Tag: امریکی فضائی حملہ

  • شام نے امریکی فضائی حملوں کے بعد اہم انکشاف کر دیا

    شام نے امریکی فضائی حملوں کے بعد اہم انکشاف کر دیا

    حلب: شام نے امریکا پر دہشت گردوں کی پشت پناہی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے امریکی فضائیہ نے اس علاقے کو نشانہ بنایا جہاں اس کی فوج داعش کی باقیات سے نبردآزما ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق شام نے امریکی فضائی حملوں کے بعد اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقی شام میں امریکی حملوں کا نشانہ وہی علاقہ ہے جہاں شامی عرب فوج داعش دہشت گرد تنظیم کی باقیات سے لڑ رہی ہے۔

    شام کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ امریکی فضائی حملوں میں عراق کی سرحد کے قریب مشرقی علاقے میں متعدد مقامات اور قصبوں کو نشانہ بنایا گیا، وزارت کے فیس بک پیج پر جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی حملوں میں عام شہری اور فوجی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے، اور سرکاری اور نجی املاک کو کافی نقصان پہنچا۔

    امریکی فوج کی عراق اور شام میں 85 مقامات پر بمباری، متعدد جاں بحق

    وزارت دفاع نے کہا کہ اس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ امریکا اور اس کی فوج اس دہشت گرد تنظیم کے ساتھ شامل ہیں اور اس سے وابستہ ہیں، اور وہ شام اور عراق میں ہر طرح کے شرمناک طریقوں سے اس تنظیم کو ایک ’فیلڈ بازو‘ کے طور پر بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

    شام کی وزارت نے کہا کہ امریکی قابض افواج کی اس جارحیت کا کوئی جواز نہیں ہے، یہ بس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامی عرب فوج اور اس کے اتحادیوں کو کمزور کرنے کی ایک کوشش ہے۔

  • بغداد ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملہ، ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک

    بغداد ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملہ، ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک

    بغداد: عراق کے شہر بغداد کے ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بغداد ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے، فضائی حملے میں ہلاک جنرل قاسم سلیمانی القدس فورس کے سربراہ تھے، عراقی میڈیا کا کہنا ہے کہ دیگر ہلاک شدگان میں ایران نواز ملیشیا الحشد الشعبی کا رہنما بھی شامل ہے۔

    ادھر واشنگٹن میں پینٹاگون نے بھی جنرل سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر ایرانی جنرل کو نشانہ بنایا گیا، یہ کارروائی ایران کو مستقبل میں حملوں سے روکنے کے لیے کی گئی ہے۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے ایرانی جنرل کی بغداد ایئر پورٹ حملے میں ہلاکت کے بعد ٹویٹ بھی کیا، جس میں انھوں نے امریکی جھنڈے کی تصویر لگائی۔

    خبر ایجنسی کے مطابق بغداد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر 3 راکٹ کارگو ٹرمنل کے قریب گرے جس سے 2 گاڑیوں میں آگ لگی، حملے کے بعد بغداد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں، ایئر پورٹ پر امریکی ہیلی کاپٹروں کا فضائی گشت بھی جاری ہے۔ امریکا نے الحشد الشعبی پر گزشتہ دنوں سفارت خانے کے گھیراؤ کا الزام لگایا تھا، الحشد الشعبی کی جانب سے ایک رہنما کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    امریکی فوج کے عراق اور شام میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پر فضائی حملے

    خیال رہے کہ 30 دسمبر کو بھی امریکی فوج نے عراق اور شام میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پر فضائی حملے کیے تھے، امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کے مطابق کتیب حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو سمیت 5 ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے۔ ایران کے خلاف مزید اقدامات کا عندیہ دیتے ہوئے مارک ایسپر نے کہا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف مزید کارروائیوں کے لیے بھی تیار ہے۔

  • افغانستان، امریکی فضائی حملے میں خواتین، بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق

    افغانستان، امریکی فضائی حملے میں خواتین، بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق

    کابل: افغانستان کے صوبے قندوز میں امریکی فضائی حملوں کے نتیجے میں خواتین، بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 4 افغان اہلکار بھی شامل ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان صوبے قندوز میں امریکی فضائی حملے میں گھر کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں خواتین، بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق ہوگئے، امریکی فوج کے ترجمان نے فضائی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ طالبان کے ٹھکانوں پر کیا گیا ہے۔

    سارجنٹ ڈیبرا رچرڈسن نے کہا کہ فضائی حملہ طالبان کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، طالبان عام افراد کے گھروں میں پناہ لیے ہوئے تھے اور مبینہ طور پر خاندانوں نے انہیں پناہ دے رکھی تھی۔

    کمانڈر ابراہیم کے مطابق فضائی حملے سے قبل 20 منٹ تک طالبان اور افغان امریکی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 12 سویلین اور 6 اہلکار جاں بحق ہوئے۔

    مزید پڑھیں: افغانستان: طالبان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد حملے، 28 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

    سارجنٹ ڈیبرا رچرڈسن نے واضح کیا کہ امریکی فضائی حملے کے بعد دونوں طرف سے جاری فائرنگ کا سلسلہ رک گیا۔

    رپورٹ کے مطابق امریکی فورسز کے بم افغان چوکیوں پر بھی گرے جس کے نتیجے میں 4 سے 8 افغان فورسز کے اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    دوسری جانب افغان حکومت کی جانب سے تاحال ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل افغانستان کی گل تیپا ضلع میں طالبان اور امریکا افغان ملٹری فورسز کے درمیان جھڑپوں میں چار افغان اہلکار دو امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے فضائی حملے کو امریکا کی جوابی کارروائی قرار دیا جارہا ہے۔