Tag: امریکی سفیر

  • ٹرمپ نے بھارت میں نیا سفیر نامزد کر دیا

    ٹرمپ نے بھارت میں نیا سفیر نامزد کر دیا

    واشنگٹن (23 اگست 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سرجیو گور کو بھارت میں نیا امریکی سفیر نامزد کر دیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ وہ سرجیو گور کو بھارت میں امریکا کا اگلا سفیر نامزد کر رہے ہیں، سرجیو امریکی صدر کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک ہیں۔

    سرجیو گور بھارت میں ایسے وقت میں سفارت کاری سنبھالیں گے جب دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں اور اگلے ہفتے سے بھارت سے درآمدات پر امریکی ٹیرف دُگنا کیے جانے کی تیاری کر لی گئی ہے۔

    پینٹاگون نے ڈیفنس انٹیلیجنس چیف کو عہدے سے فارغ کر دیا، وجہ کیا تھی؟

    ٹرمپ نے بتایا کہ سرجیو گور اس وقت وائٹ ہاؤس کے صدارتی عملے کے دفتر کے ڈائریکٹر ہیں، وہ جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے لیے خصوصی ایلچی کے طور پر بھی خدمات انجام دیں گے۔

    ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ گور اپنی موجودہ حیثیت میں اس وقت تک کام جاری رکھیں گے جب تک امریکی سینیٹ کی جانب سے انھیں بھارت میں سفیر کے طور پر تقرری کی توثیق نہیں مل جاتی۔

    ٹرمپ نے کہا ’’سرجیو ایک عظیم دوست ہیں، جو کئی سالوں سے میرے ساتھ رہے ہیں۔ انھوں نے میری تاریخی صدارتی مہمات پر کام کیا، میری بیسٹ سیلر کتابیں شائع کیں، اور میرے دوسرے دورِ صدارت کے لیے عملے کی بھرتی کے کام میں بھی سرگرم رہے۔‘‘

    ٹرمپ نے مزید لکھا ’’دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے خطے کے لیے یہ بہت اہم ہے کہ میرے ساتھ کوئی ایسا شخص ہو جس پر میں مکمل طور پر بھروسہ کر سکوں تاکہ وہ میرے ایجنڈے کو آگے بڑھائے اور ہماری مدد کرے کہ ہم امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں۔‘‘

  • امریکی سفیر بھی کرکٹ کے اسیر، ورلڈ کپ دیکھنے امریکا جائیں گے

    امریکی سفیر بھی کرکٹ کے اسیر، ورلڈ کپ دیکھنے امریکا جائیں گے

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شروع ہوتے ہی کرکٹ کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم بھی اس کے اسیر ہو گئے۔

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا آغاز ہوگیا۔ میگا ایونٹ شروع ہوتے ہی جہاں دنیائے کرکٹ اس کے سحر میں گرفتار ہوگئی ہے وہیں پاکستان میں متعین امریکی سفیر بھی کرکٹ کے جادو میں جکڑے گئے ہیں۔

    امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اپنے ایک بیان میں ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم  کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانیوں کی کرکٹ سے محبت اور جذبہ دیکھا ہے۔

    ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا میں پہلے ورلڈ کپ کی میزبانی کیلیے پُر جوش ہیں اور میگا ایونٹ سے ہمارا ملک کرکٹ سے متعارف ہوگا۔ اپنے ملک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے لیے پُر عزم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے آئندہ ہفتے امریکا جاؤں گا اور اس تاریخی ایونٹ کو دیکھنے کے لیے شدت سے منتظر ہوں۔

    امریکی سفیر نے یہ بھی کہا کہ امریکا پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستان میں اعلیٰ معیار کی سرمایہ کاری چاہتا ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا نے کینیڈا کو شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/t20-world-cup-american-cricketer-aaron-jones-became-the-peer-of-legend-chris-gayle/

    یاد رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ میں 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ہیں جس میں 9 وینیوز پر مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 9 جون کو ہوگا۔

  • امریکی سفیر کا ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

    امریکی سفیر کا ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

    اسلام آباد : امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا امید ہے پاکستان کیلئے یہ ایونٹ یادگار ثابت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سوشل میڈیا ایکس پراپنے پیغام میں کہا کہ امریکاپہلی بارٹی 20ورلڈکپ کی میزبانی کررہا ہے، یقین ہے ٹی 20 ورلڈ کپ میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

    امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کیلئےروانگی سےقبل پاکستان ٹیم کی میزبانی کی، کپتان بابر اعظم اور ٹیم کیلئےنیک خواہشات ہیں، پاکستانی ٹیم سے بیٹنگ اور بولنگ ٹپس بھی لیں۔

    خیال رہے پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کیلیے ڈیلس پہنچ گئی، کھلاڑی دو روز آرام کے بعد تین جون سے تیاریوں کا آغاز کریں گے۔

    ڈیلس کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گے، قومی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ چھے جون کو میزبان امریکا سے کھیلے گی۔

    پاکستان کےگروپ میں بھارت، امریکا، کینیڈا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

  • سائفر نہیں تھا تو امریکی سفیر کو بلا کر ڈی مارش کیوں کرایا گیا ؟ علی محمد خان

    سائفر نہیں تھا تو امریکی سفیر کو بلا کر ڈی مارش کیوں کرایا گیا ؟ علی محمد خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ سائفر نہیں تھا تو امریکی سفیر کو بلا کر ڈی مارش کیوں کرایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ لو نے اس حکومت کی منجھی ٹھونک دی۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ 18 ماہ جھوٹ بولتے رہے کوئی سائفر نہیں ہے، اگر سائفر نہیں تو بانی پی ٹی آئی پرکس چیز کا کیس ہے؟ شہباز شریف اور اس حکومت پر آرٹیکل 63 ،62 لگنا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ اسد مجید مایہ ناز ڈپلومیٹ تھے، ڈونلڈلو کے بیان پر ردعمل دینا چاہیے، اسد مجید پر شہباز حکومت میں بہت دباؤ آیا ہوگا، سائفر نہیں تھا تو امریکی سفیر کو بلا کر ڈی مارش کیوں کرایا گیا؟۔

    علی محمد خان نے کہا کہ عدلیہ سے انصاف کی توقع ہے، بہت جلد سائفر کیس پر انصاف کریگی جس کے بعد بانی پی ٹی آئی 25 رمضان سے پہلے جیل سے باہر ہوں گے۔

     یاد رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی امور خارجہ کی کمیٹی میں پاکستان میں انتخابی عمل میں دھاندلی کے الزامات پر سماعت کےدوران جنوبی اور وسط ایشیا کے امور کے لیے اسسٹنٹ سیکریٹری ڈونلڈ لو نے کہا کہ سائفر سے متعلق لگائے گئے الزامات سازشی تھیوری اور جھوٹ ہے۔

  • چیف الیکشن کمشنر سے امریکی سفیر کی ملاقات، آزادانہ  انتخابات کی حمایت کی یقین دہانی

    چیف الیکشن کمشنر سے امریکی سفیر کی ملاقات، آزادانہ انتخابات کی حمایت کی یقین دہانی

    اسلام آباد : چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان سے ملاقات میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم  نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی حمایت کی یقین دہانی کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سفارتخانے کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں تعینات امریکی سفیرڈونلڈ بلَوم نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں پاکستان کےآئین اورقانون کے مطابق آزادانہ اورمنصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے امریکہ کی حمایت کی یقین دہانی کروائی گئی۔

    امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے زور دیا کہ پاکستان کے مستقبل کے رہنماؤں کا انتخاب کرنا پاکستانی عوام کا کام ہے۔ امریکہ دوطرفہ تعلقات کومزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے پاکستانیوں کے منتخب کردہ نمائندوں کے ساتھ ملکرکام کرتا رہے گا۔

  • پاک امریکا دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، امریکی سفیر

    پاک امریکا دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، امریکی سفیر

    اسلام آباد : امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ پاک امریکا دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کوفروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے قونصل خانے میں امریکی یوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ مضبوط دوطرفہ تعلقات کیلئے باہمی سبز اتحاد کو مزید مستحکم کرنےکی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا دوطرفہ تجارتی شراکت دار ہے، گزشتہ سال پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری میں پچاس فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔

    امریکی سفیر نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، امریکن بزنس کونسل اور دیگر صنعتی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں جبکہ ڈونلڈ بلوم جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کمانڈ سینٹر میں پاکستان نیول اکیڈمی میں شروع ہونے والی مشق کا مشاہدہ بھی کیا۔

    امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے باہمی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے سبز اتحاد کے فروغ کیلئے کراچی کا دورہ کیا۔۔

  • اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے ڈیڈلاک ختم کرانے کے لئے امریکی سفیر سے مدد مانگ لی

    اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے ڈیڈلاک ختم کرانے کے لئے امریکی سفیر سے مدد مانگ لی

    اسلام آباد : وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے آئی ایم ایف سے ڈیڈلاک ختم کرانے میں کردار ادا کرنے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات کی ہوئی ہے، جس میں ملکی معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو معاشی اصلاحات سے آگاہ کرتے ہوئے آئی ایم ایف سے ڈیڈ لاک ختم کروانے میں کردارادا کرنے کی درخواست کردی۔

    امریکی سفیر نے وزیرخزانہ کو آئی ایم ایف سے معاہدہ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    گذشتہ روز وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی برطانیہ کے وزیرمملکت برائے خارجہ سے ورچوئل میٹنگ ٓہوئی تھی ، جس میں اسحاق ڈار نے اینڈریو مچل کو9 ویں جائزے متعلق آئی ایم ایف مذاکرات پرپیشرفت سے آگاہ کیا تھا۔

    وزیرخزانہ نے برطانوی وزیر سے آئی ایم ایف سے معاہدے کرنے میں مدد کی درخواست کی تھی، جس پر برطانوی وزیر نے وزیرخزانہ کو آئی ایم ایف سے معاہدہ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

  • امریکی سفیر نے  اسحاق ڈار  کو  آئی ایم ایف کے ابہام کے بارے میں آگاہ کردیا

    امریکی سفیر نے اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف کے ابہام کے بارے میں آگاہ کردیا

    اسلام آباد : امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف کے ابہام کے بارے میں آگاہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ڈونلڈبلوم نے وزیر خزانہ کو آئی ایم ایف کے ابہام کے بارے میں آگاہ کیا۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا کہ ملاقات میں باہمی امور اور دونوں ممالک میں تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزارت خزانہ کا کہنا ہے امریکی سفیر نے مشکل معاشی حالات سے نمٹنے ،استحکام اور ترقی دینے کیلئے تعاون اوراقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    خیال رہے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف پروگرام کو تیس جون تک ختم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا مقصد آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنا تھا۔

  • وزیر خزانہ نے امریکی سفیر سے آئی ایم ایف معاہدے کے لیے تعاون کی درخواست کر دی

    وزیر خزانہ نے امریکی سفیر سے آئی ایم ایف معاہدے کے لیے تعاون کی درخواست کر دی

    اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر سے آئی ایم ایف معاہدے کے لیے تعاون کی درخواست کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف معاہدے کے لیے امریکی سفیر سے بات چیت کی۔

    ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ امریکی سفیر سے اسحاق ڈار نے درخواست کی کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

    وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر کو معاشی صورت حال اور آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا، انھوں نے امریکی سفیر کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر فنانسنگ پر بھی آگاہی دی۔

    ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے ڈونلڈ بلوم کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات سے بھی 1 ارب ڈالر فنانسنگ کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی سفیر نے آئی ایم ایف معاہدے کے سلسلے میں کردار ادا کرنے اور امریکی تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • امریکا نے آخر کار بھارت میں اپنے سفیر کا اعلان کر دیا

    امریکا نے آخر کار بھارت میں اپنے سفیر کا اعلان کر دیا

    واشنگٹن: امریکا نے آخر کار ہندوستان میں اپنے سفیر کا اعلان کر دیا، بھارت کے لیے نامزد امریکی سفیر کا نام تقریباً ڈھائی سال کی تاخیر کے بعد منظور کر لیا گیا۔

    امریکی و بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینیٹ نے بھارت کے لیے ایریک گارسیٹی کا نام بہ طور سفیر منظور کر لیا، ان کا نام 52 ووٹوں سے منظور کیا گیا۔ بھارت کے لیے امریکا کے سفیر کی حیثیت سے ایریک گارسیٹی کا نام ڈھائی سال قبل دیا گیا تھا، ایریک گارسیٹی لاس اینجلس کے میئر رہ چکے ہیں۔

