Tag: امریکی سینیٹ

  • امریکی سینیٹ سے صدر ٹرمپ کے لیے اچھی خبر

    امریکی سینیٹ سے صدر ٹرمپ کے لیے اچھی خبر

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیکس اور اخراجات کے بل کو ریپبلکن جماعت کی اکثریت والی امریکی سینیٹ نے ایک ووٹ کی اکثریت سے منظور کر لیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس بل کی منظوری کے ساتھ ہی صدر ٹرمپ کی کئی اہم داخلی پالیسیوں کو قانون کا درجہ حاصل ہوجائے گا جبکہ اس سے ملکی قرض میں مزید 3.3 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوگا۔

    رپورٹس کے مطابق بل 50 کے مقابلے 51 ووٹوں سے منظور ہوا اور فیصلہ کن ووٹ نائب صدر جے ڈی وانس نے کاسٹ کیا۔ تاہم 3 ریپبلکن سینیٹرز تھام ٹلس، سوزن کولنز اور رینڈ پال نے بل کی مخالفت کی اور تمام 47 ڈیموکریٹ سینیٹرز کے ساتھ شامل ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق اس قانون کے تحت ٹرمپ کی جانب سے 2017 میں دی گئی ٹیکس کٹوتیوں میں توسیع کی جائے گی، فوجی اخراجات اور امیگریشن اداروں کے بجٹ میں اضافہ ہوگا، ٹِپس اور اوورٹائم آمدن پر نئے ٹیکس ریلیف دیے جائیں گے، جبکہ غریب افراد کے لیے صحت اور خوراک کی اسکیموں میں کٹوتی کی جائے گی۔

    ظہران ممدانی نے ٹرمپ کی دھمکی کا جواب دیدیا

    رپورٹس کے مطابق اس بل کو اب ایوان نمائندگان میں حتمی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا جہاں سینیٹ کی ترامیم پر ریپبلکن پارٹی کے اندر پائے جانے والے اختلافات اس کی منظوری میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

    امریکی صدر کی خواہش ہے کہ یہ بل 4 جولائی کو امریکا کے یومِ آزادی سے پہلے قانون میں تبدیل ہوجائے،ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ اس ڈیڈلائن کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

  • امریکی سینیٹ میں ایران پر حملے روکنے کی قرارداد مسترد

    امریکی سینیٹ میں ایران پر حملے روکنے کی قرارداد مسترد

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر مزید حملے روکنے کی ڈیموکریٹک قرارداد امریکی سینیٹ میں مسترد ہوگئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریپبلکن اکثریتی سینیٹ نے قرارداد کو 53 کے مقابلے 47 ووٹوں سے ناکام بنا دیا۔

    رپورٹس کے مطابق امریکی سینیٹ میں پیش کی گئی قرارداد میں ایران پر مزید کارروائی کے لیے کانگریس کی منظوری لازم قرار دی گئی تھی۔

    ٹرمپ کا اہم بیان:

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر دوبارہ حملے سے بالکل گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ غزہ میں آئندہ ہفتے تک جنگ بندی نافذ ہوجائے گی۔

    وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں غزہ میں آئندہ ہفتے تک جنگ بندی نافذ ہوجائے گی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں جانتا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کہاں چھپے ہیں میں نے ان کی جان بچائی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میں نے اسرائیل اور امریکی افواج کو خامنہ ای کو ہدف بنانے سے روکا، میں نے حکم دیا کہ اسرائیلی طیارے تہران پر بڑے حملے سے پیچھے ہٹ جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ جنگ کا سب سے بڑا حملہ ہوتا شدید تباہی آتی، ہزاروں ایرانی مارے جاتے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر نے جنگ جیتنے کا جھوٹا دعویٰ کیا حالانکہ ان کے ملک کو تباہ کردیا گیا، ایران کی تین جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ خاموشی اور شکر گزاری کے بجائے ایران کی قیادت نے نفرت اور غصے کا اظہار کیا ہے، ایران اگر عالمی نظام کا حصہ نہیں بنا تو اس کی حالت مزید خراب ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ایرانی جوہری تنصیبات کو امریکی بمباری سے پہلے خالی نہیں کروایا گیا تھا، مجھے نہیں لگتا کہ ایران اب جلد از جلد جوہری پروگرام کی طرف واپس جائے گا۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران ہمارے ساتھ ملنا چاہتا ہے بات کرنا چاہتا ہے، امریکا کے ساتھ معاہدہ نہ کرنے والے ممالک پر محصولات عائد کیے جائیں گے، ہمیں 88 بلین ڈالر ٹیرف کی مد میں موصول ہوئے ہیں۔

