ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی: وزیر داخلہ اعجاز شاہ

    وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاہور دھماکا خود کش ہے، ایلیٹ فورس کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔

    اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ دوبارہ ایسے واقعات کا ہونا بد قسمتی ہے، ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی، سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔

  • امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری

    امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے کامیاب دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زادد کے دورے پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، امریکی سفارت خانے کے مطابق زلمے خلیل زاد نے 17 سے 20 جنوری تک پاکستان کا دورہ کیا۔

    ترجمان امریکی سفارت خانہ نے کہا کہ یہ دورہ دسمبر میں کیے گئے دورہ پاکستان کا تسلسل تھا، زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

    اعلامیہ کے مطابق زلمے خلیل زاد نے سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سفارتی عملے سے بھی ملاقاتیں کیں۔

    ترجمان امریکی سفارت خانہ کے مطابق دونوں جانب سے افغان امن عمل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن سے خطے کے ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔

    مزید پڑھیں: واضح کرنا چاہتا ہوں امریکا صرف امن چاہتا ہے: زلمے خلیل زاد کا ٹویٹ

    واضح رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ امریکا صرف امن چاہتا ہے، لوگوں کو اس حوالے سے تحفظات ہیں کہ امریکا ایک طرف افغانستان میں لڑنا بھی چاہتا ہے اور دوسری طرف مذاکرات بھی کرنا چاہتا ہے مگر ایسا نہیں ہے۔

    امریکی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ امریکا صرف امن چاہتا ہے، امن کے قیام کے لیے تمام افغانیوں کے تحفظات دیکھیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں تمام فریقین، افغانستان کی آزادی اور خود مختاری اور خطے کی ریاستوں کے مفادات کا خیال رکھا جائے گا۔

  • امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی، فلسطین کا عالمی کورٹ سے رجوع

    امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی، فلسطین کا عالمی کورٹ سے رجوع

    ہیگ : فلسطینی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کی منتقلی کے خلاف عالمی فوج داری عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ متنازعہ علاقے میں سفارت خانے کی منتقلی بین الااقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین کے شہر مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کی منتقلی اور فلسطینیوں سے امریکا کی انتقامی کارروائیوں کے خلاف فلسطینی حکومت نے عالمی فوج داری عدالت ’آئی سی سی‘ میں درخواست دائر کردی۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا تھا کہ فلسطینی حکومت نے عالمی فوج داری عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکا کے سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے واپس اسرائیلی دارالحکومت میں منتقل کیا جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فلسطینی حکومت نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی اور اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    واضح رہے کہ سنہ 1967 میں ویانا کنونشن میں طے ہوا تھا کہ سفارت خانے میزبان ملک میں قائم کیے جائیں جبکہ بیت المقدس متنازعہ علاقہ ہے۔

    فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلسطین نے بارہا امریکا کو عالمی اداروں سے رجوع کرنے کے لیے نوٹس جاری کیے تاہم امریکی ہٹ دھرمی کے بعد فلسطینی حکومت نے مجبوراً ’آئی سی سی‘ کا دروازہ کٹھکٹھایا ہے۔

    فلسطینی حکومت کی جانب عالمی فوج داری عدالت میں دائر کردہ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی ادارے امریکا سمیت ان تمام ممالک کے سفارت خانے جنہوں نے عالمی قوانین کی خلاف کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیے ہیں واپس تل ابیب بھیجیں جائیں۔

    یاد رہے کہ 14 مئی کو فلسطین پر اسرائیلی قبضے کے 70 برس مکمل ہونے پر امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کیا گیا تھا، سفارت خانے کی افتتاحی تقریب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی سمیت 800 افراد نے شرکت کی تھی۔

  • ترکی میں واقع امریکی سفارت خانے پر مسلح افراد کی فائرنگ

    ترکی میں واقع امریکی سفارت خانے پر مسلح افراد کی فائرنگ

    انقرہ : ترکی میں واقع امریکی سفارت خانے پر مسلح شدت پسندوں نے فائرنگ کردی، ترکی کے سیکیورٹی اداروں نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں واقع امریکی سفارت خانے پر کار سوار ملزمان کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے حملے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم حملہ آوروں کی گولیاں سفارت خانے کے باہر بنی چیک پوسٹ پر لگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ پیر کی صبح 5 بجے پیش آیا جب ایک سفید کار سفارت خانے کے سامنے رکی اور اندر بیھٹے حملہ آوروں نے گولیاں برسا دی۔

