Tag: امریکی شہری

  • امریکی شہری اپنے پالتو جانور کیوں چھوڑ رہے ہیں؟

    امریکی شہری اپنے پالتو جانور کیوں چھوڑ رہے ہیں؟

    امریکا میں لوگوں کا گھروں میں جانوروں کا پالنا عام شوق ہے لیکن ان دنوں شہری اپنے پالتو جانوروں کو چھوڑ رہے اور شیلٹر ہوم میں دے رہے ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں بڑھتی مہنگائی کے باعث لوگ اپنے روزمرہ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں اور مہنگائیکی وجہ سے وہ اپنے پالتو جانور چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکا میں شیلٹرز میں پالتو جانوروں کی ’’اونر سرینڈر‘‘ کی شرح میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا، چارلوٹ میں پالتو جانور چھوڑنے کے واقعات میں 43 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جانوروں کے تحفظ کے مراکز چھوڑے گئے جانوروں سے بھر گئے ہیں اور شیلٹر انتظامیہ جگہ کی کمی کے باعث لوگوں کو مجبوراً ان کے جانور واپس کر رہے ہیں۔

    امریکی شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے وہ اب پالتو جانوروں کا خرچہ ہیں اٹھا سکتے۔

    امریکا میں جانوروں کا مہنگا علاج اور خوراک پالتو جانوروں کو چھوڑنے کی سب سے بڑی وجہ بتائی جا رہی ہے اور جانوروں کے تحفظ کے ادارے اس نئے بحران کی وجہ سے پریشان ہیں۔

  • امریکی شہری سے پولیس اہلکاروں کی جانب سے 80 ہزار ڈالر رشوت وصولی ، بڑا انکشاف سامنے آگیا

    امریکی شہری سے پولیس اہلکاروں کی جانب سے 80 ہزار ڈالر رشوت وصولی ، بڑا انکشاف سامنے آگیا

    کراچی : امریکی شہری سے پولیس اہلکاروں کی جانب سے 80 ہزار ڈالر رشوت وصولی کے معاملے پر بڑا انکشاف سامنے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں امریکی شہری سے پولیس اہلکاروں کی جانب سے 80 ہزار ڈالر رشوت وصولی کے معاملے پر مبینہ رشوت خوری میں ملوث اہلکار کا ریکارڈ سی پی او سے غائب ہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔

    ڈی ایس پی لیگل نے عدالت کو بتایا کہ سپاہی آصف نور سے متعلق کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں سی پی او میں بھی سپاہی آصف نور کی موجودہ پوسٹنگ کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا ہے۔

    سب انسپکٹر ندیم اختر نے کہا کہ درخواست گزار کے ساتھ عدالت سے باہر معاملات طے کرنے کے لئے تیار ہیں، جس پر عدالت نے پولیس افسر کو درخواست گزار کے ساتھ عدالت سے باہر معاملات طے کرنے کی اجازت دے دی۔

    جسٹس نثار احمد بھمبرو کا کہنا تھا کہ کہ اگر سات یوم میں درخواست گزار کے ساتھ معاملات طے نہیں ہوئے تو آئی جی سندھ کو محکمانہ کارروائی کا حکم دیں گے۔

    وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سب انسپکٹر ندیم اختر بٹ اور سپاہی آصف نور خان نے امریکی شہری ظفراللہ مرچنٹ کو ہراساں کرکے 80 ہزار امریکی ڈالر رشوت لی۔

    جس پر عدالت نے کہا کہ بظاہر پولیس اہلکاروں کا آپس میں گٹھ جوڑ نظر آتا ہے عدالتی رائے میں معاملہ پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کے لئے آئی جی سندھ کو ارسال کیا جانا چاہیئے۔

    سب انسپکٹر ندیم اختر کے مطابق وہ درخواست گزار کے ساتھ تنازع عدالت سے باہر حل کرلیں گے ڈی ایس پی لیگل کے یقین دہانی کروائی کہ پولیس اہلکار درخواست گزار کو ہراساں نہیں کریں گے، سینٹرل پولیس آفس یقینی بنائے کہ درخواست گزار کو ہراساں کئے جانے پر سولجر بازار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے گی۔

    وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کہ درخواست گزار کا گارڈن ویسٹ میں جائیداد کا تنازع چل رہا ہے مخالف فریق پولیس اہلکاروں کو استعمال کرکے ہراساں کررہے ہیں پولیس اہلکاروں نے جعلی مقدمات میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دیکر 80 ہزار ڈالر رشوت وصول کی۔

  • طالبان نے امریکی شہری کو رہا کر دیا

    طالبان نے امریکی شہری کو رہا کر دیا

    افغان حکومت نے امریکا سے مذاکرات کے بعد امریکی شہری کو رہا کردیا۔

    امریکی نمائندہ خصوصی ایڈم بوہلر اور سابق امریکی سفیر زلمے خلیل زاد پر مشتمل امریکی وفد نے طالبان حکام سے ملاقات کی اور جارج گلیزمین کی رہائی کیلئے بات کی۔

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جارج کی رہائی کی تصدیق کردی ہے، امریکی شہری کی رہائی میں قطرنے اہم کردار ادا کیا۔

    جارج گلیزمین دوسال سے افغانستان میں قید تھے، جارج گلیزمین کو دسمبر 2022 میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب پانچ دن کے دورے پر افغانساتان کے تاریخی وثقافتی مقامات دیکھنے آئے تھے۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے جارج گلیزمن کی رہائی کو مثبت قدم قرار دیا ہے، امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہےکہ چند امریکی اب بھی افغانستان میں قید ہیں۔

    افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کا کہنا ہےکہ  افغانستان متوازن خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے، امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات کے خواہاں ہیں، امریکا کو مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئیں تاکہ اعتماد بحال ہو سکے۔

  • امریکی شہری اب کس شرط پر افغانستان میں داخل ہو سکتا ہے؟

    امریکی شہری اب کس شرط پر افغانستان میں داخل ہو سکتا ہے؟

    کابل: افغان حکومت نے امریکی شہریوں کے افغانستان میں داخلے کیلئے شرط رکھ دی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان وزیرخارجہ امیر خان متقی نے امریکا سمیت دیگر ممالک سے بہتر تعلقات کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی شہری فوجی وردی کے بغیر کاروبار یا سفارتی تعلقات کیلئے افغانستان آسکتے ہیں۔

    امیر خان متقی نے کہا کہ دوحا مذاکرات میں امریکا کو بتایا تھا اور اب بھی کہتے ہیں ہم کسی بھی امریکی کو فوجی وردی میں افغانستان میں قبول نہیں کر سکتے لیکن اگر سفارتی سطح پر آئیں تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔

    امیر متقی نے یہ بھی کہا کہ امریکا کی نقد امداد عبوری حکومت تک نہیں پہنچی، گزشتہ تین برس میں امریکی حکومت نے ایک ڈالربھی عبوری حکومت کو فراہم نہیں کیا۔

  • چھ نمبروں کے انتخاب نے شہری کو کھرب پتی بنا دیا

    چھ نمبروں کے انتخاب نے شہری کو کھرب پتی بنا دیا

    کیلیفورنیا : امریکہ میں دنیا کی سب سے بڑی لاٹری کا ایک ٹکٹ غیر معمولی طور پر 1.3بلین ڈالر کے پاور بال جیک پاٹ کے 6نمبروں سے میچ کر گیا۔

    چھ نمبروں کے انتخاب نے امریکی شہری کو کھرب پتی بنا دیا، ایک اعشاریہ تین بلین ڈالرز کی پاور بال لاٹری ایک خوش قسمت کے نام نکل آئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاٹری جیتنے والے نامعلوم شہری کا تعلق ریاست اوریگان سے ہے، رواں سال جنوری سے کوئی بھی لاٹری جیت نہیں پایا تھا جس کی وجہ سے انعامی رقم بڑھتے بڑھتے ایک بلین ڈالر سے اوپر پہنچ چکی تھی۔