    گارسیٹی امریکی صدر جو بائیڈن کے وفاداروں میں سے ہیں، پانچ سال قبل تک وہ ڈیموکریٹک پارٹی کی ابھرتی اہم شخصیات میں سے ایک تھے، لیکن پھر 9 سالہ طویل میئر شپ کے آخری سال وہ بری طرح اسکینڈلز کی زد میں آ گئے۔

    انڈین ایکسپریس کے مطابق ایریک گارسیٹی کو اسکینڈلز کی وجہ سے بائیڈن کابینہ میں جگہ ملنا مشکل ہو گیا تھا، اسکینڈلز کی قیمت انھیں سفیر کے عہدے سے محرومی کی صورت میں ادا کرنی پڑی۔

    گارسیٹی کے لیے نئی دہلی جانے کا راستہ تب کھلا جب پچھلے ہفتے امریکی سینیٹ نے ان کے معاملے پر ایک ’کلوچر‘ تحریک منظور کی۔ یہ تحریک اس وقت اختیار کی جاتی ہے جب معاملے کو ایک اعلیٰ اکثریت کی حمایت حاصل ہو اور اقلیتی ارکان اس معاملے پر مزید بحث کو محدود کر دیں، یعنی بحث کا خاتمہ کر کے ووٹنگ کی جاتی ہے اس معاملے پر۔

    ایرک گارسیٹی کون ہیں؟

    گارسیٹی کی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ 52 سالہ گارسیٹی کی پرورش سان فرنینڈو ویلی میں ہوئی اور انھوں نے کولمبیا یونیورسٹی سے بی اے اور ایم اے کیا۔ ان کی بیوی ایمی ایلین ویک لینڈ ہیں جن سے ان کی ایک بیٹی ہے۔

    انھوں نے آکسفرڈ اور لندن اسکول آف اکنامکس میں رھوڈز اسکالر کے طور پر تعلیم حاصل کی اور اوکسیڈینٹل کالج اور یو ایس سی میں پڑھایا۔ ویب سائٹ کے مطابق وہ 12 سال تک امریکی بحریہ کے ریزرو میں افسر رہے، اور وہ ایک شوقین جاز پیانسٹ اور فوٹوگرافر بھی ہیں۔

    وہ 2013 میں لاس اینجلس کے میئر بنے، اور 2022 تک اس منصب پر براجمان رہے، وہ 100 برسوں میں اس شہر کے سب سے کم عمر میئر بنے تھے، اور اس کرسی کو سنبھالنے والے پہلے یہودی فرد بھی تھے۔

    سیاہ فارم شہری جارج فلائیڈ کے قتل کے واقعے پر گارسیٹی نے پولیس کا دفاع کیا جس پر انھیں ہر طرف سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انھیں سب سے بڑا دھچکا اس وقت لگا جب ان کے ایک معاون پر جنسی بدتمیزی کا الزام لگا اور انھوں نے معاون کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

    رک جیکبز اسکینڈل کیا تھا؟

    2020 میں پولیس افسر اور گارسیٹی کے باڈی گارڈ میتھیو گارزا کی طرف سے گارسیٹی کے ایک اہم معاون رک جیکبز کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ گارزا نے الزام لگایا کہ جیکبز نے انھیں نامناسب طریقے سے چھوا اور ’خراب جنسی تبصرے‘ کیے۔

    اس کے بعد جیکبز تو اپنی ذمہ داریوں سے سبک دوش ہو گئے، تاہم گارسیٹی نے بارہا اصرار کیا کہ وہ مبینہ بدتمیزی کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تھے۔ لیکن ان کے مخالفین نے الزام لگایا کہ یا تو وہ الزامات کے بارے میں جانتے تھے اور ان پر کوئی کارروائی نہیں کی، یا وہ اس بات سے لاعلم تھے کہ ان کی ٹیم میں کیا چل رہا ہے۔

    ہندوستان میں سفیر کے طور پر ان کی نامزدگی کو گزشتہ سال جنوری میں سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی نے منظور کیا تھا، لیکن مارچ میں امریکی ریپبلکن سینیٹر چک گراسلے نے جیکبز کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے اس پر روک لگا دی تھی۔