    ترک حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے سفارت خانے پر حملے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے حملہ آوروں کو حراست میں لینے کے لیے چھاپہ مار کارروائی شروع کردی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترکی میں عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے باعث امریکی سفارت خانہ ایک ہفتے کے لیے بند ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ترکی سے امریکا میں دھاتوں اور دھاتی مصنوعات کی درآمدات پر عائد کردہ محصولات کو دوگنا کر رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی جانب سے ترک مخالف بیان کے بعد ترک کی کرنسی لیرا بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کی قدر میں ریکاڑ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

    طیب اردوگان نے امریکی پابندیوں پر رد عمل دیتے ہوئے حکومتی اراکین کو امریکی وزیر داخلہ اور وزیر انصاف کے ترکی میں موجود اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

    خیال رہے کہ امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک وزیر قانون و انصاف عبدالحمید گل اور وزیر داخلہ سلیمان سویلو پر امریکا نے پابندیاں عائد کردی ہیں۔

  • امریکی سفارت خانہ رواں سال مئی میں یروشلم منتقل ہوجائےگا

    امریکی سفارت خانہ رواں سال مئی میں یروشلم منتقل ہوجائےگا

    واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ رواں سال مئی میں اسرائیل کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر امریکی سفارت خانہ یروشلم منتقل ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سال مئی میں یروشلم میں امریکی سفارت خانہ کھل جائے گا۔

    امریکہ کی جانب سے گزشتہ روز سفارت خانے کی منتقلی کے اعلان پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ یہ اسرائیلی عوام کے لیے ایک بہترین دن ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق فی الحال سفارت خانہ یروشلم میں موجود امریکی قونصل خانے میں منتقل کردیا جائے گا۔

    امریکی محکمہِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یروشلم میں نئی امریکی سفارتخانہ اس سال مئی میں کھل جائے گا۔


    یروشلم سے متعلق امریکی فیصلے کو اقوام متحدہ نے مسترد کردیا


    خیال رہے کہ گزشتہ برس 21 دسمبرکو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کو کثرت رائے سے مسترد کردیا تھا۔

    امریکی فیصلے کے خلاف قرارداد کے حق میں 128 اور مخالفت میں 9 ووٹ ڈالے گئے تھے جبکہ 35 ممالک نے جنرل اسمبلی اجلاس میں رائے دہی سے اجتناب کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 23 جنوری کو امریکی نائب صدر مائیک پنس نے اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی سفارت خانہ 2019 کے آخر تک یروشلم منتقل کردیا جائے گا۔


    امریکہ نے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا


    واضح رہے کہ 6 دسمبر2017 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئےامریکی سفارت خانے کو باقاعدہ طور پر یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • گھانا میں جعلی امریکی سفارت خانہ بند

    گھانا میں جعلی امریکی سفارت خانہ بند

    مغربی افریقی ملک گھانا میں فعال امریکی سفارت خانے کو بند کروا دیا گیا جس کے بارے میں امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ جعلی تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ جعلی سفارت خانہ ایک عشرے سے گھانا کے دارالحکومت اکرا میں فعال تھا۔ عمارت پر امریکی جھنڈا بھی لہرایا گیا تھا جبکہ اندر امریکی صدر بارک اوباما کی تصویر بھی آویزاں تھی۔

    یہ جعلی سفارت خانہ ایک عشرے سے گھانا کے شہریوں کو امریکی ویزے جاری کر رہا تھا۔

    تاہم امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ سفارت خانہ جعلی ہے۔

    محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ سفارت خانہ ایک مجرمانہ گروہ کی جانب سے چلایا جارہا تھا جس میں ترکی اور گھانا سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ سفارت خانے کو گھانا کے بعض کرپٹ اعلیٰ عہدیداران کی سرپرستی بھی حاصل تھی۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ اس جعلی سفارت خانے سے جاری کردہ ویزوں پر کتنے شہری امریکا میں داخل ہوئے۔

    محکمہ کا کہنا ہے کہ عمارت پر چھاپے کے دوران 10 مختلف ممالک کے پاسپورٹ اور ویزے ضبط کیے گئے۔

    محکمہ خارجہ نے دارالحکومت اکرا میں ایک اور جعلی سفارت خانے کی نشاندہی کی ہے جو نیدر لینڈز کا ہے تاہم نیدر لینڈز کی جانب سے اس کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