    ایک اعشاریہ 326 بلین امریکی ڈالر کا انعام امریکی لاٹری کی تاریخ کا آٹھواں سب سے بڑا انعام ہے۔ جیسے جیسے انعامات بڑھتے ہیں، جس کی وجہ سے عوام زیادہ ٹکٹوں کی خرید و فروخت کی طرف متوجہ ہوتے ہیں اور بعد میں جیک پاٹس کو جیتنا مشکل ہوجاتا ہے۔

    واضح رہے کہ پاور بال لاٹری کا گیم امریکا کی 45 ریاستوں کے علاوہ واشنگٹن، ڈی سی، پورٹو ریکو اور یو ایس ورجن آئی لینڈز میں کھیلا جاتا ہے۔

  • جنگ کا خطرہ: مشرق وسطیٰ سے امریکی شہریوں کے انخلا کا منصوبہ

    جنگ کا خطرہ: مشرق وسطیٰ سے امریکی شہریوں کے انخلا کا منصوبہ

    وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ خطے میں پھیلنے کے تناظر میں امریکہ مشرق وسطیٰ سے اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ فی الحال شہریوں کو خطے سے نکالنے کے لیے فعال کوششیں نہیں کی جارہیں۔

    امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غزہ پر ممکنہ زمینی حملے کو ملتوی کرنا مددگار ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ امریکہ اور خطے کے دیگر شراکت دار حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں کی رہائی کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

    غزہ میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی صدرجو بائیڈن کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے،اس دوران اسرائیل حماس جنگ کے تناظر میں تنازعے کے پھیلاؤ کو روکنے پر اور خطے میں استحکام کیلئے سفارتی کوششیں بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    محمد بن سلمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سعودی عرب کسی بھی طریقے سے عام شہریوں کو نشانہ بنانے اور عام لوگوں کی زندگیوں سے متعلق انفرااسٹرکچر پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    جنگ بندی اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے پر زور دیتے ہوئے سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ خطے اور دنیا کے امن کو درپیش ممکنہ خطرات کو روکنے کیلئے غزہ کے محاصرے کا خاتمہ اور جلد از جلد جنگ بندی ضروری ہے۔

    امریکی صدر کا سعودی ولی عہد سے کہنا تھا کہ غزہ میں امداد تیزی سے نہیں پہنچ رہی، امریکا فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور وقار کے حق کیلئے پُرعزم ہے۔ حماس کے جنگجوؤں کی کارروائیاں اس حق کو نہیں چھین سکتیں۔

  • جنگ کا خطرہ: ایک ہزار امریکی شہری اسرائیل چھوڑ گئے

    جنگ کا خطرہ: ایک ہزار امریکی شہری اسرائیل چھوڑ گئے

    اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر مسلسل بمباری کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں ایک ہزار امریکی شہریوں نے اسرائیل حماس جنگ پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر اسرائیل چھوڑ دیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حماس ملٹری ونگ کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ غزہ میں 250 کے قریب اسرائیلی اور دیگر غیر ملکی یرغمال ہیں، ان میں سے 22 یرغمالی غزہ پراسرائیلی بمباری میں اپنی زندگیاں گنوا بیٹھے ہیں۔

    حماس ملٹری ونگ کے ترجمان کا دعویٰ سامنے آیا ہے کہ اسرائیلی یرغمالیوں کو اسرائیلی جیلوں سے فلسطینیوں کی رہائی کے بدلے رہائی مل سکتی ہے، اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔

    دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اسرائیل کے دورے پر جانے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

    امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے دہشتگرد حملے کے خلاف اظہاریکجہتی کے لیے اسرائیل جارہا ہوں جبکہ وہاں سے اردن کے لئے روانہ ہو جاؤں گا جو سنگین انسانی ضروریات سے نمٹنے اور رہنماؤں سے ملاقاتوں کے لیے ہوگا۔

