Tag: امریکی قونصل جنرل

  • امریکا  میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبا کے لئے سنہری موقع

    امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبا کے لئے سنہری موقع

    کراچی : امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبا کے لئے سنہری موقع آگیا ، امریکا نے طلبا کیلئے اسکالرشپ کے ایک اورپروگرام کا افتتاح کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھرکےطلباء و طالبات کے لئے دو سالہ انگلش ایکسس اسکالرشپ پروگرام کی تعارفی تقریب سجائی گئی۔

    تقریب میں امریکی کونصل جنرل سمیت کراچی اور سندھ کے مختلف اسکولوں کے طلب علموں نےشرکت کی۔

    افتتاحی تقریب میں سابق طلبہ کی جانب سے انگریزی زبان میں تقریر کی گئیں ، بچوں نے ٹیبلو کے ذریعے تجربات سے آگاہ کیا اور بچوں نے امریکی قونصل جنرل کو تحائف بھی پیش کیے۔

    امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ اسکالر شپ پروگرام سے نہ صرف انگریزی سیکھنے میں مدد ملی گی بلکہ امریکی ثقافت کو سمجھنے کا موقع ملے گا اور اسکالر شپ سے سندھ اورکراچی کے آٹھ سو سے زائد طلباء و طالبات کو استفادہ حاصل کریں گے۔

    US English Access scholarship program for Pakistani students 2024 

    اسکاٹ اربوم کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے، انگلش ایکسس اسکالرشپ پروگرام طلباکیلئےبہت مفید ثابت ہوگا، تعلیمی اورپیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے سےطلباکونئے مواقع ملیں گےاور اُن پردنیا کے دروازےکھلیں گے۔

    انھوں نے بتایا کہ امریکی حکومت نےدوہزارچارمیں انگلش ایکسس اسکالرشپ پروگرام شروع کیا،ابتک آٹھ ہزارطلبااستفادہ کرچکے ہیں۔

  • امریکا کا ویزے کے‌ حوالے سے  پاکستانی طلباء کے لئے بڑا اعلان

    امریکا کا ویزے کے‌ حوالے سے پاکستانی طلباء کے لئے بڑا اعلان

    کراچی : امریکی قونصل جنرل نے پاکستانی طلبا کو ترجیح بنیادوں پر ویزے دینے کا اعلان کردیا اور کہا ساڑھے سات ہزار پاکستانی امریکا میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی طالب علموں کے لئے اعلی تعلیم کے وسیع تر مواقع فراہم کرنے کیلئے امریکی قونصل خانے اور یو ایس ای ایف پی کی جانب سے یونیورسٹی فیئر کا اہتمام کیا گیا۔

    جس میں مختلف امریکی جامعات نے اپنے اسٹالز لگائے، پاکستانی طالب علموں نے یونیورسٹی فیر کو ایک حوصلہ افزا قدم قرار دیا۔

    امریکی قونصل جنرل نے مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیا، اس موقع پر جو پاکستانی طالب علم اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں ان کی سہولت کے لیے امریکی جامعات نے اعلیٰ تعلیم کو مزید آسان کر نے کا فیصلہ کیا۔

    امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز نے طلبا کو ترجیح بنیادوں پر ویزے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ساڑھے سات ہزار پاکستانی امریکا میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے 6 ہزار سے زائد اسکالرزشپ پاکستانی طالب علموں کودی ہیں، تعلیم کےشعبےمیں یوایس ایکسچینج پروگرام اہم کردارادا کررہاہے، نوجوان پاکستان کی ترقی کی نمائندگی کرتے ہیں۔

    ماہر تعلیم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں باصلاحیت طالبعلموں کی کمی نہیں ہے اور امریکی یونیورسٹز چاہتی ہے کہ پاکستانی طالب علم ان کے کیمپس میں تعلیم حاصل کریں

  • کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا: امریکی قونصل جنرل

    کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا: امریکی قونصل جنرل

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوان عثمان ڈار اور امریکی قونصل جنرل کے درمیان ملاقات ہوئی، قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا ہے، ایسے منصوبے 5 سے 10 سال میں معاشی اثرات ظاہر کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی قونصل جنرل نے وزیر اعظم آفس کا دورہ کیا جہاں ان کی وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے امور نوجوان اور کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کے لیے یو ایس ایڈ کے ذریعے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان ڈار نے امریکی قونصلیٹ جنرل کو قرض کے تازہ اعداد و شمار پر بریفنگ دی جبکہ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے فارمولے سے بھی آگاہ کیا۔

    امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ منصوبے میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا ہے، ہم منصوبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے خواہش مند ہیں، ایسے منصوبے 5 سے 10 سال میں معاشی اثرات ظاہر کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی حکومتی سطح پر سرپرستی قابل تعریف ہے، مشترکہ تعاون سے نوجوانوں کو مزید مواقع دیے جا سکتے ہیں۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور تکنیکی تربیت کی فراہمی ترجیح ہے، کامیاب جوان اور ہنر مند پاکستان پروگرام کے اعداد و شمار تسلی بخش ہیں، پروگرام وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی توجہ کا مرکز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، پاک امریکا باہمی اشتراک سے روزگار کے نئے دروازے کھولے جا سکتے ہیں۔

  • امریکی قونصل جنرل کا پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ، ایئر مارشل ارشد ملک سے ملاقات

    امریکی قونصل جنرل کا پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ، ایئر مارشل ارشد ملک سے ملاقات

    کراچی : امریکہ کے قونصل جنرل روب سلبراسٹائن نے پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ کیا اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک سے ملاقات کی۔

    امریکی سفارتی وفد کو ائر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے کے آپریشنز، کارکردگی میں بہتری اور مستقبل کے بزنس پلان کے بارے میں آگاہ کیا۔

    وفد کو خاص طور پر پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں مزید طیاروں کی شمولیت اور نیویارک اور دوسرے امریکی شہروں کے لئے دوبارہ پروازیں شروع کرنے کے بارے میں بتایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ نئے طیاروں کی شمولیت کے بعد پی آئی اے اپنے فضائی آپریشن کو وسعت دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے باوجود ائر لائن کی کارکردگی میں بہتری کا عمل جاری ہے۔

    امریکی قونصل جنرل روب سلبرا سٹائن نے پی آئی اے کی حالیہ کار کردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کی قیادت میں اپنے اہداف کو حاصل کر لے گی۔

    انہوں نے امریکی ادارے ٹی ایس اے سمیت متعلقہ محکموں سے رابطوں کے سلسلے میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ راب سلبر اسٹائن نے بالخصوص پی آئی اے کے سماجی بھلائی کے منصوبوں الشفا اور تعلیمی پروگرام میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے تعریف کی۔

    امریکی سفارتی وفد میں اکنامک کونسلر پیگی والکر، پولیٹیکل اکنامک سیکشن کے چیف جمی مالڈین کے علاوہ قونصل خانے کے سفارت کار اور پی آئی اے کے سینئر افسران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔

  • امریکی قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین کی مزار قائد پر حاضری

    امریکی قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین کی مزار قائد پر حاضری

    کراچی: امریکی قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کا گلدستہ رکھا اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین نے مزار قائد پر حاضری دی اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔ رابرٹ سلبرسٹین نے قائد اعظم کی قبر پر گلدستہ رکھا اور امریکی عوام کی جانب سے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔

    قونصل جنرل نے لکھا کہ ’جناح کے اس خوبصورت مزار پر آ کر ان کو خراج عقیدت پیش کرنا میرے لیے باعث اعزاز ہے۔ یہ جگہ مستحکم اور جمہوری پاکستان کے لیے جناح کے تصور کی یاد تازہ کرتی ہے کہ جہاں مختلف عقائد کے لیے احترام، مذہبی ہم آہنگی اور اجتماعیت پائی جاتی ہو‘۔

    انہوں نے مزید لکھا کہ یہ اقدار قائد اعظم محمد علی جناح کی عظمت کی گواہ ہیں جو کہ امریکی تہذیب میں کلیدی حیثیت کی حامل ہیں‘۔

    امریکی قونصل جنرل نے قائد اعظم کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح اور پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کے مزارات پر بھی حاضری دی۔

    انہوں نے مزار قائد سے متصل میوزیم کا دورہ کیا اور وہاں قائد اعظم محمد علی جناح سے منسوب تاریخی نوادرات کے ذخیرے کو بھی سراہا۔

  • پاک امریکہ کاروباری تعلقات کی بہتری اوّلین ترجیح ہے، امریکی قونصل جنرل

    پاک امریکہ کاروباری تعلقات کی بہتری اوّلین ترجیح ہے، امریکی قونصل جنرل

    کراچی : امریکن قونصل جنرل کراچی جواین ویگنر نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری تعلقات میں مزید بہتری اوّلین ترجیح ہے، پی آئی اے کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکن قونصل جنرل کراچی جواین ویگنر نے پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، ان کے ساتھ سفارت خانے کے سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر انہوں نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک اور پی آئی اے ٹیم سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    ایئر مارشل ارشد ملک نے امریکن سفارت کاروں سے پی آئی اے کی نیویارک، شکاگو اور ہیوسٹن براہ راست پروازوں کی اجازت کے حصول کے لئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔

    انہوں نے کہا کہ امریکہ کے لئے روانہ ہونے والی پروازیں اگر کسی اور ملک کے ذریعے آپریٹ کی جائیں تو یہ پروازیں ائر لائن کے لئے منافع بخش نہیں رہتیں، انہوں نے امریکی وفد کو پی آئی اے کے لئے نئے طیاروں کی خریداری کے متعلق بھی آگاہ کیا۔

    ارشد ملک نے کہا کہ حال ہی میں ملک میں سیکورٹی کی صورت حال میں غیر معمولی بہتری آئی ہے جس پر دیگر ممالک اور بالخصوص غیر ملکی سیکورٹی ایجنسی جن میں یورپ اور کینیڈا شامل ہیں نے اپنے اطمینان کا اظہار کیاہے،انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے حال ہی میں ایاٹا آپریشن سیفٹی آڈٹ میں کامیابی بھی حاصل کی ہے۔

    ائر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ اسلام آباد کے نئے ائر پورٹ کے افتتاح سے سیکورٹی کے معاملات کو حل کر لیا گیا ہے اور برٹش ائر ویز اور دوسری ائر لائن کی پروازوں کا آغاز اس کا ثبوت ہے، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نئی ایوی ایشن پالیسی میں تمام ائر لائنوں کو برابری کی سطح پر مواقع حاصل ہوں گے۔

    امریکن قونصل جنرل محترمہ ویگنر نے  اپنی گفتگو میں کہا کہ وہ پی آئی اے کو براہ راست پروازوں کی اجازت کے لئے متعلقہ شعبہ سے رابطوں میں ہر ممکنہ مدد فراہم کریں گی۔

    انہوں نے کہا وہ دونوں ملکوں کے درمیان مزید بہتر تعلقات کی خواہاں ہیں خاص طور پر کاروباری شعبہ میں تعلقات کو فروغ دینا ان کی ترجیح ہے، دونوں ملکوں میں اس شعبہ میں بہتری کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔

    انہوں نے پی آئی اے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ائر لائن کی کارکردگی کے بارے میں سوالات کئے۔ انہوں نے پی آئی اے انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے پی آئی اے کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

    بعد ازاں ائیر مارشل ارشد ملک نے امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر کو پی آئی اے کا سوینیئر پیش کیا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب سےامریکی قونصل جنرل کولین کرین ویلج کی ملاقات

    وزیراعلیٰ پنجاب سےامریکی قونصل جنرل کولین کرین ویلج کی ملاقات

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پاکستان کےعوام نے تبدیلی کے لیے ووٹ دیا ہے، ہمارا ایجنڈا صرف کام، کام اورکام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے امریکی قونصل جنرل کولین کرین ویلج نے ملاقات کی، اس موقع پر سماجی شعبوں کی ترقی اور باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    امریکی قونصل جنرل نے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بننے کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اورامریکا کے تعلقات کئی دہائیوں پرمشتمل ہیں اور دہشت گردی کے خلاف دونوں ملکوں میں شراکت داری ہے۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کےعوام نے تبدیلی کے لیے ووٹ دیا ہے، ہمارا ایجنڈا صرف کام،کام اورکام ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کوصوبہ بنانے کے لیے حکومت نے کمیٹی قائم کردی، بلدیاتی اداروں کوبھی نچلی سطح تک اختیارات دیے جائیں گے۔

    امریکی قونصل جنرل کولین کرین ویلج نے کہا کہ سماجی شعبوں کی ترقی کے لیے شراکت کو بڑھائیں گے، نئی حکومت کے ساتھ پارٹنرشپ مزید مضبوط ہوگی۔

    عمران خان کے نئے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنا ہے‘ عثمان بزدار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ عمران خان کے نئے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنا ہے، گڈ گورننس کو فروغ دیں گے، کرپشن برداشت نہیں کروں گا۔

  • امریکا اور پاکستان کی ثقافتوں کو قریب لانے کے لیے محفل موسیقی کا انعقاد

    امریکا اور پاکستان کی ثقافتوں کو قریب لانے کے لیے محفل موسیقی کا انعقاد

    کراچی: یونیورسٹی آف ٹیکساس (آسٹن) اور ناپا کی جانب سے پاکستان اور امریکا کی ثقافتوں کو قریب لانے کے لیے محفل موسقی کا انعقاد کیا، قائم مقام امریکی قونصل جنرل جون وارنر نے میوزیکل کنسرٹ کے انعقاد کو بڑی کامیابی قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں قائم امریکی قونصل خانے میں ناپا اور یونیورسٹی آف ٹیکساس کی شراکت داری تین سال مکمل ہونے پر موسیقی کے شائقین کے لیے محفل موسیقی ’’سنگت‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔

    اس موقع پر قائم مقام امریکی قونصل جنرل نے مہمانوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ’’میوزیکل کنسٹ کا انعقاد کراچی کے عوام کے لیے نادر موقع ہے کیونکہ اس طرح کی محافل سے دونوں ممالک کے گلوکاروں کو ایک ساتھ پرفارم کرنےکا موقع حاصل ہوتا ہے‘‘۔

    concert-1

    انہوں نے کہا کہ ’’سنگت کنسرٹ میں جنوبی ایشیا اور مغربی موسیقی کے انداز اور منفرد دھنوں کو بھی پیش کیا گیا، جو بہت بڑی کامیابی ہے‘‘۔

    امریکی قونصل خانے سے جاری اعلامیے کے مطابق یونیورسٹی آف ٹیکساس آسٹن اور ناپا کے درمیان اکیڈمک شراکت ایسے 20 پروگراموں میں سے ایک ہے جن کے لیے امریکی حکومت نے فنڈ فراہم کیے ہیں، ان میں سے 4 شراکتی پروگرام سندھ میں ہیں۔

    concert-2

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’ یونیورسٹی آسٹن اور ناپا کے درمیان یونیورسٹی شراکت کا مقصد دونوں اداروں کے موسیقی کے طلبہ اور اساتذہ میں روابط کو بڑھانا اور تعلیمی تبادلوں کو فروغ  دینا ہے اور موسیقی کے تصورات، موسیقی مرتب کرنے اور پیش کرنے کے فن کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے‘‘۔

    اس کنسرٹ کا انعقاد یونیورسٹی آف ٹیکساس اور ناپا کے درمیان تین سال کی اکیڈمک شراکت کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا گیا، اس مقصد کے لیے امریکی حکومت نے 10 کروڑ پاکستانی روپے کی امداد بھی فراہم کی ہے۔

    میوزیکل پروگرام میں یونیورسٹی آف ٹیکساس کے ساؤتھ ایشیا انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر کامران علی اور ناپا کے ڈائریکٹر پروگرامز راشد محمود نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

  • قائداعظم کا پیغام ہم سب کےلیے مشعل راہ ہے،امریکی قونصل جنرل

    قائداعظم کا پیغام ہم سب کےلیے مشعل راہ ہے،امریکی قونصل جنرل

    کراچی : امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن کا کہنا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا پیغام ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے آج صبح مزار قائد پر حاضری دی اور مزار قائد پر پھول چڑھائے۔اس موقع پر امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ امریکہ قائداعظم محمد علی جناح کےجمہوری مستحکم،ترقی یافتہ پاکستان کےتصورکی حمایت کرتاہے۔

    اس موقع پر امریکی قونصل جنرل نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے اور کہا کہ قائداعظم محمدعلی جناح برصغیر کے بڑے رہنما تھے ان کا فلسفہ ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔

    امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے مزارقائد سے متصل عجائب گھر کا بھی دورہ کیا اور قائداعظم سے متعلق رکھے گئےنوادرات میں بھرپوردلچسپی لی۔

  • فاروق ستار اور نسرین جلیل کی امریکی قونصل جنرل سے ملاقات

    فاروق ستار اور نسرین جلیل کی امریکی قونصل جنرل سے ملاقات

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے سیاسی دفاتر کھلوانے اور حکومتی کارروائیاں رکوانے کے لیے امریکہ سے مدد طلب کر لی۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد کی خفیہ ہدایات پر فاروق ستار اور نسرین جلیل کی امریکی سفارتکاروں سے خفیہ ملاقات ہوئی، ذرائع کے مطابق امریکی سفارتکاروں سے ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماوں نے 90 کھلوانے اورحکومت پاکستان کو ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی سے روکنے کے لیے مدد طلب کر لی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 22 اگست کے بعد ایم کیو ایم کی سینیئر قیادت امریکی اور دیگرغیرملکی سفارتکاروں سے مسلسل رابطے میں ہے، گزشہ روزکراچی میں امریکی قونصلیٹ جنرل سے ڈاکٹر فاروق ستار اورنسرین جلیل نے خفیہ ملاقات کی۔

    ملاقات میں ایم کیو ایم رہنماوں نے امریکی قونصل خانے کے اہلکاروں کو بتایا کہ ایم کیو ایم کے بند سیاسی دفاتر کھلوانے اور ایم کیو ایم کے خلاف حکومتی کارروائی کو روکنے کے لیے امریکہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنماوں نے امریکی اہلکاروں سے مزید کہا کہ اگر ان کے خلاف یہی صورتحال رہی تو کراچی میں ان کے لیے کام کرنا مشکل ہو جائے گا، ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹرفاروق ستار اور نسرین جلیل نے ایم کیو ایم قائد کی ہدایت پر کراچی میں امریکی سفارتکاروں سے ملاقات کی۔