  • امریکی سینیٹ میں پاکستان اور چین مخالف بل پیش کردیا گیا

    امریکی سینیٹ میں پاکستان اور چین مخالف بل پیش کردیا گیا

    امریکی سینیٹ میں پاکستان اور چین مخالف بل پیش کردیا گیا، یو ایس انڈیا ڈیفنس کوآپریشن ایکٹ نامی بل ریپبلکن سینیٹر مارکو روبیو نے پیش کیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بل میں بھارت مخالف اقدامات کی صورت میں پاکستانی امداد روکنے کی تجویز پیش کی گئی، چین کا بڑھتا ہوا ثر و رسوخ اور پاکستان سے مبینہ خطرات سے نمٹنے کیلئے بھارت کی مدد کا وعدہ بھی کیا گیا۔

    بل میں بھارت کے ساتھ جاپان، اسرائیل، کوریا اور نیٹو جیسے بر تاوو پر زور دیا گیا۔

    بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ خطرے کی صورت میں امریکا نئی دہلی کو ضروری سیکورٹی فراہم کرے، بھارت کو روسی اسلحے کی خریداری میں پابندیوں سے محدود استثنیٰ دیا جائے اور بھارت کے لیے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کو وسیع کیا جائے۔

    دوسری جانب امریکا نے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں کو بھارت جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دے دیا۔

    امریکا نے بھارت میں موجود اپنے شہریوں کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی، جس میں مسلح حملوں اورجنسی زیادتی کے خطرات کے باعث امریکی شہریوں کو بھارت جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    ٹریول ایڈوائیزری میں ہدایت کی ہے کہ وہ منی پور، مقبوضہ کشمیر، ملک کے وسطی اور مشرقی حصوں کا سفر نہ کریں۔

    باراک اوباما نے بھی کاملا ہیرس کی حمایت کردی

    امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے بھارت کو لیول 4 پر رکھا۔ جس کے تحت بھارت کے متعددعلاقے غیرمحفوظ ہیں، رپورٹ میں کہا گیا کہ جرائم اور دہشت گردی کی وجہ سے بھارت سفرکرناکسی خطرے سے خالی نہیں۔

  • امریکی سینیٹ نے بھی اسرائیل یوکرین پیکج اور ٹک ٹاک پابندی بل کی منظوری دے دی

    امریکی سینیٹ نے بھی اسرائیل یوکرین پیکج اور ٹک ٹاک پابندی بل کی منظوری دے دی

    واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے بھی اسرائیل یوکرین پیکج اور ٹک ٹاک پابندی بل کی منظوری دے دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینیٹ نے اسرائیل، یوکرین اور تائیوان کے فوجی امداد کے لیے مجموعی طور پر 95 ارب ڈالرز کے امدادی پیکج کی منظوری دے دی۔

    اس بل میں اسرائیل کے لیے 26 ارب ڈالرز بھی شامل ہیں، جب کہ تائیوان سمیت ایشیا پیسفک کے لیے 8 ارب ڈالرز فراہم کیے جائیں گے۔

    بل کے حق میں 79 ووٹ جب کہ 18 اراکین نے مخالفت میں ووٹ دیے، جو بائیڈن نے بل کی منظوری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قوم اور دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے اہم ہے۔