    امریکی صدر کا ایکس پر جاری کئے گئے بیان میں کہنا تھا کہ نفرت کی کارروائیاں ہماری بنیادی اقدار کے خلاف ہیں اور امریکا میں نفرت انگیزی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

    جوبائیڈن نے کہا کہ حماس فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے لیے کھڑی نہیں ہوئی، کچھ بنیادی اقدار ہیں جو ہمیں امریکیوں کے طور پر اکٹھا کرنا چاہئیں، ان بنیادی اقدار میں نفرت، نسل پرستی، تعصب اور تشدد کیخلاف کھڑاہونا ہے۔

  • 68 سالہ شخص نے 3 فٹ قد بڑھانے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کر ڈالے

    68 سالہ شخص نے 3 فٹ قد بڑھانے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کر ڈالے

    واشنگٹن: 68 سالہ امریکی شہری نے 3 فٹ قد بڑھانے کیلئے سرجری کرائی جس میں ایک لاکھ تیس ہزار امریکی ڈالر خرچ کر ڈالے جو پاکستانی روپے کے مطابق کروڑوں روپے بتنے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اپنے قد میں محض 3 انچ اضافے کیلئے انتہائی تکلیف دہ سرجری کرائی اور اس سرجری کیلئے دو کروڑ روپے سے زائد یعنی ایک لاکھ تیس ہزار ڈالرز کی خطیر رقم خرچ کی۔

    سرجری کروانے والے امریکی شہری نے 60 کی دہائی میں سرجری کروانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسی چیر تھی جس کے بارے میں جوان ہونے کے بعد سے ہمیشہ سوچتا رہتا تھا۔

    امریکی شہری رائے کون کا کہنا تھا کہ مجھے ایسا لگتا تھا کہ میں چھوٹا ہوں، مجھے زندگی میں جیسے ہی وقت ملا میں نے اپنی سرجری کروانے کا سوچا اور کروالیا۔

    رائے کون کا کہنا تھا کہ میری بیوی مجھ سے زیادہ اس معاملے پر پریشان رہتی تھی، سرجری کرانے کا عمل بہت مشکل اور تکلیف دہ تھا۔

    رائے کے سرجن ڈاکٹر کیون دیبی نے ان کی سرجری کے حوالے سے کہنا تھا کہ رائے کا قد سرجری سے قبل 5 فٹ 6 انچ تھا، ایک تکلیف دہ سرجری کے بعد قد میں 3 انچ کا اضافہ ہوا ہے۔

    اس سرجری میں ڈیرھ گھنٹہ لگتا ہے جس میں مریض کی رانوں کی ہڈیوں کو میں ایڈجسٹ ایبل دھاتی کیل نصب کیے جاتے ہیں، اور یہ عمل 3 ماہ تک جاری رہتا ہے۔

    سرجن کا کہنا تھا کہ 3 ماہ کے اس عمل کے بعد رائے کن کی قد میں 3 انچ اضافہ ہوا ہے۔

  • ویب سائٹس پر جعلی پروفائلز، شہری ایک ارب ڈالر گنوا بیٹھے

    ویب سائٹس پر جعلی پروفائلز، شہری ایک ارب ڈالر گنوا بیٹھے

    واشنگٹن: امریکی شہریوں نے ایک سال کے دوران محبت کے ہاتھوں ایک ارب ڈالرز سے ہاتھ دھو لیے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ایف بی آئی نے ویلنٹائن ڈے سے قبل ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا کہ گزشتہ برس ڈیٹنگ اور رومانس کی ویب سائٹس پر جعلی پروفائل بنا کر امریکی شہریوں کو بھرپور طریقے سے لوٹا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق 2021 میں آن لائن ڈیٹنگ ویب سائٹس پر نوسربازوں کے ہاتھوں 24 ہزار سے زائد امریکی شہری شکار بنے، اور 2021 کا سال ان لٹیروں کے لیے ایک منافع بخش سال ثابت ہوا۔