    علاوہ ازیں، امریکی سینیٹ نے ٹک ٹاک کی زبردستی فروخت کا بل بھی پاس کر کے بائیڈن کو بھیج دیا، بل کے ذریعے ٹک ٹاک پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اپنی چینی پیرنٹ کمپنی سے علیحدگی اختیار کرے، سوشل میڈیا کمپنی ٹک ٹاک نے اس پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نے کہا ہے کہ یہ قانون سازی 170 ملین امریکیوں کے آزادی اظہار کے حقوق کو پامال کرے گی، واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن آج ان دونوں قوانین پر دستخط کریں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/tiktok-ban-in-us/

  • یوکرین اور اسرائیل کیلئے اربوں ڈالر کی ہنگامی امداد روک دی گئی

    یوکرین اور اسرائیل کیلئے اربوں ڈالر کی ہنگامی امداد روک دی گئی

    امریکی سینیٹ نے یوکرین اور اسرائیل کیلئے مزید اربوں ڈالر کی ہنگامی امداد کو روک دیا ہے، جس کے باعث روس کے خلاف لڑائی کی حکمت عملی پر سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی ایوان میں بل منظور ہونے کیلئے 60 ووٹ درکار تھے، تاہم سینیٹ میں امداد کے حق میں صرف 49 اور مخالفت میں 51 ووٹ پڑے، ریپبلکن ارکان نے مطالبہ کیا کہ پہلے میکسیکو سرحد پر امیگریشن کنٹرول کرنے کا عمل بہتر بنایا جائے۔

    امریکی ایوان (سینیٹ) میں پیش کیا جانے والا بل یوکرین اور اسرائیل کی امداد کیلئے 110 اعشاریہ 5 ارب ڈالر امداد سے متعلق تھا، جس میں یوکرین کی فوجی امداد کیلئے 50 ارب ڈالر کی رقم مختص کی گئی تھی۔

    بل میں 14 ارب ڈالر غزہ میں جاری اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف کارروائی کیلئے رکھے گئے تھے جبکہ یوکرین کی اقتصادی اورانسانی امداد کیلئے بھی رقم رکھی گئی تھی۔

    بل کی مخالفت میں ووٹ دیتے ہوئے سابق صدارتی امیدوار بننے کے خواہش مند سینیٹر برنی سینڈرز نے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو فلسطینیوں کے خلاف غیر انسانی عمل قرار دیا۔

    یوکرین کی امداد کو ایوان میں بھی مخالفت کا سامنا ہے جہاں اسپیکر مائیک جانسن سمیت کئی ریپبلکن اراکین یوکرین کی امداد کی مخالفت میں ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔

    تنہا کرنے کی امریکی یورپی کوششیں ناکام، اسرائیل حماس جنگ کا ایجنڈا لے کر روسی صدر کا بڑا قدم

    موجودہ صورتحال سامنے آنے پر امریکی صدر نے کہا کہ یاد رکھیں کہ تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی جو آزادی کے مقصد سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

  • چیٹ جی پی ٹی کے بانی نے انسانیت کو لاحق بڑے خطرے سے امریکا کو خبردار کر دیا

    چیٹ جی پی ٹی کے بانی نے انسانیت کو لاحق بڑے خطرے سے امریکا کو خبردار کر دیا

    واشنگٹن: چیٹ جی پی ٹی کے بانی نے امریکی سینیٹ کو آرٹیفیشل انٹیلجنس کے حوالے سے خبردار کر دیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کے اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹیو سیموئل آلٹ مین نے امریکی قانون سازوں کو بتایا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے لیے حکومتی ضابطہ ’نہایت اہم‘ ہے کیوں کہ اس سے انسانیت کو ممکنہ خطرات لاحق ہیں۔

    سی ای او نے امریکی سینیٹ میں بیان دیا کہ آرٹیفیشل انٹیلجنس سے متعلق قوانین نہیں بنائے گئے تو یہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، انھوں نے کہا کہ امریکی حکومت کو آرٹیفیشل انٹیلجنس سے متعلق کمپنیوں کے لیے قوانین بنانے ہوں گے۔