    ایف بی آئی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ یہ رجحان لاک ڈاؤن کے درمیان غیر معمولی طور پر بڑھا، اور اسی عرصے میں دوستیوں اور ڈیٹنگ کی ویب سائٹس پروان چڑھیں، اور یوں فراڈ کے نت نئے راستے کھلے۔

    رپورٹ کے مطابق کئی جعلی فنکاروں نے اپنے مداحوں سے کرپٹو کرنسی کی مد میں بھی رقم ہتھیائی، جعل سازی کے ذریعے گنوائی گئی رقم میں 25 فی صد کرپٹو کرنسی پر مشتمل تھی، جن افراد نے کرپٹو کرنسی گنوائی انھوں نے اوسطاً 10 ہزار ڈالر کھوئے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ ڈیٹنگ ویب سائٹس اور ڈیٹنگ ایپس پر جعلی افراد کے ہاتھوں تقریباً تمام عمر کے افرادمتاثر ہوئے، لٹنے والوں میں سب سے زیادہ نوجوان شامل تھے، جنھیں محبت یا جیون ساتھی کی تلاش تھی۔

    بے وقوف بننے والوں میں 18 سے 29 برس کے افراد کے ساتھ ساتھ 70 برس کے لوگ بھی شامل تھے۔

  • شہری روس کا سفر نہ کریں: امریکا

    شہری روس کا سفر نہ کریں: امریکا

    واشنگٹن: امریکا نے اپنے شہریوں کو روس کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے اپنے شہریوں کو روس کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یوکرین کی سرحد پر جاری کشیدگی کی وجہ سے شہری روس کا سفر نہ کریں۔

    یوکرین کی مشرقی سرحدوں پر کشیدگی بڑھنے کے باعث اتوار کو امریکی محکمہ خارجہ نے روس کا سفر کرنے کے خلاف سطح 4 کی وارننگ جاری کی ہے۔

    محکمے کی طرف سے جاری کردہ ٹریول ایڈوائزری میں، امریکی حکام نے امریکیوں سے سختی سے کہا ہے کہ وہ روس کے سفر کے تمام منصوبے منسوخ کر دیں، کیوں کہ امریکی شہریوں کو جاری بحران کے دوران "ہراساں” کیے جانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    یہ انتباہ اس وقت سامنے آیا ہے جب یوکرین میں امریکی سفارت خانے نے کیف میں حکام کو سابق سوویت ملک چھوڑنے کے لیے کہا کیوں کہ حالات تیزی سے خراب ہوتے جا رہے ہیں۔

    برطانیہ نے بھی یوکرین میں سفارت خانے کا کچھ عملہ برطانیہ واپس بلا لیا ہے، حکام کا کہنا تھا کہ سفارت خانے کے کچھ عملے کی واپسی روس کی جانب سے بڑھتے خطرے کے باعث کی جا رہی ہے۔

    بڑی خبر: نیٹو نے روس کے قریب افواج کو اسٹینڈ بائی کر دیا

    آسٹریا کے وزیر خارجہ کا بھی کہنا تھا کہ یوکرین میں اس کے سفارت خانے کے عملے کے انخلا کا منصوبہ ہے۔

    واضح رہے کہ روس یوکرین تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے، نیٹو نے روس کے قریب کسی بھی حملے کے لیے افواج کو اسٹینڈ بائی کر دیا ہے، نیٹو نے روس کے قریب بحری جہاز اور لڑاکا طیارے بھی پہنچا دیے۔

    واضح رہے کہ روس کی جانب سے اپنے پڑوسی ملک کے قریب 1 لاکھ فوجیوں کو جمع کرنے کے بعد یوکرین میں کشیدگی عروج پر ہے، مغرب کا کہنا ہے کہ ماسکو، جو کیف اور نیٹو کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات سے ناراض ہے، یوکرین پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے، دوسری طرف کریملن نے بارہا دراندازی کی منصوبہ بندی کی تردید کی ہے۔