    سام آلٹمین نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے انتخابات میں غلط استعمال پر انھیں تشویش ہے، جلد اس پر قابو پانے کے لیے کام کرنا ہوگا۔

    آلٹمین منگل کو امریکی سینیٹ کی عدلیہ کی ذیلی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے، تاکہ کانگریس کو اس بڑی نئی ٹیکنالوجی پر نئے قوانین کے نفاذ کے لیے قائل کر سکیں، کیوں کہ اس حوالے سے امریکا میں موجود گہری سیاسی تقسیم نے برسوں سے انٹرنیٹ کو ضابطے کے اندر لانے والی قانون سازی کو روک رکھا ہے۔

    سام آلٹمین مصنوعی ذہانت کے حوالے سے ایک عالمی شخصیت بن چکے ہیں، انھوں نے خبردار کیا کہ ’’اگر یہ ٹیکنالوجی غلط سمت چلی جاتی ہے، تو یہ مکمل طور پر ہی غلط ہو سکتی ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’اوپن اے آئی کی بنیاد اس یقین پر رکھی گئی تھی کہ مصنوعی ذہانت ہماری زندگی کے تقریباً ہر پہلو کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، لیکن یہ بھی کہ یہ سنگین خطرات پیدا کرتی ہے۔‘‘ انھوں نے غلط معلومات، ملازمت کے تحفظ اور دیگر خطرات کے بارے میں خدشات کے حوالے سے کہا کہ ’’ہم سمجھتے ہیں کہ حکومتوں کی طرف سے ریگولیٹری مداخلت اس تیز رفتار طاقت ور ماڈلز کے خطرات کو کم کرنے کے لیے اہم ہوگی۔‘‘

    آلٹمین نے ایک امریکی یا عالمی ایجنسی کے قیام کی تجویز بھی پیش کی، جو بہت زیادہ طاقت ور AI سسٹمز کے لیے لائسنس فراہم کرے گی اور اسے لائسنس واپس لینے اور حفاظتی معیارات کی تعمیل کو یقینی بنانے کا اختیار حاصل ہوگا۔

  • چالباز مودی سرکار نے عیاری سے امریکی سینیٹ کو جال میں پھنسا لیا

    چالباز مودی سرکار نے عیاری سے امریکی سینیٹ کو جال میں پھنسا لیا

    نئی دہلی: چالباز مودی سرکار نے عیاری سے امریکی سینیٹ کو جال میں پھنسا لیا، مظلومیت کا ڈھونگ رچا کر اروناچل پردیش کے متنازعہ علاقوں پر بھارت کا حق تسلیم کروا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مودی کا ہندوستان چانکیہ کے اکھنڈ بھارت کی راہ پر گامزن ہے، دوسری طرف جنوبی ایشیا کے تمام ممالک ہندوستان کے اکھنڈ بھارتی عزائم سے سخت نالاں ہیں، تاہم امریکی سینیٹ نے اروناچل پردیش کے متنازعہ علاقوں پر بھارت کا حق تسلیم کر لیا ہے۔

    پاکستان، نیپال، سری لنکا اور بنگلادیش کے ساتھ بھارت کے 22 علاقائی تنازعات ہیں، جن میں سے پاکستان کے ساتھ 3، نیپال کے ساتھ 6، سری لنکا کے ساتھ 2 اور بنگلا دیش کے ساتھ 4 سرحدی تنازعات ہیں، انتہا پسند ہندو رہنما ماضی میں کئی بار اکھنڈ بھارت کا خواب پورا کرنے کے ارادے بھی ظاہر کر چکے ہیں۔

    2022 میں آر ایس ایس سربراہ موہن بھگوت نے اکھنڈ بھارت کا خواب طاقت کے زور پر پورا کرنے کا اعلان کیا تھا، جب کہ سوامی روندرا پوری نے کہا کہ ’ستاروں کی چال کے مطابق اکھنڈ بھارت کا خواب اگلے 20 سے 25 سال میں پورا ہونے کا امکان ہے۔‘

    بی جے پی رہنما روندرا فد نویس نے اعلان کیا تھا کہ کراچی جلد بھارت کا حصہ بن جائے گا، جب کہ بی جے پی رہنما نارائن سوامی کے مطابق اکھنڈ بھارت کا قیام بی جے پی کا اوّلین مقصد ہے۔

    بی جے پی رہنما سُبرا منین سوامی نے دعویٰ کیا تھا کہ ہندو سب سے افضل اور باقی تمام مذاہب کے پیروکار ان کے نیچے ہیں، سوامی نے مزید کہا کہ مسلمان مسائل کی جڑ ہیں، جہاں مسلمان 30 فی صد سے زائد ہوں وہاں خطرہ ہے، بھارتی مسلمان ہندوؤں کے برابر نہیں۔

    سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا عالمی برادری بھارت کے ہمسایہ ممالک کے خلاف ایسے اقدامات پر ایکشن لیں گی؟ کیا ہندوستان ان علاقائی تنازعات کے ذریعے خطے میں انتشار پھیلا کر عالمی امن کے لیے خطرہ نہیں بن رہا؟

    واضح رہے کہ ڈیموکریٹ سینیٹر جیف مرکلے نے 16 فروری کو امریکی سینیٹ میں ایک قرارداد پیش کی ہے، جس میں امریکی سینیٹرز نے کہا ہے کہ اروناچل پردیش بھارت کا اٹوٹ انگ ہے، چین کا نہیں، قرارداد میں کہا گیا کہ امریکا اروناچل پردیش کو ہندوستان کا حصہ سمجھتا ہے۔

  • بائیڈن کی گن کنٹرول کوششوں میں پیش رفت، سینیٹ نے بل منظور کر لیا

    بائیڈن کی گن کنٹرول کوششوں میں پیش رفت، سینیٹ نے بل منظور کر لیا

    واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے گن کنٹرول بل منظور کر لیا، جس کے بعد بل ایوان نمائندگان کو بھیج دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جو بائیڈن کی کوششیں رنگ لانے لگی ہیں، امریکی سینیٹ نے گن کنٹرول بل منظور کر لیا، گن کنٹرول بل کی حمایت میں 65 اور مخالفت میں 33 ووٹ پڑے۔

    15 ری پبلکنز سینیٹرز نے بھی گن کنٹرول بل کی حمایت میں ووٹ ڈالا، سینیٹ سے منظوری کے بعد بل کو ایوان نمائندگان میں بھیج دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکی سپریم کورٹ نے گن کنٹرول کے خلاف گزشتہ روز فیصلہ دیا تھا، سپریم کورٹ نے عوامی مقامات پر بھی اسلحہ لے جانے کی اجازت دے دی ہے۔

    امریکی سپریم کورٹ نے اسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی ختم کر دی

    امریکی صدر جو بائیڈن نے اسلحے کی اجازت سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو عقل اور آئین سے متصادم قرار دے دیا، انھوں نے کہا اس فیصلے سے انھیں شدید مایوسی ہوئی ہے۔

    سپریم کورٹ کا فیصلہ عقل اور آئین دونوں سے متصادم ہے: صدر بائیڈن

    سپریم کورٹ کے فیصلے سے امریکی صدر بائیڈن کی گن کنٹرول کی کوششوں کو بڑا دھچکا پہنچا ہے، انھوں نے اپنے رد عمل میں کہا کہ اس فیصلے پر سب کو تشویش ہونی چاہیے، انھوں نے شہریوں سے گن سیفٹی کے لیے آواز اٹھانے کی بھی اپیل کی، بائیڈن نے کہا امریکی شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔

    امریکا میں فائرنگ کے مسلسل واقعات کے بعد ’گن کنٹرول‘ کے حوالے سے اچھی خبر

  • امریکی سینیٹ کی تاریخ میں پہلی بار مسلم شہری کو وفاقی جج بنانے کی منظوری

    امریکی سینیٹ کی تاریخ میں پہلی بار مسلم شہری کو وفاقی جج بنانے کی منظوری

    واشنگٹن : امریکی سینیٹ نے تاریخ میں پہلی بار مسلم شہری کو وفاقی جج بنانے کی منظوری دے دی ، پاکستانی نژادزاہدقریشی پہلے ایشیائی امریکا ہیں جو بطور وفاقی جج کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سینیٹ نے پاکستانی نژادزاہد قریشی کی بطور وفاقی جج تعیناتی کی منظوری دے دی، امریکی سینیٹ میں زاہدقریشی کےحق میں 81 اورمخالفت میں 16 ووٹ پڑے۔

    جس کے بعد پاکستانی نژادزاہدقریشی کو اعزاز حاصل ہوگیا ہے کہ وہ امریکی تاریخ میں پہلے مسلمان وفاقی جج ہوں گے۔

    نژادزاہدقریشی کی نامزدگی کی منظوری پر سینیٹرڈربن اورسینیٹرکیری بوکر نے خراج عقیدت پیش کیا اور کہا پاکستانی تارک وطن کے بیٹےزاہد قریشی نے شاندارخدمات ادا کیں، زاہدقریشی نے بطورمجسٹریٹ محنت اورلگن سے فرائض اداکئے۔

    نیو جرسی سے تعلق رکھنے والے زاہد قریشی تین سال سے مجسڑیٹ جج کےفرائض انجام دے رہے تھے ، امریکی صدربائیڈن نےمارچ میں زاہد قریشی کی وفاقی جج نامزدگی کا اعلان کیا تھا

    نامزدگی کے بعد اپریل میں زاہد قریشی سینیٹ کی عدالتی کمیٹی کے رو برو پیش ہوئے، جہاں عدالتی کمیٹی نے بھی ڈیموکریٹس ، ریپبلیکنز اور سینیٹر نے مشترکہ منظوری دی۔

  • امریکا: سینیٹ میں واضح برتری کے لیے نظریں ریاست جارجیا پر

    امریکا: سینیٹ میں واضح برتری کے لیے نظریں ریاست جارجیا پر

    واشنگٹن: امریکی سینیٹ پر کنٹرول کی جنگ شروع ہو گئی ہے، ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز کی نظریں ریاست جارجیا پر ٹک گئیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست جارجیا میں 5 جنوری کو سینیٹ کی 2 نشستوں پر دوبارہ الیکشن ہوگا، نومبر کے سینیٹ الیکشن میں کوئی امیدوار واضح برتری حاصل نہیں کر سکا تھا۔

    سابق صدر اوباما نے ڈیموکریٹس امیدوارں کی جیت کے لیے آن لائن اجلاس میں شرکت کی، انھوں خطاب میں کہا بائیڈن انتظامیہ کو وعدے پورے کرنے کے لیے جارجیا کی جیت ضروری ہے۔

    دوسری طرف نائب صدر مائیک پنس نے ری پبلکنز امیدواروں کی حمایت میں ریلی میں شرکت کی، خطاب میں انھوں نے کہا امریکا کو بچانے کے لیے جارجیا کی نشستیں جیتنی ہوں گی۔

    جوبائیڈن کو خفیہ اداروں کی بریفنگ شروع

    واضح رہے کہ سینیٹ میں اس وقت ری پبلکنز کے حامی 50 اور ڈیموکریٹس کے حامی 48 سینیٹرز ہیں۔

    ادھر نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو قومی سلامتی کے معاملات پر روزانہ بریفنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن کو خفیہ اداروں نے بریفنگ دینا شروع کر دی ہے، خفیہ ادارے اقتدار کی منتقلی کے دوران نو منتخب صدر کو حالات سے آگاہ رکھتے ہیں۔

    جوبائیڈن نے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کو پھر سے بحال کرنے کا اشارہ دیدیا

    دوسری طرف امریکی صدر ٹرمپ بدستور 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج سے لڑ رہے ہیں، وہ ان نتائج کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں جس میں انھیں زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